Tag: CM Punjab

  • برطانوی ہائی کمشنر کی عثمان بزدار کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت

    برطانوی ہائی کمشنر کی عثمان بزدار کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت

    لاہور : برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے شاہی جوڑے کی شاندارمہمان نوازی پروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹرکرسچین ٹرنر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹرکرسچین کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کااظہار کیا۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعلقات کےفروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیم،صحت،سیاحت،صنعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ، کرسچین ٹرنر نے شاہی جوڑے کی شاندار مہمان نوازی پر عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پاکستان اوربرطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفرمیں اہم پارٹنر ہیں، سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کی قدر کرتے ہیں، پنجاب میں 10اسپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں۔

    عثمان بزدار نے اسپیشل اکنامک زونز میں برطانوی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں دیں گے اور سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کے حوالے سے آسانیاں پیدا کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے، صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے، شعبہ صحت میں نئی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی کیلئے بجٹ میں 35 فیصد فنڈز رکھے گئے ، پاکستان معاشی ترقی کے سفر پر ٹیک آف کر چکا ہے۔

    اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹرکرسچین ٹرنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا پہلی بار لاہور آیا ہوں، بلاشبہ لاہور ایک بہترین شہرہے، خواہش ہےانگلینڈکی کرکٹ ٹیم جلدپاکستان کادورہ کرے۔

    ڈاکٹرکرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربرطانیہ کےدرمیان بہترین تعلقات ہیں، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا بہت پوٹینشل ہے، پاکستان کیساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا پنجاب میں اسپیشل اکنامک زونزکاقیام زبردست منصوبہ ہے، اسپیشل اکنامک زونز میں تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لیں گے اور شعبہ سیاحت میں بھی پنجاب حکومت کی معاونت کریں گے جبکہ پنجاب حکومت کیساتھ سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔

  • وکلا کی ہنگامہ آرائی ، وزیراعلیٰ پنجاب  نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی

    وکلا کی ہنگامہ آرائی ، وزیراعلیٰ پنجاب نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی وکلا کی ہنگامہ آرائی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی اور ہنگامہ آرائی کرنے والے  وکلا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب انسی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وکلا کی ہنگامہ آرائی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے راجہ بشارت کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہیں، یاسمین راشد،آئی جی پی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری اسپیشلائزڈہیلتھ اینڈمیڈیکل ایجوکیشن کمیٹی میں شامل ہیں۔

    کمیٹی وکلا کی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرے گی اور ہنگامہ آرائی کرنے والے وکلا کا تعین کرے گی۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ہنگامہ آرائی کرنےوالوں کےخلاف بلاامتیازکارروائی ہوگی، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، اسپتال میں انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ ہوا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے ہنگامہ آرائی کرنے والے وکلا کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دے دیا۔

    بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا اسپتال میں ہنگامہ آرائی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، انتظامیہ کو قانون ہاتھ میں لینےوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی، پی آئی سی واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلا کی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور،سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ ایجوکیشن سےرپورٹ طلب کرلی تھی۔

    مزید پڑھیں : وکلا نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا

    یاد رہے ایک ویڈیو کے تنازع پر وکلا آپےسےباہرہوگئے ، وکلاء کی بڑی تعداد پنجاب انسی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کادروازہ کھواکراندرداخل ہوگئی اور توڑ پھوڑشروع کردی جبکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں تہس نہس کردیں گئیں۔

    حملہ آور وکلا نے آپریشن تھیٹرزکو بھی نہ بخشا، کشیدہ صورتحال کےباعث آپریشن رک گئے ، اس دوران 6 مریض جان کی بازی بھی ہار گئے، ہنگامہ آرائی کےآدھے گھنٹےتک پنجاب انتظامیہ لاپتہ رہی۔

    وزیرصحت یاسمین راشد پہنچیں لیکن وکلا نے ان سے مذاکرات سے انکار کردیا اور ایک گھنٹے بعد پولیس ایکشن میں آئی اور وکلاء کو منتشر کرنے کیلئے کارروائی شروع کی گئی۔

  • گنے کے کاشت کاروں کو محنت کا پورا معاوضہ ملے گا، سردار عثمان بزدار

    گنے کے کاشت کاروں کو محنت کا پورا معاوضہ ملے گا، سردار عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت گنے کے کاشت کاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا، کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے نہیں دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں گنے کی کرشنگ سیزن کے آغاز اور کاشت کاروں کو ادائیگیوں کے اقدامات کا جائزہ اور گنے کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گنے کی امدادی قیمت بڑھانے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت گنے کے کاشت کاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی، کاشت کاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا، ہم کاشتکاروں کے مفادات پرآنچ نہیں آنے دیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کاشت کاروں کے حقوق کا پہلے بھی تحفظ کیا ہے،آئندہ بھی کریں گے، کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے نہیں دیا جائے گا، گنے کے وزن میں کٹوتی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، وزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاتفریق ایکشن لیا جائے گا۔

