Tag: CM sindh

  • تھر کی صورتحال پر وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت اجلاس

    تھر کی صورتحال پر وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت اجلاس

    کراچی : تھرکی صورتحال پر وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کی زیرِصدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزرا اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور وزیر داخلہ سہیل انورسیال نے شرکت کی۔

    تھر کی صورتحال پر وزیرِاعلی سندھ کی زیرِ صدارت اجلاس میں وزیرِ داخلہ سہیل انورسیال، صوبائی وزراء جام خان شورو، ناصرحسین شاہ، فریال تالپور اور تھر کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ممبران نے شرکت کی، تھر کا دورہ کرنے والے ارکان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

    مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ اجلاس میں تھر کے تمام اسپتالوں کا بجٹ دوگنا کرنے اور موبائل ڈسپنسری سروس کا شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھر میں قحط کی کوئی صورتحال نہیں ہے، اس کے باوجود ضلع کے عوام کو مفت گندم فراہم کی جائے گی۔

  • ایپکس کمیٹی کا اجلاس : کراچی آپریشن میں مزید تیزی لانےکا فیصلہ

    ایپکس کمیٹی کا اجلاس : کراچی آپریشن میں مزید تیزی لانےکا فیصلہ

    کراچی: شہر قائد میں دہشتگردی کے واقع کے بعد ایپکس کمیٹی نے آپریشن میں تیزی کرنے کی منظوری دے دی۔

    وزیراعٖلٰی سندھ گورنر سندھ کی زیر صدرارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہید ملٹری اہلکاروں کی تحقیقات اعلیٰ سطح پر کی جائیں گی، تحقیقات میں پولیس، رینجرزسمیت اعلیٰ حکام شریک ہونگے۔

    ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کاعمل تیز کیا جائے گا، اجلاس میں مشیراطلاعات نے کہا کہ کورکمانڈرنے پولیس کی کارکردگی پرعدم اطمنان کااظہارنہیں کیا پولیس میں 8ہزارنئی بھرتیاں ہوں گی۔

    اجلاس میں کراچی شہر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ میں انسداد دہشت گردی کی30نئی عدالتیں بنائی جائیں گی، جس کے گواہوں، وکیلوں اورتفتیشی افسروں کوسیکیورٹی دی جائیگی۔

    ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں امام حسین کے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ پانچ دسمبر کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے سیکیورٹی انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔

    وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس میں گورنرسندھ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی آمد، کرکٹ میچ روک کرمیدان کو ہیلی پیڈ میں تبدیل کردیا

    وزیراعلیٰ سندھ کی آمد، کرکٹ میچ روک کرمیدان کو ہیلی پیڈ میں تبدیل کردیا

    حیدرآباد: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی حیدرآباد آمد کے موقع پرمقامی اسٹیڈیم میں جاری کرکٹ میچ روک کرمیدان کو ہیلی پیڈ میں تبدیل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی حیدرآباد آمد کے موقع پرنیازاسٹیڈیم کو دو گھنٹہ قبل ہی ہیلی پیڈ میں تبدیل کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ آج کوئٹہ اورحیدرآباد ریجن کے درمیان انڈرنائنٹین میچ جاری تھا کہ سیکیورٹی اہلکارگراوٗنڈ میں داخل ہوئے اورانتظامیہ کو فوری طورپرمیچ روکنے کے لئے کہا۔

    انتظامیہ کی ہدایت پرمیچ امپائرعلی موسیٰ نے اسٹمپس اکھاڑ لیں اور کھلاڑیوں نے میدان خالی کردیا۔

    میچ روکے جانے کے دو گھنٹے بعد تک وزیراعلیٰ سندھ تشریف نہیں لائے۔

    دو گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے بعد جب قائم علی شاہ کی آمد ہوئی تو اسکے بعد بھی میچ شروع نہیں کیا جاسکا کیونکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد گراوٗنڈ میں موجود رہی۔

  • وزیرِاعلیٰ سندھ کی زیرِصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    وزیرِاعلیٰ سندھ کی زیرِصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    کراچی : وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج وزیرِاعلی ہاؤس کراچی میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِاعلی ہاؤس کراچی میں آج وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، اجلاس میں قومی ایکشن پلان میں پیش رفت کے حوالے سے غور کیاجا ئے گا، جسمیں ڈی جی رینجرز،آئی جی سندھ سمیت حساس اداروں کے نمائندے شریک ہونگے۔

    ذرائع کے مطابق ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہر مہینے قومی ایکشن پلان پر پیش رفت کے لیئے طلب کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں کراچی آپریشن مزید تیز کرنے پراتفاق کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

