Tag: CM KPK

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیدوشریف ایئرپورٹ کی بحالی کا سارا کریڈٹ مراد سعید کو دے دیا

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیدوشریف ایئرپورٹ کی بحالی کا سارا کریڈٹ مراد سعید کو دے دیا

    سوات: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات میں سترہ سال بعد فلائٹ آپریشن کی بحالی پر خیبر پختونخوا کےلوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ایئرپورٹ کی بحالی میں مراد سعید کاکردار قابل ستائش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیدو شریف ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ہم وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں کی وجہ سے اکٹھےہوئے ، سول ایوی ایشن ،ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ،پولیس نے محنت کی، سیدوشریف ایئرپورٹ کی بحالی پر مرادسعید کا کردار قابل ستائش ہے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ غلام سرور اور پی آئی اے کا بھی بے حد مشکور ہوں ،پورا کریڈٹ مراد سعید کو جاتا ہے یہ سوات کاسپوت ہے ، ہم نے جو وعدے کئے تھے ان کو پورے کرنے کیلئے متحرک ہیں، سیدوشریف ایئرپورٹ جب بند ہواتھا اسوقت سوات کے حالات خراب تھے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کہا کہ سوات ،مالاکنڈ کے لوگوں کو مبارکبادپیش کرناچاہتاہوں، سیاحت کو فروغ دینا یہ وزیراعظم کا وژن ہے، صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے ، آسٹریا سےآنیوالا شخص سوات میں 4 ہزار گھربناناچاہتاہے، سوات کا علاقہ ایک سرکل میں منسلک ہوجائے گا۔

    منصوبوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیاحت پر ہماری توجہ ہے ،موٹروے کا فیز ون مکمل ہوچکا ہے،دوسرے پر کام جاری ہے، این ایچ اے کا چک درہ چترال اور شندور کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

    محمود خان نے کہا کہ بہت سے ترقیاتی منصوبے پائپ لائن میں ہیں، انڈسٹریل ون ، مینگورہ سٹی کیلئے صاف پانی کیلئے کام کررہےہیں جبکہ ورلڈ بینک کی مدد سےدریائےسوات سےمینگورہ کوصاف پانی دیاجائے گا ، ہم نے ہر 15 دن بعد وزیراعظم کو لانا ہے اور منصوبوں کا افتتاح کرانا ہے۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کریں ، کورونا کی وبا ہمارے لئے اللہ کی طرف سے امتحان ہے، میں نہیں چاہتا بچے اسکول سے محروم ،نوجوان بے روزگار ہو ں، عوام میں آگاہی مہم میں آپ لوگ ساتھ دیں۔

  • ‘2023 میں عمران خان دوبارہ وزیر اعظم ہوں گے’

    ‘2023 میں عمران خان دوبارہ وزیر اعظم ہوں گے’

    کرک: وزیراعلیٰ خیبر پختوںخواہ محمودخان کا کہنا ہے کہ الیکشن2023میں عوامی اعتماد کیساتھ دوبارہ مضبوط حکومت قائم کریں گے اور 2023 میں عمران خان دوبارہ وزیر اعظم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختوںخواہ محمودخان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن2023میں عوامی اعتماد کیساتھ دوبارہ مضبوط حکومت قائم کریں گے۔

    محمودخان کا کہنا تھا کہ ماضی میں گیس رائلٹی کے پیسے لوگوں کے جیبوں میں گئے، کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اربوں روپےخرچ کئے جائیں گے، صوبے میں 4نئے عالمی معیار کے اسپتال بنائیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختوںخواہ نے منصوبوں کے حوالے سے کہا نکہ 260ارب سےپشاورڈی آئی خان موٹروے تعمیرکی جائے گی اور گیس انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے 2ارب روپے دیے جائیں گے جبکہ 31 جنوری سے تمام جنوبی اضلاع میں صحت پلس کارڈ کار آمدہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئل ریفائنری پر جلد کام شروع کیا جائے گا اور جولائی سے آئمہ مساجد کو دس ہزار دیے جائیں گے جبکہ 2023 میں عمران خان دوبارہ وزیر اعظم ہوں گے۔

  • مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح

    مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی علاقے مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی علاقے مہمند کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 10 سالہ ترقیاتی منصوبوں کے پہلے 2 سال پلاننگ میں لگنے تھے، اب ہم سرمایہ کاری کی طرف جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ ترقیاتی منصوبوں سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، آج کے دورے میں مامد گٹ اسپتال کا افتتاح بھی ہوگا۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانا ہے، تمام وعدے پورے کریں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے مہمند کے لیے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحت کارڈ سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی۔

