Tag: CM

  • عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، مکمل تعاون کی یقین دہانی

    عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، مکمل تعاون کی یقین دہانی

    مدینہ منورہ: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی ملاقات ہوئی اس دوران ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے مدینہ منورہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر چوہدری پرویزالہٰی نے عثمان بزدار کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    اسپیکر کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، دو درجن ایم پی ایز کے نون لیگ سے رابطے کے بیان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے حالات ہوئے تو نون لیگ کا بڑا گروپ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوگا۔

    ملاقات میں صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر بھی موجود تھے۔

    نیب میں بہتری لانے کے لیے مخالف جماعتوں سے تعاون کو تیار ہیں، نعیم الحق

    خیال رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ’نیب چھوٹی چھوٹی شکایات پر بزنس کمیونٹی کو طلب کر تی ہے، تاجر برادری کو اس حوالے سے شکایات ہیں‘۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’کچھ لوگ نہیں چاہتےہمارا مسلم لیگ ق سے اتحادمضبوط ہو اس لیے سازش کے تحت افواہیں پھیلائی گئیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں، وزیر اعظم کی ہدایت پر چوہدری شجاعت سے ملنے آیا اور ہم چوہدری شجاعت کے بطور وزیراعظم تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں‘۔

    اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افواہیں پھیلانے والوں کاکام ہی صرف افواہیں پھیلاناہے، کچھ لوگ چاہتے ہیں ہمارے درمیان رخنہ ڈالیں مگر ہمارا اتحاد برقرار رہے گا کیونکہ دونوں جماعتوں نے متحد ہوکر ساتھ چلنے کا عہد کیا ہے‘۔

  • کراچی میں گیس بحران، خواتین لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور

    کراچی میں گیس بحران، خواتین لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں گیس بحران سنگین ہوگیا، خواتین گھروں میں لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں گیس نہ ہونے کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی، گھروں میں چولھے ٹھنڈے پڑ گئے۔

    کراچی کے علاقے اولڈسٹی ایریا، کلفٹن، ڈیفنس،صدر، گلشن اقبال اور گلستان جوہر ایف بی ایریا سمیت پورے شہر میں گیس نایاب ہے۔

    گیس نہ ہونے کے باعث خواتین لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں، گیس کی قلت نے شہریوں کا سن ڈے بھی برباد کردیا۔

    خواتین کے ساتھ ساتھ مرد حضرات کی بھی چھٹی خراب ہوگئی، وہ بھی گھروں میں آتش دان کے لیے لکڑیاں جلاتے نظر آئے۔

    سندھ کی گیس سندھ والوں کو ہی نہیں مل رہی، مراد علی شاہ

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت گیس بحران کا فوری حال نکالے تاکہ اس پریشانی سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل ہو۔

    عوام کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی طرح گیس کی بھی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، کبھی چولھے پر گیس ہوتا ہے تو کبھی غائب ہوجاتا ہے۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کی گیس سندھ والوں کو ہی نہیں مل رہی، دیس کی کمی کے باعث کراچی کے شہری بھی چھٹی کے دن گھر کا کا کھانا کھانے سے محروم رہے۔

    دوسری جانب ایم ڈی سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ گیس نہیں ہے سردی سے شارٹ فال دو سو ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گیا ہے، ہفتہ میں دو دن ہفتہ اور اتوار کو صنعتی زونز کو گیس کی فراہمی بند کرنا پڑے گی۔

  • صاف پانی کی فراہمی: گورنر پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس، 7 رکنی کمیٹی تشکیل

    صاف پانی کی فراہمی: گورنر پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس، 7 رکنی کمیٹی تشکیل

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی زیرصدارت صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اس دوران 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صاف پانی کی فراہمی سے متعلق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، علیم خان، راجہ بشارت، محمود الرشید، ہاشم جواں بخت اور دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔

    اجلاس میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی سربراہی میں 7رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی 15 دن میں سفارشات گورنر اور وزیر اعلی پنجاب کو پیش کرے گی، اور گورنر پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیں گے۔

    اس موقع پر گورنر پنجاب نے ہدایت کی کہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، کمیٹیاں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور دیکھ بھال کی ذمہ داری ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتی ہے، مقامی حکومت کے قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزراد کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، حکومت عوام سے وعدے پورے کرے گی۔

    صاف پانی کمپنی کیس میں 20 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے صوبہ پنجاب کی صاف پانی کمپنی کیس میں 20 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف پہلے ہی مذکورہ کیس میں زیر تفتیش ہیں۔

