Tag: CM sindh

  • تھر میں ترقی کے فوائد تھر کے عوام کو بھی جارہے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

    تھر میں ترقی کے فوائد تھر کے عوام کو بھی جارہے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ تھر میں ترقی کے فوائد تھر کے عوام کو بھی جارہے ہیں، انشااللہ فروری میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں تھر کی صورت حال سے متعلق اجلاس ہوا، اس موقع پر انہیں ترقیاقی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

    دوران اجلاس مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تھرکول بلاک ٹوکے متاثرین ماڈل ولیج منتقل ہورہے ہیں، اسکول میں 38 بچوں کانئے سال میں داخلہ ہوا ہے، یہ قابل اطمینان ہے۔

    تھر میں بچوں کی ہلاکت: چیف جسٹس کا مانیٹرنگ کمیشن تشکیل دینے کا حکم

    ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ فروری میں بجلی کی پیدا وار شروع ہوجائے گی، تھر میں ترقی کے فوائد تھر کے عوام کو بھی جارہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کو تھر سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت فیز ون میں 2لاکھ 46ہزار927 خاندانوں کو جبکہ فیز ٹو میں 2لاکھ 48ہزار804 خاندانوں کو گندم فراہم کی گئی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سپریم کورٹ میں تھر میں 400 سے زائد بچوں کی ہلاکت سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 5 رکنی مانیٹرنگ کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

  • جاننا چاہتے ہیں کراچی کے مسائل کیوں نہیں حل کیے جا رہے؟ خرم شیر زمان

    جاننا چاہتے ہیں کراچی کے مسائل کیوں نہیں حل کیے جا رہے؟ خرم شیر زمان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ 11 سال سے سندھ پر براجمان ہیں، کمپلینٹ سینٹر کے ذریعے عوام کے کون سے مسائل حل ہوئے ہیں، چیف سیکریٹری سے جاننا چاہتے تھے مسائل حل کیوں نہیں کیے جا رہے؟

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ارکان شہر کے مسائل لے کر چیف سیکریٹری کے دفتر پہنچ گئے۔ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کی سربراہی میں وفد نے چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں وفد نے شہریوں کے مسائل سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے، وفد کا کہنا تھا کہ افسران صفائی اور دیگر بنیادی مسائل کی طرف توجہ نہیں دیتے۔

    چیف سیکریٹری سندھ نے یقین دہانی کروائی کہ شکایات سے متعلق تمام متعلقہ محکموں کو آج کی ہدایت جاری کروں گا۔

    ملاقات کے بعد خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل سے متعلق چیف سیکریٹری سندھ کے پاس آئے تھے۔ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں شکایات سندھ حکومت کو جمع کروائی جاتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری سے جاننا چاہتے تھے مسائل حل کیوں نہیں کیے جا رہے۔ وزیر اعظم پورٹل کے ذریعے عوام نے شکایات درج کروائی ہیں۔ ایپ کے ذریعے بڑی تعداد میں کراچی کے عوام نے شکایات کیں۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ صحت و صفائی، پانی اور زمینوں پر قبضوں کے مسائل ہیں۔ سندھ حکومت نے اس قسم کی ایپ کے بارے میں سوچا تک نہیں تھا۔ ایپ کے ذریعے دیگر صوبوں میں مسائل حل ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت کی مدد کرنا چاہتے ہیں، سیاسی اختلاف اپنی جگہ عوام کے مسائل مل کر حل کرنا چاہتے ہیں، چیف سیکریٹری نے ایپ پر کام سے متعلق بھی یقین دہانی کروائی ہے۔

    تحریک انصاف رہنما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بتائیں کون سے سیکریٹری کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے، کمپلینٹ سینٹر کے ذریعے عوام کے کون سے مسائل حل ہوئے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ صاحب کام کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ 11 سال سے سندھ پر براجمان ہیں، ایڈوائزر بھی رہے، آج بھی فنانس منسٹری ان کے پاس ہے۔ جے آئی ٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ پر سہولت کاری کا الزام لگایا۔ تشویش ہے مراد علی شاہ کی موجودگی میں ریکارڈ میں ٹیمپرنگ ہوسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج بھی مطالبہ ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ استعفیٰ دیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھا دیا جائے۔

  • نیا سال : کراچی میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ فوراً واپس

    نیا سال : کراچی میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ فوراً واپس

    کراچی : وزرات داخلہ سندھ کی جانب سے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹی فکیشن کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کچھ دیر قبل محکمہ داخلہ سندھ نے نیو ایئر کے حوالے سے شہر قائد میں ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

    میڈیا پر خبر نشر ہونے پر سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ کوٹیلی فون کیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈبل سواری کے نوٹی فکیشن کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت دی کہ ڈبل سواری پر پابندی کا اعلامیہ تبدیل کرکے مجھے بھیجوائیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر کوئی پابندی نہیں ہے نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم دے دیا ہے ساتھ ہی پولیس کو بھی ہدایت دے دی ہے کہ عوام کو نہ روکا جائے۔

