Tag: CM KPK

  • کرم کی صورتحال پر علی امین گنڈا پور کا اہم بیان

    کرم کی صورتحال پر علی امین گنڈا پور کا اہم بیان

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ کرم کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا احساس ہے، صوبائی حکومت کرم کے عوام کوریلیف دینے کیلئے وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل ہوں اور لوگوں کی مشکلات کا حل نکالا جاسکے۔

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ امید ہے جلد کرم کے مسئلے کا پرامن حل نکل آئے گا، صوبائی حکومت مسئلے کے پر امن کے لئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

    ترجمان کے پی حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر کرم کیلئے ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے، ہیلی کاپٹر کی 6 پروازوں کے ذریعے 145 افرادکو ایئر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کوہیلی کاپٹرکی پرواز کے ذریعے 29 افراد کو پشاور سے پاراچنار پہنچایا گیا جبکہ ہیلی کاپٹرکی پرواز سے بچوں کے لئے دودھ کے پیکٹس بھی پاراچنار پہنچائے گئے۔

    ہیلی کاپٹرکی دوسری پرواز میں 31 افراد کو پاراچنار سے کوہاٹ منتقل کیا گیا، اس کے علاوہ تیسری پرواز کے ذریعے 10 افراد اور ایک میت کوہاٹ سے پاراچنار منتقل کیا گیا۔

    کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کا احتجاج، ٹریفک پولیس کا خصوصی پلان جاری

    ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر کی چوتھی پرواز میں 31 افراد کو پاراچنار سے کوہاٹ پہنچایا گیا، پانچویں پرواز کے ذریعے 5 افراد کو کوہاٹ سے پارا چنار منتقل کیا گیا۔

  • علی امین گنڈا پور نے مشعال یوسفزئی کو عہدے سے بر طرف کردیا

    علی امین گنڈا پور نے مشعال یوسفزئی کو عہدے سے بر طرف کردیا

    اسلام آباد : خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے مشعال یوسفزئی کو عہدے سے بر طرف کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے مشعال یوسفزئی کو معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مشعال یوسفزئی کو عہدے سے ہٹانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ابھی فی الوقت ان کو عہدے سے ہٹائے جانے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں اس کے قبل بھی ان کو اس عہدے سے برطرف کیا گیا تھا لیکن دوبارہ تعیناتی کردی گئی تھی۔

    جارہی ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نے مشعال یوسفزئی کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ہدایات کے مطابق ہٹایا گیا ہے جس کی کاپی وزیراعلیٰ اور سیکریٹری کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ شام ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی ترجمان اور وزیر اعلیٰ کے پی کی سابق معاون خصوصی مشال یوسفزئی نے پی ٹی آئی کے دھرنے سے متعلق کچھ اہم انکشافات کیے تھے ۔

    مشال یوسفزئی کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی احتجاج سے واپس آنے کے بعد کسی سے ملاقات نہیں ہوئی۔ جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچنے کے بعد ان سے میرا رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور 2 دن بعد بات ہوئی، میں ان کے ساتھ سنگجانی کے مقام پر موجود تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہی کہا تھا کہ ڈی چوک جانا ہے، ان کو جب معلوم تھا کہ ڈی چوک جانا ہے تو وہ مقام سے کیسے پیچھے ہٹتیں؟ سابق خاتون اوّل کو بانی نے امانت دی تھی لہٰذا وہ خیانت نہیں کر سکتیں تھیں۔

     

  • علی امین گنڈا پور7 گھنٹے بعد منظرعام پر آگئے

    علی امین گنڈا پور7 گھنٹے بعد منظرعام پر آگئے

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈاپور کا موبائل فون آن ہوگیا, وہ 7 گھنٹے بعد منظر عام پر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے قائدین وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈا پور کی غیر حاضری اور ان سے متعلق خبروں کے حوالے سے کافی فکر مند تھے تاہم اب ان کو اچھی خبر مل گئی۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک نے ایکس پر شیئر کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور واپس پہنچ گئے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈاپور کا موبائل فون آن ہوگیا ہے اور انہوں نے اپنی سیکیورٹی بھی طلب کرلی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورکے سیکیورٹی اہلکار ان کے پاس پہنچ گئے ہیں، یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور 7گھنٹے کے بعد منظر عام پر آئے ہیں۔

