لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں انعقاد دہشت گردوں کے لیے ایک پیغام ہے، یہ فیصلہ تمام اداروں کی مشاورت سے کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے امریکا کے ڈپٹی چیف آف مشن جوناتھن پرٹ نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
جوناتھن پرٹ نے پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کرانا بہترین اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کا فیصلہ تمام اداروں کی مشاورت سے کیا گیا،فائنل میچ پاکستان کا میگا ایونٹ ہے،پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزم انتہائی مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائنل کا لاہور میں انعقاد بھی دہشت گردوں کے لیے ایک پیغام ہے، قائد کے پاکستان میں انتہا پسندانہ سوچ کی کوئی جگہ نہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیاں لازوال ہیں،توقع ہے کہ آئندہ دنوں پاک امریکا تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
راولپنڈی / لاہور : پتنگ بازی کے دوران گلے میں ڈور پھرنے سے راولپنڈی میں پیراں فقیراں اور سکستھ روڈ میں 2 موٹر سائیکل سوارجاں بحق ہوگئے، دیگر حادثات میں تیئس افراد زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صورتحال کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق منچلوں نے بسنت پر پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے، راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی حدود میں گلے پر دھاتی ڈورپھرنے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑگیا۔ تھا نہ صادق آباد کی حدود میں دوسرا اٹھارہ سال کا نوجوان دھاتی ڈورمیں کرنٹ دوڑنے سےلقمہ اجل بنا۔
اس کے علاوہ راولپنڈی میں ہی ایک اورواقعے میں راول روڈ پرگولی لگنے سے حسا س ادارے کے آفیسر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نوجوان کوبسنت کے موقع پر کی جانے والی فائرنگ کے دوران گولی لگی۔
پتنگ اڑانے کے دوران چھت سے گرنے سے 23 افراد زخمی ہوگئے۔ اس دوران چھتوں پرپتنگ بازی کے ساتھ اسلحے کا بھی کھلے عام استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے راولپنڈی میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کا سختی سے نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ نے ایکشن لیتے ہوئے اے ایس پی صدر راولپنڈی اورایس ایچ او صدرکو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات نا قابل برداشت ہیں۔
انہوں نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے پتنگ بازوں کیخلاف صوبے بھر میں سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا.
دونوجوانوں کی ہلاکت کے بعد راولپنڈی پولیس نے پتنگ فروشوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے پولیس نے کریک ڈاون میں دو سوسے زائد افرادکو حراست میں لے کرمقدمات درج کرلیے ہیں۔ گرفتار افراد سے 20 ہزارسے زائد پتنگیں اور پانچ سوڈوریں برآمد کی گئیں ہیں۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے صاف پانی کے حوالے سے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ صاف پانی پروگرام کاحتمی پلان ایک ہفتے میں پیش کیا جائے.
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا،اس موقع پر انہوں نے پینے کےصاف پانی کے پروگرام کی فزیبلٹی ،ماڈلزاوردیگرامورکاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے.
پینے کے صاف پانی کا پروگرام انتہائی اہمیت کاحامل ہے،پروگرام پرعملدرآمد میں بہت وقت ضائع ہوچکا ہے.
