Tag: CM sindh qaim ali shah

  • سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، سید قائم علی شاہ

    سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، سید قائم علی شاہ

    خیرپور: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کچھ کالعدم تنظمیں داعش کا نام لیکر سندھ میں خوف پھیلانا چاہتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار سید قائم علی شاہ نے خیرپور میں مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کے اکیڈمکس ڈپارٹمنٹ کی نئی بننے والی بلڈنگ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، کراچی میں امن کیلئے جو کچھ کیا وہ عوام کے سامنے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے پیار محبت کےساتھ معاملات حل کرنا چاہتے ہیں۔

    وفاقی حکومت سے سندھ کے حقوق پر سودے بازی نہیں کریں گے ، ان کا کہنا تھا کہ ادویات پر ٹیکس لگا کر وفاقی حکومت نے بڑی زیادتی کی ہم اس کو برداشت نہیں کرینگے۔

    سندھ کے حقوق کے لئے پوری طرح لڑیں گے ، تقریب کے دوران وڈے سائیں حسب معمول سوگئے اور خوب نیند کے مزے لیتے رہے جبکہ وڈے سائیں کو مہران انجنیئرنگ کالج کے پرو وائس چانسلر کی تقریر بھی نہ جگا سکی۔

    اس سے قبل وڈے سائیں اپنے لاؤ لشکر کے ہمراہ وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ مہران انجنیئرنگ کالج پہنچے، وی آئی پی پروٹوکول سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا

    یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی سندھ میں داعش کے وجود کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔

  • سندھ پولیس بالخصوص اسپیشل برانچ کی کارکردگی بہتر بنائی جائے، قائم علی شاہ

    سندھ پولیس بالخصوص اسپیشل برانچ کی کارکردگی بہتر بنائی جائے، قائم علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہے اور ہم قومی جوش و جذبے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

    اس حوالے سے سندھ پولیس اور بالخصوص اسپیشل برانچ اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارکردگی قابل ذکر ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ان دونوں محکموں کو مزید مستحکم اور موثر بنانے کے لئے نئے سرے سے پالیسی مرتب کی جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاوٴس میں اسپیشل برانچ اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو نئے سرے سے مستحکم کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اے ڈی خواجہ، آئی جی پولیس سندھ غلام حیدر جمالی، ایڈیشنل آئی جی کاوٴنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی ودیگر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔

  • وزیراعلی سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر

    وزیراعلی سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر

    کراچی : ملیربار ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کےدوران وزیراعلی قائم علی شاہ کے ایک جملے پر ان کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں جمع کر ادی گئیں۔

    درخواست گزاروں نے اس جملے کو قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے قائم علی شاہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرادیں ۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے انصاف کے علم برداروں کے لئے نازیبا الفاظ اختیار کئے، جو توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں، ان کے اس جملے کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ توہین عدالت کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ کو کام کرنے سے روکا جائے۔

  • رینجرز کے اختیارات میں ساٹھ روز کی توسیع کی سمری وفاق کو ارسال

    رینجرز کے اختیارات میں ساٹھ روز کی توسیع کی سمری وفاق کو ارسال

    کراچی : سید قائم علی شاہ نے رینجرز اختیارات میں ساٹھ روز توسیع کی سمری منظور کرکے وفاق کو ارسال کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چار شرائط کےساتھ کراچی میں رینجرزکے خصوصی اختیارات کی سمری ساٹھ روزکیلئے منظور کرلی گئی۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں ساٹھ روز توسیع کی سمری وفاق کو ارسال کردی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا، ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق قائم علی شاہ کی منظوری کے بعد رینجرز کو دوماہ کیلئے دہشت گردی فرقہ ورانہ قتل، ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کے ملزمان کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی اختیارات حاصل ہوں گے۔

    وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط کے مطابق اختیارات میں توسیع چھ دسمبر سے دی گئی ہے۔اختیارات سے متعلق سمری کو سندھ اسمبلی سے منظوری کے بعد وفاق کو ارسال کردی گئی ہے۔تاہم وفاق کواختیارات مشروط کرنےپر حکومت سندھ کی سمری پرتحفظات ہیں۔

