Tag: CM

  • پنجاب اب تحریک انصاف کا قلعہ بن چکا ہے: عثمان بزدار

    پنجاب اب تحریک انصاف کا قلعہ بن چکا ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبائی اراکین اسمبلی میرے دست وبازو ہیں، پنجاب اب تحریک انصاف کا قلعہ بن چکا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے دست وبازو ہیں، یہ صوبہ اب پی ٹی آئی کا گڑھ بن چکا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ شہزاد وسیم ہمارے سینیٹ کی نشست کے لیے امیدوار ہیں، شہزاد وسیم کو بھرپور طریقے سے کامیاب کرائیں گے۔

    پہلے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

    خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت سرگودھا کے اراکین صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار شہزاد وسیم کی کامیابی کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا۔

    اس دوران فلاح عامہ کے کاموں، ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا تھا کہ کہ وزیر اعظم عمران خان نے تبدیلی کا عمل اپنی ذات سے شروع کیا، کرپشن ملک کے لئے ناسور ہے، اسے ختم کرکے رہیں گے، پہلے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے۔

  • آج کا دن ہمیں تاریخ میں شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

    آج کا دن ہمیں تاریخ میں شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں تاریخ میں شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، صوبے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جام کمال نے آئی جی بلوچستان آفس میں سیکیورٹی سے متعلق قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صحافیوں سے بات چیت کی۔

    انہوں نے کہا کہ آج مذہبی لحاظ سے مسلمانوں کے لیے بڑا دن ہے، صوبے بھر میں یوم عاشور کے لیے بہتر سیکیورٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بہت سے ناخوشگوار واقعات گزرے ہیں، آج کا دن امن وامان اور بہتر طریقے سے اختتام پذیر ہوگا۔

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، سیکیورٹی سخت

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی بلوچستان آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں سے سیکیورٹی کی نگرانی کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگاکر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

  • بلوچستان حکومت نے وزرا کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی نئی گاڑیاں خرید لیں

    بلوچستان حکومت نے وزرا کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی نئی گاڑیاں خرید لیں

    کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے وزراء کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی نئی گاڑیاں خرید لیں، گاڑیوں کی مجموعی مالیت 13 کروڑ سے زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی جانب سے وزراء کے لیے بیس نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں، خریدی گئی گاڑیوں کی مجموعی مالیت تیرہ کروڑ سے زائد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خریدی جانیوالی گاڑیوں کی فی عدد قیمت پچاس سے پینسٹھ لاکھ روپے ہے، سابقہ وزراء کو دی جانے والی گاڑیاں بلوچستان حکام نے پرانی قرار دی دیں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ گاڑیوں کی خرید سابقہ حکومت نے کی ہے، سہولت دینے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

    بلوچستان میں آج 95 ہزارپودے لگائے جائیں گے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کام ہونا چاہیے، سیاستدان اور افسران کام کریں تو انہیں سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا تھا کہ کام اچھا ہوتا ہے تو افسران کو اچھی سہولتیں ملنی چاہئیں، اگر کام بہتر نہیں ہوتا تو اخراجات کم ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جو کچھ ماضی میں ہوا اس کی وجہ سے صوبہ خسارے میں ہے، بہتری کے لیے کوشش کررہے ہیں جبکہ تعلیم، صحت اورپانی کے مسائل سے متعلق پالیسی بنا رہے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا رات گئے بغیر پروٹوکول اسپتالوں کا دورہ، سہولیات کا جائزہ

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا رات گئے بغیر پروٹوکول اسپتالوں کا دورہ، سہولیات کا جائزہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول جنرل اور کاہنہ اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر مریضوں کو فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار نے پنجاب کے جنرل اور کاہنہ اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مریضوں کو فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور تیمارداروں سے سہولیات کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے کاہنہ اسپتال کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت کی، عیادت کے دوران مریضوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    عثمان بزدار کے جنرل اسپتال کے دورے کے موقع پر مریضوں کی جانب سے مناسب سہولیات نہ ملنے پر شکایت کی گئی، شکایات کے ازالے کے لیے ہی یہاں آیا ہوں، وزیراعلیٰ کا مریضوں سے مکالمہ بھی ہوا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی عمران خان کی سادگی کے نقش قدم پر

    صوبے کے وزیر اعلیٰ نے مریضوں کی شکایات دو کرنے اور ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ جنرل اسپتال میں صفائی کی ناقص صورت حال پر عثمان بزدار نے کافی برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز میں بھی مریضوں کی عیادت کی۔

    اس دورے کے موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں علاج معالجے کے حوالے سے جو کمی ہے اسے دور کریں گے، میرا مقصد مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنا ہے، اسپتالوں میں صفائی ستھرائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

    خیال رہے کہ ان اسپتالوں کے دورے کے موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین بھی وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ہمراہ تھیں۔

