Tag: CM sindh

  • سندھ میں رواں برس ڈینگی کے 15 ہزار 521 کیسز رپورٹ

    سندھ میں رواں برس ڈینگی کے 15 ہزار 521 کیسز رپورٹ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ڈینگی کنٹرول اقدامات پر اجلاس کے دوران انہیں بتایا گیا کہ رواں سال سندھ میں ڈینگی کے 15 ہزار 521 کیسز رپورٹ جبکہ 42 اموات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ڈینگی کنٹرول اقدامات پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ سنہ 2019 میں سندھ میں ڈینگی کے 15 ہزار 521 کیس رپورٹ ہوئے۔

    بریفنگ کے مطابق 14 ہزار 443 کیسز کراچی اور 1 ہزار 78 دیگر اضلاع میں رپورٹ ہوئے۔ 42 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کر گئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ پورے ملک میں ڈینگی پھیل گیا ہے، اب تک ڈینگی کے 52 ہزار 476 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے دریافت کیا کہ کس اضلاع کے کون سے اور کتنے مریض آئے اور کتنی اموات ہوئیں؟ جب تک ریسرچ بیسڈ کام نہیں ہوگا عوام کو کیسے آگاہ کریں گے۔ ڈیٹا صرف اسپتالوں سے نہیں بلکہ لیبز سے بھی حاصل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر بیماری پھیلنے کے بعد اقدامات ہوں گے تو نقصان تو ہوچکا ہوگا۔ ہمیں نقصان کو روکنا ہے، عوام کی زندگیوں کو بچانا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق رواں سال ملک بھر میں ڈینگی کے 50 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، سب سے زیادہ 13 ہزار 654 ڈینگی کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے۔

    وفاقی دارالحکومت سے بھی رواں برس 13 ہزار 200 کیس سامنے آچکے ہیں۔ پنجاب سے 9 ہزار 890 اور بلوچستان سے 3 ہزار 217 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔

    خیبر پختونخوا سے 7 ہزار 21 جبکہ قبائلی اضلاع سے 780 کیس رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح آزاد کشمیر سے بھی رواں برس 16 سو 91 ڈینگی کیسز کی خبر ملی، گلگت بلتستان سے ڈینگی وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

    رواں برس سندھ میں رواں سال ڈینگی کے باعث 42 اموات ہوئیں، وفاقی دارالحکومت میں 22، پنجاب میں 20، بلوچستان میں 3 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

  • ٹارگٹ کلر کے بیان کے بعد آئی جی اور وزیراعلیٰ سندھ کے اختلافات میں شدت

    ٹارگٹ کلر کے بیان کے بعد آئی جی اور وزیراعلیٰ سندھ کے اختلافات میں شدت

    کراچی : ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کے وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف بیان کے بعد خفیہ انکوائری کا سلسلہ بھی جاری ہے، آئی جی اور وزیراعلیٰ سندھ کے اختلافات میں مزید شدت آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف ایم کیو ایم لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کے بیان کا معاملہ شدت اختیار کرگیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پرخفیہ انکوائری کا سلسلہ بھی جاری ہے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا نام مبینہ ٹارگٹ کلر نے کیوں اور کس کے کہنے پر لیا گیا؟

    تحقیقاتی ٹیم ٹارگٹ کلر کے میڈیا بیان پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے، تحقیقاتی کمیٹی نے ٹھیلے والے کو گرفتار کرنے والی پولیس پارٹی سے بیانات لیے۔

    اس کے علاوہ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر سے بھی سوالات کیے گئے، ٹھیلے والے کا انٹرویو ریکارڈ کرنے والے صحافی سے بھی تفصیلات لی گئیں، ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے دو روز تک تحقیقات کیں۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ میں پہلے ہی اختلافات تھے، مبینہ ٹارگٹ کلر کے اس بیان کے بعد اختلافات میں مزید شدت آئی ہے۔

    مزید پڑھیں : مراد علی شاہ نے مجھ سے کہا تم کو دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے، ٹارگٹ کلر کا انکشاف