    واضح رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے آج نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت کراچی میں نئے سال کے موقع پر دو روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا کہا گیا تھا۔

    قبل ازیں کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حکومت پر شدید تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورنر راج کی باتیں کرنے والے اب پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع

    وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروادی جس میں وزیر اعلیٰ سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروادی۔ تحریک میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں نام آنے پر مراد علی شاہ صادق و امین نہیں رہے۔

    تحریک کے متن میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے آصف زرداری کے قریبی اومنی گروپ کو فائدہ پہنچایا۔

    تحریک میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔ سندھ اسمبلی میں تحریک، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے جمع کروائی۔

    بعد ازاں خرم شیر زمان نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایک بار پھر استعفے کا مطالبہ کیا۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کے بجائے اومنی گروپ کو فائدہ دیا گیا، چیزیں ثابت ہوگئیں جو ہم کہہ رہے تھے وہ سچ تھا۔

    انہوں نے کہا کہ عذیر بلوچ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹی کے سامنے آنے کا انتظار ہے۔ اسمبلی میں جے آئی ٹی کی فائنڈنگ کو زیر بحث لایا جائے۔ مندر کی زمین کو بھی نہیں چھوڑا گیا، جمنازیم کی زمین بھی اپنوں کو دے دی گئی۔

    تحریک انصاف رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک التوا کو منسوخ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے، اپوزیشن چاہتی ہے جے آئی ٹی کو زیر بحث لایا جائے۔ وزیر اعلیٰ آئیں اور قوم کو حقیقت بتائیں۔ ان کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو اربوں کا حساب دیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حقیقی سے کسی کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے، زرداری کی پیپلز پارٹی کا وزیر اعلیٰ قابل قبول نہیں ہوگا۔ ہمارا مطالبہ ہے پیپلز پارٹی وزیر اعلیٰ کو تبدیل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں کیا معاملات چل رہے ہیں سب کے سامنے ہیں، 5 سال سے ہم سندھ حکومت کی کرپشن کی کتابیں دکھاتے رہے۔ سندھ میں لوٹ مار اور تباہی چلتی رہی، پی پی کا سندھ میں 11 واں سال ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ پاکستان کا سب سے اہم معاملہ ہے، جعلی اکاؤنٹس کیسے بنے۔ حکومت اگر قصور وار نہیں تو ایوان میں جواب دے۔

  • سندھ حکومت وفاق سے اپنا حق لے کررہے گی : مراد علی شاہ

    سندھ حکومت وفاق سے اپنا حق لے کررہے گی : مراد علی شاہ

    گھوٹکی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کے لوگوں کے ساتھ دشمنی کی جارہی ہے، سندھ حکومت وفاق سے اپنا حق لے کر رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ سندھ کے وسائل کو چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کےہتھکنڈوں سےگھبرانےوالےنہیں ہیں، ہماری قیادت کوتوالیکشن ہی نہیں لڑنےدیاگیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ نوازشریف کوسندھ پسند نہیں تھا،عمران خان کواس سےزیادہ سندھ پسند نہیں آرہا۔ جولوگ کہتےتھے کہ سندھ پرقبضہ کریں گےوہ سندھ سےبھاگ گئے۔

    مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قیادت متحد اور مضبوط ہے، سندھ حکومت اپناحق وفاقی حکومت سے لے کردکھائےگی۔

    تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ سندھ سے استعفیٰ مانگ لیا

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھرمیں کوئلےسے توانائی پیدا کرنے کا پلانٹ بنایا تو وہاں کے لوگوں کو اس کا مالک بنایا۔ کول مائننگ سائٹ کے لیے جو دیہات ہٹائے گئے، انہیں پہلے 11 سو اسکوائرفٹ پرگھر بنا کر دیے گئے، وہاں کے عوام کو روزگار دیا گیا۔

    سندھ حکومت ایس ایس جی سی کوگاؤں اور دیہاتوں میں گیس کی فراہمی کے لیے قرضہ دیتی ہے، ایس ایس جی سی کہتی ہے کہ قرضہ واپس نہیں کرسکتے،گرانٹ میں بدل دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کی خاطر یہ بھی کرنےکوتیارہیں، لیکن سندھ کے معدنیات پرآئینی طورپرحق سندھ کاہے، وہ لےکرہی رہیں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما خرم شیرزمان نےآج صبح وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے بعد ان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہونے کا انتظار نہیں کرسکتے، تحریک انصا ف سندھ میں حکومت بنانے جارہی ہے۔

