Tag: Clock Tower

  • دبئی میں دنیا کا بلند ترین ”کلاک ٹاور“ بنانے کی تیاریاں

    دبئی میں دنیا کا بلند ترین ”کلاک ٹاور“ بنانے کی تیاریاں

    دبئی کی جانب سے دنیا کا بلند ترین رہائشی کلاک ٹاور ’ایٹرنیٹاس ٹاور‘ بنانے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس رہائشی کلاک ٹاور کی لمبائی ساڑھے 4 سو میٹر (1476 فٹ) ہوگی۔

    ایٹرنیٹاس ٹاور لندن کے رہائشی کلاک ٹاور ’بگ بین‘ سے چار گنا سے زیادہ لمبا ہوگاجبکہ ایٹرنیٹاس ٹاور نیویارک میں قائم دنیا کی بلند ترین رہائشی عمارت ’سینٹرل پارک ٹاور‘ سے صرف 22 میٹر (72 فٹ) چھوٹا ہوگا۔

    ایٹرنیٹاس ٹاور کے اوپر نصب کی گئی گھڑی کو اس عمارت کی بلندی کی وجہ سے 6 کلو میٹر کے فاصلے سے بھی واضح طور پر دیکھ سکیں گے، اس گھڑی کی چوڑائی 30 میٹر جبکہ اونچائی 40 میٹر ہوگی۔

    میڈیا رپورٹس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ اگر دنیا کے بلند ترین کلاک ٹاور کی بات کی جائے تو یہ ایٹرنیٹاس کا دوسرا نمبر ہوگا، اس سے قبل دنیا کا بلند ترین کلاک ٹاور سعودی عرب کے شہر مکہ میں ’مکہ رائل ٹاور‘ ہے جس کی بلندی 601 میٹر ہے۔جو خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے۔

    شکاگو میں پارا منفی 30 ڈگری تک گر گیا

    اس رہائشی کلاک ٹاور کو تعمیر کرنے والے بین الاقوامی رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کی جانب سے بیان سامنے آیا ہے کہ ہم کچھ منفرد کرنا چاہتے تھے جو دبئی میں پہلے کبھی نہیں ہوا ہو۔

  • مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام

    مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام

    ریاض: مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام درج کردیا گیا، اقدام کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گھر پر رہنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مکہ کلاک ٹاور کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے جس میں کلاک ٹاور پر یہ پیغام درج ہے خلیک بالبیت یعنی ’گھر میں رہو‘۔

    مکہ کلاک ٹاور پر گھر میں رہو کا پیغام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گھروں میں رہنے کی پابندی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔

    ٹاور کی تصاویر برج الساعۃ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔

    صارفین نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے گھر تک محدود رہنے کی اس تاکید کے منفرد انداز پر پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل کلاک ٹاور پر کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر سے متعلق پیغام بھی دیا گیا تھا۔

    یہ کلاک ٹاور مسجد الحرام کے سامنے ہے اور دنیا کے بلند ترین ٹاورز میں سے ایک ہے، اس کے بالائی حصے میں دنیا کی سب سے بڑی گھڑی نصب ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 934 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 65 اموات ہوچکی ہیں۔

  • مکہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا

    مکہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا

    ریاض : مکہ مکرمہ میں واقع کلاک ٹاور میوزیم عوام کے لیے کھول دیا گیا جس میں اذان کے وقت ایل ای ڈیز جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دور سے دکھائی دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ میں حرم کے سامنے قائم کلاک ٹاور جہاں سال بھر زائرین کا تانتا بندھا رہتا ہے، اب اپنے چار منزلہ عجائب گھر کے ساتھ سیاحتی مقام کے طور پر بھی لوگوں کا استقبال کرے گا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کلاک ٹاور میں بنایا گیا یہ میوزیم اس سال رمضان میں زائرین کے لیے کھولا گیا ہے، جو پورا مہینہ مسلسل کھلا رہے گا۔

    سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ عجائب گھر کی پہلی منزل پر نظام شمسی کی مجسم عکاسی کی گئی ہے جس کے بعد وقت کے تعین ،کائنات، کہکشاں کے علاوہ نظام شمسی کی گردش کو بیان کرنے کیلئے بہترین اور جدید ترین طریقوں کے ذریعے وضاحت کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ زائرین کو دنیا کی سب سے بڑی گھڑی جوکہ مکہ ٹاور پرنصب کی گئی ہے، اس کے مختلف مراحل اور تنصیب کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیاجاتا ہے، گھڑی کی تیاری میں دنیا کہ بڑی کمپنیوں کی مشترکہ کاوش ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کلاک ٹاور میوزیم کی دوسری منزل وقت کے بارے میں ہے یہاں مختلف ادوار میں گھڑیوں کی ایجاد کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے۔

    کلاک ٹاور کی تیسری منزل پر کائنات کے رازوں کے بارے میں مجسم عکاسی کرتے ہوئے مختلف مناظر کو پیش کیا گیا ہے علاوہ ازیں چاند اور سورج گرہن سے متعلق مختلف ادوار کو بھی دکھایا گیا ہے، چوتھی منزل پر زائرین کو خلا اور سیاروں کے بارے میں معلومات مہیا کی گئی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹاورکے سب سے بلند مقام کو شرفہ کہتے ہیں یہاں پہنچ کر زائرین مکہ کا مشاہدہ کرسکتے ہیں، یہاں سے پورا شہر دیکھا جاسکتا ہے جبکہ زائرین حرم کاانتہائی خوبصورت منظر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی اونچائی کی وجہ سے کلاک ٹاور مکہ سے 25کلومیٹر دور سے بھی دکھائی دیتا ہے۔ عمارت کا نام اس پر نصب دنیا کی سب سے بڑی گھڑی پر رکھا گیا ہے، جو چاروں سمتوں سے دکھائی دیتی ہے۔

    کلاک ٹاور میں یہ خصوصیت رکھی گئی ہے کہ اذان کے وقت ایل ای ڈیز کی جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دور سے دکھائی دیتی ہے۔

  • کراچی کا تاریخی گھنٹہ گھر خراب، کے ایم سی نے نئی منطق بیان کردی

    کراچی کا تاریخی گھنٹہ گھر خراب، کے ایم سی نے نئی منطق بیان کردی

    کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع کے ایم سی بلڈنگ میں نصب تاریخی گھنٹہ گھر انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہونے کے بعد دو روز سے مسلسل ایک ہی وقت بتا رہا ہے تاہم کراچی میونسپل کارپوریشن نے مرمت کے لیے بیرون ملک سے کاریگر بلوانے کی منطق پیش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کے ایم سی بلڈنگ کا تاریخی گھنٹہ گھر انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہوکر خراب ہوگیا جس کے بعد دو روز سے مسلسل 4 بج کر 40 منٹ کا وقت بتا رہا ہے۔

    کے ایم سی کونسل نے ہال کی تزئین و آرائش پر ڈھائی کروڑ روپے خرچ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم تاریخی گھنٹہ گھر کی مرمت پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا، گھنٹہ گھر کی خرابی پر کراچی میونسپل کارپوریشن کی نئی منظق سامنے آگئی۔ کے ایم سی کونسل کا کہنا ہے کہ گھنٹہ گھر کی مرمت کے لیے بیرونِ ملک سے ماہر بلوانا ہوگا، پاکستان میں مقیم تمام کاریگر اس کی مرمت سے معذرت کرچکے ہیں۔

    دو روز سے مسلسل ایک ہی وقت بتانے والا گھنٹہ گھر انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہونے کے بعد شہری حکومت کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

    دوسری جانب آج کے ایم سی کونسل میں نو منتخب بلدیاتی امیدوران کا پہلا اجلاس ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کی زیر صدرات منعقد کیا گیا تھا، جس میں تین قرار دادیں پیش کی گئیں تھی تاہم نو منتخب اراکین بھی گھنٹہ گھر کی خرابی سے لاعلم رہے۔

    یاد رہے کے ایم سی کونسل کی بلڈنگ اور گھنٹہ گھر کی تعمیر 1935 میں برطانوی دورِ حکومت میں کی گئی تھی، جس کے بعد بلڈنگ کی ترئین و آرائش کا کام 75 سال بعد 2007 میں کیا گیا تھا۔