Tag: collapse

  • غزہ کا مسئلہ انسانیت کے اجتماعی ضمیر کو زخمی کررہا ہے، ترک صدر

    غزہ کا مسئلہ انسانیت کے اجتماعی ضمیر کو زخمی کررہا ہے، ترک صدر

    ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ غزہ کا مسئلہ انسانیت کے اجتماعی ضمیر کو زخمی کررہا ہے، غزہ میں انسانیت کا امتحان لیا جار رہا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے غزہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے معاملے کو صرف زمین کے چھوٹے سے ٹکڑے کی نہیں بلکہ انسانی تباہی کے طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری سے بچے، خواتین اور بوڑھے افراد نشانہ بن رہے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری نے شہروں کو رہائش کے قابل نہیں چھوڑا ہے، عبادت گاہیں، اسکول، گھر اور اسپتال سب ملیا میٹ ہوچکے ہیں۔

    ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں غذا، پانی صحت اور بجلی کی سہولتیں تباہ ہوچکی ہیں، اب بھوک، پیاس، وبائی امراض پھیل رہے ہیں، اسرائیلی حملوں سے وہاں 61 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے 160 بچوں کو گولی مار کر قتل کیے جانے کے واقعات پر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے رپورٹ جاری کردی۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 160 میں سے 95 بچوں کو سر یا سینے پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا جن کی عمریں 12 سال سے بھی کم تھیں۔

    بی بی سی ورلڈ سروس کی تحقیق کے مطابق نومبر 2023ء میں غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے دوران دو سال اور 6 سال کی بچیاں الگ الگ واقعات میں شہید ہوئیں، یہ دونوں 160 سے زائد ایسے بچوں میں شامل ہیں جو غزہ پر جنگ کے دوران گولیوں کا نشانہ بنے۔

    فلسطینیوں کو غزہ سے بےدخل کر کے افریقی ملک میں آباد کرنے کا اسرائیلی منصوبہ

    انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اتنے بچوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کو نیو نارمل معمول کے طور پر قبول نہیں کر سکتی۔

    اقوام متحدہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جولائی میں غزہ کی پٹی میں تقریباً 13 ہزار بچے شدید غذائی قلت کے باعث اسپتال میں داخل کیے گئے۔

  • بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی جس سے 2 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ شٹرنگ گرنے سے 5 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے مزدوروں کو نکالنے کا کام شروع کیا جس کے بعد ایک مزدور کی ہلاکت کا علم ہوا جبکہ بقیہ مزدور زخمی حالت میں نکال لیے گئے۔

    بعد ازاں ایک اور مزدور اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، تینوں مزدوروں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریلر نے 2 پِلرز کی شٹرنگ کو نقصان پہنچایا، ٹریلر کی پہلی ٹکر سے ایک پلر کی شٹرنگ نیچے گری جس کے بعد کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے بھارہ کہو واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

  • وادی ہنزہ: لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان روانہ، متبادل راستے سے ٹریفک جاری

    وادی ہنزہ: لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان روانہ، متبادل راستے سے ٹریفک جاری

    گلگت: گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں حسن آباد پل ٹوٹنے کے بعد وزیر اعظم نے ہنگامی اقدامات کا حکم دیا ہے، حسن آباد میں لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج سے تباہی پر ہنگامی اقدامات کا حکم دے دیا، وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں سے نقصانات پر ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ عوام کی حفاظت اور محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔

    انہوں نے متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ضروری ہنگامی سامان پہنچانے اور وفاقی اداروں کو گلگت بلتستان کی حکومت کی بھرپور معاونت کرنے کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے زرعی زمین، پینے کے پانی کے نظام کی تباہی اور 2 بجلی گھروں کے متاثر ہونے کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے 700 اور 250 میگا واٹ بجلی گھروں کی جنگی بنیادوں پر بحالی کا حکم دیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بجلی گھروں کی بحالی و مرمت کے اخراجات وفاقی حکومت ادا کرے گی، وزیر اعظم نے شاہراہ قراقرم کو پہنچنے والے نقصان پر بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    موجودہ صورتحال