  • عوام ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، عثمان بزدار

    عوام ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، عثمان بزدار

    لاہور : وزاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کو ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے، اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوام کی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق ادوار میں سیاست کے ساتھ ماحول کو بھی آلودہ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن سے سیاست کو اور بے ہنگم انفرااسٹرکچر سے ماحول کو گندا کیا گیا، عوام کو سیاسی اور ماحولیاتی کثافتوں سے نجات دلائیں گے، عوام کو ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے۔

    اپوزیشن جماعتون کی آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ مسترد سیاستدانوں کی بیٹھک ہے، سیاسی بے روزگار ذہن نشین رکھیں عوامی پذیرائی احتجاجی سیاست سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے ہی ملتی ہے۔ عوام کے مسترد شدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسموگ کی بڑی وجہ سابق ادوار میں درختوں کی بےدریغ کٹائی ہے، کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے، ماحولیاتی تحفظ، جنگلات میں اضافے کیلئے مؤثر اقدامات کررہے ہیں، نجی اور سرکاری اراضی پر شجر کاری کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

  • کسی کو بھی قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے، عثمان بزدار

    کسی کو بھی قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے، عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم سرکاری خزانے کے امین ہیں،کسی کو بھی قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجان اسمبلی کے اراکین سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبے کے مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔

    اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے ان کے مسائل کے حل کیلئے موقع پرہی متعلقہ حکام کوہدایات جاری کیں۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں نمائشی منصوبوں پر قومی خزانہ بے دریغ طریقے سے لٹایا گیا جبکہ ہماری حکومت نے سابق ادوار کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے، قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا ملک سے خیانت ہے۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں، کسی کو بھی قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے، اب عوام کا پیسہ عوام کی خدمت پر ہی خرچ ہوگا، حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے گی۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھکر میں تھل یونی ورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھکر میں تھل یونی ورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ضلع بھکر میں تھل یونی ورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی، جس سے بھکر اور گرد و نواح کےعلاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت میسر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے تھل یونی ورسٹی بھکر کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس یونی ورسٹی کے قیام سے بھکر کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق بھکر میں یونی ورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال پر مشتمل ہے، 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بھکر کو اراضی کی جلد نشان دہی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے تھل یونی ورسٹی کے قیام کے لیے بل کا مسودہ فی الفور تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے لیے تعلیم کے شعبے کی بہتری اوّلین ترجیح ہے۔

    یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ننکانہ صاحب میں بھی ایک یونی ورسٹی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے گزشتہ دنوں بابا گورو نانک یونی ورسٹی کے ماڈل کا معائنہ بھی کیا تھا، اس سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ بابا گورو نانک یونی ورسٹی کا منصوبہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، اس کی تعمیر پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی، وزیر اعظم عمران خان اس منصوبے کا افتتاح بھی کر چکے ہیں۔

  • محکمہ ایکسائز اینڈ  ٹیکسیشن عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھے، عثمان بزدار

    محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھے، عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے نمبر پلیٹس کے اجرا میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھے۔

    یہ بات انہوں نے محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اب باتیں نہیں صرف کام کرنا ہوگا، محکمانہ کارروائی میں وقت ضائع نہ کیا جائے، قواعد و ضوابط کے تحت فوری اقدامات کرتے ہوئے گاڑیوں کے نمبر پلیٹس کا اجراء یقینی بنائی جائے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ کسی بھی روز فرید کورٹ ہاؤس میں ایکسائز آفس کا اچانک دورہ کروں گا، اس کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی ایکسائز دفاتر کے اچانک دورے کیے جائیں گے۔

    انہوں نے ہدایت دی کہ عوام کی سہولت کیلئے ڈی وی آر ایس سسٹم جلد فعال کیا جائے، پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ اور وصولی کا بہتر میکانزم وضع کیا جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آزادی مارچ کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا تھا کہ اپوزیشن کا غیر جمہوری طرز عمل جگ ہنسائی کا سبب بن رہا ہے، اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا ہے، منفی سیاست سے ملک آگے نہیں بلکہ پیچھے چلا جاتا ہے، سیاسی قوتوں پر ذمےداری ہے کہ وہ قومی مفادات کو مقدم رکھیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مختصر عرصے میں پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جاچکی ہے، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو افراتفری کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔

  • جب ملک درست جانب گامزن ہوا ہے تو انہیں آزادی مارچ یاد آگیا،  عثمان بزدار

    جب ملک درست جانب گامزن ہوا ہے تو انہیں آزادی مارچ یاد آگیا، عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جب ملک درست جانب گامزن ہوا ہے تو انہیں آزادی مارچ یاد آگیا، انتشار کی سیاست ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے ایک جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے انتشار کی سیاست سے لاتعلق ہوکر حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات کے حل کیلئے بہترین فورم پارلیمنٹ ہے، سڑکیں نہیں،اپوزیشن کو سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام سیاسی خلفشارنہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، انتشارکی سیاست ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، ملک درست جانب گامزن ہوا ہےتو انہیں مارچ یاد آگیا،غیرجمہوری طرز عمل سے پاکستان کے بارے میں غلط پیغام جائے گا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ منتخب وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،کوئی ذی شعور ایسے غیر منطقی مطالبے کی حمایت نہیں کر سکتا، مارچ والے صرف مارچ کرتے ہی رہ جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ مسترد شدہ عناصر اپنی ناکامیوں کا بدلہ ترقی روک کر عوام سے لینے کے درپے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تبدیلی سے خائف عناصر کا منفی ایجنڈا ناکام رہے گا اور نان ایشوز پر سیاست کرنے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا، ملک و قوم کا وقت ضائع کرنے والوں کو اپنے دور میں لوٹے گئے قومی وسائل کا حساب دینا ہوگا۔

  • تیزگام ٹرین کاالمناک حادثہ ، وزیراعلیٰ پنجاب  نے تمام میٹنگز منسوخ کردیں

    تیزگام ٹرین کاالمناک حادثہ ، وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام میٹنگز منسوخ کردیں

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تیزگام ٹرین کے المناک حادثے کے پیش نظر تمام میٹنگزمنسوخ کردیں، وہ کچھ دیر میں لیاقت پور روانہ ہوں گے ، جہاں جائے حادثے کا دورہ اور زخمیوں کی عیادت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کے المناک حادثے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تمام میٹنگزمنسوخ کردیں ، وہ کچھ دیر میں لیاقت پور روانہ ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب جائے حادثے کا دورہ اور زخمیوں کی عیادت کریں گے جبکہ انھوں نے اپنا ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں کیلئےمختص کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوامدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ زخمی مسافروں کے علاج میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹرین حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوااور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    یاد رہے لیاقت پور کے قریب تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں تین بوگیوں میں سواردرجنوں مسافرزندہ جل گئے، 70 افرادکے جاں بحق ہونےکی تصدیق کردی گئی ہےجبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 70افراد جاں بحق

    حادثے کے بعد بہاولپور ملتان اوررحیم یارخان کےسرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،ایم ایس ڈی ایچ کیو لیاقت پورکےمطابق بارہ مسافروں کی حالت تشویشناک ہے،جاں بحق اورزخمی کی شناخت کی کوشش کررہے ہیں،چودہ لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

    ڈی سی او جنید اسلم کا کہنا ہے کہ متاثرہ تین بوگیوں میں دو سو سات مسافرسوارتھے،اکانومی کلاس کی دوبوگیاں امیرحسین اینڈ جماعت کے نام سے بک تھیں، اکانومی کی ایک بوگی میں77،دوسری میں 76مسافر سوار تھے،اکانومی کلاس کی بوگیوں میں مسافرزیادہ تر حیدرآباد سے سوارہوئے تھے جبکہ بزنس کلاس کی بوگی میں 54 مسافر سوار تھے۔

  • پنجاب کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    پنجاب کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    چکوال : وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہمی اولین ترجیح ہے، صوبے کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکوال میں صحت انصاف کارڈز کی تقریب تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سردارعثمان بزدارنے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سےتین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، اب تک 1لاکھ سے زائد شہری اس سہولت سے مستفید ہوچکے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہمی حکومت کے منشورکا حصہ ہے، صحت انصاف کارڈز سے شہری باآسانی اپنا علاج کسی بھی سرکاری یا پرائیویٹ ہسپتال سے مفت کرواسکیں گے۔

    کارڈ کے تحت7لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت برداشت کریگی، غریب اور مستحق افراد کے علاج معالجے کے لئے یہ ایک بہترین منصوبہ ہے، جہلم میں تین جبکہ چکوال میں چار لاکھ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلی نے دورہ چکوال اور جہلم کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جس میں انٹرٹینمنٹ اور پارک اور واٹر سپورٹس منصوبے شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ انہوں نے پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کے بی ایس بلاک کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا جبکہ دھارابی جھیل میں ریزاٹ اور رابطہ سڑک کا منصوبہ بھی شامل ہے۔