Tag: closed

  • کراچی کے 2 اسپتالوں کے سرجیکل وارڈ بند کردیے گئے

    کراچی کے 2 اسپتالوں کے سرجیکل وارڈ بند کردیے گئے

    کراچی : سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کے دو اسپتالوں کے سرجیکل وارڈ بند کردیے گئے کیونکہ وہاں دو مریضوں کی سرجری ہوئی، دونوں کورونا کے مریض تو نہیں تھے لیکن سرجری کے بعد ان میں کورونا پایا گیا، یہ صورتحال تشویشناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک شہری تعاون نہیں کریں، لاک ڈاؤن پر 100فیصد عملدرآمد نہیں کراسکتے، سندھ میں آج نمازجمعہ کے وقت ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی گئی ، اگر ایسی ہی صورتحال رہی حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں لاک ڈاؤن سخت ہے، ہم جیسا لاک ڈاؤن توقع کررہے تھے ویسا نہیں ہے۔

    وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ کراچی کے دو اسپتالوں کے سرجیکل وارڈ بند کردیے گئے، وہاں مریضوں کی سرجری ہوئی، دونوں کورونا کے مریض تو نہیں تھے لیکن سرجری کے بعد ان میں کورونا پایا گیا، سرجن ودیگراسٹاف کو قرنطینہ کردیا گیا ہے، یہ صورتحال تشویشناک ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے وارڈ بند ہونے شروع ہوگئے تو دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال نہیں ہوپائے گی۔

  • شارجہ میں تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند کردیے گئے

    شارجہ میں تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند کردیے گئے

    ابو ظہبی: شارجہ کی بلدیاتی کونسل نے تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلر تا اطلاع ثانی بند کر دیے ہیں۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے چھاپہ مار مہم چلائیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں اقتصادی فروغ کے ادارے نے بلدیاتی کونسل کے تعاون سے ریاست میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلر تا اطلاع ثانی بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

    مقامی حکام نے عمل درآمد شروع کردیا گیا۔ باربر شاپ اور بیوٹی پارلر بند کرنے کا فیصلہ صحت عامہ کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدبیر اور بچاؤ کے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔

    شارجہ کا ادارہ اقتصادی ترقی اور بلدیاتی کونسل کے افسران اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے چھاپہ مار مہم چلائیں گے۔

    اقتصادی ترقی کے ادارے نے دکانداروں اور مختلف خدمات فراہم کرنے والوں کو بھی تنبیہ کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے بحران کے بہانے کوئی بھی سامان ذخیرہ نہ کریں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نرخ بڑھانے کے لیے سامان فروخت کرنے میں آنا کانی نہ کریں اور کسی بھی چیز کی قیمت حد سے زیادہ وصول کرنے کی کوشش نہ کریں۔

  • کرونا وائرس: دنیا کا دوسرا بڑا شاپنگ مال بند

    کرونا وائرس: دنیا کا دوسرا بڑا شاپنگ مال بند

    دبئی: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دنیا کے دوسرے بڑے شاپنگ مال دبئی مال کی تفریحی سہولیات کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

    دبئی مال کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ کہ ہمارے لیے ہمارے مہمانوں اور عملے کی صحت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔

    ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور متحدہ عرب امارات حکام کی ہدایات کے تحت دبئی مال، دبئی اوپرا اور دبئی مرینا مال 31 مارچ تک بند رہیں گے۔

    دبئی اوپرا نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 31 مارچ تک کے تمام پروگرامز منسوخ کردیے گئے ہیں اور جن لوگوں نے ٹکٹس خرید رکھے تھے، ان کو ان کی رقم واپس کردی جائے گی۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ آن لائن ٹکٹ خریدنے والوں کی رقم آٹو میٹکلی ان کے اکاؤنٹ میں واپس آجائے گی البتہ اس عمل میں کچھ روز لگیں گے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے تحت متحدہ عرب امارات کے تعلیمی اداروں کو پہلے ہی 4 ہفتوں کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 98 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