    صاف پانی کمپنی میں اربوں کی لوٹ مار کی گئی: وزیرِ اطلاعات پنجاب

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ہی وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ ماضی میں صاف پانی کمپنی میں اربوں کی لوٹ مار کی گئی، کمپنی کا مقصد ہزاروں دیہات کو پانی کی فراہمی تھا۔

  • ای سی ایل میں نام ہونے کی نہ پہلے پرواہ تھی اور نہ ہی اب ہے: وزیراعلیٰ سندھ

    ای سی ایل میں نام ہونے کی نہ پہلے پرواہ تھی اور نہ ہی اب ہے: وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ ای سی ایل میں نام ہونے کی نہ پہلے پرواہ تھی اور نہ ہی اب ہے، پرائیویٹ دورے نہیں کیے، صرف حج کے لیے اور کربلا گیا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ ای سی ایل میں نام نکالنے کا کیا کرتی ہے اس کا علم مجھے نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ وہ معیشت اور وصولی بہتری پر توجہ دے، فنڈز نہیں ہوں گے تو ڈولپمنٹ کا کام کیسے ہوگا؟

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی عددی اکثریت کم ہے، وفاقی حکومت کو اپنے بنیادی کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام ڈال کر چاہتے ہیں ترقیاتی کام نہ ہوں، ہماری حکومت کوئی نہیں گراسکتا، 49 کیا ہمارا ایک بندہ بھی نہیں جائے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ کچھ پارٹی کے اراکین اپنے رہنماؤں کی ناپختگی سے نالاں ہیں، پی پی نے ہمیشہ حالات کا مقابلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی میں بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی شامل ہے اور ان سمیت 172 افراد کے نام آج ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔

  • بلوچستان کے حقوق کے تحفظ کی خاطر لگائے گئے منصوبوں کا خیرمقدم کریں گے: جام کمال

    بلوچستان کے حقوق کے تحفظ کی خاطر لگائے گئے منصوبوں کا خیرمقدم کریں گے: جام کمال

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ صوبے کے حقوق کے تحفظ کی خاطر لگائے گئے منصوبوں کا خیرمقدم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادرشپنگ یارڈ کے مجوزہ منصوبے سے متعلق اجلاس میں کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

    اجلاس کے دوران وزارت دفاعی پیداوار کے جوائنٹ سیکریٹری نے مجوزہ منصوبے پر بریفنگ دی، جبکہ عبدالرؤف رند سے مشیربرائے ماہی گیری کا عہدہ واپس لے لیا گیا۔

    صوبائی حکومت کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی اکبر آسکانی مشیر برائے ماہی گیری مقرر کردیئے گئے ہیں۔

    نوکریوں کا صرف اعلان نہیں کیا بلکہ عمل درآمد بھی کریں گے، وزیراعلیٰ جام کمال

    خیال رہے کہ رواں سال اکتوبر میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا تھا کہ سنجیدہ کوششیں کی جائیں، تو بلوچستان اور گوادر کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہر پلیٹ فورم پر بلوچستان کا مقدمہ لڑیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ این ایف سی میں بلوچستان کاحصہ بڑھے، ماضی میں بلوچستان کابہت نقصان ہوا ہے، بلوچستان اور گوادر کے مسائل بہت ہیں، جیوانی، گوادر، پسنی میں اربوں کی اسکیمیں نامکمل ہیں۔

  • سی پیک سے متعلق اہم اجلاس، وزیراعلیٰ سندھ چین کے دورے پر روانہ

    سی پیک سے متعلق اہم اجلاس، وزیراعلیٰ سندھ چین کے دورے پر روانہ

    کراچی: سی پیک سے متعلق اہم اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ چین کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی رہداری سے متعلق اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علیٰ شاہ سمیت وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی شریک ہوں گے۔

    چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے اجلاس میں سی پیک منصوبہ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، سندھ اور بلوچستان حکومتوں کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔

    سی پیک بلوچستان میں خوش حالی لائے گا:‌ وزیراعظم عمران خان

    کراچی سرکلر ریلوے کا معاملہ بھی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اجلاس میں پاک چین مثالی دوستی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    گذشتہ ہفتے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سی پیک پر سابقہ حکومت سے شکوے شکایتیں کیں اور خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بلوچستان نے سی پیک میں کچھ حاصل نہیں کیا، گوادرپورٹ کی سہولت عام آدمی کی زندگی میں بہتری نہیں لارہی، سی پیک میں بائیس ارب ڈالر خرچ ہوئے، بلوچستان میں ایک یا دو ارب ڈالر بھی خرچ نہیں ہوا۔

