Tag: cold in Karachi

  • کوئٹہ میں برفباری : کراچی میں سردی کیسی پڑے گی؟

    کوئٹہ میں برفباری : کراچی میں سردی کیسی پڑے گی؟

    کوئٹہ : بلوچستان کے مختلف علاقوں زیارت، کان مہتر زئی، کوژک اور خانوزئی میں برف باری کے بعد سردی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد غالب گمان ہے کہ کراچی میں بھی سردی اپنا زور دکھائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے ملک میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    زیارت، مسلم باغ اور مستونگ کے علاقے لک پاس میں ہلکی برفباری ہوئی ہے جس کے سبب اہم شاہراہوں پر برف جمنے سے راستے بند ہوگئے۔

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کی اہم شاہراہیں کھولنے کے لئے آپریشن جاری ہے، پی ڈی ایم اے کے اہلکار شاہراہوں میں ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے کام میں مصروف عمل ہیں۔

    quetta

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، آج سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ مغربی علاقوں میں داخل ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بیس جنوری تک کوئٹہ، زیارت، چمن، بارکھان، قلات اور خضدار میں بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، جہلم اور چکوال میں بھی بادل برسیں گے۔

  • موسمی تبدیلی کا شاخشانہ، کراچی میں سردی فروری میں فرار

    موسمی تبدیلی کا شاخشانہ، کراچی میں سردی فروری میں فرار

    کراچی: موسمی تبدیلی کے اثرات شہر کراچی میں واضح دکھائی دینے لگے ہیں، اس بار سردی فروری میں ہی فرار ہو گئی اور گرمی کا موسم چھانے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی اچانک ختم ہو گئی ہے، پنجاب میں بھی سردی کچھ دن کی مہمان ہے، کراچی میں عام طور پر شروع فروری میں سردی ہوتی ہے، تاہم اس بار مہینے کے آغاز ہی میں موسم پوری طرح بدل گیا ہے۔

    چند قبل کراچی کے علاقے لیاری میں دھند بھی دیکھی گئی جو ایک غیر معمولی صورت حال تھی، کراچی میں عموماً اس طرح کی دھند نہیں پھیلتی۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں بتایا کہ آگے موسم خشک ہونے جا رہا ہے، دن میں تیز دھوپ ہوگی۔

    انھوں نے کہا چند دنوں میں بالائی علاقوں میں تو بارشوں اور برف باری کا نیا اسپیل شروع ہوگا لیکن سندھ اور کراچی میں سردی ختم ہو گئی ہے، اور اگلی سردی کا اب دسمبر کے آخرے ہفتے میں امکان ہے۔

    ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

  • کراچی میں سردی ، محکمہ موسمیات نے خبر دار کردیا

    کراچی میں سردی ، محکمہ موسمیات نے خبر دار کردیا

    کراچی : محکمہ موسمیات والوں نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں کراچی میں سردی بڑھ جائے گی تاہم آج مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں رات اورصبح کے اوقات میں درجہ حرارت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ، صبح کے وقت درجہ حرارت 22 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ چندروز میں شہرمیں سردی بڑھ جائےگی تاہم آج مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

    دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم خشک اورگرم رہےگا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹےمیں کراچی،لاہور،اسلام آباد،پشاور سمیت ملک کےبیشترعلاقوں میں کہیں موسم خشک توکہیں گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیراورگلگت بلتستان سمیت شمالی علاقوں میں موسم سردرہنے کا امکان ہے۔

    خیال رہے گلگت بلتستان میں موسم سرما کی پہلی لہر سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ، دیامر اور استور کے بالائی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