    وزیر اعظم نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قبائلی علاقوں کی روایتیں تبدیل نہیں ہوں گی، قبائلی علاقوں میں انضمام کے بعد ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا، طے کیا جا رہا ہے ترقیاتی کاموں پر فنڈز کا کیسے استعمال کیا جائے۔

  • وزیراعلیٰ کےپی کی چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات

    وزیراعلیٰ کےپی کی چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات

    پشاور : وزیراعلیٰ کےپی محمود خان نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات میں کہا کہ چاہتے ہیں ہمارا صوبہ معاشی طور پر خودکفیل ہو، سی پیک منصوبےسے بھرپور استفادے کے لیے کوشاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کےپی محمود خان سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں خیبر پختونخوامیں سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ  ہم صوبے کوصنعتی،سیاحتی مرکزبنانےکیلئےکوشاں ہیں، پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جبکہ شندور روٹ، سوات موٹروے فیز 2 سے بھی سرمایہ کاری بڑھےگی۔

    محمودخا ن کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ہمارا صوبہ معاشی طور پر خودکفیل ہو،  سی پیک منصوبےسے بھرپور استفادے کے لیے کوشاں ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی تھی، جس میں چیئرمین سی پیک نے سی پیک منصوبے میں پیشرفت پر وزیراعظم کو بریفنگ دی تھی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سی پیک کی ملاقات

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، مستقبل کے منصوبوں سے متعلق مشاورتی عمل کو تیز کریں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے، سی پیک منصوبہ پاک چین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے، منصوبے سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے سی پیک اتھارٹی کو دوسرے مرحلے کے منصوبوں پرعمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سماجی ومعاشی ترقی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرحتمی شکل دیں، منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا جائے

  • وزیراعظم کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، محمود خان

    وزیراعظم کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، محمود خان

    پشاور : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، سوات ائیرپورٹ کو بیرون ملک پروازوں کیلئے بھی کھولا جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدو شریف میں سوات ائیرپورٹ کے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،  اجلاس میں سی اے اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی نے وزیر اعلیٰ کو سیدو شریف ائیرپورٹ سے متعلق بریفنگ دی۔

    انہوں نے بتایا کہ سیدو شریف ائیرپورٹ کا انفرا اسٹرکچر، رن وے اور ٹیکسی وے مکمل کرلیا گیا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ائیرپورٹ کر طیاروں کی آمد و روانگی کیلئے کھول دیا جائے گا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی سیاحت کے وژن کے مطابق اقدامات کیے جارہے ہیں، سیدو شریف، سوات و دیگر سیاحتی مراکز ملکی و غیرملکی سیاحوں کے توجہ کا مرکز ہیں۔

    محمود خان نے کہا کہ سوات ائیرپورٹ کو بیرون ملک پروازوں کیلئے بھی کھولا جائے گا جس سے سیاحت کو فروغ اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا،۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ائیرلائنز بھی اپنا آپریشن فوری طور پر شروع کردیں، وزیر اعظم سے دوخواست کریں گے کہ سوات ائیرپورٹ پر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے ساتھ انٹرنیشنل پروازیں بھی جلد شروع کی جائیں۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی اے اے نے اتنی قلیل مدت میں سیدو شریف ایئرپورٹ کی بحالی کا کام اضحسن طریقے سے انجام دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے کو سیدو شریف ائیرپورٹ کا انفرااسٹرکچر اور رن وے کا بھی دورہ کرایا گیا۔

  • وزیر اعظم نے پختونخوا کابینہ میں نئے وزرا شامل کرنے کی ہدایت کردی

    وزیر اعظم نے پختونخوا کابینہ میں نئے وزرا شامل کرنے کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبائی معاملات پر مشاورت کی گئی جبکہ وزیر اعظم نے کئی ہدایات بھی جاری کیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں گورنر شاہ فرمان بھی موجود تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں خیبر پختونخوا کابینہ میں رد و بدل اور نئے وزرا شامل کرنے پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ میں نئے وزرا کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے وزیر اعلیٰ اور گورنر کو بہتر عوامی مفادمیں مشترکہ کام کرنے کی ہدایت کی جبکہ موجودہ وزرا کی کارکردگی کی ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی تاکید کی۔

    وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو کہا کہ وہ وزرا کی کارکردگی خود مانیٹر کریں جبکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں دینے کی ہدایت بھی کی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بے روزگار نہیں کر رہے، میرا خواب ہے کہ صوبے میں یکساں ترقی ہو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہماری حکومت میں صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تیز تر ترقی ہوگی۔