    خیال رہے کہ رواں سال 12 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک بلوچستان میں خوش حالی اور مواقع لائے گا۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان کی سی پیک پر سابقہ حکومت سے شکوے شکایتیں

    وزیراعلیٰ بلوچستان کی سی پیک پر سابقہ حکومت سے شکوے شکایتیں

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سی پیک پر سابقہ حکومت سے شکوے شکایتیں کی اور خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان نے سی پیک میں کچھ حاصل نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ گوادرپورٹ کی سہولت عام آدمی کی زندگی میں بہتری نہیں لارہی، سی پیک میں بائیس ارب ڈالر خرچ ہوئے، بلوچستان میں ایک یا دو ارب ڈالر بھی خرچ نہیں ہوا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان پر ڈالر خرچ نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔

    سی پیک بلوچستان کو مالی بحران سے نکالے گا، وزیراطلاعات بلوچستان

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ وزیراطلاعات بلوچستان ظہور احمد بلیدی نے کہا تھا کہ سی پیک بلوچستان کو مالی بحران سے نکالے گا، تافتان چمن بارڈر اور گوادر پورٹ سے بلوچستان کو فائدہ ہوگا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بلوچستان کی تاریخ میں کبھی بھی کابینہ کے اجلاس پر توجہ نہیں دی گئی، دو روزہ کابینہ اجلاس میں 40 کے قریب پالیسیاں بنائی گئی، کابینہ اجلاس میں تمام منصوبوں کو بہت باریکی سے دیکھا گیا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی عمران خان سے ملاقات، صوبے میں نئے منصوبوں کی یقین دہانی

    وزیراعلیٰ سندھ کی عمران خان سے ملاقات، صوبے میں نئے منصوبوں کی یقین دہانی

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس دوران عمران خان نے صوبے میں نئے منصوبوں کی یقین دہائی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ نے وزیراعظم سے 2 بجکر 20 منٹ پر تفصیلی ملاقات کی، وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کے ساتھ دوپہر کا کھانا بھی ساتھ کھایا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق دوپہر کے کھانے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے، مراد علی شاہ نے وزیراعظم سے کہا صوبے اور وفاق مل کر کام کرسکتے ہیں، صوبے اور وفاق کو ایک دوسرے کی آئینی حیثیت اور اہمیت تسلیم کرنا ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاق کے فور، کراچی سرکلر ریلوے منصوبوں پر وعدہ نبھائے، ہم چاہتے ہیں وفاق بجلی اور گیس کے منصوبے سندھ میں شروع کرے۔

    دوسری جانب وزیراعظم نے سندھ میں نئے منصوبوں کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی، اس دوران وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ سے دیہی علاقوں میں امن وامان کی صورتحال معلوم کی۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے بتایا کہ ماضی میں سندھ میں قافلے میں سفر کیا تھا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا اب پورے صوبے میں امن وامان بہترین ہے، وزیراعظم بغیر کانوائے کے سفر کرسکتے ہیں۔

  • پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

    پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لیے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزرائے اعلیٰ نے نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لیے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں، ہم اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم نے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے۔ صوبوں میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے کردار جاری رکھیں گے۔

  • تحریک انصاف کا پہلا صوبائی بجٹ پارٹی منشور کا آئینہ دار ہوگا: عثمان بزدار

    تحریک انصاف کا پہلا صوبائی بجٹ پارٹی منشور کا آئینہ دار ہوگا: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا پہلا صوبائی بجٹ پارٹی منشور کا آئینہ دار ہوگا، ہمارا بجٹ غریب آدمی کے لیے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں بجٹ سیشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات نظر آئیں گے، میں اور وزرا بجٹ سیشن کے دوران اسمبلی میں موجود رہیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی بجٹ سیشن اور بحث میں بھرپور حصہ لیں۔

    آئندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ر یلیف دینے کی کوشش کریں گے‘ عثمان بزدار

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا تھا کہ وسائل کم ہیں لیکن پھر بھی عوام کی فلاح دل کے قریب ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آئندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں گے، بجٹ اعداد کا ہیرپھیر نہیں بلکہ وسائل کے اندر ترقیاتی عمل کا عکاس ہوگا، کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کی بجٹ میں بنیادی حیثیت ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیراعظم عمران خان اس پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