Tag: cold weather

  • ملک بھر میں موسم سرد، پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان

    ملک بھر میں موسم سرد، پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان

    آج اتوار کو ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد، خشک، شمالی علاقوں میں شدید سرد، مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختون خوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے، پنجاب اور کے پی کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، کے پی کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر اور سوات میں ہلکی بارش اور برف باری کا بھی امکان ہے۔

    صبح اور رات میں مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک، مری، گلیات میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

    بہاولپور، ساہیوال، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں صبح اور رات میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک، شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جیکب آباد، موہن جودڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں دھند اور اسموگ کا امکان ہے۔ کشمیر میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جی بی میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم سرد

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم سرد

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں بھی چل پڑی ہیں اور موسم سرد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئے تک گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کے بعد شہر کا موسم سرد ہو گیا، ملیر، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، قائد آباد، اورنگی، کلفٹن، صدر، اولڈ سٹی ایریا اور اطراف میں بادل جم کر برسے۔

    بلدیہ، سائٹ ایریا، ناظم آباد، لیاقت آباد، نیو کراچی، سہراب گوٹھ، اور سپر ہائی وے پر بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج شام اور رات میں بھی بارش کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، 18 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    سندھ کے دیگر شہروں ٹھٹہ، جامشورو، کوٹری، سیہون اور گرد نواح میں بھی بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    بلوچستان کے علاقے گوادر، تربت، کیچ اور پسنی میں بادل خوب برسے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی ایک تک گر گیا ہے۔

  • سرد موسم میں مچھلی جھینگے کا استعمال کتنا ضروری ہے؟

    سرد موسم میں مچھلی جھینگے کا استعمال کتنا ضروری ہے؟

    کراچی : موسم سرما میں مچھلی کا استعمال انسانی صحت کیلئے کسی خزانے سے کم نہیں، اس موسم میں کم از کم ہفتے میں ایک بار گھر میں مچھلی ضرور پکانی چاہیے۔

    سردی کے موسم میں مچھلی اور جھینگے کھانے کے بے شمار طبی فوائد ہیں، ہمیں چاہئے کہ قدرت کی اس نعمت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو اپنے پھیپڑوں کو مضبوط بنانے کے لیے مچھلی کا استعمال کرنا ضروری ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ممتاز ہربلسٹ نے حکیم شاہ نذیر نے مچھلی اور جھینگے کے فوائد پر روشنی ڈالی اور صحت کی بہتری کے لیے مفید مشورے بھی دیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ مچھلی میں فاسفورس اور کیلشیم وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، اس کے علاوہ مچھلی بہت سے منرلز کا بھی بہترین ذریعہ ہے، ان منرلز میں پوٹاشیم، زنک، آئرن، میگنیشیم اور آئیوڈین شامل ہیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ مچھلی میں اومیگا تھری اور اومیگا سکس فیٹی ایسڈز بھی پائے جاتے ہیں، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز ایک چکنائی ہے جو تمام خلیوں کی جھلیوں میں پائی جاتی ہے۔

    حکیم شاہ نذیر نے کہا کہ مچھلی کو کھانے سے نہ صرف جسم کو حرارت ملتی ہے بلکہ اس کے بے حد قدرتی غذائی اجزاء جسم کو بے تحاشا بیماریوں سے لڑںے کی کی طاقت بھی فراہم کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرد موسم میں رہو مچھلی، بام مچھلی، ٹرائوٹ مچھلی، سنگھاڑا مچھلی، گلفاف مچھلی، تھیلہ مچھلی، سلور اور مشاہیر مچھلی قابل ذکر ہیں، سب سے طاقتور مچھلی پلہ ہے جو دریائے سندھ میں پائی جاتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس موسم میں جھینگے بھی بے حد مفید ہیں لیکن اس میں کولیسٹرول کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، لہٰذا مریضوں کو جھینگا کھلانے کیلیے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ لینا بہت ضروری ہے

    جھینگے اپنی لذت اور غذائیت کی بنا پر بہت پسند کیے جاتے ہیں، ان کے بہت سے طبی فوائد بھی ہیں مچھلی کی طرح ان میں بھی اومیگا تھری موجود ہوتا ہے جو دل کو صحت مند رکھتا ہے اور قلبی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ ان میں سلینیم کی خاصی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ کینسر سیلز بننے سے روکتی ہے۔