  • کورونا وائرس یا کچھ اور : لاہور کے گرین ٹاؤن کا لنڈابازار بند کرادیا گیا

    کورونا وائرس یا کچھ اور : لاہور کے گرین ٹاؤن کا لنڈابازار بند کرادیا گیا

    لاہور: ماڈل بازار گرین ٹاؤن کا لنڈا بازار بند کرادیا گیا، دکانداروں کے مطابق کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر بازار بند کرایا گیا جبکہ انتظامیہ نے اس بات کی تردید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے ماڈل بازار گرین ٹاؤن کا لنڈابازارانتظامیہ نے بند کرادیا ہے، اس حوالے سے دکانداروں نے میڈیا کو بتایا کہ انتظامیہ نے لنڈابازار کو کوروناوائرس پھیلنے کا خدشہ قراردے کربند کرادیا ہے کیونکہ بازار میں بکنے والے متعدد کپڑے چین سے آتے ہیں۔

    دکانداروں کے مطابق انتظامیہ کا خدشہ ہے کہ ایسے کپڑوں سے کورونا وائرس پھیل سکتاہے، دوسری جانب ماڈل بازارانتظامیہ سے رابطے پر ان کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے لنڈابازاربند نہیں کرارہے بلکہ لاہور میں جگہ جگہ لنڈابازار قائم ہیں جو مناسب نہیں۔

    مزید پڑھیں: ہلاکت خیز کورونا وائرس نے 132 افراد کی جان لے لی

    یاد رہے کہ چین میں جنم لینے والے کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 132 تک پہنچی گئی ہے جبکہ فرانس میں بھی کورونا وائرس کے 3 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

  • ملک میں چینی بحران اور قیمت میں اضافے کا خدشہ

    ملک میں چینی بحران اور قیمت میں اضافے کا خدشہ

    لاہور: پنجاب میں 26شوگر ملوں نے چینی کی پیداوار بند کردی، شوگر ملیں بند ہونے سے چینی کی قیمت میں اضافے کا خدشہ سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق شوگر ملز مالکان نے مزید ملوں کو بند کرنے کا بھی عندیہ دے دیا۔ مالکان کا کہنا ہے کہ کاشتکار گنا فراہم نہیں کر رہے، اس لیے ملز بند کرنا پڑیں، صورت حال برقرار رہی تو دیگر 14شوگر ملیں بھی بند ہوجائیں گی۔

    ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کاشت کار 190 کی بجائے 250روپے فی ٹن گنا فروخت کرنا چاہتے ہیں۔

    ادھر چیئرمین کسان اتحاد کا کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں گنے کی قیمت سرکاری نرخوں سے بڑھی تھی، شوگر ملز مالکان نے زیادہ گنا اکٹھا کرنے کے لیے قیمت بڑھائی، حکومت نوٹس لے، ورنہ صوبے میں چینی کے بحران کا اندیشہ ہے۔

    بلوچستان میں آٹے کی قلت، قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ، حکومت کا نوٹس

    خیال رہے کہ پورے ملک کو گیس فراہم کرنے والا صوبہ آٹے کی قلت کا شکار ہوگیا ہے، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آٹے کی قیمت میں ہوش ربا اضافے کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔

    بلوچستان کے عوام گندم جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہونے لگے، دو روز قبل یہ خبر آئی تھی کہ صوبے کے 33اضلاع میں آٹے کی قلت کا سامنا ہے جبکہ فی کلو قیمت میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

    ايک ماہ کے دوران فی کلو آٹے کی قيمت 10 روپے بڑھ گئی، قیمتوں میں اضافے کی وجہ گندم کی عدم خریداری ہے۔

  • جعلی فیس بک اکاﺅنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے سینکڑوں اکاﺅنٹس بند

    جعلی فیس بک اکاﺅنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے سینکڑوں اکاﺅنٹس بند

