Tag: CM sindh

  • پولیس مقابلے میں جاں بحق طالب علم کے قتل کا مقدمہ درج

    پولیس مقابلے میں جاں بحق طالب علم کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی: نیپا چورنگی پر مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے رینجرز اسکول کے طالب علم عتیق کے قتل کی ایف آئی آر  اہل خانہ کی مدعیت میں درج کر لی گئی  مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات نہ شامل کرنے لواحقین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل نیپا چورنگی پر مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے رینجرز کیڈیٹ کالج کے طالب علم عتیق کے اہل خانہ مقدمے کے اندارج کے لیے گلشن اقبال تھانے پہنچنے تو پولیس افسران نے اپنے پیٹی بھائیوں کو بچانے کے لیے ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل نہ کیے بغیر مقدمہ درج کرلیا۔

    اہل خانہ کی جانب سے ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کے اصرار پر لواحقین اور پولیس افسران کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد اہل خانہ نے تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلیٰ حکام سے پولیس افسران کے رویے کانوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

    fir-1

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے عتیق کے عزیز نے کہا کہ ’’ہم دوپہر 3 بجے سے تھانے میں موجود ہیں پولیس افسران ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہے اور ایف آئی آر کے اندراج میں قتل و اقدامِ قتل کی دفعات شامل کیے بغیر مقدمہ درج کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’عتیق رینجرز کیڈیٹ کالج میں سیکنڈ ائیر کا طالب علم تھا اور اُسے پولیس نے ڈاکو قرار دے کر جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا تاہم اب انصاف کے لیے قانون کا دروازے پر آئے تو وہاں بھی مایوسی ہوئی‘‘۔

    پڑھیں:  گلشن اقبال میبنہ جعلی پولیس مقابلہ، آئی جی سندھ کا نوٹس

     یاد رہے دو روز قبل گلشن اقبال کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں رینجرز اسکول کا طالب علم جاں بحق ہوا تھا، جس پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ورثاء کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور قتل میں ملوث اہلکاروں کو کڑی سزا دینے کی ہدایت کی تھی۔

    بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مبینہ پولیس مقابلے میں طالب علم کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رابطہ کر کے ایک ہفتے میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کو بے نقاب کیا جائے اور ایسے افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے‘‘۔

    انہوں نے آئی جی سندھ کو واضح کیا کہ پولیس کو کسی معصوم شخص کو قتل کرنے کا اختیار نہیں تاہم سندھ حکومت پولیس کو یہ اختیار نہیں دے سکتی کہ وہ کسی بھی ماں کی گود اجاڑے۔

  • عمران خان کو جو کرنا ہے کریں، ہم کام کرنے آئے ہیں، مراد علی شاہ

    عمران خان کو جو کرنا ہے کریں، ہم کام کرنے آئے ہیں، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں اسلحہ ایک سیاسی جماعت کے ہیڈ کوارٹر کے قریب سے ملا ہے شک تو جائیگا، عمران خان کو جو سیاست کرنی ہے وہ کریں،ہم کام کرنےآئے ہیں۔

    ان خیالات کا ااظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    عزیزآباد سے ملنے والے اسلحے کی کڑیاں ملنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شکوک وشبہات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اسلحہ ایک سیاسی جماعت کے ہیڈ کواٹرکے قریب سےملا ہے شکوک شبہات تو پیدا ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ اینٹی کرپشن محکمے کو بھی بہتر بنا رہے ہیں اور اینٹی کرپشن پر نیا قانون بھی لے کر آئیں گے۔

    نیب کا کسی ایک پارٹی کے پیچھے پڑنا اور برسوں پرانے کیسز ختم کرنا درست نہیں۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا ایم کیو ایم استعفے دے یا نہ دے وہ اپنا کام کرتے رہیں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ

     وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم کرپشن کےخلاف ہیں نیب اپنا کام کرتارہے ہمیں کوئی ڈرنہیں، عمران خان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان کو جوسیاست کرنی ہے وہ کریں، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔