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت صاف پانی پروگرام کاحتمی پلان ایک ہفتے میں پیش کیا جائے،واٹرٹیسٹنگ اور سروے کا کام ہنگامی بنیادوں پرکیا جائے۔
چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے لئے متعدد نئی اسکیموں کی منظوری بھی دی تھی ، اس موقع پرانہوں نے کہا تھا کہ اضافی فنڈز کی فراہمی سے جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہورمیں دہشت گردی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، قانون نافذ کرنیوالےاداروں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، سیاسی جماعت کے سربراہ کا دہشت گردی سے متعلق بیان پڑھ کر دکھ ہوا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں چیئرنگ کراس دھماکے سے متعلق اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہبازشریف نے کہا کہ لاہور دھماکے میں 2 پولیس افسران سمیت 14 افراد شہید ہوئے، دہشت گردی میں ملوث مجرمان کی نشاندہی ہوگئی ہے، دہشت گردی کےخلاف پولیس کےاقدامات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیئرنگ کراس دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی جس کے بعد چیئرنگ کراس حملےمیں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار دہشت گرد انوارالحق نے خود کش بمبار کو جائے وقوعہ پر لانے کا اعتراف کر لیا ہے۔
سہولت کارانوارالحق کا تعلق باجوڑسے اور خود کش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے، خود کش حملے کی منصوبہ بندی بھی افغانستان میں ہوئی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کانیٹ ورک افغانستان سےکام کررہا ہے، ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی جانب سے دہشت گردی کے حوالے سے بیان پڑھ کر انتہائی دکھ ہوا، سیاسی جماعت کےسربراہ نے واقعے پر سیاست کو ترجیح دی، دہشت گردی پرپوائنٹ اسکورنگ سے گریزکرنا چاہیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ہمارا فوجی عدالتوں پر مؤقف بڑا واضح ہے، فوجی عدالتیں قائم ہونی چاہئیں، نوازلیگ فوجی عدالتوں میں توسیع کی حمایت کرتی ہے، فوجی عدالتوں سےدہشت گردوں کو سزائیں ملی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ اگر پنجاب میں سپرگرینڈ آپریشن کی ضرورت ہے تو کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے خون کےایک ایک قطرےکا بدلہ لیں گے،دہشت گرد پاکستانی قوم کو شکست نہیں دے سکتے، ہمارا عزم انٹیلی جینس کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
دہشت گردی کےخلاف جنگ ہماری بقا کا سوال ہے اوراس کا خاتمہ مشترکہ ہدف ہے، پریس کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کو لاہور میں دھماکے سے متعلق ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں دہشت گردوں کو موٹر سائیکل پر آتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
لاہور : ہارون آباد میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے رہنماشوکت بسراپرفائرنگ اور ان کے پی اے کی ہلاکت کا وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکریٹری اور سابق رکن صو بائی اسمبلی شوکت بسرا پر فائرنگ کیس کا وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔
آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید انکوائری کمیٹی کے سربراہ ہونگے جبکہ ایڈیشنل آئی جی کمپلینٹس، سی پی او پنجاب سید خرم علی اور ایس ایس پی اسپیشل برانچ پنجاب کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔
کمیٹی واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے حقائق اور وجوہات کا تعین کرے گی، کمیٹی کے مینڈیٹ میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ فائرنگ کے واقعہ کے ذمہ داروں کا بھی تعین کرے۔
کمیٹی اڑتا لیس گھنٹے میں تحقیقات مکمل کرکے وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کریگی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پنجاب کی تحصیل ہارون آباد میں پیپلز پارٹی کے کیمپ پر فائرنگ کے نتیجے میں شوکت بسرا زخمی اور ان سیکریٹری جاں بحق ہوگئے تھے۔
پیپلزپارٹی کےشریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کےرہنما شوکت بسرا پرفائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہےاور مطالبہ کیاہےکہ فائرنگ کرنے والوں کو گرفتارکیاجائے۔
پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے شوکت بسراپر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئےاسے کھلی دہشت گردی کہاہے۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رواں برس منصوبوں سے بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی، انہوں کہا کہ 2017 عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ثابت ہوگا.
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رواں سال کے حوالے سے عوام کو ایک مرتبہ پھر امید دلاتے ہوئے کہا کہ موجودہ سال عوام سےکئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے، انہوں نے کہا کہ 2017 میں توانائی کےمتعدد منصوبے مکمل ہوں گے.
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل سے ہی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ممکن ہوگا، منصوبے27ماہ کی ریکارڈمدت میں مکمل ہونے جارہے ہیں،
3600میگاواٹ گیس پاورمنصوبوں پرکام جاری ہے، گیس پاورپراجیکٹ سےحاصل بجلی صارفین کو سستی مہیا ہوگی.شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھرعوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ رواں برس منصوبوں سےبجلی کی پیداوارشروع ہوجائےگی، انہوں نے مزید کہا کہ ہم نےشفافیت کی مثال قائم کرکے 112 ارب روپے بچائیں ہیں.
یاد رہے گذشتہ سال بھی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف یہ دعوی کرچکے ہیں، اکتوبر 2016 میں انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلبا کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اگلے سال نہ صرف ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی بلکہ وافرمقدارمیں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی‘‘۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صاف پانی کی فراہمی کی ذمے داری حکومت کی ذمے داری ہے.
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرِصدارت صاف پانی سےمتعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام سے متعلق روڈ میپ کاجائزہ لیا گیا.
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کی 6 تحصیلوں سے کیا جا رہا ہے، بعد ازاں صاف پانی پروگرام کو مزید 31 تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا.
شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی کے پروگرام کوتیزی سے آگے بڑھانا ہے،کیونکہ صاف پانی بنیادی ضرورت اورہرشہری کاحق ہے، جس کی فراہمی کی ذمے داری حکومت کی ذمے داری ہے،انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فزیبلٹی، ڈیزائن اور پلاننگ کا کام جلد مکمل کیا جائے.
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ پروگرام پرحتمی روڈ میپ آئندہ چند روزمیں پیش کیا جائے۔
یاد رہے، گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں جنوبی پنجاب کے لئے متعدد نئی اسکیموں کی منظوری دی تھی، جس میں انہوں نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے کہا تھا کہ اضافی فنڈزکی فراہمی سے پنجاب کے جنوب میں ترقی و خوشحالی آئے گی.
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے لئے متعدد نئی اسکیموں کی منظوری دیدی ہے ، اس موقع پرانہوں نے کہا کہ اضافی فنڈز کی فراہمی سے جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منقعد ہوا ، جس میں انہوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام17-2016میں جاری منصوبوں پرپیشرفت کاجائزہ لیا.
اجلاس میں جنوبی پنجاب کے لئے متعدد نئی اسکیموں کی منظوری بھی دی گئی، جنوبی پنجاب میں اضافی فنڈزکی فراہمی سے ترقی و خوشحالی آئے گی ، صاف پانی پروگرام کاآغازجنوبی پنجاب کی6 تحصیلوں سے کیا جا رہا ہے.
دوران اجلاس وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ 550 ارب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے اسکیموں پرکام جاری ہے، کاشتکاروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بلا سود قرضوں کی فراہمی سے چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف ملا ہے.
یاد رہے کہ دو ماہ قبل پیپلزپارٹی کے سینئررہنما قمر زمان کائرہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اب تک جن جن اسکیموں کا اعلان کیا ہے وہ سب بری طرح ناکام ہو ئی ہیں، پنجاب کے حکمران کسان کے لیے جس پیکج کا اعلان کرتے ہیں وہ ان تک پہنچ ہی نہیں پاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی فصلیں جلانے پر مجبور ہیں.
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت غریب طلباء کو لیپ ٹاپ تو دے دے سکتی ہے، مگردریس گاہیں، اساتذہ ، کتابیں اور یونیفارم نہیں دے سکتی ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری اسکول مویشیوں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں.
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں مزید دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی گنجائش نہیں ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے ناسور کو نکیل ڈال دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں مزید دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی گنجائش نہیں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانی جانیں قربان کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے ناسور کو نکیل ڈال دی ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر سے کہا کہ تحمل، برداشت، روا داری پر مبنی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے نیشنل ایکش پلان پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات بار آورثابت ہو رہے ہیں۔
موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کا کرپشن کے خلاف واویلا، چور مچائے شور کے مترداف ہے۔ ناکام سیاستدان بے بنیاد الزامات کا ڈھول پیٹ رہے ہیں۔ عوام ناکام سیاستدانوں کو ملک کی قسمت کھوٹی نہیں کرنے دیں گے۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترقی میں رخنہ ڈالنے والوں کی منفی سیاست کا لاک ڈاؤن ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے طلال چوہدری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے،جبکہ جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں بھی شکست ہوگی۔
اس موقع پرشہبازشریف کا کہناتھاکہ ترقی کاسلسلہ روکنے کی سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکامی سے دوچار ہوئے اور آئندہ بھی ناکام ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے شکست خوردہ عناصر کو ہر موقع پر رد کیا ہے۔
بعداذاں رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پرتنقیدکرنیوالےترقی،خوشحالی کےدشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں کوعوام کی محرومیوں کاخاتمہ برداشت نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مخالفیں کی زبانیں اورنج لائن منصوبےکی تکمیل پربند ہو جائینگی۔ رکن قومی اسمبلی سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوامی خدمت کےریکارڈقائم کریں گے۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہناتھاکہ پاکستان کے عوام مسائل کا حل اور ملک کی ترقی چاپتے ہیں،عوام نے الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کومسترد کردیا ہے۔
واضح رہےکہ شہباز شریف نے کہاتھا ذاتی مفادات کےلیے قوم کو تقسیم کرنےوالوں کو ناکامی ہوئی،تبدیلی صرف نعروں اور تقریروں سے نہیں عملی اقدامات سے آتی ہے۔