    غزہ/نیویارک : فیس بُک انتظامیہ کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے اکاؤنٹ بند کردئیے گئے، اکاﺅنٹس بلاک کر کے صہیونی ریاست کے فلسطینیوں پر مظالم کی حمایت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کے بین الاقوامی ویب سائیٹ فیس بک جعلی اکاﺅنٹ بلاک کرنے کی آڑ میں اسرائیل کے خلاف مواد پر مشتمل فلسطینی کارکنوں کے سیکڑوں اکائنٹس بھی بلاک کر دیئے۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین میڈیا سوسائٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ فیس بک کی انتظامیہ نے جعلی اکاﺅنٹس کی بندش کی مہم کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کے سیکڑوں اصلی صفحات اور اسرائیلی مظالم پر مشتمل مواد نشر کرنے والے اکاﺅنٹس بلاک کیے ہیں۔

    بیان میں فیس بک کی طرف سے فلسطینی سماجی کارکنوں کے سیکڑں صفحات کو بلاک کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بلا جواز قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فیس بک نے فلسطینی کارکنوں کے صفحات بلاک کر کے صہیونی ریاست کی طرف داری اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی حمایت کا ثبوت پیش کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : فیس بک کا رواں سال دو ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ حذف کرنے کا دعویٰ

    یاد رہے کہ سماجی رابطے کی مقبول عام ویب سائٹ فیس بک نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2 ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ ڈیلیٹ کرنے کا دعوی کیا تھا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک نے اپنی تازہ ترین نافذ العمل رپورٹ شائع کر دی ہے جس میں اکتوبر 2018 سے مارچ 2019 کے دوران مختلف اکاؤنٹس اور پوسٹس کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ان چھ ماہ کے دوران فیس بک نے پہلی مرتبہ تین ارب جعلی اکاؤنٹس کو بند کیا ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی : پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی

    پاک بھارت کشیدگی : پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی

    کراچی : پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، ملک بھرکے تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل رہے گا۔

    بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔

    فضائی حدود بند ہونے سے ملکی وغیر ملکی تمام ایئرلائنزکا آپریشن معطل رہے گا، سول ایوی ایشن کے نوٹم میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود جمعرات کی رات12بجے تک بند رہے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بھی پاکستان آنے والی تمام پروازیں معطل ہیں، سعودی عرب، برطانیہ، یورپ اورمڈل ایسٹ جانے والی پروازیں بھی معطل رہیں گی۔

    اس کے علاوہ اندرون ملک جانے والی پروازوں کا آپریشن بھی معطل رہے گا، اس سلسلے میں تمام ایئرلائنز نے فضائی حدود بند ہونے سے متعلق اپنے مسافروں کو آگاہ کردیا۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج، موٹرویز بند

    ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج، موٹرویز بند

    لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز بند کردی گئیں، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں جبکہ بالائی سندھ میں دھند کی چادر تن گئی، جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہے۔

    خیبرپختونخواہ میں موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر حد نظر کم ہے، موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔

    موٹروے انتظامہ کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن اور فیصل آباد سے گوجرہ تک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال ضرور کریں اور بلاضرورت سفر کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پنجاب میں شدید دھند نے نظام زندگی درہم برہم کردی تھی۔

    شیخوپورہ، فیصل آباد، گوجرہ، پنڈی بھٹیاں اور سکھیکی میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 پنڈی بھٹیاں سے شیخوپورہ تک بند رہی تھی۔

    علاوہ ازیں کوئٹہ، قلات اور دیر میں سردی میں مزید اضافے کی توقع ہے، جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند متوقع ہے۔

  • عالمی ادارہ خوراک نے فلسطینیوں کو خوراک کی فراہمی بند کردی

    عالمی ادارہ خوراک نے فلسطینیوں کو خوراک کی فراہمی بند کردی

    یروشلم : اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک نے بے سہارا فلسطینیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر قابض غاصب صیہونی ریاست کے جابرانہ تسلط کے باعث بے گھر و بے سہارا ہونے والے فلسطینی شہریوں کی امداد کرنے والا عالمی ادارہ خوراک بھی اسرائیلی نقش قدم پر گامزن ہوگیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے زیر نگرانی کام کرنے والے عالمی ادارہ خوراک تقریباً 2 لاکھ بے گھر و نادر فلسطینی شہریوں کو خوراک فراہم کرتا تھا جو بند کردی گئی ہے۔