    گزشتہ روز فنکشنل لیگ کے رہنما سید علی بخش عرف پپو شاہ اور ان کی اہلیہ یاسمین بی بی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر قائم علی شاہ کا  کہنا تھا کہ یہ تصور کرنا کہ کرپشن صرف سندھ میں غلط ہے سندھ کو سنگل آئوٹ نہ کیا جائے۔

    قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پپو شاہ عوامی آدمی ہیں اور ان کے خیالات پیپلز پارٹی سے ملتے جلتے ہیں، اچھے اچھے لوگ پیپلز پارٹی میں آرہے ہیں جو اس کی خدمات کا اعتراف ہے۔

    وزیرِاعلیٰ سندھ نے باتوں باتوں میں ذوالفقار مرزا کے بیٹے حسنین مرزا کی سرزنش بھی کر ڈالی۔

  • قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم وفات،  گورنر، وزیراعلی کی مزار پر حاضری

    قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم وفات، گورنر، وزیراعلی کی مزار پر حاضری

    کراچی : قائد اعظم محمد علی جناح کے 67 ویں یوم وفات کے موقع پر گورنر، وزیرِاعلی سندھ اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار پر حاضری دی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔

    بابائے قوم محمد علی جناح کا 67واں یوم وفات آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، بانی پاکستان کے یوم وفات کے موقع پر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی قبر پر سلامی پیش کی گئی۔

    مزار قائد پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزراء نے مزار قائد پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی انھوں نے تاثراتی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے وہ میڈیا سے گفتگو کئے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔

    دوسری جانب تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور ڈپٹی ڈی جی رینجرز سندھ محمد اظہر خان نے بھی بابائے قوم کو ان کے یومِ وفات پر خراج تحسین پیش کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی کی مزار قائد پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے تھے۔

  • ایف آئی اے اور نیب کی انکوائریز پر سخت کارروائی کی جائے، قائم علی شاہ

    ایف آئی اے اور نیب کی انکوائریز پر سخت کارروائی کی جائے، قائم علی شاہ

    کراچی : نیب اور ایف آئی اے نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو صوبے میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کی چالیس سے زائد انکوائریاں بھیجی ہیں ان کیسز کی انکوائری کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت جاری کی ہے کہ ایف آئی اے اور نیب کی جانب سے محکمہ اینٹی کرپشن کو بھیجی جانیوالی انکوائریوں پر بلا تعطل سخت کاروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں کرپشن کیسز کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں چیئرمین اینٹی کرپشن ممتاز علی شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے 72 کرپشن کی ایف آئی آر درج کی ہیں جبکہ 209 انکوائریوں کو بھی کھولا گیا ہے جس کے باعث 72 مختلف محکموں کے افسران کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    ممتاز علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ کاروائیاں 2 ماہ کے دوران کی گئی ہے جب کہ مزید تحقیقات کا دائری وسیع کیا جارہا ہے۔

    انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ نیب اورآیف آئی اے اینٹی کرپشن سندھ کو کرپشن کی انکوائری بھیجنا شروع کردی ہیں جس پر اینٹی کرپشن نے کیسز کی انکوائریوں کیلئے دو رکنی کمیٹی قائم کی ہے ۔

    بریفنگ کے دوران بتایا کہ نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے بھیجی جانیوالی انکوائریوں میں کرپشن بدعنوانی زمینوں پر گھپلے کے مختلف کیسز شامل ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ اینٹی محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے محکمہ تعلیم، صحت ،بلدیات، آبپاشی سمیت ریونیو کے محکموں میں تحقیقات کی جارہی ہیں جن میں بوگس الاٹمنٹ اور کھاتوں کی تبدیلی کے کیسز شامل ہیں۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ یہ خوش آئند عمل ہے کہ وفاقی تحقیقاتی اداروں نے محکمہ اینٹی کرپشن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ایف آئی اے اور نیب کی جانب سے بھیجی جانیوالی انکوائریوں پر بلا تعطل سخت کاروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کیا جائے اور موصول ہونیوالی شکایات پر فوری مقدمات درج کئے جائیں ۔

  • ڈاکٹرعاصم کی گرفتاری پر بے حد افسوس ہے، سید قائم علی شاہ

    ڈاکٹرعاصم کی گرفتاری پر بے حد افسوس ہے، سید قائم علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایف آئی اے ایک دو روز میں سندھ سے واپس چلی جائے گی، میں نے وزیراعظم سے دورہ کراچی کے دوران شکوہ کیا کہ کرپشن صرف سندھ میں نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بدعنوانیاں پورے ملک میں ہیں لیکن سندھ کو کیوں نشانہ بنایا جارہا ہے؟ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر مجھے بے حد افسوس ہے، اس طرح کی کارروائیاں سندھ پر حملہ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں شاہراہ فیصل پر نصرت بھٹو انڈر پاس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ کا کہناتھا کہ انڈر پاس 54کروڑ روپے کی لاگت سے 130دن میں تعمیر کیا گیاہے اور اس سے لاکھوں لوگ کو سہولت ملے گی۔