    مراد علی شاہ نے کرپشن پرنوکمپرو مائس کا اعلان کرتے ہوئے اینٹی کرپشن قوانین میں اصلاحات کرنے کا بھی عندیہ دے دیا۔

  • اسلحہ برآمدگی کیس، جے آئی ٹی تشکیل، متحدہ قیادت سے تفتیش کا امکان

    اسلحہ برآمدگی کیس، جے آئی ٹی تشکیل، متحدہ قیادت سے تفتیش کا امکان

    کراچی: عزیز آباد سے برآمد ہونے والے اسلحہ کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان سے تفتیش کرنے پر غور جاری ہے، برآمد شدہ اسلحے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز نمائندے نذیر شاہ کے مطابق پولیس ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہر میں کئی مقامات پر اسلحے کے ذخائر موجود ہیں جن کی تلاش کے لیے اداروں کو متحرک کردیا گیا ہے تاہم سیکیورٹی اداروں نے بھی اسلحے کے ذخائر کی کھوج لگانا شروع کردی ہے۔

    پولیس ذرائع نے کہا کہ برآمد کیے گئے اسلحے کی تفتیش کے لیے باقاعدہ جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے تحقیقات کرنے پر غور جاری ہے۔

    پڑھیں: عزیزآباد،زیرزمین ٹینک سے بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمد

     تفتیشی ذرائع نے کہاکہ عزیز آباد میں شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے، جو زیر زمین ٹینک میں چھپایا گیا تھا، 120 گز پر موجود گھر میں تعمیر کیے گئے ٹینک کو محض اسلحہ اور بارود کو چھپانے کے لیے بنایا گیا تھا کیونکہ اس میں پانی کی لائن موجود نہیں تھی۔

    ذرائع نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ مکان میں ٹینک فرنٹ پر تیار کیا گیا تھا جبکہ دیگر گھروں میں یہ پچھلے حصے میں تعمیر کیاجاتاہے اور اس میں ہوا کے گزرنے کا باقاعدہ سسٹم بنایا گیا تھا تاکہ بارود اور اسلحے کی بو کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

    مزید پڑھیں:  عزیز آباد سے پکڑا جانے والااسلحہ پاک فوج کے سپرد

     پولیس کے مطابق حساس ادارے کی خفیہ اطلاع پر مکان میں کارروائی کی گئی جہاں فرش بالکل پکا تھا، تاہم اہلکاروں نے چیک کھوکھلے پن کا اندازہ لگا کر کھدائی کا عمل شروع کیا تو اندر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ موجود تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  عزیز آباد سے برآمد اسلحہ بڑی لڑائی میں استعمال ہونا تھا، ڈی جی رینجرز

     قبل ازیں ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل کی موجودگی میں عزیزآباد کے خالی مکان میں اسلحے کی موجودگی کے شک پر آج پھر کھدائی کی گئی، بعد ازاں پولیس کی جانب سے متعلقہ گھر کو سیل کردیا گیا۔

    دوسری جانب  وزیر اعلی سندھ مرار علی شاہ نے عزیز آباد کے مکان اسلحہ کا زخیرہ برآمد کرنے والی پولیس پارٹی کے لئیے پچاس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

  • کراچی کوسرسبزاورخوبصورت شہربنائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی کوسرسبزاورخوبصورت شہربنائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ کراچی کو ایک بہترین، سرسبز اورخوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور انہوں نے شہر کی خوشحالی، پائیداری، جامعیت اورسروس ڈلیوری پرتوجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور اب کراچی کے پرانے علاقوں کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں میں بھی ہر ایک آدمی گھر خریدنے میں دلچسپی لے۔