    فلسطینی خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ یہ خوراک غزہ کی پٹی اور فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں آباد افراد کو دی جاتی تھی۔

    خبر ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ خوراک کے مذکورہ اقدام کے باعث 2 لاکھ قریب فلسطینی برائے راست جبکہ لاکھوں فلسطینی شہری بالواسطہ متاثر ہوں گے۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ خوراک کے جاری کردہ بیان کے مطابق آئندہ جنوری میں فلسطینیوں کے خوراک میں تبدیلی کی جائے گی جس کے بتیجے میں مقبوضہ مغربی کنارے میں 24 ہزار فلسطینی شہری امداد سے محروم ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب کا فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے 5 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے گذشتہ ماہ فلسطینی شہریوں کے لیے 5 کروڑ ڈالرز کی امداد بھیجوائی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی اونروا غزہ، اردن، لبنان اور شام میں فلسطینی پناہ گزینوں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کرتی ہے۔

    رواں سال امریکا نے اس ادارے کو دی جانے والی مالی امداد بند کردی تھی جس کے نتیجے میں ایجنسی کو غیرمعمولی مالی مشکلات درپیش ہیں اور ادارہ اپنی کئئی سروسز بند کرنے اور ملازمین کو نکالنے پر مجبور ہے۔

  • فرانسیسی پولیس نے اوور ٹائم نہ ملنے پر پولیس اسٹیشن بند کردیے

    فرانسیسی پولیس نے اوور ٹائم نہ ملنے پر پولیس اسٹیشن بند کردیے

    پیرس : فرانس میں جاری ’یلو ویسٹ احتجاجی تحریک‘ مزید شدت اختیار کرگئی، فرانسیسی پولیس نے مطالبات پورے نہ ہونے پر ہڑتال کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس میں جاری ’یلو ویسٹ احتجاجی تحریک‘ شدت اختیار کرتی جارہی ہے جس میں اب فرانسیسی پولیس بھی شامل ہوگئی ہے، پولیس اہلکاروں نے اوور ٹائم نہ ملنے پر احتجاج شروع کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس ایسوسی ایشن کے وزیر داخلہ کے ساتھ معاملات طے نہیں ہوسکے جس کے بعد اہلکاروں نے ہڑتال شروع کردی۔

    فرانسیسی پولیس اہلکاروں نے حکومت نے 2 کروڑ 48 لاکھ یورو اوور ٹائم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا جس کے پورا ہونے پر اہلکاروں نے پولیس اسٹیشن بند کردیے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرانس کی 70 فیصد عوام نے یلو ویسٹ احتجاجی تحریک کی حمایت کردی ہے۔

    مزید پڑھیں : فرانسیسی صدر میکرون کی مقبولیت کم ترین سطح پر پہنچ گئی

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سروے رپورٹ میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی مقبولیت مئی 2017 میں ان کے منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک کی نچلی ترین سطح 27 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

    اوڈوکسا انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے کرائے جانے والے سروے میں بتایا گیا ہے کہ ’یلو ویسٹ تحریک‘ کا احتجاج شروع ہونے کے ایک ماہ بعد سے اب تک فرانسیسی صدر کی مقبولیت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

    حالیہ سروے میں شرکت کرنے والے 73 فیصد فرانسیسی شہریوں نے میکرون کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ 5 ہفتوں سے جاری مظاہروں کے باعث فرانس کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچا ہے جبکہ مظاہرین نے کرسمس سڑکوں پر منانے کا اعلان کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : عوامی احتجاج ’عفریت‘ بن گیا ہے، فرانسیسی حکومت

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں فرانسیسی حکومت نے مہنگائی پر شدید احتجاج کرنے والے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں احتجاجی مظاہرین نے وزیرِ اعظم ایمانوئیل میکرون کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت جب تک مطالبات حتمی طور پر نہیں مانتی احتجاج جاری رہے گا۔