Tag: Colombo

  • پاکستان کے سری لنکا سے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں ، شاہ محمود قریشی

    پاکستان کے سری لنکا سے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں ، شاہ محمود قریشی

    کولمبو : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، یہ ایک خود مختار ملک ہے جس کے ساتھ چاہے تعلقات استوار کرے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو روزہ دورہ سری لنکا  کے اختتام اور قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سری لنکا ایک خود مختار ملک ہے، کسی بھی ملک  کے ساتھ روابط سری لنکا کا اندرونی معاملہ ہے۔ جن ممالک کے ساتھ چاہے تعلقات استوار کرے یہ اس کا حق ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ہمارا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔

    اس کے علاوہ پاک سری لنکا تجارت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، ہم مستقبل میں بھی آزادانہ تجارت کے معاہدے سے فائدہ اٹھائیں گے اور خدمات کے شعبے میں ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ سری لنکا کے مراسم گہرے اور دیرینہ ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں، دہشت گردوں کیخلاف کاررروائی میں پاکستان نے سری لنکا کا بھرپور ساتھ دیا۔

    واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرکے قطر روانہ ہوگئے ہیں، شاہ محمود قریشی نے دورہ سری لنکا میں اہم ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں سری لنکن قیادت سے تعلقات اور کثیرالجہتی اقتصادی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

    اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کل قطر میں کوالالمپورسمٹ کی وزارتی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

  • انڈرنائنٹین ایشیا کپ : بھارت نے پاکستان کو 60رنز سے شکست دے دی

    انڈرنائنٹین ایشیا کپ : بھارت نے پاکستان کو 60رنز سے شکست دے دی

    کولمبو : انڈر19 ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان روایتی حریف بھارت سے ہار گیا، بھارت کے306 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں245رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انڈر نائنٹین ایشیا کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 60رنز سے شکست دے دی، بھارت کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    بھارتی ٹیم نے ارجن آزاد اور تلک ورما کی سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

    بھارت کی جانب سے ارجن آزاد نے 121 اور تلک ورما نے 110 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور محمد عباس آفریدی نے تین تین کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    بھارتی ٹیم کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن رہا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، کپتان روحیل نذیر اور حارث خان نے مزاحمت کی تاہم وہ ٹیم کو روایتی حریف کے خلاف فتح نہ دلاسکے۔

    پاکستانی ٹیم 47 ویں اوور میں 245 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔پاکستان ٹیم کے کپتان روحیل نذیر 117 اور حارث خان 43 رنز بناکر نمایاں رہے، بھارت کی جانب سے ونود ان کولیکار نے 3، مشرا اور پٹیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

  • سری لنکا نے 200 مسلمان مبلغین سمیت 600 غیر ملکیوں کو ملک بدر کردیا

    سری لنکا نے 200 مسلمان مبلغین سمیت 600 غیر ملکیوں کو ملک بدر کردیا

    کولمبو : سری لنکا نے ایسٹر کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں کے بعد کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے دو سو مسلمان مبلغین سمیت چھ سو غیر ملکی شہریوں کو ملک بدر کردیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے وزیر داخلہ وجیرہ ابے وردینا نے کہا ہے کہ مذہبی رہنما قانونی طور پر آئے تھے لیکن حملوں کے بعد سیکیورٹی کریک ڈاؤن سے قبل یہ تمام افراد ویزوں کی مدت سے زیادہ عرصے تک قیام کرتے ہوئے پائے گئے، جس کی وجہ سے ان پر جرمانہ عائد کیا گیا اور ملک بدر کردیا گیا۔

    ابے وردینا نے کہا کہ ملک کی موجوہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ویزا سسٹم میں نظرثانی کی ہے اور مذہبی رہنماؤں کے لئے ویزا کی پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ملک بدر کیا گیا ان میں دو سو اسلامی مبلغ شامل تھے۔

    21اپریل کو ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں257 افراد ہلاک اور پانچ سوسے زائد افراد زخمی ہوئے، ان حملوں میں مقامی مذہبی رہنما ملوث تھا جس کے متعلق کہا جارہا ہے کہ وہ پڑوسی ملک بھارت گیا اور وہاں جنگجوؤں سے رابطے قائم کیے۔