    ہنزہ میں حسن آباد پل ٹوٹ جانے سے قراقرم ہائی وے پر ٹریفک تاحال بند ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن آباد میں لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

    قراقرم ہائی وے کے متبادل نگر اطراف سے بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کوسٹرز کے علاوہ دیگر بڑی گاڑیوں کو متبادل روٹ سے نہیں گزارا جائے گا، کوسٹرز کو بھی مقررہ اوقات میں متبادل روٹ سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔

  • کرپٹو کرنسی کی ویلیو گرنے کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کرپٹو کرنسی کی ویلیو گرنے کی اصل وجہ سامنے آگئی

    بیجنگ : کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں گزشتہ روز 30 فیصد کمی دیکھی گئی، بٹ کوائن کی قیمت گذشتہ ماہ ریکارڈ 63 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں کمی چین کی جانب سے کرپٹو کرنسیز پر پابندی اور ایلون مسک کی جانب سے اس عندیے کے بعد ہوئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اپنی بٹ کوائنز کی بڑی تعداد بیچنے کا ادارہ رکھتی ہے۔

    33ہزار ڈالر سے زائد قیمت پر واپس پہنچنے سے پہلے ورچوئل کرنسی کی قیمت 30 ہزار ڈالر تک گر گئی جو گذشتہ ماہ پہنچنے والی اس کی ریکارڈ قیمت کے نصف سے بھی کم ہے۔ یہ ابھی بھی رواں سال کے آغاز کی قیمت کی سطح سے بلند ہے۔

    چین میں منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے سال2019 سے کرپٹو کرنسیز کی ٹریڈنگ پر پابندی عائد ہے کیونکہ قائدین لوگوں کو بیرون ملک نقد رقم منتقل کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں، اس شعبے کی عالمی تجارت میں ملک کا حصہ 90 فیصد تھا۔

    بدھ کو چینی حکام کا کہنا تھا کہ لین دین میں کرپٹو کرنسیز کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرمایہ کاروں کو اس میں ٹریڈنگ کی قیاس آرائیوں کے حوالے سے انتباہ کیا گیا ہے۔

    بٹ کوائن کی قیمت میں بہت اضافہ دیکھا گیا جس کی ایک وجہ ایلون مسک اور ٹیسلا بھی تھے لیکن گذشتہ ہفتے ٹیسلا نے کرپٹو کرنسی سے ماحول پر پڑنے والے مضر اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے لوگوں کی بٹ کوائن سے الیکٹرک گاڑیوں کی ادائیگی پر بریک لگا دی۔

    پھر ایلون مسک نے اس بات کی وضاحت سے قبل کہ کمپنی نے کوئی بٹ کوائن نہیں بیچا ہے، تجویز دی کہ ٹیسلا اپنے پاس موجود بٹ کوائنز کی بڑی تعداد کو فروخت کرنے کا ارادہ کر رہی ہے۔

    بٹ کوائن کے لیے بدھ کا سارا دن اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا۔ اس کی قیمت 45,600 ڈالر سے گر کر 40 ہزار ڈالر تک آ گئی۔ اس کے بعد 30ہزار ڈالر تک گرنے سے قبل یہ پھر اوپر آئی اور اس کے بعد پھر 33 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ خیال رہے کہ بٹ کوائن کی قیمت گذشتہ ماہ ریکارڈ 63 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