    یہ بات انہوں نے آج وزیراعلیٰ ہاوٴس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں عالمی بینک کے 82 ملین ڈالرکے تعاون سے کراچی لیو ایبل ایمپرومنٹ پروجیکٹ کو حتمی شکل دے کر اور شہر کے پرانے علاقوں کو بحال کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کو قومی معیشت میں ایک مرکزی حب کی حیثیت حاصل ہے جس کا جی ڈی پی میں 15سے 29فیصد حصہ ہے مگر اس کی معاشی ترقی بالخصوص شہر کے پرانے علاقے میں گزشتہ دو برس کے دوران رفتار بہت کم رہی ہے اور یہ بہت تکلیف دہ بات ہے کہ کراچی گلوبل لیو ایبل انڈیکس میں دنیا کے 140اہم شہروں کی فہرست میں 134ویں نمبر پر ہے۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) محمد وسیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی رہنمائی کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں اور پارکوں کی بحالی اور گلیوں کو اسٹریٹ لائٹ سے مزین کیا جائے گاعلاوہ ازیں سڑکوں کو دوبارہ تعمیر اور اپ گریڈ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ منصوبے کی تخمینی لاگت 80 ملین ڈالر ہے جس میں سے سندھ حکومت 20فیصد برداشت کرے گی جبکہ 80 فیصد اخراجات کے لیے فنڈز عالمی بینک فراہم کرے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی پیکج کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 10بلین روپے کے کراچی پیکج کے تحت منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا.

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان منصوبوں پر آج سے کام شروع ہوجانا چاہئیے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تاخیر کسی صورت میں بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • میئرکراچی وسیم اختر بے قصور ہوئے تو رہا ہو جائیں گے، مراد علی شاہ

    میئرکراچی وسیم اختر بے قصور ہوئے تو رہا ہو جائیں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میئرکراچی کا معاملہ عدالت میں ہے، اگر وہ بے قصور ہیں تو عدالت رہا کرسکتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری اور عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔


    CM Sindh attends Abdullah Shah Ghazi's Urs by arynews

    معروف صوفی بزرگ عبد اللہ شاہ غازی کے تین روزہ عرس کے آخری روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کلفٹن میں ان کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کا کوئی رہنما غیر قانونی طور پر گرفتار نہیں ہے، بے گناہ لوگوں کو جلد رہا کردیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے نیب کی کارروائی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نیب خوامخواہ کارروائیاں نہ کرے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ملک کیلئے ہر جمہوری جماعت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں اور جو جماعت آئین کی حدود میں رہ کر کام کرے گی اسے پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔

    اسی سے متعلق : نومنتخب میئر وسیم اخترکی رہائی کے لیے سول سوسائٹی کا مظاہرہ

    ان کا کہنا تھا ملکی آئین اور قانون کے خلاف کسی کو بھی کام کرنے کی اجازت نہیں دےسکتے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا پولیس کو مزید فعال کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ کسی اور ادارے سے مدد نہ لی جائے۔

    یاد رہے کہ صوفی بزرگ عبد اللہ شاہ غازی کے 1286 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز جمعہ کے روز ہوا تھا۔

     

  • لاڑکانہ اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

    لاڑکانہ اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

    شکار پور: سندھ حکومت نے آپریشن کا دائرہ کار اندرون سندھ تک پھیلانے کا فیصلہ کرلیا۔ گرینڈ آپریشن پولیس کرے گی ضرورت پڑنے پر فوج کی مدد لی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا دائرہ صوبے کے دیگرعلاقوں تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    شکارپور میں شہید اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر اورلاڑکانہ کے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن ہوگا،اورجرائم پیشہ افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔


    Decision to extend circle of operation in Sindh by arynews

    گرینڈ آپریشن کی منظوری سندھ کابینہ کے اجلاس میں دی گئی جس کا احوال مولا بخش چانڈیو نے میڈیا کو سنایا، صوبائی وزیر اطلاعات نے میڈیا کو بتایا کہ گرینڈ آپریشن پولیس کرے گی تاہم اس میں رینجرز کا تعاون بھی شامل ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق گرینڈ آپریشن کا آغاز لاڑکانہ اور سکھر کےکچے کےعلاقوں سےہوگا۔ دریا میں پانی کی روانی کم ہوتے ہی ڈاکوؤں، دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کےخلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آپریشن کےدوران ضرورت پڑنے پر فوج بھی طلب کی جاسکتی ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے شکارپورمیں عید کے اجتماع کو خودکش دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنانے اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کانسٹیبل محمد رفیق کی بیوہ کو پچاس لاکھ روپے امداد اور بیٹے کو پولیس میں نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔

