Tag: Closure of educational institutions

  • ریسٹورنٹ اور مالز میں بچوں کو بھیجنا زیادہ ضروری ہے یا اسکول میں ؟

    ریسٹورنٹ اور مالز میں بچوں کو بھیجنا زیادہ ضروری ہے یا اسکول میں ؟

    کراچی : آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن کے چیئرمین طارق شاہ نے تعلیمی ادارے بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا اسکولوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جارہا ہے، بچے شاپنگ مالز دیگر جگہوں پر جاتے ہیں تو متاثر ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن طارق شاہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو  میں تعلیمی ادارے بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ  اسکولوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جارہا ہے ، اسکولوں کو مکمل طور پر بند نہیں ہونا چاہیے۔

    طارق شاہ نے سوال کیا ریسٹورنٹ،مالز میں بچے بھیجنا زیادہ ضروری ہے یا اسکول؟ بچے شاپنگ مالز دیگر جگہوں پر جاتے ہیں تو متاثر ہوتے ہیں ،بازاروں میں کورونا زیادہ پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

    چیئرمین آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن نے کہا ٹرانسپورٹ پر 2 دن کی پابندی لگائی گئی اسی طرح اسکول کیلئے بھی انتظام کیا جائے۔

    آن لائن کلاسز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آن لائن تعلیم سے زیادہ فائدہ حاصل نہیں ہورہا ، بچوں کو آن لائن کے ذریعے کورس کی تیاری نہیں کروائی جاسکتی۔

    یاد رہے کہ  محکمہ تعلیم سندھ نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری ‏و نجی اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک میں 6 اپریل بروز منگل سے اگلے پندرہ روز کیلئے ‏‏ کلاسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بچوں کی تعلیم کو آن لائن، ہوم ورک اور دیگر ‏ذرائع سے جاری رکھا جاسکتا ہے۔

  • تعلیمی اداروں کی بندش، این سی سی کا موقف سامنے آگیا

    تعلیمی اداروں کی بندش، این سی سی کا موقف سامنے آگیا

    اسلام آباد : نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے کی توثیق کردی جبکہ مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کےلیے علمائے کرام سے تعاون کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پانے کےلیے حکومت کی جانب سے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اسی سلسلے میں وفاقی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز قومی رابطہ کمیٹی میں پیش کی تھی جس کی این سی سی نے توثیق کردی ہے۔

    نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی ( این سی سی ) کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں بڑے فیصلے کیے گئے۔

    این سی سی نے فیصلوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق ریسٹورنٹس میں ان ڈورڈائننگ کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ عوامی اجتماعات پر بھی پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

    این سی سی نے ملک بھر میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی ہے جبکہ مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کےلیے علمائے کرام سے تعاون لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    کرونا کی بگڑتی صورت حال، انڈور ریسٹورنٹس پر پابندی عائد

    کچھ دیر قبل اسلام آباد میں معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے اسکول اور تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا مگر بچوں کی حفاظت کے لیے یہ قدم اٹھایا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’11 جنوری کو صورت حال دیکھ کر اسکول کھولنے کا فیصلہ کریں گے‘۔