  • امریکا کے مشہور سیاحتی مقام پر چٹان کا ٹکڑا گرنے سے تین افراد ہلاک

    امریکا کے مشہور سیاحتی مقام پر چٹان کا ٹکڑا گرنے سے تین افراد ہلاک

    واشنگٹن :سیکیورٹی اداروں نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ پولیس ریسکیو کتوں کے ذریعے ممکنہ طور پر ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک مشہور ساحلی سیاحتی مقام پر تیس فٹ لمبا ایک پہاڑی چٹانی ٹکڑا گرنے سے کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے، ہلاک شدگان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ چٹان سان ڈیئگو کے ساحلی شہر کے شمال میں واقع گرینڈ ویو بیچ کے مقام پر گری۔ پولیس ریسکیو کتوں کے ذریعے ممکنہ طور پر ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے،اس چٹانی ٹکڑے کے ٹنون وزنی ملبے تلے بہت سی کرسیاں اور سرفنگ بورڈز دب گئے ہیں۔

    حکام کے مطابق متعلقہ چٹان کا باقی حصہ گرنے کا خطرہ بھی ہے اور اسی لیے امدادی کارکن انتہائی احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھاکہ افسوس ناک حادثے میں زخمی ہونے والے متاثرین کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں البتہ حادثے میں کسی بچے کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سنہ 2016 اور 2008 میں بھی مذکورہ سیاحتی مقام پر مٹی کا تودہ گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئےتھے۔

  • ممبئی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں و 11 زخمی برآمد

    ممبئی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں و 11 زخمی برآمد

    نئی دہلی : بھارتی شہر ممبئی میں دوروز قبل گرنے والی قدیمی چار منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں، امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں دو روز  قبل زمین بوس ہونے  والی قدیمی چار  منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں، امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ منہدم ہونے والی عمارت ممبئی کے انتہائی گنجان آباد علاقے ڈونگری میں واقع ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ڈونگری میں ملبہ ہٹانے والی بھاری اور بڑی مشینوں کا پہنچنا ناممکن تھا ، اسی باعث ریسکیو ٹیموں کوبھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عمارت کے گرنے کی وجہ مون سون کی شدید بارشیں خیال کی گئیں۔

    دو دن سے جاری بارشوں کی ہلاکت خیزی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، تازہ واقعے میں شمالی ریاست ہماچل پردیش میں ایک عمارت گرنے کے بعد دو دنوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ نیپال سے بھارت میں داخل ہونے والے بارشوں کے سبب مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 5 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے، سب سے زیادہ نقصان آسام میں ہوا جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہے۔

  • امریکا اور شمالی کوریا کی ناکام ملاقات کی وجہ ٹرمپ کے کاغذ کا ایک ٹکڑا قرار

    امریکا اور شمالی کوریا کی ناکام ملاقات کی وجہ ٹرمپ کے کاغذ کا ایک ٹکڑا قرار

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ کو ایک کاغذ کا ٹکرا دیا تھا جس میں تحریر تھا کہ وہ اپنا جوہری اسلحہ اور بم امریکا منتقل کردیں جس کے باعث ویتنام میں ہونے والی ملاقات ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان گزشتہ ماہ ویتنام میں منعقدہ اجلاس کی ناکامی ٹرمپ کی جانب سے دیئے گئے کاغذ کے ایک ٹکڑے کو قرار دیا جارہا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ ان کو کاغذ کا ایک ٹکڑا تھمایا تھا جس میں مبینہ طور پر شمالی کوریا سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنا جوہری اسلحہ اور بم امریکا منتقل کردے۔

    رپورٹ کے مطابق شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے پہلی مرتبہ کم جونگ اُن کو براہ راست غیر مسلح ہونے کے حوالے سے ان کے مطالبے اور طریقہ کار سے آگاہ کیا تھا۔

    امریکا کے موجودہ قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے 2004 میں ایک تجویز دی تھی کہ شمالی کوریا اپنا اسلحہ امریکا کے حوالے کرے اور اپنی اسی تجویز کو انہوں نے گزشتہ برس بھی دہرایا تھا، جب انہیں باقاعدہ طور پر اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ٹرمپ کے کاغذ کے ٹکڑے میں کس طرح سے غیر مسلح ہونا ہے اور اسلحے کو امریکا کے حوالے کیسے کیا جائے اس کی تمام تفصیلات درج تھیں۔