  • آصف زرداری نے قائم علی شاہ کو دبئی طلب کرلیا

    آصف زرداری نے قائم علی شاہ کو دبئی طلب کرلیا

    دبئی : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے اہم میٹنگ کیلئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت دیگررہنماؤں کو دبئی طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو فوری طور پر دبئی طلب کیا ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ آج دوپہر دبئی روانہ ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور وزیراعلی سندھ کی ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال،حکومتی امورپرگفتگو کی جائے گی جبکہ وزیرِاعلیٰ سندھ  ڈاکٹر عاصم حُسین کی گر فتاری بعد سے اب تک کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

    دوسری جانب سابق صدر نے فاروق ایچ نائیک ، فریال تالپور اور وزیرِداخلہ سندھ سہیل انورسیال کو بھی دبئی طلب کیا ہے، ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال اوربلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پربھی بات ہوگی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم نے 10 ستمبر کو ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے ، جس میں آرمی چیف سمیت، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہونگے۔

    یاد رہے کہ جب سےسندھ میں کرپٹ افراد کیخلاف مہم کا آغاز ہوا ہے، پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اپنا آپریشنل ہیڈکوارٹر د بئی کوبنالیا ہے، جہاں آصف زرداری بذات خود موجود ہیں ۔

    دوسری جانب ڈاکٹر عاصم کے بارے میں یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ اُنہوں نے اپنی رہائی کے عوض سیکورٹی اداروں کو ایک خطیر رقم قومی خزانےمیں جمع کرانے کی پیشکش کی ہے۔

  • بلاول ہاؤس میں بھی کرمنل ہو تو رینجرز کارروائی کرسکتی ہے، وزیرِاعلیٰ سندھ

    بلاول ہاؤس میں بھی کرمنل ہو تو رینجرز کارروائی کرسکتی ہے، وزیرِاعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ عبدالرشید گوڈیل پر حملے کے حقائق جلد سامنے لے آئیں گے، بلاول ہاؤس میں بھی کرمنل ہو تو رینجرز کارروائی کر سکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ رشید گوڈیل حملہ کیس جلد حل کرلیا جائے گا،  ایک سوال پر سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ کراچی آپریشن کے با اختیار کپتان ہیں، قمر منصور کی نائن زیرو سےگرفتاری کا دوسرے روز معلوم ہوا۔

      انہوں نے کہا کہ بلاول ہاؤس میں بھی کرمنل ہو تو رینجرز کارروائی کر سکتی ہے، کراچی آپریشن پر نگراں کمیٹی کی ضرورت نہیں۔

    قائم علی شاہ نے کہا کہ ایف آئی اے نے سندھ پر حملہ کیا ہے۔ نیب اور ایف آئی اے کے کردار پر اعتراض ہے۔

  • امن کیلئےرینجرزکی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وزیراعلی سندھ

    امن کیلئےرینجرزکی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وزیراعلی سندھ

    کراچی: وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نےوفاق اور سندھ میں تناؤکی خبروں کی تردیدکرتے ہوئے رینجرز کیلئے تعریفی کلمات کی بھرمار کر دی۔

    ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا کی وارداتوں کے خلاف رینجرزکی خدمات ناقابل فراموش ہیں،وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نےرینجرز آپریشن کی کامیابیوں کا برملا اعتراف کرلیا۔

    سندھ کے وزیراعلیٰ کہتے ہیں حکومت سندھ کی وفاق،رینجرزاورفوج سے بہت اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہے،سندھ اوروفاق کے درمیان تناؤٴکی خبریں بے بنیادہیں۔

    قائم علی شاہ نے کہاپاک فوج نے جنرل راحیل شریف کی قیادت میں دہشتگردی کیخلاف عظیم کامیابیاں حاصل کیں، وزیراعلیٰ سندھ کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ سیاسی کشمکش کی تنی رسی بنا ہوا ہے۔ اب وزیراعلیٰ کے بیان میں فوج اور رینجرز دونوں کی دل کھول کر تعریف کی گئی ہے۔

  • ذوالفقار مرز ا نے جو کیا اس کا فیصلہ عدالت کرے گی ، وزیرا علیٰ سندھ

    ذوالفقار مرز ا نے جو کیا اس کا فیصلہ عدالت کرے گی ، وزیرا علیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے ک کوئی فرد قانون سے بالا تر نہیں، ذوالفقار مرزا نے جو کچھ کیا اس کا فیصلہ انسداد دہشتگردی کی عدالت کرے گی،جتنی قربانی آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کیلئے دی کسی رہنما نے نہیں دی ۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی پرہرصورت عمل کیاجائےگا، انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں کلاشنکوف سےلوگوں کوہراساں نہیں کرتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری پرغلط الزامات لگائے،ماضی میں بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو اورمحترمہ پر بھی الزامات لگائے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ ذوالفقارمرزامعلوم نہیں کس کی ایماپرالزامات لگارہے ہیں،قائم علی شاہ نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو ذوالفقارمرزاپر بہت غصہ ہے، انہیں عدالت کاسہاراپہلے لیناچاہیےتھا۔

     وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کوچادراورچاردیواری کےاحترام کی ہدایت کی گئی تھی،انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کیخلاف مقدمات کا فیصلہ اب انسدادہشت گردی عدالت کریگی۔

    قائم علی شاہ نے کہا کہ آصف زرداری ایک فردنہیں ادارہ ہیں، وہ اور پیپلزپارٹی ایک ہیں، انکا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کیلئے جتنی قربانی آصف زرداری نے کسی لیڈ ر نے نہیں دی۔

  • زرداری کی تحریری یقین دہانی تک معاہدہ نہیں ہوگا، الطاف حسین

    زرداری کی تحریری یقین دہانی تک معاہدہ نہیں ہوگا، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی تحریری یقین دہانی تک سندھ حکومت سے کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے لندن سے جاری اپنے بیان میں کہی، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ  ماضی میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے معاہدہ کرکے ایم کیو ایم نے سبق حاصل کرلیاہے،

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے مذاکرات صرف خانہ پری کے لئے ہونگے ، اصل مذاکرات تو سابق صدر زرداری کی تحریری یقین دہانی کے بعد انہی سے ہونگے۔

    الطاف حسین نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار کو ٹیلی فون کیا تاہم ان سے بات نہیں ہوسکی۔

  • نائن زیرو آپریشن پر تحقیقاتی ٹیم قائم کر دی گئی ہے، وزیراعلی سندھ

    نائن زیرو آپریشن پر تحقیقاتی ٹیم قائم کر دی گئی ہے، وزیراعلی سندھ

    کراچی: وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، نائن زیرو آپریشن پر تحقیقاتی ٹیم قائم کر دی گئی ہے ۔
    سعید آباد پولیس سینٹر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ نائن زیرو سے گرفتار افراد کا کیس عدالت میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نائن زیرو سے گرفتار افراد کا ریمانڈ پولیس نےعدالت سے لے لیا، مزید کاروائی بھی قانون کے تحت ہوگی، پولیس اور رینجرز کراچی سمیت سندھ میں جرائم کے خلاف قابل فخر اقدامات کر رہی ہے۔

    وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری،اغوا برائے تاوان اور دہشت گردی کورینجرز اور پولیس نے کنٹرول کیا ہے۔

    قائم علی شاہ نے دہشت گردی کے خلاف وفاق کے تعاون اور پولیس رینجرز کی قربانیوں کو سراہا۔

    وزیرِاعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے جرائم پیشہ افراد کے خاتمے کے لئے آپریشن ایم کیو ایم کی مشاورت سے شروع کیا جب کہ پولیس اور رینجرز شہر قائد سمیت صوبے بھر میں جرائم کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں۔

    پولیس کی 87ویں پاسنگ آوٴٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس اوررینجرز نے کراچی سمیت صوبے بھر میں مل کر بہت کام کیا، جس کی وجہ سے کراچی سے کشمور تک اغوا برائے تاوان کا ایک بھی کیس موجود نہیں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان کے خلاف پولیس اور رینجرز مل کرکام کریں اورکراچی سمیت صوبے بھر سے جرائم کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان کا مسئلہ ملک بھر میں ہے جب کہ کراچی میں کئی سالوں سے حالات خراب ہیں تاہم عوام کو ہماری حکومت سے بہت سی توقعات ہیں اور سندھ حکومت شہرقائد میں قیام امن کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔

    وزیرِاعلی سندھ کا کہنا تھا کہ آرمی کے ریٹائرڈ کرنلز سے پولیس جوانوں کی تربیت کرائی جارہی ہے تاکہ کسی بھی سنگین صورتحال سے با آسانی نمٹا جا سکے جب کہ پولیس کو اپ ڈیٹ کرنا اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل تھا، جس کے پیش نظر پولیس ملازمین کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرتے ہوئے رواں سال پولیس بجٹ 60 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

    پولیس شہدا کے معاوضے سے متعلق وزیراعلی سندھ نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین کے لئے معاوضہ 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر20 لاکھ روپے کردیا گیا ہے۔