Tag: cm punjab-buzdar

  • وزیراعظم کی ہاؤسنگ شعبے میں  کام کی پیشرفت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت

    وزیراعظم کی ہاؤسنگ شعبے میں کام کی پیشرفت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت

    لاہور : وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ترقیاتی منصوبوں،عوامی ریلیف کے عمل کو تیز کرنے اور ہاؤسنگ شعبے میں کام کی پیشرفت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےوزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ملاقات ہوئی ، جس میں عثمان بزدار نے صوبے کے انتظامی اور سیاسی معاملات سمیت قبضہ مافیا،جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن پر وزیراعظم کوبریفنگ دی اور رمضان ریلیف پیکج پر آگاہ کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں تمام اضلاع کےلئے ترقیاتی پیکیجزدیے جارہےہیں اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو خصوصی طورپرفوکس کیاجارہا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مہنگائی کےخاتمے کےلئےوزراکوبھی ٹاسک سونپےہیں، رمضان میں سستی اشیاکی فراہمی کیلئےپیکیج دےرہےہیں، رمضان میں عوام کو 2018کی قیمتوں پراشیاکی فراہمی کی جائےگی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ تعلیم،صحت،ہاؤسنگ سمیت اہم شعبوں میں اقدامات کیےجارہےہیں اور کورونا کےحوالے سےسینٹرزبناکر ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔

    وزیراعظم نے کورونا سے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی ترقیاتی منصوبوں،عوامی ریلیف کے عمل کو تیز کیا جائے اور ہاؤسنگ شعبےمیں کام کی پیشرفت پر کڑی نظر رکھی جائے۔

  • ‘پی ڈی ایم منہ کے بل جاگری ‘

    ‘پی ڈی ایم منہ کے بل جاگری ‘

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم منہ کے بل جاگری ہے، عوام کو دھوکا دینا اپوزیشن کا وتیرہ ہے لیکن اب ایسے نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سےتعلق رکھنے والے ایم پی ایز کی ملاقات ہوئی ، ملاقات کرنیوالوں میں میاں محمد اختر  حیات، چوہدری لیاقت علی، سلیم سرور جوڑا ، غلام علی اصغرخان، چوہدری افتخار حسین، احمد خان، امین اللہ خان ، مامون تارڑ اور محمد ارشد چوہدری شامل تھے۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور فلاح عامہ کے منصوبوں پربات چیت کی گئی ، اس موقع پر عثمان بزدار نے حلقوں کے مسائل ترجیحی  بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کومنتخب نمائندوں کے جائز کام میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا، منتخب نمائندوں کو پوراعزت واحترام ملے گا اور مسائل کے حل  کے لئے عوامی نمائندوں سےمشاورت کاسلسلہ جاری رکھوں گا، اراکین کی تجاویز کو اہمیت اور قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد ہوگا۔

    اپوزیشن کے حوالے سے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم کام کررہےہیں اوراپوزیشن شر پھیلا رہی ہے، پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا  ہے اور پی ڈی ایم منہ کے بل جاگری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سبزباغ دکھانے والوں نے عوام کو ہمیشہ دھوکا دیا، کسی الزام کی پرواہ نہیں، صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں، لوٹ مار کی منڈی لگانے والے مظلوم بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، عوام کودھوکا دینا اپوزیشن کا وتیرہ ہے لیکن اب ایسے نہیں ہوگا۔

  • ‘نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کے مطابق ہوگا’

    ‘نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کے مطابق ہوگا’

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کے مطابق ہوگا، پسماندہ شہروں کی قسمت بدلنے کا وقت آگیا ہے،عوام کی محرومیاں دورکرکے دم لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے چیچہ وطنی میں مختلف وفود کی ملاقاتیں ہوئیں ، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سبزی منڈی چیچہ وطنی کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کےمطابق ہوگا، وکلامیں سےہوں اور اپنی برادری کے مسائل خوب سمجھتا ہوں، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پرصحافی کالونی کے قیام پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کےعہدیدار اور کارکن عوام کی خدمت میں حکومت کاساتھ نبھائیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی کے وژن پر کار بند ہے، چیچہ وطنی اور ہڑپہ جیسے شہروں کوماضی میں نظر اندازکیا گیا، ہماری حکومت محروم شہروں میں ترقی لے کر آئے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پسماندہ شہروں کی قسمت بدلنے کا وقت آگیا ہے ، پنجاب کےہر شہر میں جاؤں گا اور عوام کے مسائل سنوں گا، عوام اور کارکنوں کی محبت میرا اثاثہ ہے، فراموش نہیں کرسکتا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چیچہ وطنی میں یونی ورسٹی کیمپس کےقیام کی تجویز کاجائزہ لیں گے،چیچہ وطنی سمیت تمام دور دراز علاقوں والوں کیلئے میرے دروازے کھلے ہیں، شفافیت ہمارا طرہ امتیاز ہے، ڈھائی سال میں کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، عوام کی محرومیاں دورکرکے دم لیں گے۔