    وائٹ ہاوس کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا جبکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اس کاغذ میں درج تفصیلات کے حوالے سے کچھ بتانے سے گریز کیا۔

    یاد رہے کہ 28 فروری کو ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات اچانک ختم ہوگئی تھی جس کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کی جانب سے امریکی پابندیاں ہٹانے کے اصرار پر ملاقات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سربراہی ملاقات کی ناکامی کا ذمہ دار شمالی کوریا کو قرار دیا تھا کہ کم جونگ اُن نے جوہری ہتھیاروں کا مکمل استعمال ترک کرنے پر آمادہ ہوئے اور بغیر امریکا کے پیانگ یانگ پر عائد تمام پابندیاں ہٹائے جانے پر اصرار کیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے طے شدہ وقت سے قبل سربراہی اجلاس ختم ہونے کے بعد الوداعی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بعض اوقات آپ کو چلنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ایک تجویز کردہ معاہدے پر دستخط ہونے تھے لیکن میں جلد بازی کے بجائے درست معاہدہ کرنا بہتر سمجھتا ہوں، امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم کچھ خاص کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان نے ملاقات کے بعد ظہرانے اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کرنی تھی تاہم وہ بھی منسوخ ہوگئی۔

    خیال رہے کہ پیانگ یانگ اپنے جوہری پروگرام کو خلیج نما کوریا کی سیکیورٹی کی مضبوط ترین ضمانت کے طور پر دیکھتا ہے۔

    اس حوالے سے کم جونگ اُن سے جب پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کے لیے تیار ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ اگر میں ایسا نہیں کرنا چاہتا تو میں اس وقت یہاں نہیں ہوتا۔

    امریکی صدر نے شمالی کوریا پر دباو ڈالنے کے بجائے اعلان کیا کہ ایک فوری معاہدے کے بجائے وہ ایک درست معاہدے کے خواہش مند ہیں۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ کم ملاقات بےسود ثابت، دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی بڑھنے لگی

    یاد رہے کہ  ہنوئی میں ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات ناکام ہونے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

    جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ جنگی مشقیں ہونے جارہی ہیں جس پر شمالی کوریا نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے قیام امن کی کوششوں میں رکاوٹ قرار دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شمالی کوریائی حکام نے عنقریب ہونے والی ان جنگی مشقوں کو کھلا چیلنج قرار دیتے ہوئے اسے فوری روکے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

  • برازیل میں ڈیم ٹوٹنے سے 9 افراد ہلاک، 200 سے زائد لاپتہ

    برازیل میں ڈیم ٹوٹنے سے 9 افراد ہلاک، 200 سے زائد لاپتہ

    براسیلیا : جنوب مشرقی برازیل میں لوہے کی کان سے نکلنے والا مواد روکنے کیلئے بنایا گیا ڈیم ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد لاپتا اور نو افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز  لوہے پر تعمیر ڈیم ٹونے کے باعث کیچڑ کے سمندر نے ڈیم کے کینٹین کو دفن کردیا، جہاں ملازمین کھانا تناول کررہے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برازیل کی ریاست میناس جیرائس میں متاثرہ علاقے برومڈینو میں ریسکیو عملہ بھاری مشینری کے ذریعے لاپتہ افراد کو تلاش کررہا ہے۔

    صوبے کے گورنر رومیو زیما کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کے زندہ برآمد ہونے امکانات انتہائی کم ہیں جبکہ نو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    گورنر رومیو زیما کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز 100 کے قریب فائر فایئٹر رسیکیو آپریشن میں شریک تھے جبکہ ہفتے کو مزید 100 ریسکیو اہلکار آپریشن میں شامل ہوئےہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی، متعدد مکانات گاڑیاں اور دیگر املاک بھی سیلابی ریلے کی زد میں آکر تباہ ہوگئی۔

