Tag: Cleaning

  • مکھیوں کی یلغار : پانی اور آئل کے استعمال سے چھٹکارا مل جائے گا، ویڈیو

    مکھیوں کی یلغار : پانی اور آئل کے استعمال سے چھٹکارا مل جائے گا، ویڈیو

    کراچی : شہر قائد میں ہونے والی بارش کے بعد سے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کا پانی کھڑا ہے جس کے نتیجے میں مکھیوں کی یلغار اور بہتات سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔

    ماہرین صحت نے مکھیوں کی بہتات کو انتہائی مضر قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ گرمیوں کے موسم میں یہ مسئلہ زیادہ شدت اختیار کر لیتا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ ڈاکٹر سلیمان اوتھو نے مکھیوں کی افزائش اور ان سے ہونے والی بیماریوں سے متعلق آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ دنیا میں مکھیوں کی ہزاروں اقسام موجود ہیں لیکن کراچی میں پچھلے چند ہفتوں میں ملیریا اور ڈینگی کے مچھروں کے علاوہ مکھیوں کی بڑی تعداد حملہ آور ہوچکی ہے جو مختلف امراض کا سبب بن رہی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ جب مکھیاں کچرے یا کسی گندی جگہ پر بیٹھتی ہیں تو وہ جراثیم اپنے پروں میں جمع کر لیتی ہیں۔ پھر وہ اِن جراثیم کو دوسری جگہ منتقل کرتی ہیں۔ مثلاً جب وہ کھانے پر بیٹھتی ہیں تو جراثیم کھانے میں شامل ہو جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر سلیمان اوتھو نے بتایا کہ مکھیوں کو کیمیکل یعنی کیڑے مار دوا یا مکینیکل ذرائع جیسے ٹریپ، چپچپا ٹیپ یا بجلی کے کرنٹ لگنے والی گرڈ سے مارا جاسکتا ہے، تاہم صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کو بہتر بنا کر ہی دیرپا نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میونسپل اداروں کی جانب سے علاقوں میں آئی آر ایس ایم کا اسپرے کردیا جائے تو تقریباً 3 مہینے تک مکھیوں اور مچھروں کی افزائش نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اگر کسی جگہ پانی کھڑا ہوا ہو تو اس کے اوپر کسی بھی طرح کا آئل ڈال دیں اس سے مکھیوں کی افزائش نہیں ہوپائے گی۔

    شہر میں مکھیوں کی بہتات اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کراچی میں صفائی کا نظام ویسا نہیں ہے جیسا ہونا چاہیے۔

    تمام شہری اداروں کی ذمہ داری ہے کہ جو کچرا اُن کے دائرہِ اختیار میں پیدا ہو رہا ہے اُس کو جتنا جلد ہو سکے جمع کریں اور لینڈ فِل سائٹس تک پہنچا دیں۔

  • حج سیزن: مقامات مقدسہ کی دن میں کتنی بار صفائی ہورہی ہے؟

    حج سیزن: مقامات مقدسہ کی دن میں کتنی بار صفائی ہورہی ہے؟

    ریاض: سعودی عرب کے مقامات مقدسہ میں ان دنوں حج کے سیزن میں، ہر مقام کی دن میں کئی بار صفائی کی جارہی ہے اور صحت و صفائی کے اصولوں کو پہلی ترجیح دی جارہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے نے کہا ہے کہ حج سیزن کے دوران ہر روز چار ہزار صفائی کے کارکن دن میں 10 بار مسجد الحرام کی دھلائی کا کام انجام دے رہے ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر 4 ہزار سے زیادہ کارکنان اور فیلڈ امور کی نگرانی کے لیے 400 سے زیادہ سعودی انچارج تعینات کیے گئے ہیں، صفائی کارکن ہر روز حرم شریف کی دھلائی دن میں 10 مرتبہ کر رہے ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ سات ہزار آب زم زم کی بوتلیں زائرین کو فراہم کی جا رہی ہیں، 800 کارکنان مسجد الحرام کے ہر حصے میں جا کر نمازیوں کو آب زم زم کی بوتلیں پیش کر رہے ہیں۔

