لاہور : وزیر اعظم شہباز شریف کی تاجروں سے خطاب پر پی ٹی آئی نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ مافیاز کا سہولت کار کس منہ سے تاجروں کو لیکچرز دے رہا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اقتصادی ڈھانچہ برباد کرنے والا مجرم کس منہ سے تاجروں کو لیکچرز دے رہا ہے، ان لوگوں کا کارنامہ 6فیصد سے ترقی کرتی معیشت کو 0.3فیصد تک گرانا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جب پاکستان کی تباہی کی داستان لکھی جائے گی تو اس شخص کا نام سرِفہرست ہوگا، فراڈیوں کے ہاتھ میں معیشت قومی نوعیت کا جرم ہے، اس مجرم کی ناک کے نیچے گاڑیاں بنانے والے کارخانے بند ہوئے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ آج تیل کی تجارت کرنے والی کمپنیاں اپنے شیئرز بیچ رہی ہیں، مافیاز کے سہولت کار نے ان 15ماہ میں درآمدات کا جنازہ نکال دیا، مافیاز کے سہولت کار نے ملک کو قرضوں کے انبار تلے دفن کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو مٹی میں ملادیا گیا، مہارت کے حامل 12لاکھ پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، آج یہ حال ہے کہ ملک میں شدید گرم موسم میں گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ اس جھوٹے شخص کے دعوؤں کی نفی ہے، یہ شخص ملک بھر میں پی ٹی آئی کے لوگوں کے کاروبار بند کروا رہا ہے،
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ لاکھوں پاکستانیوں سے ان کا روزگار چھینا جارہا ہے، اس مجرم اور حواریوں کا یوم حساب قریب ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف لاہور چیمبر آف کامرس کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو چلانا ہے تو سب کو محبت سے مل کر چلنا ہوگا، حالات کا تقاضہ ہے تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی ہوئی جس سے مشکلات پیدا ہوئیں، سب کی مشترکہ کوششوں سے پروگرام دوبارہ بحال ہوا ہے۔