  • پاک اٖفغان بارڈر کو 24گھنٹے کھولے رکھیں گے، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان

    پاک اٖفغان بارڈر کو 24گھنٹے کھولے رکھیں گے، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا پاک اٖفغان بارڈر کو 24گھنٹے کھولے رکھیں گے، بارڈرکھلے رہنے سے ٹرانزٹ بڑھےگی ، طور خم بارڈر کو جدید سہولتوں سےآراستہ کررہے ہیں، کوشش ہے بارڈر کے دونوں طرف مشکلات کاخاتمہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے چیف سیکریٹری اور دیگرحکام کیساتھ طورخم بارڈر کا دورہ کیا، وزیراعظم کے مشیرارباب شہزاد بھی دورے میں شریک تھے، امیگریشن اورکسٹم حکام نے حکام کو مسائل و مشکلات پر بریفنگ دی۔

    وزیراعلی خیبر پختونخواہ کا کہنا تھا پاک اٖفغان بارڈرکو24 گھنٹے کھولے رکھیں گے، بارڈرکھلے رہنے سے ٹرانزٹ بڑھےگی، مقصد ٹریڈ کو بڑھانا ہے،3ماہ میں پہلےمیں یہاں کا دورہ کیا تھا۔

    بارڈرکھلے رکھنے کا مقصد ٹریڈ کو بڑھانا ہے

    محمودخان نے کہا پاک افغان بارڈر مستقل کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ، امیگریشن کا عمل تیز بنانے کے لئے مزید کاؤنٹر بنائے جائیں گے، تجارت کے فروغ سے تعلقات میں بہتری آئےگی۔

    ان کا کہنا تھا قبائلی اضلاع کی تعمیروترقی اب ہماری ذمہ داری ہے، طور خم بارڈر کو جدید سہولتوں سے آراستہ کررہے ہیں، کوشش ہے بارڈر کے دونوں طرف مشکلات کاخاتمہ ہو۔

    کوشش ہے بارڈر کے دونوں طرف مشکلات کاخاتمہ ہو

    وزیراعلیٰ کے پی نے کہا مستقل بنیادوں پربجلی اور انٹرنیٹ کےمسائل حل کیےجائیں گے، اس کے لئے ہم نے 75ملین روپے دے دیے ہیں ، جو بھی ایشوزہیں ان کوہم ٹھیک کریں گے، انشااللہ آہستہ آہستہ یہ سب چیزیں بھی ٹھیک ہوتی جائیں گی۔

    محمودخان کا مزید کہنا تھا جتنی بھی سہولیات دے رہے ہیں عوام کے لئے ہیں، ہم نے خیبرپختونخوا کے لوگوں کو سہولیات دینی ہیں۔

  • تمام جید علماء رویت ہلال کمیٹی پر متفق ہیں، دین آئین کے تابع نہیں، مفتی منیب الرحمٰن

    تمام جید علماء رویت ہلال کمیٹی پر متفق ہیں، دین آئین کے تابع نہیں، مفتی منیب الرحمٰن

    کراچی : رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ تمام جید علماء کرام کا رویت ہلال کمیٹی پر اتفاق ہے، کچھ وزراء علماء کرام اور حکومت میں خلیج پیدا کررہے ہیں، دین آئین کے تابع نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خظاب کرتے ہوئے کیا، مفتی منیب الرحمن نے خیبر پختوخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک میں انتشار پیدا کرنا نہیں چاہتے۔ وزیراعلیٰ کے پی مسجد قاسم علی خان کو پوراصوبہ نہ سمجھیں، کیا اس کے لئے پورا صوبہ خارج کریں گے؟

    پہلے بھی کے پپی میں کئی وزرائے اعلیٰ گزرے ہیں، محمود خان پہلے نہیں، پہلے وزرائےاعلیٰ نے کبھی چاند کی رویت کے معاملے پر ملکی سطح پر مذاق نہیں بنایا، جنرل فضل الحق جیسے وزیراعلیٰ نے بھی قوانین سے روگردانی نہیں کی تھی۔

    انہوں نے کہاکہ ماضی میں رویت ہلال کے مسئلہ پرعلماء کرام کو نظربند کیا گیا مگر دین کو نظربند نہیں کیا جاسکتا اس کی سربلندی قائم رہےگی۔ اٹھارہویں ترمیم ہو یا اٹھائسویں ترمیم سب دین کے تابع ہیں۔

    کچھ وزراء علماء کرام اورحکومت میں خلیج پیدا کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے پی شوکت یوسفزئی سن لیں کہ دین آئین کےتابع نہیں ہے، تمام جید علماء کرام کا رویت ہلال کمیٹی پر اتفاق ہے۔