    ادارے کے مطابق آب زم زم کے 4500 کولر مختلف جگہوں پر رکھے گئے ہیں۔ ان کے ذریعے روزانہ 5 لاکھ لیٹر آب زم زم زائرین کو مہیا کیا جا رہا ہے، ان کولرز کی صفائی اور دھلائی کا کام بھی اچھے طریقے سے ہوتا ہے اور احتیاط برتی جاتی ہے۔

    حرمین شریفین میں مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے کے معاون سربراہ محمد الجابری کا کہنا کہ ادارے نے 5 ہزار سادہ ویل چیئر اور تین ہزار الیکٹرک ویل چیئرز کا بندوبست کیا ہے، انہیں تنقل ایپ سے مربوط کر دیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام کے دروازوں پر نمازیوں کے خیر مقدم کے لیے انچارج تعینات کیے گئے ہیں، ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حرم شریف آنے والے زائرین کی آمد و رفت کو منظم کریں اور انہیں مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔

    محمد الجابری نے مزید بتایا کہ 11 اسمارٹ روبوٹ جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاؤ کا کام کر رہے ہیں۔ ہر روبوٹ خود کار نظام کے تحت 8 گھنٹے اپنا کام انجام دیتا ہے۔

  • خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی روبوٹس کے ذریعے

    خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی روبوٹس کے ذریعے

    ریاض: سعودی عرب میں خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کے لیے مصنوعی ذہانت کے حامل روبوٹس سے کام لیا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کی جاتی ہے جس میں 20 منٹ کا وقت لگتا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کعبہ شریف کی چھت کی صفائی کا کام متعدد مراحل میں کیا جاتا ہے۔

    سب سے پہلے گرد و غبارصاف کرنے کے بعد پوری چھت پر پونچھا لگایا جاتا ہے، غلاف کعبہ کے اسٹینڈ اور دیوار کی بھی صفائی کی جاتی ہے۔ خانہ کعبہ کی چھت کا دروازہ بھی باہر سے صاف کیا جاتا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق صفائی میں مصنوعی ذہانت کے ساتھ روایتی طور طریقوں سے بھی کام لیا گیا۔

  • کراچی: برساتی نالوں کی صفائی جاری، ٹنوں کچرا نکالا گیا

    کراچی: برساتی نالوں کی صفائی جاری، ٹنوں کچرا نکالا گیا

    کراچی: مون سون بارشوں کی آمد سے قبل شہر قائد کے برساتی نالوں کی صفائی کا جاری ہے، لاکھوں کیوبک فٹ کچرا نکال کر لینڈ فل سائٹس میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی نالوں کی صفائی مہم جاری ہے، سیکریٹری بلدیات کا کہنا ہے کہ 14 دنوں میں 2 لاکھ کیوبک فٹ کچرا نالوں سے نکال لیا۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ 2 ہزار 773 ڈمپرز میں فضلہ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا، جام چاکرو لینڈ فل سائٹ تک نالوں سے نکالا جانے والا کچرا 12 سو سے زائد ڈمپرز میں منتقل کیا گیا۔

    ضلع غربی کے برساتی نالوں سے 4 لاکھ 69 ہزار کیوبک فٹ فضلہ، ڈسٹرکٹ ایسٹ سے 1 لاکھ 31 ہزار 515 کیوبک فٹ کچرا اور بلدیہ وسطی سے 5 لاکھ 99 ہزار 450 کیوبک فٹ برساتی فضلہ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا۔

    بلدیہ ملیر سے 99 ہزار 500 کیوبک فٹ فضلہ 160 ڈمپرز کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ کورنگی سے 1 لاکھ 24 ہزار 539 کیوبک فٹ کچرا منتقل کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے 5 لاکھ 74 ہزار 295 کیوبک فٹ فضلہ لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا۔

    سیکریٹری بلدیات کا مزید کہنا ہے کہ جلد ہی برساتی نالوں کی مکمل صفائی کا عمل تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

  • کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    ریاض: زائرین کی حفاظت کے پیش نظر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاہم کرونا وائرس کے خدشے کے تحت ان انتظامات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے انتظامات کے لیے جنرل پریذیڈنسی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہوا ہے جس کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس احتیاطی تدابیر کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    جنرل پریذیڈنسی کے سیکریٹری محمد بن مصلح الجابری نے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا ہے کہ ایک خصوصی مشین کا انتظام کیا گیا ہے جس سے مسجد الحرام کے فرش، چھتوں اور قالینوں پر جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے دروازوں، نماز کی جگہوں اور تمام خالی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے اور قالینوں پر بھی اس کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں قالین کی تبدیلی کا دورانیہ محدود کردیا گیا ہے اور یہ جلدی جلدی تبدیل کیے جارہے ہیں۔ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن 24 گھنٹے میں 6 مرتبہ دھوئے جا رہے ہیں۔

    الجابری کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صحنوں کی دھلائی الگ سے کی جاتی ہے، طہارت خانوں کی صفائی بھی 6 مرتبہ کی جارہی ہے۔ آب زمزم کی ٹونٹیوں پر جراثیم کش اسپرے بھی بار بار کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آب زمزم کے کولر کے اسٹینڈز اور استعمال شدہ گلاس بھی فوراً تبدیل کیے جارہے ہیں، تازہ ہوا کا انتظام بھی صد فیصد کردیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ کی جنرل پریذیڈنسی کی خصوصی ٹیموں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرے اور زیارت کے لیے آنے والوں کو حفاظتی ماسک بھی پیش کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    ریاض: حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حرم شریف میں آنے والے زائرین کی صحت و سلامتی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے اور حرم شریف کی صفائی کے لیے سخت اصول اپنائے جاتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف اور مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی سلامتی کے لیے روزانہ چار مرتبہ فرش کودھویا جاتا ہے جبکہ 13 ہزار 500 قالین روزانہ تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن قالینوں پر نماز پڑھی جاتی ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی آلات کے ذریعہ صاف کیا جاتا ہے، پھر انہیں جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

    حرم مکی شریف میں قالینوں کے شعبے کے سربراہ جابر بن احمد ودعانی نے کہا ہے کہ حرم مکی میں بچھائے جانے والے تمام قالین صرف ایک دن استعمال کیے جاتے ہیں۔

    ان کے مطابق ان قالینوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے اور انتہائی جدید آلات کی مدد سے جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں حرم کے جن مقامات میں قالین نہیں بچھے وہاں روزانہ چار مرتبہ جراثیم کش مواد سے صفائی کی جاتی ہے۔

    اس سے قبل حرم شریف کی صفائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

  • حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    ریاض: مکہ مکرمہ میں حرم شریف میں ہزاروں کارکن حرم کی صفائی کے عمل میں حصہ لیتے ہیں جس کی حیرت انگیز ویڈیو جاری کردی گئی۔ حرم شریف کو روزانہ دن میں 4 بار دھویا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم شریف میں روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی صفائی کے بارے میں ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے صحن مطاف میں، جہاں روزانہ لاکھوں افراد طواف کعبہ کرتے ہیں کو دن میں کم سے کم 4 باردھویا جاتا ہے۔

    فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صحن مطاف اور حرم شریف کے دیگر مقامات کو دھونے اور صاف کرنے کے عمل میں 40 الیکٹریکل گاڑیاں اور 60 بجلی کے ویکیوم پمپس کے علاوہ فرش کو سکھانے کے لیے بجلی کے دسیوں آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔

    حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کے کارکن اپنے کام میں اتنے ماہر ہیں کہ وہاں ہر وقت طواف کرنے والوں کو کسی قسم کی دقت و پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

    اس عمل میں انتہائی منظم انداز میں صحن مطاف کو دھونے کے بعد عرق گلاب اور دیگر اعلیٰ قسم کی خوشبو سے صحن کو معطر کیا جاتا ہے۔

    صفائی کے اس عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے جبکہ کارکنوں کی ایک پارٹی زائرین اور صفائی کرنے والے مقام کو جدا کرنے کے لیے ڈیوائیڈر ربن لے کر کھڑے ہوتے ہیں تاکہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشنری سے زائرین متاثر نہ ہوں اور کام میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو نے پائے۔

    ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران صفائی کے اوقات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ رمضان میں لاکھوں افراد حرم شریف میں افطاری اور سحری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    افطاری کے وقت جبکہ اذان اور اقامت کے درمیان وقت بہت کم ہوتا ہے اس دوران افطاری کرنے کے فوری بعد انتہائی مہارت اور چابکدستی سے کارکن صفائی کی مہم انجام دیتے ہیں۔

  • عالمی دہشتگردوں کی صفائی کے بعد افغانستان میں امن ہوگا، اسٹالٹن برگ

    عالمی دہشتگردوں کی صفائی کے بعد افغانستان میں امن ہوگا، اسٹالٹن برگ

    واشنگٹن : مغربی اتحاد کی سترہویں سالگرہ کے موقع پر سیکریٹری جنرل نیٹو اسٹالٹن برگ کا کہنا ہے کہ ’نیٹو افغان فورسز کو تربیت فراہم کرنے کےلیے افغانستان میں ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق مغربی فوجی اتحاد کی سترویں سالگرہ کے سلسلے میں واشنگٹن میں خصوصی تقریبات جاری ہیں، نیٹو اتحاد چار اپریل 1949ء کو واشنگٹن میں قائم کیا گیا تھا۔

    نیٹو کی سترہویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹالٹن برگ کا کہنا تھا کہ نیٹو افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے موجود ہے۔

    سیکریٹری جنرل نیٹو اسٹالٹن برگ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد افغانستان میں ہمیشہ رہنا نہیں ہے، نیٹو افغان فورسز کو تربیت دینے کے لیے افغانستان میں ہے۔

    سیکریٹری جنرل نیٹو نے کہا کہ افغانستان میں امن، مفاہمت کی راہ ہموار ہونی چاہیے، عالمی دہشت گردوں کی صفائی کے بعد افغانستان میں امن و استحکام قائم ہوگا۔

    اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جرمنی نیٹو کے اندر منصفانہ طریقے سے اپنے حصے کی ادائیگی نہیں کر رہا۔

    مزید پڑھیں : نیٹو قیام کی 70ویں سالگرہ، واشنگٹن میں دو روزہ تقریبات جاری

    خیال رہے کہ 1949ء میں اپنے قیام کے موقع پر نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن یا نیٹو کے بارہ ارکان تھے بعدازاں ان کی تعداد 26 ہوگئی تھی اور اب اس کے رکن ممالک کی تعداد 29 ہو چکی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 2004 ء میں سابق سوویت یونین کا حصہ رہنے والے ممالک ایسٹونیا، لیٹویا اور لیتھوینیا کو بھی نیٹو کی رکنیت دے دی گئی جبکہ ان کے ساتھ ہی سلووینیا، سلوواکیا، بلغاریہ اور رومانیہ بھی نیٹو کے رکن بن چکے ہیں۔

  • برطانیہ میں گندے پبلک ٹوائلٹ،  خاتون شہری خود صفائی کرنے نکل پڑی

    برطانیہ میں گندے پبلک ٹوائلٹ، خاتون شہری خود صفائی کرنے نکل پڑی

    لندن : برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی ایک خاتون نے متعدد بار کونسل کو عوامی بیت الخلاء کی گندگی کے حوالے سے شکایت درج کروانے کے بعد تنگ آکر خود ہی صفائی شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے داراحکومت مانچسٹر کی رہائشی 53 سالہ جونا فریئر شہر کے عوامی واش روم کو خود صاف کرنے نکل پڑی ہیں کیوں کہ وہ عوامی واش روم کی گندگی اور بری حالت کو سخت ناپسند کرتی تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جونا فریئر نے سینٹ لارنس اسٹریٹ، ہورنکاسل، لینکولن شائر کے عوامی واش روم کی بری حالت کے حوالے سے 4 سے 5 ہفتوں قبل کونسل کو آگاہ کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جب کونسل نے بیت الخلا کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دی تو جونا فریئر خود ہی عوامی ٹوائلٹ کی گندگی کو صاف کے لیے نکل پڑیں۔

