Tag: Colorado

  • پہلا پاکستانی نوجوان امریکی ریاست کولوراڈو میں ڈپٹی شیرف بن گیا

    پہلا پاکستانی نوجوان امریکی ریاست کولوراڈو میں ڈپٹی شیرف بن گیا

    کراچی:پہلا پاکستانی نوجوان امریکی ریاست کولوراڈو کی ایڈم کاؤنٹی کا ڈپٹی شیرف بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے نوجوان کاشف سرمد خالد نے امریکا میں محنت کر کے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد کاشف خالد کو کولوراڈو کی ایڈم کاؤنٹی میں ڈپٹی شیرف تعینات کر دیا گیا ہے۔

    کاشف خالد نے یونیورسٹی آف سندھ سے ایم اے کیا اور لا کی ڈگری حاصل کی، جب کہ امریکا سے کریمنل جسٹس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔

    کاشف خالد نے 2012 میں کراچی میں کرائم رپورٹنگ بھی کی، وہ 10 سال قبل امریکا شفٹ ہو گئے تھے، جہاں انھوں نے اپنا تعلیمی کیریئر جاری رکھا، اور کریمنل جسٹس میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد امریکی ریاست کولوراڈو میں پولیس آفیسر کی نوکری حاصل کر لی۔

  • ٹریفک پولیس نے تیز رفتاری پر گاڑی رکوائی تو ڈرائیونگ سیٹ پر کتا بیٹھا مل گیا

    ٹریفک پولیس نے تیز رفتاری پر گاڑی رکوائی تو ڈرائیونگ سیٹ پر کتا بیٹھا مل گیا

    کولوراڈو: امریکا میں ایک شخص نے چالان سے بچنے کے لیے کتے کو اسٹیئرنگ تھما دیا، جب ٹریفک پولیس نے تیز رفتاری پر گاڑی رکوائی تو ڈرائیونگ سیٹ پر کتا بیٹھا مل گیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کولوراڈو میں ایک شخص نے تیز رفتاری پر جرمانے سے بچنے کے لیے پولیس کو یہ کہتے ہوئے گمراہ کرنے کی کوشش کی کہ دراصل اس کا پالتو کتا ڈرائیونگ کر رہا تھا۔

    سپرنگ فیلڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہفتے کی رات ساڑھے گیارہ بجے انھوں نے ایک تیز رفتار گاڑی کو روکا، جب گاڑی رکی تو ڈرائیونگ سیٹ پر کتا بیٹھا ہوا تھا، اور پسنجر سیٹ کی جانب سے ایک شخص نکلا۔

    اس نے دعویٰ کیا کہ وہ گاڑی نہیں چلا رہا تھا، تاہم جب اہل کار نے اس سے شراب نوشی کے بارے استفسار کیا تو وہ بھاگ کھڑا ہوا، پولیس کے مطابق وہ نشے میں تھا، تاہم چند قدم بعد ہی پکڑا گیا۔

    پولیس اہل کار نے شبہ ظاہر کیا کہ اس نے چالان سے بچنےکے لیے کتے کے ساتھ ڈرائیونگ سیٹ بدلی تھی۔ معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص کے خلاف پہلے دو وارنٹ نکلے ہوئے تھے، جس پر اسے جیل بھیج دیا گیا، اور اس کے کتے کو بھی اس کے ساتھ جیل میں رہنے کی اجازت دی گئی تھی تاکہ وہ اس کی دیکھ بھال کر سکے۔

    تاہم پالتو کتے کو محض ورننگ دے کر چھوڑا گیا، کیوں کہ اسے کسی قسم کے الزامات کا سامنا نہیں تھا۔ واضح رہے کہ امریکا میں کتوں کے خلاف مجرمانہ تفتیش نئی بات نہیں ہے۔

  • 26 بچے تہہ خانے میں چھپا کر رکھنے والی ڈے کیئر سینٹر کی مالکن گرفتار

    26 بچے تہہ خانے میں چھپا کر رکھنے والی ڈے کیئر سینٹر کی مالکن گرفتار

    امریکا میں ایک ڈے کیئر سینٹر کی مالکن کو گنجائش سے زائد بچے رکھنے پر 6 سال قید کی سزا سنا دی گئی، 26 عدد بچے بیسمنٹ میں موجود تھے جہاں پیاس اور گھٹن سے ان کی حالت ابتر تھی۔