  • بلوچستان اسمبلی کے قائد ایوان کا انتخاب کل ہوگا

    بلوچستان اسمبلی کے قائد ایوان کا انتخاب کل ہوگا

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے قائد ایوان کے لئے انتخاب کل ہوگا، حکومتی اتحاد کے جام کمال اور اپوزیشن کے یونس عزیز زہری مد مقابل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا۔

    قائد ایوان کے لئے حکومتی اتحادیوں جماعتوں کی جانب سے بی اے پی کے صدر جام کمال اور اپوزیشن نے ایم ایم اے کے یونس عزیز زہری کو نامزد کردیا ہے۔

    دونوں امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔

    قائد ایوان منتخب ہونے کے لئے جام کمال کو واضع اکثریت حاصل ہے حکومتی اتحادی جماعتوں میں بی اے پی ، پی ٹی آئی ، اے این پی ، بی این پی عوامی ، ایچ ڈی پی ، اور جے ڈبلیوپی شامل ہیں جبکہ پوزیشن میں بی این پی مینگل ، ایم ایم اے ، ن لیگ، پشتونخواء میپ شامل ہیں۔


    مزید پڑھیں : بلوچستان اسمبلی:‌ عبدالقدوس بزنجو اسپیکراور موسیٰ خیل ڈپٹی اسپیکر منتخب


    گذشتہ روز سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو 15ویں اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے ، ان کو 39 ووٹ جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد نواز 20 ووٹ حاصل کرسکے۔

    بعدازاں سبکدوش اسپیکر راحیلہ درانی نے عبدالقدوس بزنجو سے نئے اسپیکر کے عہدے پر حلف لیا۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کے امیدوار موسیٰ خیل کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا ، انہوں نے 58 میں سے 36 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل اپوزیشن اتحاد کے امیدوار احمد نواز کو 21 ووٹ ملے۔ بابر موسیٰ خیل کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

  • مراد علی شاہ ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سندھ منتخب

    مراد علی شاہ ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سندھ منتخب

    کراچی: مراد علی شاہ ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کا مقابلہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے شہریار مہر سے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لیے ووٹنگ کی گئی۔

    قائد ایوان کے انتخاب کے لیے سندھ میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پیپلز پارٹی نے مراد علی شاہ کو نامزد کیا تھا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے شہریار مہر امیدوار تھے۔

    مراد علی شاہ نے97 ووٹ حاصل کیے جبکہ شہریار مہر کو 61 ووٹ ملے۔

    گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے رکن آغا سراج درانی اسپیکر جبکہ ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئیں۔ آغا سراج نے دوسری بار اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

    اسپیکر کے لیے آغا سراج درانی کا مقابلہ متحدہ اپوزیشن کے جاوید حنیف سے تھا۔

    آغا سراج کو 96 ووٹ جبکہ ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے، تین ووٹ مسترد بھی کیے گئے۔

    دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کی ریحانہ لغاری اور تحریک انصاف کی رابعہ اظفر آمنے سامنے تھیں۔

    پولنگ کے بعد ریحانہ لغاری نے 98 جبکہ رابعہ اظفر نے 59 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیے کل 158 ووٹ کاسٹ کیے گئے جس میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔

    یاد رہے کہ انتخابات کے بعد سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا تھا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا تھا۔

    پیپلز پارٹی کو سندھ اسمبلی میں 75 ارکان کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے۔ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پاس 23، ایم کیو ایم کے پاس 16، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے پاس 11، تحریک لبیک پاکستان کے پاس 2 اور متحدہ مجلس عمل کے پاس 1 نشست موجود ہے۔


    سندھ اسمبلی کا قیام

    یاد رہے کہ سندھ اسمبلی آئین پاکستان کے آرٹیکل 106 کے تحت قائم کی گئی۔

    اس ایوان کی 168 نشستیں ہیں جن میں سے 130 پر براہ راست انتخابات منعقد ہوتے ہیں جبکہ 38 نشستیں خواتین اور غیر مسلم اقلیتوں کے لیے مخصوص ہیں۔

    سندھ اسمبلی کا قیام سنہ 1937 میں عمل میں آیا تھا۔ اس کے پہلے اسپیکر دیوان بوج سنگھ تھے۔

  • تحریک انصاف کے محمود خان خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ منتخب

    تحریک انصاف کے محمود خان خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ منتخب

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔ ان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار میاں نثار گل سے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد ایوان کے انتخاب کے لیے خیبر پختونخواہ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لیے ووٹنگ کی گئی۔

    انتخاب شروع ہوتے ہی ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے۔ وزیر اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا۔

    محمود خان نے77 اور میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

    گزشتہ روز خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا تھا جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر اور محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔

    پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی اور متحدہ اپوزیشن کے لائق محمد خان مدمقابل تھے۔

    تحریک انصاف کے مشتاق غنی 83 ووٹ لے کر اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے لائق محمد کو 27 ووٹ ملے۔

    ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے محمود جان اور مسلم لیگ ن کے جمشید مہمند مدمقابل تھے۔

    پولنگ کے بعد محمود جان 78 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوئے جبکہ جمشید مہمند نے 30 ووٹ حاصل کیے۔