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کی گرفتاری کے بعد اس کا ایک اور ویڈیو بیان سامنے آیا تھا۔

    ملزم نے بتایا تھا کہ جس دن گرفتاری ظاہر کی گئی اسی دن وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مجھ سے ملنے بھی آئے تھے، انہوں نے مجھ سے کہا کہ تم دنیا کی نظر میں مر چکے ہو، اب تمہیں دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے۔

  • سندھ اور وفاق کا انسداد نارکوٹکس پر سمجھوتا نہ کرنے کا فیصلہ

    سندھ اور وفاق کا انسداد نارکوٹکس پر سمجھوتا نہ کرنے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ اور وفاق نے ملک میں انسداد نارکوٹکس پر سمجھوتا نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ہر قسم کی نارکوٹکس کو کنٹرول کرنے اور منشیات کے عادی لوگوں کی بحالی کے کام کو مزید بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر وزیر سیفران شہریار آفریدی بھی موجود تھے۔

    اس اہم اجلاس میں وفاقی وزیر سیفران شہریار آفریدی، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ، صوبائی وزیر نارکوٹکس مکیش کمارچاولہ ، وزیراعلیٰ کےمشیرمرتضیٰ وہاب،ڈی جی میری ٹائم سیکورٹی،چیف کلکٹر کسٹمز، ڈپٹی ڈی جی کوسٹ گارڈ ،آئی جی سندھ ، سیکریٹری داخلہ ،کمشنر کراچی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی ،سیکریٹری ایکسائز اینڈنارکوٹکس، اور ڈپٹی ڈی جی رینجرز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ہر قسم کی نارکوٹکس کوکنٹرول کرنے اور منشیات کے عادی لوگوں کی بحالی کے کام کو مزید بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ نےگٹکےپرپابندی لگائی ہے، ہر قسم کی نارکوٹکس کی فروخت کیخلاف سخت اقدام اٹھایا، آئس ڈرگ کو مکمل طورپر کنٹرول کیا گیا ہے ، آئس ڈرگ اسکولز تک پہنچ گئی تھی جوکہ خطرناک تھا، آئس ڈرگ اسکول تک پہنچنے کی وجہ سے گرفتاریاں کی گئیں، ہم اپنے مستقبل کےمعماروں کومحفوظ رکھناچاہتےہیں۔

    وزیرسیفران شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ انسدادنارکوٹکس پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، منسٹری آف نارکوٹکس سندھ حکومت سےتعاون کرے گی ، سکھر اور کراچی میں منسٹر آف نارکوٹکس کےسینٹرزہیں۔

    چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ نے بتایا کہ منشیات ملک میں نہیں بن رہی،باہرسےآ رہی ہیں، ہمیں منشیات کوسرحد پرروکنا ہوگا۔

  • احتجاج سب کا حق ہے، آزادی مارچ والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، مراد علی شاہ

    احتجاج سب کا حق ہے، آزادی مارچ والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آزادی مارچ اور احتجاج سب کاحق ہے، جے یو آئی والے رابطہ کریں گے تو ان کے ساتھ بھرپور تعاون اور سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگاہ شاہ عبداللطیف بھٹائی پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ آزادی مارچ کا سندھ سے روٹ اور پلان نہیں ملا، جے یو آئی والے رابطہ کریں گے تو ان کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ اور احتجاج سب کاحق ہے ہم ان کو نہیں روکیں گے، آزادی مارچ والوں کو سندھ میں تعاون کے ساتھ گزرنے دیں گے، پرامن احتجاج کسی کا بھی حق ہے، ہم نہیں روک سکتے۔