    اس حوالے سے نمائندہ اے آر وائی نیوز نے بتایا کہ وہ کسی میٹنگ تھے جہاں موبائل جیمرز لگے ہوئے تھے جس وجہ سے ان سے رابطہ نہیں ہو پارہا تھا۔

    وہ جس مقام پر گئے وہاں انکی سیکیورٹی بھی نہیں گئی تھی تاہم اب انہون نے اپنی سیکورٹی کو طلب کرلیا اور وہاں سے روانہ ہوگئے ہیں

    اس بات کی تصدیق وزیر اعلیٰ کے پی کے ترجمان فراز مغل، ان کے بھائی فیصل الامین گنڈا پور اور پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک نے بھی کی ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پشاور وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے ہیں، اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی کے بھائی فیصل امین نے ان کے پشاور پہنچنے کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں ایک طویل میٹنگ میں مصروف تھے۔

  • پیپلز پارٹی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا چیلنج قبول کر لیا

    پیپلز پارٹی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا چیلنج قبول کر لیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا چیلنج قبول کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بلاول بھٹو کو گورنر ہاؤس میں داخلے سے روکنے کی دھمکی دی تھی، پی پی نے علی امین گنڈاپور کا چیلنج قبول کر لیا ہے۔

    پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پارٹی نے بلاول بھٹو کو گورنر ہاؤس پشاور مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ آئندہ ہفتے پشاور کا دورہ کریں گے، ان کے دورہ پشاور کی حتمی تاریخ طے کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری گورنر ہاؤس پشاور میں قیام کریں گے، اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے۔ گورنر خیبر پختونخوا کی تعیناتی کے بعد یہ بلاول بھٹو کا پشاور کا پہلا دورہ ہوگا۔

  • وزیر اعلیٰ کا ضلع باجوڑ میں ایک روز میں درجنوں منصوبوں کا افتتاح

    وزیر اعلیٰ کا ضلع باجوڑ میں ایک روز میں درجنوں منصوبوں کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں ایک روز کے اندر اربوں روپے مالیت کے 18 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں اربوں روپے مالیت کے 18 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، وزیر اعلیٰ نے 6 مختلف مقامات پر 52.5 کلو میٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھا۔

    وزیر اعلیٰ نے ضلع باجوڑ میں 12 پرائمری اسکولوں کا افتتاح بھی کیا جبکہ 6 پرائمری اسکولز، 17 مڈل اسکولز اور 17 ہائی اسکولز کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔

    علاوہ ازیں انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس خار میں مکمل ہونے والی ہاکی ٹرف، فٹبال گراؤنڈ، ہاسٹل، اسپورٹس اسٹیڈیم ماموند اور باجوڑ ناوگئی میں مکمل ہونے والے ریسکیو 1122 کی بلڈنگ کا افتتاح بھی کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو خوشحال اور صحت مند ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے، قبائلی اضلاع میں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

  • عدالت سے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کو بڑا ریلیف

    عدالت سے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کو بڑا ریلیف

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان کے خلاف تھانہ ترنول میں درج تینوں مقدمات خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ اور توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

    کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی، درخواست گزار کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ اور بیرسٹر قاسم نواز عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا، اسے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

    عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا کوئی ٹرانسکرپٹ ہے، یا دوران تفتیش درخواست گزار کی موقع پر موجودگی کا کوئی ثبوت ملا؟

    پولیس کی جانب سے درخواست گزار کے موقع پر موجودگی کے ثبوت سے انکار پر عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محمود خان کے خلاف تھانہ ترنول میں درج تینوں مقدمات خارج کر دیے۔

  • وزیراعظم بہت جلد قوم کو خوشخبری سنائیں گے، محمود خان

    وزیراعظم بہت جلد قوم کو خوشخبری سنائیں گے، محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارامقابلہ پی ڈی ایم سے نہیں بلکہ مہنگائی کے ساتھ ہے، وزیراعظم بہت جلد قوم کو خوشخبری سنائیں گے۔

    پشاورمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم نااہل اور سلیکٹڈ ہیں، چلیں ہم تو نااہل ہیں آپ نے70سالوں میں کیا کیا؟

    وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ مخالفین کی وجہ سے ہی لوگ ہمیں بددعائیں دے رہے ہیں، عمران خان نے جیسے اسلامو فوبیا اور مسئلہ کشمیر پر بات کی وہ سب کے سامنے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہے نہ ہی کسی اور کے ساتھ بلکہ ہمارا مقابلہ مہنگائی کے ساتھ ہے اور یہ مہنگائی امپورٹڈ اور عالمی سطح پر ہے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں چیزیں مہنگی ہونے کی وجہ سے یہاں بھی اس کا اثر ہوتا ہے، سب چیزیں باہر سے آرہی ہیں تو یقیناً مہنگائی ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میں اہم اعلانات کریں گے، وہ بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری سنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں ورثے میں جو مسائل ملے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے نیا پاکستان کارڈ لایا جارہا ہے۔

    وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت اس معاملے پر متحرک کردار ادا کررہی ہے، ماضی میں بیرونی قرضوں کے نام پر عوام کو لوٹا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی صورت مہنگائی کےحق میں نہیں، معیشت بہتر ہوگی تومہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔

  • کورونا کیسز میں اضافہ،   اسمارٹ لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے سمیت نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

    کورونا کیسز میں اضافہ، اسمارٹ لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے سمیت نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

    پشاور : خیبر پختونخواہ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش ںظر اسمارٹ لاک ڈاؤنز سخت سمیت مزید پابندیاں عائد کرنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج سے معاونت کی درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی ،وزرا،انتظامی سیکریٹریز نے شرکت کی.

    اجلاس میں بعض اضلاع میں کیسز میں اضافہ،احتیاطی تدابیر پر عدم عملدرآمد پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پہلے سے نافذ حفاظتی اقدامات اور پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    کے پی حکومت نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج سے معاونت کی درخواست دینے اورضرورت پڑنے پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز مسخت سمیت مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اجلاس میں کے پی میں15ستمبر تک ویکسینیشن نہ کرانیوالوں کی سمز بند کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا گیا اور صوبے بھر میں یکساں طور پر ہفتے میں 2دن کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی زیر صدارت اجلاس میں ہزارہ ڈویژن کے بعض اضلاع میں پاک فوج کے 10 کور کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

  • صحت کارڈ کے طرز پر مستحقین کے لیے راشن کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

    صحت کارڈ کے طرز پر مستحقین کے لیے راشن کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

    پشاور : خیبرپختونخواحکومت نے صحت کارڈ کے طرزپر مستحقین کے لیے راشن کارڈجاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، راشن کارڈ سے مستحق خاندانوں کو ماہانہ مفت راشن گھروں پر پر فراہم کیاجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواحکومت نے مستحقین کےلیےراشن کارڈجاری کرنےکافیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی محمودخان نے کہا ہے کہ کےپی حکومت صحت کارڈ کے طرزپر راشن کارڈ جاری کرے گی ، جس کے تحت مستحق خاندانوں کو ماہانہ مفت راشن گھروں پر پر فراہم کیاجائے گا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ راشن کارڈوزیراعظم کے فلاحی ریاست کے مشن میں سنگ میل ثابت ہوگا، تحریک انصاف کی حکومت صحیح معنوں میں عوام دوست حکومت ہے۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ کےپی حکومت غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور مفاد عامہ کےاقدامات کا عملی سلسلہ جاری رہے گا ، سابق حکمرانوں نے ووٹ کے لیے غریب طبقے کا نام استعمال کیا اور غریب طبقے کی فلاح کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا گیا۔

  • ماہ رمضان میں سستے بازار اور کسان مارکیٹوں کے قیام کا فیصلہ

    ماہ رمضان میں سستے بازار اور کسان مارکیٹوں کے قیام کا فیصلہ

    پشاور : وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں خودساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    یہ بات انہوں نے رمضان المبارک سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی، اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئے رمضان اسٹریٹجی کی منظوری دی گئی۔

    ماہ رمضان میں عوام کو اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی گئی مذکورہ کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خوراک اورآئی جی پولیس شامل ہیں۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں صوبے میں 83سستے بازار اور52کسان مارکیٹس قائم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ماہ رمضان پلان پر عمل کی نگرانی کے لئے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ رمضان اسٹریٹجی پرمن و عن عمل یقینی بنائیں، خودساختہ مہنگائی اورذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو اشیائے ضروریات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 11اپریل تک سستے بازاروں کے قیام کا عمل مکمل کیا جائے۔