Tag: CM Balochistan

  • دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال

    دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں میڈیکل کالج میں دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، اہلکاروں نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کامقابلہ کیا، دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں میڈیکل کالج کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار کی شہادت پر اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

    انہوں نے لورالائی میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی میں سیکیورٹی اہلکارکی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اہلکاروں نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کامقابلہ کیا، ہم دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، دہشت گردی کیخلاف فورسز کا حوصلہ وعزم قوم کیلئے قابل فخر ہے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں میڈیکل کالج کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے لورالائی میڈیکل کالج کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا.

    ایگل اسکواڈ کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا.

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں ایگل اسکواڈ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، ایگل اسکواڈ کے قریب پہنچ کر ایک حملہ آور نے خود کو اڑایا۔

  • جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، صوبے میں ٹیم ورک سے امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سے رخصت ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

    عشائیے میں عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جنرل عاصم سلیم باجوہ کی صوبے کیلئے خدمات کو سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیم ورک سے امن و امان بہتر ہوگیا ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ کا بڑے منصوبوں کی منظوری میں اہم کردار ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان والوں کا خلوص و محبت نہیں بھلاسکتا، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بلوچستان اولین ترجیح ہے، بلوچستان کی بہتری کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

    واضح  رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 12 ستمبر کو لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کیا تھا انہیں جنرل عاصم سلیم باجوہ کی 23 ستمبر 2019 کو ہونے والی ریٹائرمنٹ کے پیش نظر کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کیا گیا ہے۔

  • بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ : وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے بلوچستان میں معیاری تعلیمی ادارے نہیں، معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود نظام کو بہتر نہیں کریں گے نظام بہتری کی جانب نہیں جائے گا۔

    ہم نے صوبے کی ضروریات اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے تاکہ ایک موثر نظام پوری طرح فعال رہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، بدقسمتی سے ہمارے صوبے میں معیاری تعلیمی ادارے نہیں، امن و امان کی خراب صورتحال نے صوبے میں تعلیم کاحصول مشکل بنا دیا تھا۔

    آج جن قربانیوں کی بدولت حالات بہتر ہیں انہیں خراج عقیدت پیش کرتاہوں، ہم سب کومل کر صوبے کی ترقی کے لیےکام کرنا ہوگا۔

    جام کمال نے کہا کہ ٹیم ترقیاتی اسکیموں تک خود کو محدود نہ رکھے بلکہ مجموعی طور پر تمام انتظامی معاملات سے بھی خود کو ہمہ وقت باخبر رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم ہر قسم کی سیاسی دبا سے بالاتر ہے، محکموں اور اضلاع کی بہترین انسپکشن سے صوبے کی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو چیئرمین چیف منسٹر انسپکشن ٹیم سجاد احمد بھٹہ نے بریفنگ دی اور ٹیم کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔

  • کوئٹہ : ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ : ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ :  بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، کرپشن یا ہارس ٹریڈنگ پر بلوچستان کو ہمیشہ نشانے پر رکھا گیا۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ہمیشہ سے اہمیت رہی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ کی قربانی بلوچستان کو نہیں بڑی جماعتوں کو دینی چاہیے کیونکہ کرپشن یا ہارس ٹریڈنگ پر بلوچستان کو ہمیشہ نشانے پر رکھا گیا۔

    اس طرح کے معاملات پر ہمیشہ سے بلوچستان نے قربانی دی، چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے معاملے پر سینیٹرز کی اکثریت متفق نہیں۔

    اے این پی سے مطالبہ کرینگے کہ چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر اپنے قائدین بات کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں جذبات میں آ کر فیصلے سے ریکوڈک پر ہرجانےکا دعویٰ کیا گیا۔

    ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، مستقبل کیلئے ریکوڈک پر وزیراعظم سے مل کر لائحہ عمل بنائیں گے، افغان امن کیلئے مہاجرین کی وطن واپسی پر بھی بات چل رہی ہے۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد : ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں گے، جام کمال خان

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف عدم اعتماد لانے جارہی ہے کوشش ہوگی کہ ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں انہیں کہا ہے کہ بلوچستان کو سیاست کا محور نہ بنائیں آخر کیا وجہ ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹ کو ہٹایا جارہا ہے۔

  • چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد : ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں گے، جام کمال خان

    چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد : ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں گے، جام کمال خان

    اسلام آباد : بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف عدم اعتماد لانے جارہی ہے کوشش ہوگی کہ ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں۔

