Tag: closed

  • ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ آج بند رکھنے کا اعلان

    ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ آج بند رکھنے کا اعلان

    کراچی : ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست اسکیم کے معاملے پر تاجر برادری نے ایک اور ہڑتال کا اعلان کردیا، آج بروز ہفتہ جوڑیا بازار بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ آج بروز ہفتہ کو احتجاجاً بند رہے گی۔

    ہڑتال کا اعلان کراچی میں جوڑیا بازار کے دکانداروں، امپورٹر اور ایکسپورٹرز کے ممشترکہ ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

    کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن جوڑیا بازار کے رہنما رؤف ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31اگست کو ہول سیل گروسرز کی تمام مارکیٹس بند رہیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ آج صبح ساڑھے11بجے سٹی کورٹ کے سامنے پریس کانفرنس کرینگے، پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ مہنگی بجلی اور ٹیکسوں کے خلاف تاجروں کی جانب سے 28 اگست کو کی جانے والی شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی جس میں ملک بھر کی بڑی مارکیٹیں بند رہیں۔

    کراچی سے خیبر تک تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے، قصہ خوانی، اشرف روڈ، صدر بازار مارکیٹیں، صدر کی فوڈ اسٹریٹ چوک فوارہ میں دکانیں بند تھیں۔

  • کراچی میں موبائل فون و انٹرنیٹ سروس رات کو ہی بند

    کراچی میں موبائل فون و انٹرنیٹ سروس رات کو ہی بند

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز رات سے ہی بند ہونا شروع ہو گئیں جبکہ نوٹی فکیشن صبح8 بجے بند کرنے کا جاری کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر بروز پیر کی صبح سے موبائل فون سروس بند کرنے کے احکامات کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس رات کو ہی بند ہونا شروع ہوگئیں۔

    کراچی کے مختلف علاقوں صدر، کلفٹن، ڈیفنس نارتھ کراچی، نیو کراچی، انچولی ،لیاقت آباد، گلبہار، گلشن اقبال، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، ملیر میں بھی موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔

    واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں چہلم امام حسینؓ کے موقع پر موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ترجمان محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں موبائل فون سروس مکمل طور بند رہے گی، حیدرآباد میں بھی کل موبائل فون سروس کو معطل کردیا جائے گا، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور سکھر میں بھی موبائل فون سروس بند رہے گی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ سندھ کے بڑے شہروں کے علاوہ دادو، ٹھٹھہ، سجاول، خیرپور اور لاڑکانہ میں بھی موبائل فون سروس بند رہے گی۔

  • فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے بند

    فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے بند

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے ایئرپورٹ پر مرکزی رن وے کو بند کردیا گیا، رن وے 17 مئی تک بند رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے اپنے جاری کردہ نوٹس ٹو دی ایئر مین (نوٹم) میں کہا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے 03 آر تعمیراتی کام کے باعث 24 اپریل تا 17 مئی 2023 تک بند رہے گا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے باعث رن وے نمبر 03 آر پر بھاری مشینری لگادی گئی ہے۔

    نوٹم میں پائلٹس کو طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب: اسکول کیوں بند ہیں؟

    سعودی عرب: اسکول کیوں بند ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب کے متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر آج سوموار کے روز اسکول بند رہیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق جدہ، مکہ اور طائف سمیت آج متعدد سعودی شہروں میں اسکول بند ہیں جبکہ وزارت تعلیم نے آن لائن تدریس کا اعلان کر رکھا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ متعدد شہروں میں موسم غیر یقینی ہے اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    وزارت تعلیم نے ذیلی دفاتر کو اپنے ماحول کے حساب سے فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا ہے، اس بنا پر جدہ، مکہ، طائف اور دیگر متعدد شہروں میں اسکول بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ طائف، باحہ، عسیر، جازان اور نجران تک پھیل سکتا ہے، مغربی ریجن میں الجموم، بحرہ، الکامل، ام حبلین، حدہ اور قرب و جوار میں بھی بارش کا قوی امکان ہے۔

  • ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت متعدد شہروں میں بارش کے امکان کی وجہ سے منگل کے روز اسکول بند رہیں گے، محکمہ تعلیم نے ہدایات جاری کردیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض، مدینہ منورہ، ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر میں منگل 3 جنوری کو اسکول بند رہیں گے، طیبہ یونیورسٹی اور اس کی تمام شاخیں بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، تدریس آن لائن ہوگی۔

    ریاض محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ منگل کو تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز سے رپورٹ کے مطابق منگل کو ریاض میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، مدینہ منورہ محکمہ تعلیم نے بھی بیان میں کہا ہے کہ منگل کو بارش کے امکان کی وجہ سے اسکول بند رہیں گے اور آن لائن تدریس ہوگی۔

    طیبہ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منگل کو مدینہ منورہ کے یونیورسٹی کیمپس نیز ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر کی یونیورسٹی شاخوں میں تعلیم آن لائن ہوگی۔

    امیرہ نورہ یونیورسٹی امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، کنگ سعود یونیورسٹی اور کنگ عبد العزیز یونیورسٹی میں بھی آن لائن تدریس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند

    لاہور ایئرپورٹ طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو شدید دھند کی وجہ سے طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند کردیا گیا، بیرون ملک سے آنے والی 5 پروازوں کو بھی لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند ہے اور رن وے پر حد نگاہ 50 میٹر ہے۔

    شدید دھند کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ کو طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند کردیا گیا۔

