Tag: COAS Appointment

  • ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کا واحد طریقہ سیاسی استحکام ہے، فواد چوہدری

    ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کا واحد طریقہ سیاسی استحکام ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کا واحد طریقہ سیاسی استحکام ہے، جس کیلئے فوری شفاف الیکشن ضروری ہیں۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہم نے شروع سے کوشش کی کہ اہم تعیناتی کے معاملے کو غیرمتنازع رکھا جائے کیونکہ یہی ملک وقوم کے مفاد میں ہے،عمران خان نے کہا تھا کہ آئین و قانون کے اندر ہی بات ہوگی باہر نہیں جائیں گے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ آئین نے مفرور شخص سے مشاورت سے روکا ہے اس لیے تحفظات کا اظہار کیا، شہباز شریف کے ساتھ ساتھ پوری کابینہ مفرور شخص کے پاس لندن گئی تھی، شہباز شریف صرف ان لوگوں کے ساتھ مشاورت کرسکتے ہیں جو قانون کے مطابق ہوں۔

    مفرور مجرم سے اہم تعیناتی کی مشاورت پر اعتراض تھا
    انہوں نے کہا کہ متنازع جگہ پر بیٹھ کر ایک مفرور مجرم سے اہم تعیناتی پر مشاورت شروع کی گئی، ہم نے اس قسم کی مشاورت پر اعتراض اٹھایا تھا، تنازع تو انہوں نے شروع کیا، عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ لگنے والوں کا نہیں لگانے والوں کا ایشو ہے۔

    سائفر پر تحقیقات ہونی چاہیے
    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نظام میں کچھ ایسی خامیاں ہیں جس کی وجہ سے تعلقات پر بھی اثر پڑتا ہے، اگر  کوئی سمجھتا ہے کہ سازش نہیں ہوئی تو سائفر پر تحقیقات ہونی چاہیے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ صدر مملکت نے چیف جسٹس کو درخواست کی کہ تحقیقات کریں پھر بھی کچھ نہیں ہوا، پہلے کہا گیا کوئی سائفر نہیں آیا پھر مریم نواز وغیرہ نے بھی تنقید کی جس سے ثابت بھی ہوگیا کہ سائفر واقعی موجود ہے۔

  • نیا آرمی چیف کوئی بھی بنے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، اسدعمر

    نیا آرمی چیف کوئی بھی بنے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، اسدعمر

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ نیا آرمی چیف کوئی بھی بنے ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، جو میرٹ پر لگتا ہے اسے لگا دیں ہمار اکوئی پسندیدہ بندہ نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نیا آرمی چیف کوئی بھی بنے کوئی مسئلہ نہیں اور نہ ہی کوئی ہمارا فیورٹ ہے لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ جو تعینات کررہے ہیں وہ خود اس کے اہل ہیں بھی یا نہیں؟

    اسدعمر نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے، جلد از جلد انتخابات ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، پوری قوم اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو وہ شخص دھمکیاں دے رہا ہے جس کی اپنی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، عارف علوی کو ڈرا دھمکا کر کام کرانے والے انہیں نہیں جانتے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک اہم تعیناتی ہونے جارہی ہے، افسوس ہے کہ پورے ملک کا نظام ہی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے، افسوسناک بات ہے کہ ملک تیزی سے دیوالیہ ہونے جارہا ہے اور حکومت کی توجہ سب کام چھوڑ کر تعیناتی پر مرکوز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ریاستی نظام کو چلانے والوں کو اس کا حل نکالنا ہوگا، 21ویں صدی میں ایک ایٹمی ملک کو چلانے کا یہ کوئی طریقہ نہیں۔

    اسدعمر نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جو تعیناتی کررہے ہیں کیا ان کے پاس کوئی اخلاقی جواز ہے؟ ایک حکومت جس کے پاس مینڈیٹ کوئی نہ ہو وہ اتنے بڑے بڑے فیصلےکرسکتی ہے، یہ حکومت بیرونی مداخلت اور ضمیروں کی منڈی لگا کر وجود میں آئی۔