    آج صبح وفاقی حکومت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں نامزد 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے تھے، ان افراد میں سابق صدر آصف علی زرداری ، فریال تالپور، بلاول بھٹو زرداری، مراد علی شاہ، قائم علی شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے متعدد رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس، سیکیورٹی اداروں کی سرزنش

    وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس، سیکیورٹی اداروں کی سرزنش

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کے دوران سیکیورٹی اداروں کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 4 ہفتے میں 6 واقعات ہوئے، قائد آباد کا واقعہ، چینی قونصل خانے پر حملہ، ایم کیو ایم کی محفل میلاد پر حملہ اور بعد ازاں پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکن قتل ہوئے اور اب یہ علی رضا عابدی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال تشویشناک ہے، دہشت گرد اکٹھے ہو رہے ہیں اور ہم چپ کر کے بیٹھے ہیں۔ یہ کیوں کنٹرول نہیں ہو رہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع جنوبی میں زیادہ واقعات ہوئے ہیں، مجھے شدید افسوس ہے پولیس کیا کر رہی ہے؟ ’امن و امان قائم کرنے والے اداروں کو مکمل خود مختاری دی، نتائج اتنے اچھے نہیں مل رہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے ہر صورت شہریوں کا تحفظ چاہیئے، شہریوں کو خوف میں مبتلا نہیں ہونے دوں گا۔

    اجلاس میں ڈی آئی جی ساؤتھ نے علی رضا عابدی کے قتل پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں جائے وقوع سے 5 خول ملے۔ علی رضا عابدی کے والد کا انٹرویو کیا۔ علی رضا عابدی کا فون تحویل میں لے لیا گیا جبکہ گولیوں کے خول لیب بھیجے گئے ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کافی واضح شہادتیں موجود ہیں جن سے قاتل گرفتار ہو جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’ہوجائیں گے نہیں مجھے قاتل گرفتار چاہیئیں‘۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ قتل میں جو طریقہ کار اپنایا اس سے واضح شہادتیں مل رہی ہیں، قائد آباد سے قتل کے واقعے تک واقعات کی سیریز نظر آرہی ہے۔ کچھ اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، تفتیش کر کے کافی کچھ واضح ہوگا۔

    آئی جی سندھ کلیم امام نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی پولیس نے کل 3 بڑے گینگ گرفتار کیے، شہر میں پیٹرولنگ بڑھا رہے ہیں۔ علی رضا عابدی کا موبائل فون ڈی کوڈ کروا رہے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزرا کی ملاقات، گیس کے بحران پر گفتگو

    وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزرا کی ملاقات، گیس کے بحران پر گفتگو

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان اور وزیر برائے پیٹرولیم غلام سرور سے ملاقات ہوئی جس میں صوبے میں بجلی و گیس کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے گفت و شنید کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور کی ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ سے متعلق وزیر پیٹرولیم کو آگاہی دی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صنعتی یونٹ بند اور ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے۔ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب اور سی این جی اسٹیشنز بند ہیں۔ یہ صورتحال ہمارے لیے باعث تشویش ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو گیس کمپنیوں میں نمائندگی دی جائے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے وزیر اعظم عمران خان کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

    وزیر اعلیٰ کی وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بجلی کے علاوہ ٹرانسمیشن بھی صوبائی معاملہ ہے، پاور جنریشن ٹھیک ہے لیکن ترسیل بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تقسیمی نظام بہتر کرنے کی ضرورت ہے، حکومت سندھ نے حیسکو اور سیپکو کے 27 ارب ادا کر دیے تھے، معاہدہ تھا کہ سندھ میں ایم آر یا چیک میٹر لگیں گے تاکہ چوری کو روکیں۔

    انہوں نے کہا کہ میٹر 6 ماہ میں لگانے تھے لیکن 2 سال ہو گئے میٹر نہیں لگے۔

    وفاقی وزیر عمر ایوب نے یقین دہانی کروائی کہ میٹر جلد لگائیں گے، ہر ماہ ایک ارب سے زائد حیسکو اور سیپکو کو ادا کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر عمر ایوب نے سندھ میں کنڈا کلچر کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت سے تعاون کی درخواست کی جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی چوری چند لوگ کرتے ہیں اور بندش پورے گاؤں کی ہوتی ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی چوری کو ٹیکنالوجی کے ذریعے روکیں۔

    ملاقاتوں میں صوبائی اور وفاقی سیکریٹریز بھی موجود رہے۔

  • چینی قونصلیٹ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے: وزیراعلیٰ سندھ

    چینی قونصلیٹ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے: وزیراعلیٰ سندھ

    سکھر: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ چینی قونصلیٹ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے.

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں جلسے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ضمن میں تفتیش جاری ہے.

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام صوبے آئین کے دائرے میں رہ کر کام کریں گےتوبہترہوگا، آئین سے لاعلمی کے باعث مسئلے بڑھ رہے ہیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ پانی اور این ایف سی کا مسئلہ بھی آئین کے تحت حل ہوگا، اس کا کوئی اور حل نہیں.

    سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ملز بند ہونے سے گنے کے کاشت کاروں کو مشکلات ہوئی ہیں، گنے کے نرخ سے متعلق جلد پیش رفت نظر آئے گی.

    انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بتاچکی ہے کہ حکومتی پروگریس زیرو ہے، چیف جسٹس نےکہا کہ سندھ کے اسکول دیگر صوبوں سے بہت ہیں.


    مزید پڑھیں: کے فور منصوبے کو مل کر مکمل کرنے پر سندھ اور وفاق میں اتفاق

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جلسے میں بلاول بھٹو اور آصف زرداری شریک ہوں گے اور خطاب کریں گے.

    یاد رہے کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ کے فور کو سندھ اور وفاقی حکومتیں مل کر مکمل کریں گی۔

  • کے فور منصوبے کو مل کر مکمل کرنے پر سندھ اور وفاق میں اتفاق

    کے فور منصوبے کو مل کر مکمل کرنے پر سندھ اور وفاق میں اتفاق

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کے فور کو سندھ اور وفاقی حکومتیں مل کر مکمل کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود تھے۔

    ملاقات کے دوران پانی کے مسائل، تقسیم، چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس پر بات چیت ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں پانی کی بندش اور کے فور منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے کے فور منصوبے کا بجٹ بڑھانے کی درخواست کی ہے، شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کے فور کی اسکروٹنی کی تجویز دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ زیر التوا معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ٹیلی میٹر کے مسئلے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ 4 بجے گورنر کے پاس جا رہے ہیں، کے فور پر بریفنگ دیں گے۔ ٹاسک فورس کی تجویز دی ہے جس کے سربراہ وزیر اعلیٰ ہوں گے، کمیٹی میں ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ بھی شامل ہوں گے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے لیے بری خبر ہے میں ان کی طرف آرہا ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ کسی صوبے کے آئینی اختیارات میں مداخلت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ پر میرے بہت سنجیدہ تحفظات ہیں۔ سیاست اپنی جگہ، غلط چیز پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ذاتی جھگڑا نہیں، سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا خوش آئند ہے۔ سندھ اور وفاق کا کراچی میں پانی چوری کے مسئلے پر اتفاق خوش آئند ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی سمجھوتے کے عملدر آمد پر ہم نے ہمیشہ بات کی ہے، بلوچستان کو تب پورا پانی ملے گا جب سکھر بیراج کی پوزیشن ٹھیک ہوگی۔ بھرپور کوشش ہوتی ہے بلوچ بھائیوں کو پورا پانی فراہم کریں۔

    انہوں نے کہا کہ تجویز پر سندھ حکومت کو کوئی اعتراض نہیں، کے فور منصوبہ سندھ اور وفاقی حکومت مل کر مکمل کریں گے۔

    صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ پانی چوری میں جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی کریں گے، واٹر بورڈ میں کسی کے خلاف کوئی ثبوت ہوا تو کارروائی کریں گے، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف روزانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔

  • چینی قونصل خانے پرحملہ، وزیراعلیٰ سندھ کا بلوچستان حکومت سے رابطےکا فیصلہ

    چینی قونصل خانے پرحملہ، وزیراعلیٰ سندھ کا بلوچستان حکومت سے رابطےکا فیصلہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے کی فوری تحقیقات اور سہولت کاروں کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ کا خیال رکھنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے خاندان کا بھرپور خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی ہونے والے پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈ کا بھی خیال رکھا جائے۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے میں ملوث 3 حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت ہوگئی، مذکورہ حملہ آور حکومت بلوچستان کا ملازم ہے۔ حملہ آورعبد الرازق ولد دین محمد کا تعلق خاران سے ہے۔

    رپورٹ کے بعد سندھ حکومت نے بلوچستان حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے جس میں حملہ آوروں سے متعلق معلومات شیئر کی جائیں گی۔

    اجلاس میں آئی جی سندھ نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی۔

    وزیر اعلیٰ نے استفسار کیا کہ حملہ آور کہاں سے آئے؟ کلفٹن تک کیسے پہنچے، راستے میں چیکنگ کیوں نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم کہاں کوتاہی کر رہے ہیں نشاندہی کی جائے۔ یہ کیسے ممکن ہوا کہ دہشت گرد اپنی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے بہترین قسم کی تحقیقات چاہئیں جس میں ہر چیز واضح ہو۔ اس قسم کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ایس او پی بنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ساؤتھ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کریں گے۔ واقعے میں ملوث سہولت کاروں کو بھی ہرصورت گرفتار کیا جائے۔

    خیال رہے کہ آج صبح پیش آنے والی بزدلانہ کارروائی میں 4 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