  • برطانیہ میں ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کی پیش گوئی

    برطانیہ میں ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کی پیش گوئی

    لندن: کرونا وبا کے بعد چالیس سال کی بد ترین مہنگائی کا سامنا کرنے والا برطانیہ اب ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کا سامنا کرنے والا ہے، محکمہ موسمیات نے ملک شدید ترین سرد موسم پیش گوئی کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں ہفتے شدید برف باری ہوگی، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے دس ڈگری نیچے جا سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس ہفتے برطانیہ میں شدید سرد موسم آنے والا ہے، جہاں راتوں رات درجہ حرارت -6C (21F) تک گر جائے گا۔ ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے سرد موسم کا تیسرے درجہ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے اسکاٹش ہائی لینڈز میں نچلی سطح پر 2 انچ اور سطح سمندر سے 650 فٹ بلندی والے علاقوں میں 4 انچ تک برف پڑنے کی وارننگ جاری کی ہے۔

    روسی تیل پر قیمت کی حد، ماسکو نے پہلے ہی سے تیار ہونے کا انکشاف کر دیا

    حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے اقدامات کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    درجہ حرارت اتنا کم ہوگا کہ ملک میں کہیں بھی برف پڑ سکتی ہے، لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اپنا ہیٹنگ استعمال کریں، اور ان لوگوں کا خاص طور پر خیال رکھیں‌جو کمزور ہیں۔

  • سردی کی آمد، سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں اضافہ

    سردی کی آمد، سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں اضافہ

    پشاور: سردی کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے بالائی علاقے کالام سمیت دیگر علاقوں میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے بری طرح متاثر مقامی آبادی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی فراہمی میں سردیوں کو مد نظر رکھا جائے، اور موسم کے حوالے سے ضروری اشیا کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔

    سردی سے بچاؤ کے سامان میں رضائی، سرانہ، تکیہ، مردانہ و زنانہ گرم شالیں، ہائی جین کٹس، جرابیں، گرم کوٹ اور بچوں کے گرم سوٹ وغیرہ شامل ہیں۔

    برداشت آرگنائزیشن خیبر پختون خوا اور مردان اینڈیور لائینز کلب کی جانب سے سردیوں سے بچاؤ کا امدادی سامان کالام کے متاثرہ علاقوں اتروڑ، کالام، گاؤں بان پالبر، لائیکوٹ پشمال، چم گھڑی، اور پشمال بوڈے کمر کے 300 متاثرین میں نجی ادارے افکو کے تعاون سے امدادی سامان تقسیم کیا۔

    اس موقع پر پاکستان آرمی اور ایف سی کے آفیسر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، ادارے کی چیئرپرسن نیلم طورو نے کہا متاثرہ بالائی علاقوں میں خواتین اور بچوں کو امدادی سامان کی بہت ضرور ہے۔

  • کویت کے صحرائی علاقوں کے عوام کیلئے اچھی خبر

    کویت کے صحرائی علاقوں کے عوام کیلئے اچھی خبر

    کویت : محکمہ موسمیات نے سردی کی شدید لہر آنے کی پیشنگوئی کردی ہے، محکمہ موسمیات نے آج بروز جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ دن کے وقت موسم سرد جبکہ رات کو شدید سرد رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بعض علاقوں بالخصوص زرعی اور صحرائی علاقوں میں ٹھنڈ پڑنے کے قوی امکانات ہیں۔

    موسم کی پیشن گوئی کرنے والے مبصر عبدالعزیزالقراوی نے مزید کہا کہ ملک شمال مغرب سے یورپی ہواؤں توسیع سے متاثر ہوا ہے اس کے ساتھ تیز ٹھنڈی ہوا بھی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    القراوی نے کہا کہ متوقع زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13 سے 15 ڈگری سیلسیس کے درمیان اور کم سے کم درجہ حرارت ایک سے 5 ڈگری سیلسیس کے درمیان متوقع ہے۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ جیسے جیسے جمعرات کو دن بڑھتا جائے گا یورپی ہوا کا حجم گہرا ہوتا جائے گا اس کے ساتھ ایک بہت ہی سرد اور تیز ہوا کا ماس ہوگا جو کچھ علاقوں خاص طور پر کھلے علاقوں میں دھول اُٹھائے گا اور سمندری لہریں 6 فٹ سے زیادہ بلند ہوں گی۔

    انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کل شام موسم انتہائی سرد رہے گا اور صحرائی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت صفر ڈگری سیلسیس سے نیچے گر جائے گا۔

    انہوں نے اشارہ کیا کہ سرد موسم اگلے جمعہ اور ہفتہ کو دن کے وقت تک جاری رہے گا جس میں اعتدال سے تیز شمال مغربی ہوائیں چلیں گی اور متوقع زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا جبکہ موسم رات کے وقت شدید سرد ہو گا جس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 سے 3 ڈگری سیلسیس اور سمندری لہریں 7 فٹ سے زیادہ اٹھ سکتی ہیں۔