    مفتی منیب الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ علماء کرام کے بغیر ملکی تاریخ میں کبھی کوئی تحریک کامیاب نہیں ہوئی، پاکستان میں علماء کہیں بھی حکومت کے خلاف مورچہ زن نہیں، ہم حکومت سے محاذآرائی نہیں چاہتے۔

    ملک کے تحفظ اور سلامتی کیلئے کھڑا ہونا چاہتے ہیں لیکن کچھ حکومتی وزرا حکومت اورعلماء کے درمیان خلیج پیدا کرکے غلط مثالیں قائم کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ قوم اور ملک کو ایک دیکھنا چاہتے ہیں لیکن دین کی قیمت پر ہرگز نہیں، پشاور کا شروع سے یہی وتیرہ رہا ہے۔

    28روزے رکھنے والے روز محشر کیا حساب دیں گے؟ہم قدم بہ قدم پاکستان کی تاریخ جانتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ جس کسی نے رمضان کا روزہ نہیں رکھا اس کا فدیہ نہیں قضا ہے۔

    جس جماعت کی وفاق میں حکومت ہے اس کی صوبائی سطح پرانحراف حیران کن ہے، پشاورمیں بعض مقامات، سوات میں وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع میں بھی کل عید ہوگی، ہم سروں کی گنتی نہیں کرائیں گے، تمام مکتبہ فکر کے علماء کو ایک جگہ جمع کریں گے۔

  • وزیراعظم کا ایک بار پھر اپنے دونوں وزرائے اعلیٰ پراعتماد کا اظہار

    وزیراعظم کا ایک بار پھر اپنے دونوں وزرائے اعلیٰ پراعتماد کا اظہار

    اسلام آباد : وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ایک بار پھر  اپنے دونوں وزرائے اعلیٰ پراعتماد کا اظہار کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی. وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کو ہٹانے کی افواہیں دم توڑ گئیں.

    اجلاس میں وزیر اعظم نے سردار عثمان بزدار اور محمود خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں.

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ اپنے فرائض نبھاتے رہیں اور کام جاری رکھیں. وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مثبت پالیسیاں اپنا رہے ہیں، ملک بحران سے نکل آئے گا.

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ کی ملاقات

    اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ حفیظ شیخ قابل آدمی اوردنیا کے بڑے اکانومسٹ ہیں، وزیراعظم نے ہیلتھ ایڈوائزرکو ادویات کی قیمتوں میں کمی کی ہدایت کردی.

    وزیراعظم عمران خان نے دوران اجلاس وزیر ریلوے شیخ رشید کے کردار کی تعریف کی اور انھیں سراہا.

    خیال رہے کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے بعد یہ افواہیں گردش میں تھیں کہ جلد پی ٹی آئی کے دونوں‌ وزرائے اعلیٰ بھی تبدیل کر دیے جائیں گے، البتہ اب اس افواہ نے دم توڑ دیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم 2019 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ داخلہ مہم کی تقریب ضم شدہ قبائلی ضلع خیبر کے شہید عبدالاعظم آفریدی ہائر سیکنڈری اسکول میں منعقد ہوئی.

    تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیاءاللہ بنگش اور مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل خان وزیر بھی موجود تھے۔

    وزیراعلیٰ نے داخلہ مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل25(اے) کے تحت 8سے لے کر16سال تک کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    اس سال داخلہ مہم میں آٹھ لاکھ بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کریں گے اور داخلہ مہم کا جائزہ لینے کے لئے خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کا خود دورہ کروں گا اوراس سلسلے میں ایجوکیشن آفسران سے باقاعدہ بریفنگ بھی لی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندگان، علاقہ مشیران اپنے اپنے علاقے میں تمام بچوں کا داخلہ یقینی بنائے اور محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ کے ساتھ مل کر اس قومی مہم کو کامیاب بنائیں، وزیر اعلی نے کہا کہ جن بچوں کے والدین ان کوسکول میں داخل نہیں کرواتے میں خود ان کو اسکول میں داخل کراؤں گا۔

    انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام کوہدایات جاری کیں کہ دور دراز علاقوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے اساتذہ کے لیے الاؤنس اور دیگر مراعات کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ اساتذہ اپنی ڈیوٹی احسن انداز میں سرانجام دے سکیں اور ڈیوٹی سے غفلت اور کوتاہی برتنے والوں کو قانون کے تحت قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کی تعمیر و ترقی کے لئے علاقے کے عوام کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جائیں گے اور قبائلی عوام کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