    بلاول بھٹو بتا چکے ہیں ہمارے آزادی مارچ کے کیا اصول ہوں گے، کوشش کریں گے کہ لوگوں کو کم سے کم زحمت کا سامنا کرنا پڑے، ہم کسی کاجمہوری حق نہیں روک سکتے۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں دیا جا رہا، کے فور کے حوالے سے تیرہ ماہ قبل وزیر اعظم کراچی آئے تھے، کےفور منصوبے پر اس وقت ایک معزز شخص نے کہا تھا کہ یہ غلط بنا ہوا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ روٹ ہم نے نہیں بنایا تھا ،اس پر مجھے بھی اس وقت تحفظات تھے، کراچی کو پانی فراہم کرنا بہت ضروری ہے، جس کیلئے متبادل کام کرلیا ہے، پانی کیلئے کے فور کا کیا مسئلہ ہے یہ بھی بتا دیا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ جامشورو سیہون روڈ وفاق نے اس شرط پر منظور کیا کہ آدھے پیسے سندھ حکومت دے گی، ہم نے آدھے پیسے بھی دے دیئے اس کے باوجود صورتحال دیکھی جا سکتی ہے، حلیم عادل شیخ کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیئے۔

  • مجھےصفائی چاہیے، سوئپر بھرتی کرنا ایس ایس ڈبلیو ایم اے کا کام ہے، وزیراعلیٰ‌ سندھ

    مجھےصفائی چاہیے، سوئپر بھرتی کرنا ایس ایس ڈبلیو ایم اے کا کام ہے، وزیراعلیٰ‌ سندھ

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایس بی سی اے کے ملبہ کی ریگولرائزیشن کے اقدامات کررہے ہیں، قانونی تعمیرات کا ملبہ اٹھانے تعمیر کرنے والے کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں صفائی مہم سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے کے پاس صفائی کا اسٹاف نہیں ہے اور تین ہزار ڈسٹ بن کی ضلع جنوبی میں قلت ہے۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جی ٹی ایس سے 25 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جارہا ہے، محمودآباد کی جی ٹی ایس سےکچرا اٹھالیا ہےاب اُس کو بند کررہے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 6 ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائٹ پہنچا چکے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 2362 صفائی کا عملہ برخاست کیا جاچکا ہے صرف 100 ورکر کام کررہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ اجلاس میں کہنا تھا کہ ہم مہینے کی مہم کے آخری ہفتے میں جارہے ہیں، چاہتا ہوں اس مہینے کے اختتام تک صفائی کا کام برقرار رہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھےصفائی چاہیے، سوئپربھرتی کرنا ایس ایس ڈبلیو ایم اے کا کام ہے اگر چینی کام نہیں کررہےتوایکشن لیں، مجھے صفائی نظرآنی چاہیے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تعمیرات ہرصورت بند کی جائیں اور قانونی تعمیرات کا ملبہ تعمیر کرنےوالا خود اٹھائے۔

  • بارش کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ، مکینوں کی شکایات کا ازالہ

    بارش کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ، مکینوں کی شکایات کا ازالہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شہر میں حالیہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں پہنچے، علاقہ مکینوں نے کچرا کی بہتات پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارش کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبائی وزرا کے ہمراہ گارڈن پہنچے۔

    اس موقع پر گارڈن ایسٹ کے مکینوں نے شکایات کے انبار لگادیئے ، مکینون نے ان سے ایک خالی پلاٹ پر کئی سالوں سے کچرے کی موجودگی کا شکوہ کیا۔

    علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ کچرے کی وجہ سے علاقے میں بدبو، مچھر اور موذی بیماریاں پھیل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے مکینوں کی شکایات کو غور سے سنا اور ڈی سی کو فوری طور پر مذکورہ مقام سے کچرا اٹھوانے کی ہدایت دی۔

    اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین دن سے کچرا اٹھا رہے ہیں لیکن کچرا کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

    علاقہ مکینوں نے خالی پلاٹ کو کچرا کنڈی بنایا ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے علاقہ مکینوں کو مناسب جگہ پر کچرا کنڈی بنا کر دینے کی ہدایت بھی دی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ دیگر افسران کے ساتھ ضلع ایسٹ کی جانب روانہ ہوگئے۔