    برازیلن حکام کا کہنا ہے کہ لوہنے کی کان پر بنایا گیا ڈیم ٹوٹنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریاست میناس جیرائس میں تین سال قبل بھی ڈیم ٹوٹا تھا جس کے نتیجے میں 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

  • چین : کوئلے کی کان بیٹھنے سے 21 مزدور ہلاک

    چین : کوئلے کی کان بیٹھنے سے 21 مزدور ہلاک

    بیجینگ : چین کے صوبے شانسی میں کوئلے کی کان افسوس ناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 21 افراد ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے شمال مغربی صوبے شانسی میں کوئلے کی کان اچانک بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ درجنوں کو زندہ بچالیا گیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ کان میں کل 87 مزدور موجود تھے، ریسکیو آپریشن کے دوران پہلے 19 افراد کی لاشیں نکالی گئی تھیں بعد میں مزید 2 افراد کی لاشیں اور نکالیں گئیں۔

    کوئلے کی کان میں کام کرنے والے ایک ڈرائیور نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کررتے ہوئے بتایا کہ کان بہت چھوٹی تھی جو اچانک بیٹھ گئی تاہم ابھی تک کان بیٹھنے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں ہیں لیکن واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ چین میں کوئلے کی بیشتر کانیں نجی اداروں و کمپنیوں کے زیر انتظام ہیں جس کے باعث وہاں حفاظتی انتظامات نہیں ہیں یا نہ ہونے کے برابر ہیں وہ آئے روز حادثات کا باعث بنتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : چین میں کان کے قریب دھماکہ‘ 11 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں چین کے لیاؤننگ صوبے میں لوہے کی کان کے دروازے کے قریب بارود سے بھرا ٹرک پھٹنے سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 9 زخمی اور 25 افراد ملبے تلے پھنس گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : چین: کوئلے کی کان میں لفٹ گرگئی‘ 17 کان کن ہلاک

    مارچ 2017 میں شمال مشرقی چین کے صوبے میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے کان کن لفٹ کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو رہے تھے کہ اچانک لفٹ گر گئی، جس کے نیتجے میں 17 چینی کان کن موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

  • گورنر سندھ نے 8 سالہ بچے پر بجلی کے تار گرنے کا نوٹس لے لیا

    گورنر سندھ نے 8 سالہ بچے پر بجلی کے تار گرنے کا نوٹس لے لیا

    کراچی : نومنتخب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بچے پر تار گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق عمران اسماعیل نے گورنر سندھ منتخب ہونے کے بعد احسن آباد میں 8 برس کے بچے پر تار گرنے کا پہلا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعے وضاحت طلب کرلی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 8 سالہ بچے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کی ہے، جبکہ ساتھ ساتھ کمشنر کراچی سے واقعے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فرام کرنے کی ہدایات جاری کردی۔

    یاد رہے کہ احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث بجلی کے تار گرنے سے  بچے کے دو نوں بازو ضائع ہوچکے ہیں جسے ڈاکٹرز نے آپریشن کے بعد کاٹ کر جسم سے علیحدہ کردیا ہے، بچے کے ساتھ المناک حادثہ پیش آنے کی وجہ سے والدین غم سے نڈھال ہیں۔

    برنس سینٹر کے انچارج ڈاکٹر احمر کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت کوشش کی لیکن عمر کے بازو نہ بچا سکے، عمر کے دونوں بازو بری طرح جھلس چکے تھے، جنہیں کاٹنے کے سوا کوئ چارہ نہ تھا۔

    متاثرہ بچے کے والدین کی جانب سے کے الیکٹرک کی لاپرواہی پر ادارے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان نے کنڈے کے تار سے 8 سالہ عمر کے بازو ضائع ہونے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر بے حد افسوس ہے، فیملی سے دلی ھمدردی رکھتے ہیں اور بچے کی صحتیابی کیلیے دعاگو کیے ہیں۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معماملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