  • کراچی میں شدید سردی کی لہر آنے کو تیار، محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

    کراچی میں شدید سردی کی لہر آنے کو تیار، محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹے میں کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں بارش اور ملک کے بالائی حصوں میں برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا ، جس کے باعث کراچی میں آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں سردی کی لہر بڑھ جائے گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، مطلع کہیں صاف اور کہیں ابرآلود رہے گا، صبح کے وقت درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    صوبے کے شمالی اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، خاران،چاغی،نوشکی، واشک، کوئٹہ،زیارت، پشین،لورالائی، چمن،ژوب، قلعہ سیف اللہ میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا ،اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بارش جبکہ گلگت بلتستان اورکشمیر میں بارش اور برفباری متوقع ہے اور پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شد ید دھند کا امکان ہے۔

  • کوئٹہ میں بارش ، کراچی کے موسم کے حوالے سے  بڑی پیشگوئی

    کوئٹہ میں بارش ، کراچی کے موسم کے حوالے سے بڑی پیشگوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی کا موسم مزید سرد ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں سردی کی لہر جاری ہے ،آج دن میں موسم خشک اور رات میں سرد رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہے اور 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں ہوا 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی اور درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری تک رہےگا۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے ، کوئٹہ میں بارش کے بعد کراچی کا موسم مزید سرد ہونےکی پیشگوئی

    دوسری جانب ملک کےبیشترعلاقوں میں آج بھی سردی کی لہربرقراررہے گی، چند ایک مقامات پربارش اورپہاڑوں برفباری کابھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹےمیں کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاورسمیت ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم سرداور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اورپہاڑوں پربرفباری بھی متوقع ہے۔

  • شدید سردی کے باعث مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے بند

    شدید سردی کے باعث مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے بند

    ریاض : شدید سردی نے کاروبار زندگی معطل کردیا، کھلا پانی بھی جمنے لگا، مختلف شہروں میں اسکول آنے کے اوقات مؤخر اور اسمبلیاں ختم کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں لہو جما دینے والی سردی نے ڈیرے جما لیے، سعودی عرب میں سردی کی شدید لہر کے باعث متعدد شہروں میں آج بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ دیگر شہروں میں اسکول اوقات مؤخر اور اسمبلیاں ختم کردی گئیں۔

    سعودی میڈیا کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر کے باعث سعودی محکمہ تعلیم نے طلباء و طالبات کے والدین کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ صورتحال کے مطابق فیصلہ کریں کہ انہیں اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا ہے یا نہیں۔

    اس کے علاوہ اسکول بند کرنے یا نہ کرنے کا اختیار بھی اسکولوں کی انتظامیہ کو دے دیا ہے تاہم منگل سے جمعرات تک اسکول کی اسمبلی معطل رہیں گی۔

    دوسری طرف ماہر موسمیات عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ سردی کی لہر سعودی عرب کے مختلف شہروں میں آج بھی رہے گی۔
    انہوں نے کہا ہے کہ شمالی علاقوں میں سردی زیادہ شدید ہوگی تاہم آج اس میں مزید پھیلاؤ ہوگا۔

    دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شمالی اور وسطی علاقوں سمیت آج مدینہ منورہ میں سردی کی شدت محسوس کی جائے گی، محکمے نے کہا ہے کہ رات کے وقت خصوصی طور پر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، کھلا پانی جم جائے گا۔

  • کراچی میں 22 جنوری سے سردی   میں کمی کا امکان

    کراچی میں 22 جنوری سے سردی میں کمی کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 22 جنوری سے سردی میں کمی کاامکان ہے ، آج بھی کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں پارہ منفی10ڈگری سینٹی گریڈ پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی کی لہر برقرار ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت23 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 22 جنوری سے سردی میں کمی کاامکان ہے جبکہ آج شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

    خیال رہے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ کراچی میں جمعہ اور ہفتہ کودرجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے ، درجہ حرارت 6 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    کو ئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سےگرگیا، وادی کوئٹہ کے اطراف کے پہاڑ سفید چادر اوڑھے ہوئے ہیں اور پارہ منفی10 ڈگری  سینٹی گریڈ پہنچ گیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں رواں ہفتے درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی

    محکمہ مو سمیات کے مطابق زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13 ، قلات میں منفی 12، ژوب میں منفی 2،دالبندین میں منفی 3 اور پنجگور اور نوکنڈی میں صفر ڈگری سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا،محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے میں کراچی،کوئٹہ،لاہور، اسلام آباد،پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنےکی پیشگوئی کی ہے،جبکہ شمالی علاقوں اور بلو چستان کے اضلاع آج بھی یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے۔