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کراچی میں30روزہ صفائی مہم کی نگرانی کیلئے18 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی ہے، کابینہ ارکان پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی صفائی مہم کی نگرانی کرے گی۔

  • وزیراعلیٰ سندھ نے صفائی مہم کی نگرانی کیلئے18رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی

    وزیراعلیٰ سندھ نے صفائی مہم کی نگرانی کیلئے18رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ نے 30روزہ کلین مائی کراچی مہم کی نگرانی کیلئے 18رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی اور کابینہ ارکان ٹاسک دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کراچی میں 30روزہ صفائی مہم کی نگرانی کیلئے 18 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی ، کابینہ ارکان پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی صفائی مہم کی نگرانی کرے گی۔

    ضلع جنوبی میں مرتضیٰ وہاب، اویس قادر شاہ اور ریاض احمدپرمشتمل ٹیم ہوگی جبکہ اعجاز جکھرانی، شہلارضا،راشد ربانی کو ضلع وسطی میں صفائی مہم کا نگراں بنا دیا گیا۔

    شرقی ضلع میں اسماعیل راہو، فراز ڈیرو اور قاسم نوید کو مہم کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے اور مکیش کمار ،امتیازشیخ کو کورنگی ضلع صاف کرانے کا ٹاسک دے دیا گیا۔

    وزیر ثقافت سردار شاہ ،وزیر پبلک ہیلتھ شبیربجارانی ضلع غربی میں نگرانی کریں گے۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک مہینہ جاری رہنے والی ’’کلین مائی کراچی‘‘ مہم کے دوسرے دن شہر کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ مہم کے پہلے دن 7152 ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے جبکہ دوسرے دن بھی بھاری پتھر 24 انچ کی سیوریج لائن ملیر 15 سے نکالے گئے ہیں جوکہ کراچی کے نام نہاد اونر اور دوست کہلائے جانے والے نے اس مہم کو ناکام بنانے کے لیے ڈالے تھے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے لیاقت کالونی ، نیاآباد کا دورہ کیا، جہاں وزیراعلیٰ سندھ عوام سے ملے اور اُن کی شکایات سنیں، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو لیاری سے تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت دیں اور کہا تھا تجاوزات ہٹانے کا کام روزانہ کی اسائنمنٹ کے طور پر کرنا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ہم نے 21 ستمبر سے ایک مہینے کی صفائی مہم شروع کی ہے، اور انشاء اللہ کراچی کو صاف کر کے دکھائیں گے لیکن اس کے بعد مینٹین کرنا لوکل گورنمنٹ کا کام ہے اور جہاں جہاں جو ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا م کررہی ہے وہاں پر ان کا کام ہے۔ ان سے میں مدد چاہوں گا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی شہید میجرعدیل کے گھرتعزیت لیے آمد

    وزیراعلیٰ سندھ کی شہید میجرعدیل کے گھرتعزیت لیے آمد

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پاک فوج کے شہید میجر عدیل کے گھر تعزیت کے لیے پہنچ گئے ، شہید کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نےشہیدمیجرعدیل کےورثاءسے آج ان کے گھر پر تعزیت کی، وزیراعلیٰ سندھ نےگزشتہ روزشہیدکی نمازجنازہ میں بھی شرکت کی تھی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نےشہیدکےوالدکوہرطرح کی مددکی پیشکش کی اور کہا کہ شہید کےاہل خانہ کی خدمت کےلیےحاضرہوں۔میجرعدیل نےملک کی خاطرجان کانذرانہ پیش کیا۔

    اس موقع پر صوبائی وزراء سعیدغنی،ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ سندھ کےساتھ تھے۔مراد علی شاہ نےشہیدمیجر عدیل کےبچوں سےملاقات بھی کی۔