    سری لنکن وزیر داخلہ نے ملک بدر کیے جانے والے افراد کی شہریت سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ویزا کی مدت سے زیادہ قیام کرنے والوں میں بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان اور مالدیپ کے شہری شامل تھے۔

    مزید پڑھیں: سری لنکا میں سوگ ، دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد310 تک جا پہنچی

    انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف مذہبی انسٹی ٹیوٹ ہیں جہاں کئی دہائیوں سے غیر ملکی مبلغ آرہے ہیں، ہمیں ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن یہاں کچھ ایسے ہیں جو یہاں تیزی سے پھیل گئے، ہم ان پر زیادہ توجہ دیں گے۔

  • بلائنڈ کرکٹ سیریز، پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    بلائنڈ کرکٹ سیریز، پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    کولمبو: پاکستانی بلے باز بدر منیر کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈز ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ کولمبو کے ایم سی اے گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔

    سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم 31.5 اوورز میں 216 پر ڈھیر ہوگئی، سمان کمارا 42 اور سلوا 26 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

    تعاقب میں پاکستان نے 18.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف مکمل کیا اور فتح اپنے نام کی۔ پاکستان کی جانب سے بدر منیر نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ایوب خان نے 55 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ ایوب خان 55 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

    دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ کل کولمبو کے بی آر سی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم منگل کے روز سری لنکا روانہ ہوئی تھی، اس موقع پر کپتان نثار احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہماری ٹیم پوری تیاری کے ساتھ کولمبو جارہی ہے، ہر شعبے میں بہتر کھیل پیش کریں گے۔

    اُن کا کہنا تھاکہ ’تمام کھلاڑی بھرپور فٹ اور سری لنکا کے خلاف پرفارمنس دینے کو تیار ہیں، ورلڈکپ میں ہماری ٹیم دوسرے نمبر پر رہی مستقبل میں بھی اس کارکردگی کا جاری رکھا جائے گا۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ ’جو کھلاڑی اچھا پرفارم نہیں کرے گا اُن کا بیک اپ موجود ہے، سری لنکا کی ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش کرنے کی کوشش کریں گے‘۔

  • سری لنکا: شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد ہلاک

    سری لنکا: شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد ہلاک

    کولمبو: سری لنکا میں شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک جبکہ ہزاروں کی تعداد میں شہری بے گھر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا اس وقت شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہے، جبکہ آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں سات شہری زندگی کی بازی ہار گئے، تاہم ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

    ترجمان پولیس ’روان گونیسکارا‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے سری لنکا میں بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک شخص کی ہلاکت مٹی کے تودے تلے دب جانے کی باعث ہوئی، حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔


    بنگلہ دیش میں طوفانی بارشیں‘ 156افراد ہلاک


    دوسری جانب قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق ملک بھر ميں مختلف مقامات پر شديد بارشوں کے سبب اب تک ایک ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہيں، سری لنکا ميں شدید بارشوں کا سلسلہ اتوار سے جاری ہے اور اگلے چوبيس گھنٹوں کے دوران بھی شدید بارشیں جاری رہنے کی پيش گوئی ہے۔

    قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کا مزید کہنا تھا کہ تقریبا 1024 افراد کو سری لنکا کے 20 مختلف مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں روز مرہ کی ضروریات سمیت دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔


    سری لنکا: شدید بارشوں کے بعد سیلاب ‘ہلاکتوں کی تعداد 146ہوگئی


    خیال رہے کہ اس وقت سری لنکن آرمی کے 100 جوان بھی ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، علاوہ ازیں شدید بارشوں کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوچکی اور شہروں کو شدید مشکلات سامنا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سری لنکا: مسلم کش فسادات میں سابق صدراورپولیس کے شامل ہونے کا انکشاف

    سری لنکا: مسلم کش فسادات میں سابق صدراورپولیس کے شامل ہونے کا انکشاف

    کولمبو : سری لنکا میں مسلم مخالف فسادات میں سابق صدر مہندرا راجا پاکسے، اس کے حامی سياستدان اور پوليس اہلکاروں کے شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے وسطی شہر کينڈی ميں مسلمانوں کے سينکڑوں مکانات، مساجد اور دکانوں پر اسی مہينے منظم حملے کيے گئے تھے، یہ حملے تین دن تک جاری رہے۔