  • ‘عمران خان کی صورت پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ‘

    ‘عمران خان کی صورت پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ‘

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صورت پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ہے، ڈھائی برس میں وہ کام کیے جو سابق حکومتیں برس ہابرس نہ کرسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام نےاپوزیشن کی بےمقصد جلسوں اورریلیوں کی منفی سیاست رد کردی ،اپوزیشن والے کبھی بھی اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دیں گے، استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عوامی مینڈیٹ کااحترام نہ کرکےجمہوری اقدارکی توہین کر رہی ہے، الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانو ں میں جھانکیں، مسترد عناصر محض سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نےعوام کی فلاح و بہبود کے کےعملی اقدامات کیےہیں، عمران خان کی صورت پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ہے، ڈھائی برس میں وہ کام کیےجو سابق حکومتیں برس ہابرس نہ کرسکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ون مین شوکاخاتمہ کیاہے اور ترقیاتی منصوبےعوامی نمائندوں کی مشاورت سے مکمل کیے جارہےہیں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کورونا سے صحت یابی پر اللہ کے شکر گزار، ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل

    وزیر اعلیٰ پنجاب کورونا سے صحت یابی پر اللہ کے شکر گزار، ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے صحت یابی پر اللہ اور عوام کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے صحت یابی پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا سے صحت یابی پر اللہ کا اور دعائیں کرنے پرعوام کی محبت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ہی میرا اوڑھنابچھونا ہے، محنت،جذبے اورعزم سےفلاح عامہ کاسفر جاری رکھیں گے، عوام سے اپیل ہے وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

    عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کورونا جان لیوا مرض ہے،احتیاطی تدابیرمیں ہی تحفظ ہے، کوروناکی دوسری لہر کے باعث صورتحال تشویشناک ہے ، شہری باہرنکلتے وقت ماسک پہننے کی پابندی پرعمل کریں۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ کورونا کے دوران بھی سرکاری امور نمٹاتا رہا، پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں، صحتیابی کے بعد مزید محنت اور جذبے سےعوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب اور غلام سرور کی پی ڈی ایم کی تخریبی سیاست کی پُرزور مذمت

    وزیراعلیٰ پنجاب اور غلام سرور کی پی ڈی ایم کی تخریبی سیاست کی پُرزور مذمت

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیرغلام سرورخان نے پی ڈی ایم کی تخریبی سیاست کی پُرزور مذمت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیرغلام سرورخان کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامور،حلقےکی ترقیاتی اسکیموں پرپیش رفت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں پی ڈی ایم کی تخریبی سیاست کی پرزورمذمت کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشارکی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے، افراتفری کی سیاست کاجواب عوام کی خدمت سے دیا اور دیتے رہیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ منفی سیاست کو22کروڑعوام مستردکرچکےہیں، پےدرپےناکامیوں کےبعدمخالفین کو نوشتہ دیوارپڑھ لیناچاہیے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں حقیقی ترقی کاسفرشروع ہوچکاہے، ترقی کاسفرتیزی سے جاری و ساری رہے گا، ترقی کاسفرروکنےکی کوشش کرنےوالےپہلےکی طرح ناکام رہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں دانستہ طور پر بعض علاقوں کو نظرانداز کیا گیا، ہماری حکومت نے یکساں ترقی کاوژن دیا، دیہات میں کھیت سے منڈی تک سڑکوں کی تعمیر سے خوشحالی آئے گی۔

    وفاقی وزیرغلام سرور خان نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں عدم استحکام چاہتی ہے، عوام کی حمایت سے اپوزیشن کے افراتفری پھیلانے کے عزائم ناکام بنائیں گے۔

  • پنجاب پولیس میں 5700 بھرتیوں کی منظوری

    پنجاب پولیس میں 5700 بھرتیوں کی منظوری

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب پولیس میں 5700 بھرتیوں کی منظوری دے دی اور تھانوں کواراضی کی منتقلی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین کے تحفظ کیلئے بنائی ویمن سیفٹی ایپلیکیشن اور ڈی ایچ اے میں ڈرائیونگ لائسنس سینٹر اور گلشن راوی پولیس سٹیشن کی نئی عمارت کا آن لائن افتتاح کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اورپولیس کے چاق و چوبند دستے نےسلامی دی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت نوتعمیر شدہ پولیس انوسٹی گیشن کمپلیکس کی عمارت میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں عثمان بزدار نے پولیس میں 5700 بھرتیوں کی منظوری دی اور گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کیلئے قانون سازی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیراعلی پنجاب نے 101 تھانوں کو اراضی کی منتقلی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پولیس افسران اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پولیس عوام کو بہترین سروس دے اور تمام وسائل مہیا کریں گے۔

    عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر پولیس افسر کو میرٹ پر کام کرنے کی آزادی میسر ہے، صوبے میں انوسٹی گیشن کے عمل کو مرکزی انوسٹی گیشن سینٹر سے مانیٹر کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پراسیکیوشن اور انوسٹی گیشن کے درمیان اشتراک کار کو بہتر بنایا جائے، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے معیاری انوسٹی گیشن بہت ضروری ہے، پہلی مرتبہ انوسٹی گیشن کیلئے ضرورت کے مطابق فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کی مشکلات اور پولیس میں رشوت کا خاتمہ ہو، ہم نے وسائل دیئے، پولیس اب کام کرکے دکھائے۔

  • وزیراعلی پنجاب نے کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کردیا

    وزیراعلی پنجاب نے کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کردیا

    لاہور : وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا ماسک اور سماجی فاصلے کو عادت بنا کر کوروناسے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے سے کورونا کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر احتیاط بے حد ضروری ہے۔

    وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال ناگزیر ہے۔ماسک اور سماجی فاصلے کو عادت بنا کر کوروناسے محفوظ رہا جاسکتا ہے، پنجاب میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 24گھنٹے میں کورونا کے دو مریض جاں بحق ہوئے اور کورونا کے115 نئے کیس سامنے آئے، صوبے میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد1814 ہے اور اب تک کورونا کے باعث 2245 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب تک کورونا کے 96 ہزار69مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، گزشتہ 24گھنٹے کے دوران10066 ٹیسٹ کئے گئے ، جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر تیرہ لاکھ 18ہزار 330کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا یوم عاشور پر سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان

    وزیراعلیٰ پنجاب کا یوم عاشور پر سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی امن و امان کو شاباشی دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی امن و امان کو شاباش دیتے ہوئے صوبے میں یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں نےامن وامان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے شبانہ روز محنت کی، لاہور سمیت ہر شہر میں امن عامہ کے بہترین انتظامات کیےگئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس،فوج، رینجرز، انتظامیہ سمیت پوری ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہے، متعلقہ اداروں، پولیس اور انتظامیہ نے پر امن فضا کو یقینی بنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ علمااوردیگر طبقات نےبھی یکجہتی کی فضا برقراررکھنے میں مثالی کردار اداکیا، آئندہ بھی جان و مال کے تحفظ کیلئےاسی جذبے اور عزم سے کام کرنا ہوگا۔

    خیال نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت پر ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا، یوم عاشور پر شہر شہر جلوس برآمد ہوئے، ماتمی جلوسوں میں عزاداروں نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے کربلا میں دی گئی اور عظیم قربانی پر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

  • شراب لائسنس اجرا کیس : وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نیب میں جواب جمع کرا دیا

    شراب لائسنس اجرا کیس : وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نیب میں جواب جمع کرا دیا

    لاہور : شراب لائسنس اجرا کیس میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نیب میں جواب جمع کرا دیا، جس میں کہا کہ شراب لائسنس کے اجراء میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شراب لائسنس اجرا کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 4 صفحات پر مشتمل نیب میں جواب جمع کرا دیا ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے وزیراعلیٰ کی طرف سے جواب جمع کرایا۔

    نیب کی جانب سے پوچھے گئے 17سوالوں کی روشنی میں جواب تیار کیا گیا، عثمان بزدار نے جواب میں کہا ہے کہ شراب لائسنس کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ، شراب لائسنس کے اجراء میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

    جواب میں کہا گیا کہ شراب کا لائسنس دینے کا اختیار ڈی جی ایکسائز کے پاس ہے ، شراب کے کل 11 لائسنس جاری ہوئے، 9 ڈی جی ایکسائز نے خود جاری کئے، 2000 اور 2001 میں گورنر نے لائسنس جاری کئے تھے۔

    عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈی جی ایکسائزاکرم گوندل کی لائسنس اجرا کی پہلی سمری اختیار نہ ہونے پر واپس کی، اکرم گوندل نے لائسنس جاری کرکے دوبارہ سمری وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بھجوائی۔

    جواب میں کہا گیا کہ پرنسپل سیکریٹری نےسمری متعلقہ فورم نہ ہونے پردوبارہ واپس بھجوادی، وزیر ایکسائزنےمتعلقہ ہوٹل کو شراب کالائسنس معطل کردیا جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے 2019میں ہوٹل لائسنس بحال کرنے کا حکم دیا، سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ بھی زیر التوا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے جواب میں کہا نجی ہوٹل کے لائسنس پر آج تک ایک بھی شراب کی بوتل فروخت نہیں ہوئی ، نجی ہوٹل نے لائسنس کو رینیو کرانے کے لیے بھی اپلائی کر رکھا ہے ، نیب انکوائری میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

    نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 18 اگست تک سوالات کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے جوابات کی روشنی میں ان کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے اگست کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شراب کےغیرقانونی لائسنس کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے ، نیب مشترکہ ٹیم نے عثمان بزدار سے ایک گھنٹہ 40 منٹ پوچھ گچھ کی۔

    نیب نےعثمان بزدارکو 12صفحات پر مشتمل پر فارما دیا تھا، جس میں عثمان بزدارسےتمام جائیدادوں کا ریکارڈ اور اہلحانہ کے نام جائیدادوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا تھا۔