    دھند کی وجہ سے لاہور آنے والی 5 پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی، بیرون ملک سے آنے والی 5 پروازیں فضا میں ہی موجود ہیں جنہیں گو راؤنڈ کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جن پروازوں کو اترنے سے روکا گیا ہے ان میں مدینہ سے آنے والی پرواز پی کے 748، دوحہ سے آنے والی پرواز کیو آر 628، جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 760، راس الخیمہ سے آنے والی پرواز جی 9854 اور دمام سے آنے والی پرواز پی کے 248 شامل ہیں۔

    مذکورہ تمام پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی اور پروازیں فضا میں ہی چکر لگا رہی ہیں۔

  • سعودی عرب کے بعض شہروں میں آج اسکول بند کیوں ہیں؟

    سعودی عرب کے بعض شہروں میں آج اسکول بند کیوں ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب کے بعض شہروں میں بارش کے پیش نظر اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، سوموار کے دن کلاسز آن لائن ہوں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ سوموار 12 دسمبر کو جدہ، مکہ مکرمہ، طائف، رابغ، خلیص اور دیگر علاقوں میں اسکول بند رہیں گے اور تدریس آن لائن ہوگی۔

    محکمہ تعلیم جدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکول بند رکھنے کا فیصلہ موسمیات کے قومی مرکز کی ان رپورٹوں کے پیش نظر کیا گیا ہے جس میں پیر کی صبح 10 بجے تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طلبہ، اساتذہ اور منتظمین کی سلامتی کی خاطر پیر کو اسکول بند رہیں گے، مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے تدریس آن لائن ہوگی۔

    محکمہ تعلیم طائف اور مکہ مکرمہ کا بھی کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث پیر کو مکہ، الجموم، بحرہ اور الکامل میں سکول بند رہیں گے تاہم مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن تدریس جاری رہے گی۔

    کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کا بھی جدہ اور رابغ میں کیمپس بند رہے گا اور کلاسز آن لائن ہوں گی۔

  • روجھان ریڈار اسٹیشن میں سیلابی پانی جمع، ریڈار سروسز بند

    روجھان ریڈار اسٹیشن میں سیلابی پانی جمع، ریڈار سروسز بند

    کراچی: سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ روجھان میں ریڈار ایریا میں سیلابی پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے 8 روز کے لیے روجھان ریڈار سروسز بند کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق موسم کی خرابی اور سیلابی صورتحال کے باعث روجھان ریڈار سروسز عارضی طور پر بند کردی گئیں، بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والے طیاروں کو 220 ناٹیکل مائل تک ریڈار کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔

    ریڈار بند ہونے کی وجہ سے لاہور ایف آئی آر بھی متاثر ہوگا۔

    اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باضابطہ طور پر نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔

    نوٹم میں کہا گیا ہے کہ روجھان میں ریڈار ایریا میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے سروس بند کی گئی ہے، روجھان ریڈار سروس ایریا میں طیاروں کو 10 منٹ کے فاصلے پر پروسیجر کنٹرول کیا جائے گا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ روجھان ریڈار سروسز 8 روز کے لیے معطل رہیں گی، ریڈار کا ڈیٹا لاہور اور کراچی ایریا کنٹرول سینٹر پر دستیاب ہوگا۔

  • لاڑکانہ: طلبا کو ہاسٹلز خالی کر کے گھر واپس جانے کی ہدایت

    لاڑکانہ: طلبا کو ہاسٹلز خالی کر کے گھر واپس جانے کی ہدایت

    لاڑکانہ: بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے لاڑکانہ کی جامعہ بے نظیر بھٹو میں تدریسی عمل معطل کردیا گیا، طلبا و طالبات کو ہاسٹلز خالی کر کے گھروں کو واپس جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بارشوں کے پیش نظر لاڑکانہ کی جامعہ بے نظیر بھٹو میں تدریسی عمل معطل رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

    جامعہ سے وابستہ چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ، مہر میڈیکل کالج سکھر، آصفہ ڈینٹل کالج، ادارہ فارمیسی اور کالج آف نرسنگ میں بھی تعلیمی عمل معطل رہے گا۔

    اگلے احکامات تک تمام اداروں میں تدریسی عمل معطل رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، طلبا و طالبات کو ہاسٹلز خالی کر کے گھروں کو واپس جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

  • سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    کولمبو: سری لنکا میں شدید معاشی اور ایندھن بحران کی وجہ سے 2 ہفتوں کے لیے اسکول بھی بند کردیے گئے، ملک میں صرف 10 دن کا ایندھن باقی رہ گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سری لنکا نے شدید اقتصادی اور ایندھن بحران کی وجہ سے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور منگل سے دو ہفتوں کے لیے صرف ضروری خدمات جیسے صحت، ٹرینوں اور بسوں کے لیے ایندھن کی فراہمی کی اجازت دی ہے۔

    حکومتی کابینہ کے ترجمان بندولا گناوردھنے نے کہا کہ ایندھن صرف ملک میں چلنے والی ٹرینوں اور بسوں، طبی خدمات اور گاڑیوں کے لیے فراہم کیا جائے گا جو منگل سے 10 جولائی تک کھانا پہنچاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکام نے ایندھن کے بحران کے پیش نظر شہری علاقوں میں اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے اور سب کو گھر سے کام کرنے کی تاکید کی ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکا گزشتہ چند مہینوں سے شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ کم سطح پر پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے ملک خوراک، ادویات اور ایندھن کی ضروری درآمدات کی ادائیگی کے قابل نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں ایندھن صرف 10 دن کا رہ گیا ہے جو کہ معمول کی طلب کے لحاظ سے صرف ایک ہفتے میں ختم ہو جائے گا۔