    ان خونی فسادات میں تين افراد ہلاک اور بيس سے زائد زخمی ہوئے، فسادات کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے سوشل میڈیا پر بھی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    صورتحال کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے سری لنکا کے صدر ميتھريپالا سريسينا نے تحقيقات کا حکم ديا تھا۔ ایک خبر رساں ادارے کی ايک تحقيقاتی رپورٹ ميں عينی شاہدين، سرکاری اہلکاروں اور سی سی ٹی وی فوٹيج کا حوالہ ديتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سری لنکا ميں مسلمانوں پر اسی ماہ ہونے والے پرتشدد حملوں ميں سابق صدر مہندرا راجا پاکسے، ان کے حامی سياستدان اور پوليس اہلکار بھی شامل تھے۔

    رپورٹ کے مطابق فسادات کے متاثرين اور عينی شاہدين نے دعویٰ کيا ہے کہ خصوصی پيرا ملٹری پوليس يونٹ (ایس ٹی ایف) کے اہلکاروں نے مسلمانوں کے مقامی رہنماؤں اور اماموں کو تشدد کا نشانہ بنايا۔

    دوسری جانب ايک پريس کانفرنس ميں راجا پاکسے نے ايسے تمام تر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کہ خلاف يہ الزامات سياسی نوعيت کے ہيں۔ انہوں نے کہا کولمبو حکومت نے اپنی خامياں چھپانے اور مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کے ليے فسادات کو طول دی۔

    واضح رہے کہ سری لنکا ميں مسلم مخالف فسادات، خطے ميں بڑھتے ہوئے بدھ قوم پرست اور مسلم مخالف رجحانات کی ايک اور مثال ہيں، سری لنکا کی کل اکيس ملين کی آبادی ميں ستر فيصد بدھ مذہب کے ماننے والے ہيں جبکہ مسلمانوں کی شرح نو فيصد ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

     

  • سری لنکا کو شکست، بھارت نےایک اور ٹیسٹ سیریز جیت لی

    سری لنکا کو شکست، بھارت نےایک اور ٹیسٹ سیریز جیت لی

    کولمبو : بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور ترپن رنز سے شکست کر سیریز میں دو ایک سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ جدیجہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق کولمبو ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو بھارت کے ہاتھوں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا، ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارت پھر ٹیسٹ سیریز جیت گیا۔

    فالو آن کا شکار سری لنکا نے دوسری نامکمل اننگز دو آؤٹ دو سو نو رنز پر شروع کی تو ایشون نے پہلی کامیابی دلوائی۔ نائٹ واچ مین کے جاتے ہی وکٹوں کی لائن لگ گئی۔

    کرونا رتنے کی مزاحمت بھی جدیجا کے سامنے جواب دے گئی، کرونا رتنے نے141 رنز کی اننگز کھیلی، سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 386رنزپر آؤٹ ہوگئی، جدیجا نےپانچ وکٹیں حاصل کیں۔

    سری لنکن ٹیم دو اننگز کھیل کر بھی بھارت کی ایک اننگ کا اسکور نہ بناسکی، بھارت نے میچ ایک اننگز اور ترپن رنز سے جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔

    رویندرا جدیجہ کو ناقابل شکست 70 رنز اور دونوں اننگز میں کل 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

    یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 183اوردوسری میں 386رنزبنا سکی، سری لنکا دو اننگز کھیل کربھی بھارت کا اسکور برابر نہ کرسکا، بھارت نے پہلی اننگز نو کھلاڑی آؤٹ 622 رنز پر ڈیکلیئر کی تھی۔

  • ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا دیا

    ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا دیا

    کولمبو : پاکستان ویمنز ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اوراسکاٹ لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کولمبو میں کھیلے جانیوالے ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے ہرا کر مسلسل تیسری بار کامیابی حاصل کرلی۔

    اس فتح کے بعد پاک ویمن ٹیم نے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالی، میچ کا ٹاس اسکاٹ لینڈ ویمنز ٹیم نے جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔

    اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم چالیسویں اوور میں اکیانوے رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ثنا میر نے صرف چودہ رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف اٹھائیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جویریہ خان نے ناقابل شکست پنتیس رنز اسکور کیے جبکہ ربیعہ شاہ 16رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، یہ ایونٹ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی تیسری کامیابی ہے۔