    یہ بات انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو،بی اے پی کے نائب صدر عبدالرؤف رند،بلال کاکڑ بھی ان کے ہمرا تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی کوئی وجہ نہیں ہے، پیپلزپارٹی سے پوچھا جائے کہ صادق سنجرانی کو کون لایا لانے اور لے جانے کا ڈائیلاگ پاکستان میں عام ہو چکا ہے۔

    وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں انہیں کہا ہے کہ بلوچستان کو سیاست کا محور نہ بنائیں آخر کیا وجہ ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹ کو ہٹایا جارہا ہے۔

    سیاسی جماعتیں اپنے فیصلے کو طویل مدت تک کے لئے دیکھیں تو شاید وہ چیئر مین سینیٹ کو ہٹانا کا فیصلہ واپس لے لیں، اس اقدام سے بلوچستان کو اچھا پیغام نہیں ملے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہمارا اتحاد اے این پی اور پی ٹی آئی سے دونوں جماعتیں کابینہ میں بھی شامل ہیں مرکز میں اے این پی قیادت کا فیصلہ ہم سے الگ ہے جس پر انہیں غور کرناچاہیے۔

    بلوچستان کے معروضی سیاسی حالات کے تناظر میں فیصلے اکثر وفاق سے مختلف ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی آج چیئر مین سینیٹ کی مخالفت کر رہی ہے لیکن انہوں نے ہمارے ساتھ مل کر اسی چیئرمین سینیٹ کو ووٹ دیا جبکہ پی ٹی آئی اور بی اے پی نے ڈپٹی چیئر مین جن کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے کو ووٹ دئیے تھے۔

    اس وقت بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں صادق سنجرانی کو چیئر مین منتخب کیاگیا معلوم نہیں آج کیا وجہ ہے کہ انہیں ہٹایا جارہا ہے۔

  • چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو ہرصورت ناکام بنائیں گے، جام کمال خان

    چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو ہرصورت ناکام بنائیں گے، جام کمال خان

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیخلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ہرصورت ناکام بنایا جائے گا، صادق سنجرانی ایوان کو بہت اچھے طریقے سےچلارہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی ہے۔

    ملاقات کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیردفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتوں پر لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلے کا فیصلہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ہرصورت ناکام بنایا جائے گا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایوان کو بہت اچھے طریقے سےچلارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: صادق سنجرانی ہی چیئرمین سینیٹ رہیں گے، جہانگیر ترین

    اس سے قبل تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اور صادق سنجرانی ہی سینیٹ کے چیئرمین رہیں گے۔جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکا سے دونوں ممالک میں دوریاں کم ہوں گی اور اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آئیں گے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ کے ساتھ کھڑی ہے، عثمان بزدار

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا بھی کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنائے گی، انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بے وقت کی راگنی ہے۔

  • دہشت گردوں کی کارروائی صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    دہشت گردوں کی کارروائی صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی صوبے میں امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے شہداء کےخاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گھناؤنی سازش کے تحت صوبے میں امن خراب کرنے کی کوشش کی ہے، بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کا مقابلہ پوری طاقت سے کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لے کر انہیں مزید مؤثر بنایا جائے، سیکیورٹی ادارے جانوں کا نذرانہ دے کر عوام کی جان و مال کا تحفظ کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید، 8 زخمی

    واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں منی مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چار  پولیس اہلکار شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے، ممکنہ طور پر دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے مددگار پولیس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

  • سابقہ حکمرانوں نے عوام کو خوش کرنے کے لئے عارضی اقدامات کئے، جام کمال خان

    سابقہ حکمرانوں نے عوام کو خوش کرنے کے لئے عارضی اقدامات کئے، جام کمال خان

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے مسائل کے حل کے حوالے سے عوام کو خوش کرنے کے لئے عارضی بنیادوں پر اقدامات کئے، عوام کو موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت کوئٹہ، گوادر، پسنی اور اورماڑہ میں اپارٹمنٹس اور مکانات کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان تھے۔

    اس کے علاوہ گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی، وفاقی وصوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، قومی وصوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرز، چیف سیکریٹری بلوچستان، وفاقی وصوبائی محکموں کے سیکریٹری، سیاسی وقبائلی عمائدین اور طلباءکی بہت بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی،وزیراعلیٰ کی درخواست پر دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے شہداءکے غم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ اصل حکمران وہ ہوتے ہیں جو نظام کی بہتری کے لئے کام کرتے ہوئے آئندہ کی منصوبہ بندی بھی کرتے ہیں،عوام کو موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمیں ملک اور صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کا موقع دیا ہے جس سے ہم بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

     وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ماضی میں جوبھی خامیاں رہیں ہم بھی اس کا حصہ رہے ہیں تاہم اب نظام کی بہتری کے لئے ہماری کوششیں اور اقدامات سب کے سامنے ہیں، ہم نے مالی وانتظامی معاملات اور ملکی وقار کو بہتر بنانا اور تعلیم کو مضبوط کرنا ہے جس کے لئے نئی نسل کو ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کیا جارہا ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں خدا پر مکمل بھروسہ ہے، بے شک ہمیں بہت سی مشکلات کے سامنا ہے جو اس وجہ سے ہیں کہ گذشتہ چالیس سال میں نظام کی بہتری کی جانب توجہ نہیں دی گئی، نظام کی بہتری کے لئے ہماری محنت ضرور کامیاب ہوگی، ہم کمزور نہیں او ر ہماری نیت صاف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت کے پاس روزگارنہیں اور نہ ہی وہ اس قابل ہیں کہ اپنی چھت بناسکیں، سرکاری ملازمین بھی اپنا گھر بنانے کی سکت نہیںرکھتے۔

    ایسے تمام لوگوں کے لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام ایک انقلابی تبدیلی لے کر آئے گا جس سے نہ صرف لوگوں کو اپنی ذاتی رہائش ملے گی بلکہ ہاؤسنگ کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی صنعتوں کے فروغ سے معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔

  • بلوچستان کی پسماندگی کے ذمہ دار یہاں کے حکمران رہے ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    بلوچستان کی پسماندگی کے ذمہ دار یہاں کے حکمران رہے ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی اور غربت کے ذمہ دار یہاں کے حکمران رہے ہیں، وسائل کا غلط استعمال ہوگا تو غربت اور پسماندگی بڑھے گی۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کی تقدیر کے فیصلے چند لوگ کم معلومات پر کرتے رہے، بلوچستان کی پسماندگی اور غربت کے ذمہ دار یہاں کےحکمران رہے ہیں۔

    یہاں کبھی بھی سندھ، پنجاب اور کے پی کے سے آکر کوئی وزیراعلیٰ نہیں بنا، وسائل کا غلط استعمال ہوگا تو غربت اور پسماندگی بڑھے گی۔

    جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ آج پی ایس ڈی پی پر شور کررہے ہیں وہ دو ہیں، عام لوگوں کو پتہ ہی نہیں پی ایس ڈی پی کے نام پر کیا کھیل کھیلا جاتا رہا ہے، وسائل کے بہتر استعمال سے ترقی کے ثمرات علاقوں تک پہنچائیں گے۔

    وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ وسائل کا غلط استعمال ہوگا تو غربت اور پسماندگی بڑھے گی، ڈھائی سوارب روپے بلوچستان کی ترقی پر خرچ ہوں گے توخوشحالی آئے گی، ہم نے اختیارات کی مرکزیت ختم کرکے اسے نچلی سطح تک منتقل کیا ہے۔

  • سی پیک کی وجہ سے بلوچستان سرمایہ کاروں کے لئے کھل گیا: جام کمال

    سی پیک کی وجہ سے بلوچستان سرمایہ کاروں کے لئے کھل گیا: جام کمال

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے بلوچستان سرمایہ کاروں کے لئے کھل گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے معدنیات کے شعبے کی ترقی سے متعلق سیمینار سے خطاب کیا.

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ محکمہ معدنیات کی سالانہ آمدن صرف2 سے ڈھائی ارب ہے، معدنیات سے مالا مال صوبہ ایک فیکٹری کی آمدن سے بھی کم کماتا ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ معدنیات کی ترقی کے حوالے سے پالیسی بنا رہے ہیں، ایسی بھی جگہ ہیں، جہاں لیز لے کر کام نہیں کیا جا رہا، لیز فیس کو بڑھا رہے ہیں، تاکہ کان کنی کی جائے.

    مزید پڑھیں: سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغازسے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، وزیرخارجہ

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومت، سرمایہ کاراورعوام کوفائدہ پہنچانا چاہتے ہیں، حکومت گڈ گورننس، قانون سازی میں بہتری کے لئے کام کررہی ہے، سی پیک کی وجہ سے بلوچستان سرمایہ کاروں کے لئے کھل گیا.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل زیادہ ہیں، آبادی کم ہے، پھربھی فائدہ نہیں اٹھایا گیا، البتہ رواں سال بلوچستان میں انفرااسٹرکچرپربھرپورکام ہوگا.