Tag: Closure

  • یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش : ہزاروں ملازمین کا حکومت سے اہم مطالبہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش : ہزاروں ملازمین کا حکومت سے اہم مطالبہ

    لاہور : حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند کرنے فیصلے کے بعد ہزاروں ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    اپنے روزگار کو ختم ہوتا دیکھ کر ملازمین نے اسکیم موڑ زونل آفس کے سامنے شدید احتجاج کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

    اس موقع پر نمائندہ اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ملازمین کا کہنا تھا کہ اس محکمے میں 14ہزار ملازمین ہیں اور یہ ایسا حکومتی ادارہ ہے جس کا شمار منافع بخش اداروں میں ہوتا ہے۔

    مظاہرین نے کہا کہ اس فیصلے سے صرف ہم ہی نہیں بلکہ ان کمپنیوں کے ملازمین بھی جو ہمیں مال سپلائی کرتے ہیں وہ بھی بے روزگار ہوجائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ہر سال حکومت کو ٹیکس فراہم کرتا ہے، حکومت اگر یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیتی تو ہمارے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں قائم تمام یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے ہم کو 2 ہفتے کا وقت دیا ہے جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب اشیاء پر سبسڈی پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔

    انتظامیہ کا بتانا ہے کہ اسٹورز بند ہونے کی خبر کے بعد ہزاروں ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے، 6 ہزار مستقل جب کہ دیگر ملازمین کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹائم لائن کے مطابق تمام یوٹیلیٹی اسٹورز بند کردیے جائیں گے۔

     

  • والٹن ایئرپورٹ کی بندش: فخر عالم بھی میدان میں آگئے

    والٹن ایئرپورٹ کی بندش: فخر عالم بھی میدان میں آگئے

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار فخر عالم نے والٹن ایئرپورٹ کو ثقافتی ورثہ قرار دینے کا مطالبہ کرلیا۔

    گلوکار فخر عالم نے لاہور کے تاریخی والٹن ایئرپورٹ کو شفٹ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ والٹن ہوائی اڈا ثقافتی اعتبار سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔

    گلوکار نے کہا کہ ایئرپورٹ کی جگہ کاروباری ڈسٹرکٹ بنایا جائے لیکن ٹرمینل کو محفوظ کیا جائے اور اسے ثقافتی ورثہ قرار دیا جائے۔

    خیال رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 25 مئی کو حکم جاری کیا تھا جس کے مطابق 26 مئی سے لاہور کے تاریخی والٹن ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا۔

    لاہور کا تاریخی والٹن ایئرپورٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا

    سی اے اے کا حکم نامہ جاری ہونے کے بعد ایئرپورٹ منیجر نے فلائنگ کلبز کو تمام طیارے گراؤنڈ کرنے کی ہدایت کی تھی جب کہ  تربیتی پروازیں عارضی طور پر علامہ اقبال ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا تھا۔

  • پختونخواہ کے کن شہروں میں اسکول بند کیے جارہے ہیں؟

    پختونخواہ کے کن شہروں میں اسکول بند کیے جارہے ہیں؟

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسکول بند کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے جلد از جلد رمضان پیکج کی تیاری کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم، صحت اور گڈ گورننس پر رہی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ این ٹی ایس کے ٹیسٹ دوبارہ منعقد کروائے جائیں گے، ٹیسٹ مشاورت کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 5 فیصد کرونا کیسز پر متاثرہ اضلاع میں اسکولوں کو بند کیا جائے گا، متاثرہ اضلاع میں اسکول بند کیے جا رہے ہیں جو 28 مارچ تک بند رہیں گے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ اضلاع میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر شامل ہیں، 28 مارچ کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

  • سندھ میں رواں ہفتے 3 دن سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے

    سندھ میں رواں ہفتے 3 دن سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے

    کراچی: صوبہ سندھ میں رواں ہفتے سی این جی کی بندش کا شیڈول جاری کردیا گیا، رواں ہفتے 3 دن سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا کہنا ہے کہ لوکل گیس پر چلنے والے سی این جی اسٹیشنز رواں ہفتے 3 دن بند رہیں گے۔

    ایس ایس جی سی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹیشنز پیر، بدھ اور جمعہ کو صبح 8 بجے سے اگلے 24 گھنٹے کے لئے بند رہیں گے۔

    دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی پر منتقل اسٹیشنز بدستور 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

    خیال رہے کہ حکومت نے گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے دسمبر سے ایل این جی خریداری کی تیاری شروع کردی ہے، دسمبر میں ایل این جی کے 6 کارگوز کے لیے عالمی کمپنیوں کی مہنگی ترین بولیاں وصول کی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری کمپنی پی ایل ایل نے دسمبر کے لیے بولیاں طلب کر رکھی تھیں، پی ایل ایل نے ایل این جی کے 6 جہازوں کی بولیاں طلب کی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق ایل این جی سابق حکومت کے معاہدوں کے تحت خریدی جارہی ہے، ایل این جی خام تیل کی قیمت کے 11.62 سے 13.37 فیصد تک خریدی جا رہی ہے۔