  • سری لنکا میں آج پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں

    سری لنکا میں آج پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں

    کولمبو: سری لنکا کے عوام آج پارلیمانی انتخابات میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کررہے ہیں، سابق صدر مہندرا راجا وزارتِ عظمیٰ کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں پارلیمنٹ کی 225 نشستوں کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 تک جاری رہے گا۔

    پولنگ کے دوران ڈیڑھ کروڑ سے زائد عوام جوش و خروش اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ پولنگ کے لئے ملک بھرمیں 12ہزار 300 سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جب کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے 74 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    مبصرین کا کہنا ہے کہ رواں برس صدارتی انتخابات میں غیرمتوقع شکست سے دوچار ہونے والے سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک کے آئندہ وزیراعظم بنیں گے۔

  • پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوینٹی سیریز بھی جیت لی

    پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوینٹی سیریز بھی جیت لی

    کولمبو : ٹیسٹ اور ون ڈے کے بعد شاہینوں نے سری لنکا کےشیروں کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں بھی دھول چٹا دی، ٹی ٹوینٹی سیریز میں پاکستان  نے سری لنکا کو دو صفر سے شکست دے دی۔

    پاکستان نےعماد وسیم کے شاندار چھکے کی بدولت کولمبو میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی ایک سنسی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سےجیت لیا اور دو میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق انورعلی کی تباہ کن بیٹنگ نے سری لنکا کوچاروں شانے چت کردیا، آل راونڈر انور علی نے تباہ کن بیٹنگ سے سری لنکا سے جیتی ہوئی بازی چھین لی۔

    سری لنکا کے ایک سو بہتّر کے جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، دونوں اوپنرز تیسرے اوور میں سولہ کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

    احمد شہزاد اور مختار احمد کو بینورا فرنینڈو نے اپنا شکار بنایا، حفیظ گیارہ اور عمر اکمل چار رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔ شعیب ملک بھی زیادہ رنز بنانے میں  ناکام رہے اور صرف 8رنز بنا سکے اور پویلین جا بیھٹے۔

    چالیس رنز پر پانچ وکٹیں گریں تو میچ ہاتھ سےجاتا نظر آیا پر شاھد آفریدی کی زور دارھٹنگ پاکستان کو  میچ میں واپس لےآئی۔

    شاہد خان آفریدی نے اکیس بولوں پر شاندار پینتالیس رنز بنائے،البتہ انور علی نے بھی پاکستان کے اسکور میں صرف سترہ بولوں پر شاندار چھیالیس رنز کا اضافہ کیا۔

    اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    پاکستان کی طرف سے انور علی نے باؤلنگ کا آغاز کیا۔ پہلے اوور میں سری لنکا نے سات رنز بنائے جبکہ دوسرے اوور میں کوشال پریرہ نے روایتی انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے دو چوکے لگائے۔

    سری لنکا کی پہلی وکٹ چوبیس کے سکور پر گری جب دلشان 10 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سری لنکا کو 32 رنز پر دوسری وکٹ کا نقصان پریرہ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب انہیں شعیب ملک نے کلین بولڈ کیا۔

    سری لنکا کو 61 رنز پر تیسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب شاہد آفریدی نے سلوا کو 14 رنزپر آؤٹ کر دیا۔ مجموعی سکور میں تین رنز کے اضافے پر شعیب ملک نے تسارا پریرہ کو آؤٹ کیا اور وہ صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

    سری لنکا نے پانچویں وکٹ جے سوریا کی صورت میں گری جو عمدہ بیٹنگ کر رہے تھے اور 40 کے سکور پر سہیل تنویر کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ 145 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کی چھٹی گری۔

    کپو گیدرا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 2 جب کہ سہیل تنویر، شاہد آفریدی ، انور علی اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    میچ وننگ کارکردگی پر انور علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    واضح رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 29 رنز سے شکست دی تھی۔

    دو صفر کی کامیابی نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر تین پر لا کھڑا کیا اور سری لنکا کا ٹیسٹ۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی  کا دورہ پاکستان کی کامیابی پر ختم ہوا۔