    یاد رہے کہ انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا تھا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا۔

    پختونخواہ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے۔

    اسمبلی میں تحریک انصاف کی 84، متحدہ مجلس عمل کی 13، عوامی نیشنل پارٹی کی 9، پاکستان مسلم لیگ ن کی 6، پاکستان پیپلز پارٹی کی 5، پاکستان مسلم لیگ ق کی 1 اور 3 آزاد امیدواروں کی نشستیں موجود ہیں۔

  • کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں: خیبرپختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ کی وضاحت

    کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں: خیبرپختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ کی وضاحت

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ محمود خان نے کرپشن سے متعلق وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ الزامات بے بنیاد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ پر بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے تھے، محمود خان کا کہنا ہے کہ اٹھارہ لاکھ کا چیک غلطی سے میرے نام پر کاٹا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ رقم جن کھلاڑیوں کا حق تھی انہیں مل گئی، مجھ پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، غلطی سے میرے نام پر چیک کاٹا گیا تھا۔

    قبل ازیں 2014 میں محمود خان خیبرپختونخواہ کی صوبائی کابینہ میں کھیل، سیاحت، میوزیم اور ثقافت کے وزیر تھے، 2013 میں انہوں نے اپنی وزارت کا حلف اٹھایا اور 2014 میں ان پر کرپشن کے الزامات لگے تھے۔


    میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں ، محمود خان


    ان پر 18 لاکھ روپے اپنے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام تھا جس کے بعد ان سے وزارت واپس لے لی گئی، تاہم اس کے بعد پھر انکوائری میں وہ کلئیر ہو گئے اور انکی وزارت میں کام کرنے والے کچھ بیوروکریٹ اس میں ملوث تھے۔

    بعد ازاں انہیں ایک بار پھر وزارت دے دی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان پر الزامات کلئیر ہو گئے تھے، جون 2014 میں ان کو ابلاغیات کا اور بعد میں داخلہ اور قبائلی امور کا وزیر بنادیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ آج محمود خان نے بنی گالہ آمد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں ، انھوں نے مجھ پر اعتماد کرکے عہدے کے لئے نامزد کیا۔

  • پنجاب میں ایسا وزیر اعلیٰ لے کر آئیں گے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے: شاہ محمود

    پنجاب میں ایسا وزیر اعلیٰ لے کر آئیں گے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے: شاہ محمود

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، ایسا وزیراعلیٰ لائیں گے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی اور پنجاب کے لیے عمران خان سب کی رائے لے رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، پیپلزپارٹی کا پنجاب کا ووٹر پی ٹی آئی کی طرف آیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آزاد امیدوار بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، عمران خان نے بھی کہا جو حلقہ کہیں گے کھولیں گے، تحریک انصاف کو حلقے کھلوانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، تحریک انصاف کی پنجاب میں حکومت بننی چاہیے۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہونی چاہیے، ایوان صدر کا تقدس ہے اسے برقرار رکھنا چاہیے، میری خواہش ہے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری 14 اگست کو ہو۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اچھا پیغام دیا ہے، مولانا فضل الرحمان نے رخنہ ڈالنے کی کوشش کی، مولانا فضل الرحمان اب اکیلے ہوگئے ہیں، الیکشن ہوگئے اب ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مبصرین، اقوام متحدہ اور فافن نے الیکشن کو درست قرار دے دیا، کوئی مانے یا نہیں عالمی طور پر الیکشن کو مانا گیا ہے، عوام نے بھی الیکشن 2018 کو مان لیا ہے، تحریک انصاف کو ایک کروڑ 68 لاکھ ووٹ ملا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے وہ نئے پاکستان کا ہے، پی ٹی آئی مشکل حالات میں حکومت سنبھالے گی، عوام جلد بہتر نتائج دیکھیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پرویز خٹک اور اسد قیصر وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہوگئے

    پرویز خٹک اور اسد قیصر وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہوگئے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد حکومت سازی کے لیے حکمت عملی تیز کردی، پارٹی نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کو وزارت اعلیٰ کا قلمدان نہ سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کو وزارت اعلیٰ کے پی کے کا قلمدان نہ سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے لیے شوکت یوسفزئی کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کو قومی اسمبلی کی نشست رکھنے کی ہدایت ہے، فیصلہ قومی اسمبلی میں عددی اکثریت پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے کے لیے آج سے مشاورت کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق کسی رہنما کو وزارت اعلیٰ کا منصب سونپا جائے گا۔

    علاوہ ازیں الیکشن 2018 میں سب سے زیادہ سیٹیں لینے والی پاکستان تحریکِ انصاف وفاق کے بعد پنجاب میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے نیا پنجاب بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے، سب سے بڑے صوبے میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف نے نمبر گیم پورا کرلیا۔

    دریں اثنا وفاق میں حکومت سازی کے لیے بنی گالہ میں اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی، سید فخر امام سمیت کئی آزاد ارکان نے کپتان کے ساتھ بیٹھک کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