    میجرعدیل شاہد خیبرپختونخواہ کے ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر باڑھ لگانے کے عمل کی نگرانی کے دوران شہید ہوئے تھے ، انہیں گزشتہ روز فوجی اعزاز کے ساتھ کراچی کے قبرستان وادیٔ حسین میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر باڑھ لگا رہے تھے۔ شہید افسر میجر عدیل شاہد کی نگرانی میں سرحد پر باڑھ لگائی جارہی تھی۔شہید میجر عدیل اور سپاہی فراز حسین ، دونوں شہید سرحد پار دہشت گردوں کی لگائی گئی بارودی سرنگ کی زد میں آئے، سپاہی فراز حسین کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے۔

    یاد رہے کہ پاک افغان سرحد کے اس علاقے میں شدید دراندازی کی جاتی رہی ہے اور پاکستان کی جانب سے افغان حکومت سے بارہا اس بات پر احتجاج بھی کیا گیا ہے۔

  • کراچی کی موجودہ حالت کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں، خالد مقبول صدیقی

    کراچی کی موجودہ حالت کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کی موجودہ حالت کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں، وفاق سے حق مانگنے والے شہری حکومت کو حقوق نہیں دے رہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں19ویں آئی ٹی سی این ایشیا ایکسپو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا امن کراچی کی خوشحالی سے منسلک ہے، کراچی ملک کو چلاتا ہے مگرصوبے کو95 اور ملک کو60 فیصد ریونیو دینے والے شہر کو پانچ فیصد بھی نہیں ملتا، صوبائی حکومت وفاق سے اپنے حقوق تو مانگتی ہے لیکن شہری حکومت کو حقوق نہیں دے رہی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی واحد شہر ہے جہاں کچرا اٹھانے کا اختیار بھی مئیر کراچی کے پاس نہیں ہے، اسی لیے شہر قائد کی بدترین صورتحال کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہیں۔

    آئی ٹی سی این نمائش کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کی بہت بڑی لہر ٹیکنالوجی کے ذریعے آنے والی ہے، پچھلی حکومتوں نے آئی ٹی کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کئے تھے مگر کیا کچھ نہیں۔

    پاکستان میں آئی ٹی کی انڈسٹری اس وقت کہاں کھڑی ہے ؟پاکستان پڑوسی ممالک سے مقابلہ نہیں کر پارہا لیکن ہم مسئلے کا حل نکال رہے ہیں۔

  • سندھ اسمبلی کا اجلاس: وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ کی وفاقی حکومت پرکڑی تنقید

    سندھ اسمبلی کا اجلاس: وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ کی وفاقی حکومت پرکڑی تنقید

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت روز ایک کراچی کمیٹی بنادیتی ہے، پیپلزپارٹی جب تک ہے سندھودیش والوں سے لڑتے رہیں گے۔

    یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت روز ایک کراچی کمیٹی بنا دیتی ہے، کراچی کمیٹی بنانا آئین کی خلاف ورزی ہے، میرے شہر کا ایڈمنسٹریٹر اختیار کیسے لیا جاسکتا ہے؟

    سندھ کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا وفاق کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، سندھ کو نقصان پہنچاؤ گے تو وفاق بھی نہیں بچے گا۔

    مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ پاکستان کی ماں ہے، اسمبلی صوبہ سندھ کے لوگوں کی پاسداری کرے گی؟ سندھ اسمبلی نے قرارداد پاکستان منظور کی تھی، پیپلزپارٹی جب تک ہے سندھو دیش والوں سے لڑتے رہیں گے۔

    پیپلز پارٹی آئین پر چلتی ہے، اپوزیشن ارکان بھی اپنی قیادت کو آئین پر چلنے کیلئے کہیں، دس مہینے سے قومی اقتصادی کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس نہیں ہوا، آئین میں لکھاہے کہ سال میں کم ازکم ایک بار سی سی آئی میٹنگ ضرور ہونی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ اس ملک کے عوام آپ کو آپ کی مرضی نہیں چلانے دیں گے، جی ڈی پی گروتھ تین فیصد سے بھی کم ہوکر رہ گئی ہے، کالا باغ ڈیم کیلئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بجٹ میں ایک پیسہ نہیں رکھا تھا۔