  • سندھ  میں سی این جی بندش میں ایک دن کا اضافہ

    سندھ میں سی این جی بندش میں ایک دن کا اضافہ

    کراچی :موسم سرما قریب آتے ہی ملک میں گیس کی طلب بڑھ جانے سے سندھ میں سی این جی اسٹیشنز مزید ایک دن بند رہیں گے، سی این جی کی فراہمی اڑتالیس گھنٹے تک بند رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سوئی سدرن گیس نے کہا کہ سندھ میں سی این جی بندش میں ایک دن کااضافہ کردیاگیا، صوبے میں سی این جی کی فراہمی اڑتالیس گھنٹے تک بند رہےگی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سی این جی اسٹیشنز جمعہ کی صبح آٹھ بجے کھلیں گے اور ہفتہ کی صبح آٹھ بجے سے چوبیس گھنٹے کیلئے سندھ میں سی این جی کی فراہمی بند رہے گی جبکہ میرپور میں کنڈا والی گیس فیلڈ کی سالانہ بندش سے فراہمی معطل رہے گی ۔

    ایس ایس جی سی کے سسٹم میں چار سوایم ایم سی ایف گیس سپلائی کی کمی ہوئی ہے جبکہ کوئٹہ میں سردی بڑھنے پر گھریلو صارفین کی گیس طلب میں اضافہ ہوا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ حکومت کی جانب سے سی این جی صارفین کے لیے بھی گیس 40 فیصد مہنگی کی گئی تھی ، کے پی، بلوچستان میں سی این جی 20 روپے فی کلو جبکہ کمرشل اور تندور کنکشن پر گیس 40 فیصد تک مہنگی دی جائے گی۔

    گیس کی قیمتوں میں اضافے پر سی این جی ایسوسی ایشن کا ردعمل سامنے آیا تھا، غیاث پراچہ نے کہا تھا کہ سی این جی کے لیے گیس کی قیمت بڑھا کر غریب عوام سے زیادتی کی گئی ہے، حکومت فیصلے پر نظرثانی کرکے سی این جی کی قیمتوں میں کمی کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف کے لیے پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے، سی این جی بھی تو عوام استعمال کرتے ہیں، نئے نرخ سے سی این جی میں تقریباً 15 روپے کا اضافہ متوقع ہے، اضافہ 27 ستمبر سے کیا گیا، یہ پیسے عوام سے کیسے وصول کیے جائیں گے

  • امریکا میں پی ایل او کا دفتر بند کرنا پریشان کن ہے، ترکی

    امریکا میں پی ایل او کا دفتر بند کرنا پریشان کن ہے، ترکی

    انقرہ : ترکی حکومت نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وایٹ ہاوس کا امریکا میں موجود فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کا دفتر بند کرنے کا فیصلہ انتہائی پریشان کن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک حکومت کی جانب سے امریکا میں واقع فلسطین لیبریشن آرگنائزیشن کے دفتر کو بند کرنے کے امریکی اقدام کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے فیصلے نے واضح کردیا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے امریکا غیر جانب دار نہیں رہ سکتا۔

    ترکی کے دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’امریکا کا فیصلہ عالمی اسلام اور خطے کے لیے پریشان کن ہے‘۔

    دوسری جانب فلسطینی حکام نے کا کہا تھا کہ امریکا نے محض الزامات عائد کیے ہیں کہ اسرائیل سے بامعنی مذاکرات کے لیے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن نے اقدامات نہیں اٹھائے، پی ایل او نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے امریکی اقدام کی مذمت بھی کی۔

    فلسطین لیبریشن آرگنائزیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ’امریکا اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کرن کے لیے بیلک میل کرنےکو کہہ رہا ہے۔

    یاد رہے کہ مشرقی وسطیٰ میں امن کے لیے امریکی اقدام کی مذمت کرنے پر امریکا نے واشنگٹن میں موجود فلسطین لبریشن آرگنائزیشن(پی ایل او) کا دفتر بند کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

    امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ایل او نے امن کے لیے امریکا کے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا، اسرائیل اور فلسطین میں براہ راست مذاکرات کے معاملے کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکا نے فلسطینی اسپتالوں میں دی جانے والی امدادی رقم میں سے تقریباً 25 ملین ڈالر کی کٹوتی کا اعلان کیا ہے۔

    امریکی حکام کا کہنا تھا ہے کہ یہ رقم اب دیگر ترجیحی منصوبوں کو منتقل کردی جائے گی، جہاں اسے بہتر انداز میں خرچ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی محکمہ خارجہ نے فلسطینیوں کے لیے بیس کروڑ ڈالرز کی سالانہ مختلف امداد روک لینے کا اعلان کیا تھا، مذکورہ اقدام بھی امریکی صدر کے کہنے پر سامنے آیا تھا۔