    جونا فریئر کا کہنا تھا کہ ان کی کوششوں کے باوجود عوامی بیت الخلا اور اس کی نشستیں انسانی گندگی سے لھڑی ہوئی تھی۔

    جونا فریئر کا کہنا تھا کہ انہوں نے چار سے پانچ ہفتے قبل بیت الخلاء کی خراب صورت حال کے بارے مانچسٹر کی کونسل کو اطلاع دی تھی کہ ٹوائلٹ کی دیواریں اور ٹائیلز کی صفائی کروائی جائے جس پر کونسل نے کہا کہ ٹیم بھیج رہے ہیں لیکن دو ہفتے بعد بھی بیت الخلاء حالت ویسی ہی تھی۔

    جونا فریئر کا کہنا تھا کہ ’میں نے پھر کونسل سے پوچھا کہ لیکن دوبارہ پوچھے کے باوجود بھی کچھ نہیں ہوا، جس پر کچھ ہفتوں قبل میں نے خود عوامی بیت الخلاء کے سِنک کی صفائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کالک کو اپنی انگلی سے نکال سکتی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جب وہ 17 مئی کو 3 بجے کے قریب دوبارہ عوامی ٹوائلٹ میں گئی تو بیت الخلاء پہلے کی طرح گندی ہورہی تھی۔

    جونا کا کہنا تھا کہ ’آپ کون سا واش روم استعمال کریں گے؟ جس کی سیٹ انسانی گندگی سے لھڑی ہوئی ہے یا جس کے فرش پر شراب کی بوتل پڑی ہوئی ہے یا پھر جس کے فرش پر ٹوائلٹ پیپر پڑا ہوا ہے۔

    جونا کا کہنا تھا کہ جب سیاح اس خوبصورت علاقے میں آئیں گے تو وہ عوامی ٹوائلٹ میں کی دیواروں پر لگی یہ کالک دیکھیں گے؟ ‘

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریاست کے عوامی بیت الخلاء کی گندی حالت نے فیس بُک پر ایک بحث شروع کردی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • میرے پاس مشینری نہیں شہر کا کچرا نہیں اٹھا سکتا: وسیم اختر

    میرے پاس مشینری نہیں شہر کا کچرا نہیں اٹھا سکتا: وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ میں شہر کا کچرا نہیں اٹھا سکتا کیوں کہ میرے پاس مشینری اور دیگر آلات نہیں ہیں، کراچی کا مینڈیٹ میرے پاس جبکہ اختیارات کسی اور کے پاس ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے ما تحت 13 اسپتال ہیں جہاں دوائیوں کے پیسے نہیں، ملازمین کی تنخواہوں کا پیسہ کہیں اور نہیں لگا سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے ایک ہفتے میں کراچی سے کچرا اٹھانے کے حکم پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے، جو کچھ ہمارے پاس ہے اسے استعمال میں لائیں گے، حکومت کو سمری بھیجی ہے، منظور ہوگئی تو کرائے پر کچھ مشینریز لیں گے اور کچھ خریدیں گے۔

    مجھے ایک ہفتے میں کراچی صاف چاہیے‘ چیف جسٹس

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ججز نے خود بھی جانتے ہیں کہ میرے پاس اختتارات نہیں، عدالت کی جانب سے مجھے کہا گیا کہ تم میئر ہو، کچرا اٹھانے کے لیے کچھ نہ کچھ کوشش کرو، 10 سال تک جان بوجھ کر کراچی میں کچرا جمع ہونے دیا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کچرا اٹھانے کا ذمہ دار ہے میں نہیں، سربراہ واٹر کمیشن سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے متعلق فیصلہ کریں گے، مینجمنٹ پورے سندھ کو دیکھتا ہے سوچیں وہاں کیا حال ہوگا۔

    جو افسران سیاست کرنا چاہتے ہیں وہ نوکری چھوڑ دیں، میئر کراچی

    خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں واٹر کمیشن کی عبوری رپورٹ پر سماعت ہوئی، جس میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے میئر وسیم اختر کو ایک ہفتے کہ اندر شہر سے کچرا صاف کرنے کا حکم دے دیا ہے۔