    سید قائم علیشاہ کاکہنا تھا کہ ڈاکٹرعاصم کی گرفتاری پر مجھے بے حد افسوس ہے، کراچی آپریشن کا کپتان میں ہوں مجھے ہی اعتماد میں نہیں لیا گیا، میری اعلیٰ قیادت نے بھی مجھے ہی اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں نے ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر سے شکایت کی ہے، ڈی جی رینجرز سے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم سے متعلق کوئی ثبوت ہیں تو مجھے پیش کئے جائیں مگر کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کئے گئے۔

    سوک سینٹر پر رینجرز نے چھاپہ مارکر زمینوں کے کاغذات اپنے قبضے میں لئے جس میں شہریوں کے ساتھ ساتھ روینیو کی بھی اہم فائلیں موجود تھیں جو ٹرک میں بھرکر لے گئے نہ ہی اس کا کوئی مشیر نامہ بنایا گیا۔

    ایسا لگتا ہے کہ یہاںجنگل کا قانون نافذ ہے جس کی شکایت چوہدری نثار سے بھی شکایت کی گئی ہے،  سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے یقین دلایا ہے کہ ایف آئی اے سندھ سے واپس چلی جائے گی ۔

    سابق صدر آصف زرداری سے متعلق ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان آجائیں گے ،وہ طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے طبی معائنے کیلئے ملک سے باہر گئے ہیں۔

  • ن لیگ کا این اے 122 اور154 سے ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ

    ن لیگ کا این اے 122 اور154 سے ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: ن لیگ نے حلقہ این اے ایک سو بائیس اور ایک سو چوّن سے ضمنی الیکشن لڑنے کا فیـصلہ کرلیا، وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں ایم کیوایم کے استعفوں سے پیدا شدہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

    کپتان کی باؤنسرز کا مقابلہ کرنے کیلئے ن لیگ عوامی عدالت میں جائے گی، وزیراعظم نے ساتھوں سے مشاورت کرلی، اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطحٰ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ن لیگ نے حلقہ این اے 122 اور 154 سے ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

     وفاقی وزیرپرویزرشید نے اجلاس کے بعد ن لیگ کے ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا،  ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کیخلاف عوامی عدالت میں جانے سے نہیں گھبراتے، عوام نے پہلے بھی ن لیگ پراعتماد کا اظہارکیا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو ایم کیوایم سے مذاکرات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا اوراس کی رپورٹ بھی پیش کی گئی ۔

    اجلاس میں وزیراعظم نے ایم کیوایم کے مطالبات اورتحفظات پرساتھیوں سے صلاح مشورہ کیا اور مزید مشاورت کیلئے مولانا فضل الرحمان کو بلوالیا ۔

  • رینجرزکا وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کے ڈیرے پرچھاپہ، دو افراد گرفتار

    رینجرزکا وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کے ڈیرے پرچھاپہ، دو افراد گرفتار

    کراچی : کراچی کے علاقے کیماڑی میں رینجر ز نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اختر جدون کے ڈیرے پر چھاپہ مار کردو افراد کو حراست میں لے لیا۔

    رینجرز ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اختر جدون کے ڈیرے پر رینجرز کے چھاپے کے دوران دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

    جبکہ حراست میں لئے گئے محافظوں کو بھی پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا،ذرائع کے مطابق رینجرز کی چھاپے کے دوران اختر جدون اس مقام پر موجود نہیں تھے۔

  • آصف زرداری کی ایم کیو ایم اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کی ہدایت

    آصف زرداری کی ایم کیو ایم اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کی ہدایت

    کراچی : پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کے استفعوں پر مشاورت کے بعد کوئی بھی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیاہے، جس کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ نے پارٹی قیادت سے رابطہ کرلیا ہے کہ ایم کیو ایم اراکین کے استعفوں پرکیا کرنا ہے؟

    ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو استعفے منظور نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لئے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زردراری نے پی پی سندھ کے رہنماؤں کی بیٹھک لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔

    پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس اگلے ہفتے لندن یا دبئی میں متوقع ہے۔ اجلاس سے قبل سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم اراکین کے استعفوں پر فی الحال کسی ردعمل سے گریز کا فیصلہ کیا گیا۔