     

  • اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتاری غیر قانونی ہے، وزیراعظم

    اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتاری غیر قانونی ہے، وزیراعظم

    کراچی: وزیراعظم نواز شریف نے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا اور واقعہ کی تفصیلات طلب کیں۔


    آئی جی سندھ کا خواجہ اظہار کو رہا کرنے کا حکم


    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسپیکر کی اجازت کے بغیر رکن اسمبلی کی گرفتاری غیر قانونی ہے، قانونی کی حکمرانی یقینی بنائی جائے۔


    پولیس کے ہاتھوں خواجہ اظہار کی گرفتاری، ایس ایس پی راؤ انوار معطل


     انہوں نے حکم دیا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جائیں اگر پولیس افسر قصور وار ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    قبل ازیں پولیس نے ایم کیو ایم کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کو گرفتار کرلیا تھا جس کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو معطل کردیا۔

    خواجہ اظہار کی والدہ کی طبیعت خراب

    دوسری جانب خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کے بعد سے ان کی والدی کی طبیعت خراب ہوگئی ہے، ڈاکٹر کو ہنگامی طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔

  • شکار پور واقعے پر بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کا شدید رد عمل

    شکار پور واقعے پر بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کا شدید رد عمل

    خان پور : وزیر اعلیٰٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شکارپور میں پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی تباہی سے بچا لیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد عید کی خوشیوں کو غم میں بدلنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایجنسیوں کی رپورٹ کے بعد شکار پور میں سیکیورٹی اتنی سخت تھی جس کی وجہ سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا یا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکار پور حملہ کے بعد خان پور میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بننے نہیں دیں گے۔

    دہشت گردوں کو ہر صورت ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی پورے ملک کا مسئلہ ہے۔

    علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کہا کہ دہشت گرد ی ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    سندھ حکومت زخمی اہلکاروں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرے ۔بلاو ل بھٹو نے ہدایت کی کہ صوبے میں ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہا جائے۔

     

  • لاٹھی چارج ہو یا گرفتاری، ٹریفک کی روانی بحال کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ

    لاٹھی چارج ہو یا گرفتاری، ٹریفک کی روانی بحال کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شارع فیصل کے گزشتہ پانچ گھنٹوں سے بند ہونے اور لاکھوں لوگوں کے ٹریفک جام میں پھنسے ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو سخت کارروائی کا حکم جاری کیا جس کے نتیجے میں گرفتاریاں کی گئیں اور لاٹھی چارج ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر ارباب چانڈیو کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹریفک جام کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا تھا کہ کچھ بھی کیا جائے لیکن ہر صورت ٹریفک کی روانی بحال کرائی جائے چاہے اس کے لیے لاٹھی چارج یا گرفتاریاں ہی کرنا پڑیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنی سیاسی فرسٹریشن نکالنے کے لیے لوگوں کو تنگ کررہے ہیں،لوگ نوکریوں اور کاموں پر صبح سے نکلے ہوئے ہیں اور ٹریفک جام کے سبب اب تک گھروں کو نہیں پہنچ سکے، اب کوئی بھی فرد ایسا اقدام اٹھائے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے حکم دیا کہ جو کرناہے کیا جائے ٹریفک کی روانی ہرگز بحال کرائی جائے، شارع فیصل بند کرنے والے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے ٹریفک کی روانی ہر صورت بحال کرائی جائے۔

    اس حوالے سے مشیر قانون سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ درست ہے، فیصل نے اسٹار گیٹ پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں لی تھی۔

    یہ پڑھیں: شارع فیصل پر احتجاج، بدترین ٹریفک جام، فیصل وائوڈا گرفتار،لاٹھی چارج

  • اپیکس کمیٹی کا  اجلاس، ڈی جی رینجرز کی کوٹا سسٹم ختم کرنے کی تجویز

    اپیکس کمیٹی کا اجلاس، ڈی جی رینجرز کی کوٹا سسٹم ختم کرنے کی تجویز

    کراچی : اپیکس کمیٹی سندھ کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ نے صوبائی حکومت کو کوٹا سسٹم ختم کرنے کی تجویز دے دی اور کہا ہے کہ پڑھے لکھے نوجوان میرٹ پر نوکریاں‌ ملنے کے سبب جرائم کی طرف راغب ہوئے۔

    DG Rangers advises to abolish quota system in… by arynews

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اپیکس کمیٹی کا 16واں اجلاس مراد علی شاہ کی سربراہی میں منعقد کیا گیا جس میں گورنر سندھ، سنیئر وزیر نثار کھوڑو، کور کمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ، آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جیز مشتاق مہر اور ثناء اللہ عباسی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ بیرسٹر ضمیر گھمرو، پراسیکیوٹر جنرل شہادت اعوان اور دیگر سنیئر پولیس افسران سمیت سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    پڑھیں:  سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم

    کراچی ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے وزیر اعلیٰ کو تجویز دی کہ ’’سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کوٹا سسٹم کا خاتمہ ضروری ہے‘‘۔

    میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا تھا کہ ’’کراچی آپریشن میں اب تک گرفتار کیے گئے ملزمان میں خاصی بڑی تعداد پڑھے لکھے ملزمان کی ہے جو جرم کرنے کی ابتدا نوکری نہ ملنا یا کوٹا سسٹم بتاتے ہیں‘‘۔

    ڈی جی رینجرز نے سندھ حکومت کو تجویز دی کہ ’’سندھ سے کوٹا سسٹم کا خاتمہ کیا جائے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو اچھے روزگار فراہم کیے جائیں تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو جرائم کی طرف راغب ہونے سے روک سکیں‘‘۔

    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈی جی رینجرز کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو یہ بھی کہا گیا کہ’’ 1973 سے عائد کوٹا سسٹم کی میعاد ختم ہوچکی ہے  مگر تاحال اس پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، انہوں نے مراد علی شاہ کو کہا کہ ’’اگر صوبائی حکومت کوٹا سسٹم کا نفاذ بھی چاہتی ہے تو اسے شفاف طریقے سے لاگو کیا جائے اور سندھ کے شہری علاقوں‌ میں رہنے والے نوجوانوں کو 40 فیصد حصے کے حساب سے نوکریاں بھی دی جائیں‘‘۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران  جب مولابخش چانڈیو سے جب کوٹا سسٹم کے  بارے میں سوال گیا گیا تو اُن کا کہنا تھا کہ ’’عسکری قیادت کی جانب سے اس ضمن میں کوئی بات نہیں کی گئی‘‘۔

    سیاسی رہنماؤں کا خیر مقدم

    بعد ازاں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ڈی جی رینجرز کی جانب سے کوٹا سسٹم کے خاتمے کی تجویز کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پی ٹی آئی کے رہنماء فیصل واوڈا نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم نے صرف کوٹا سسٹم کے نام پر سیاست چمکائی جبکہ پی ایس پی کے رہنماء رضا ہارون نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم نے مہاجروں کو کوٹا سسٹم پر بے وقوف بنا کر سیاست کی مگر اب یہ وقت ختم ہونے کو ہے۔

    جماعت اسلامی کے رہنماء حافظ نعیم الرحمان نے ڈی جی رینجز کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’کوٹا سسٹم کے خاتمے کی تجویز بہت اچھی ہے اس پر عملدرآمد کرنا بہت ضروری ہے‘‘۔