    امریکی ریاست کولوراڈو میں ڈے کیئر سینٹر چلانے والی کارلا میری فیتھ نامی خاتون کو نومبر 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فیتھ کو صرف 6 بچے رکھنے کا لائسنس دیا گیا تھا تاہم وہ اس سے کہیں زیادہ بچوں کو اپنے سینٹر میں رکھے ہوئے تھی۔

    ڈے کیئر سینٹر کی مالکن نے 26 بچوں کو بیسمنٹ میں رکھا ہوا تھا جبکہ بیسمنٹ کی سیڑھیوں کو ایک مصنوعی سلائیڈنگ دیوار کے پیچھے چھپایا گیا تھا۔ تہہ خانے میں موجود 12 بچوں کی عمریں 2 سال سے بھی کم تھیں۔

    بچے پسینے میں شرابور اور پیاسے تھے جبکہ ان کے جسم بھی سوجن کا شکار تھے۔ بچوں کی نگرانی پر صرف 2 ملازمین مامور تھے جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے مذکورہ مکان پر اس وقت چھاپہ مارا جب انہیں اطلاع ملی کہ یہاں گنجائش سے زیادہ بچے رکھے گئے ہیں، پولیس کے پہنچنے پر فیتھ نے بچوں کی موجودگی سے انکار کیا اور تہہ خانے کے بارے میں پوچھنے پر کہا کہ گھر میں کوئی تہہ خانہ نہیں۔

    تاہم بچوں کے رونے کی آواز پر پولیس نے دیواروں کو دھکا دیا جس کے بعد مصنوعی دیوار اپنی جگہ سے ہل گئی اور پولیس تہہ خانے میں داخل ہوگئی۔

    فیتھ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پاس آنے والے والدین کو انکار نہیں کرسکی تھی لہٰذا سینٹر میں گنجائش سے زیادہ بچوں کو رکھا۔

    فیتھ اور اس کے دونوں ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا جن کے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے، عدالت نے فیتھ کو 6 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

  • امریکی ریاست کولوراڈو میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک

    امریکی ریاست کولوراڈو میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکی ریاست کولوراڈو میں خون کی ہولی کھیلی گئی، جہاں حملہ آور نے فائرنگ کرتے ہوئے پولیس افسر سمیت دس افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی مارکیٹ کےگروسری اسٹور میں پیش آیا، جہاں حملہ آور نے اسٹور میں داخل ہوکر اشیائے روز مرہ کی خرید میں مصروف افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ گروسری اسٹور میں بھگڈر مچ گئی اور ہر کوئی اپنی جان بچانے کے لئے ادھر اُدھر بھاگنے لگے، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس افسر سمیت دس افراد ہلاک ہوئے۔

    پولیس نے فائر نگ کےتبادلے بعد مشتبہ حملہ آور کو گرفتارکرلیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کو دہشتگردی قرار دینا قبل از وقت ہوگا، حملہ آور سے تفتیش کی جاری ہے۔

  • خوفناک حادثے کی ویڈیو نے دل دہلا دئیے

    خوفناک حادثے کی ویڈیو نے دل دہلا دئیے

    کولوراڈو: امریکا کے پہاڑی علاقے میں جیپ گہری کھائی میں جاگری، حادثے کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دئیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو کے بلیک بیئر پاس روڈ پر جیب گہری کھائی میں جاگری، خوفناک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق یوٹیوبر ’وائی ٹو کے رینگلر‘ مذکورہ سڑک سے گزر رہے تھے اس دوران خوفناک حادثے کی ویڈیو ان کے ڈیش بورڈ کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔

    تین منٹ 15 سیکنڈ کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’گاڑی دشوار گزار راستے پر رواں دواں ہے، چند سیکنڈز کے بعد اوپر سے اچانک جیب نیچے آگرتی ہے اور قلابازیاں کھاتی ہوئی گہری کھائی میں گر کر تباہ ہوجاتی ہے۔‘

    یوٹیوبر رینگلر کے مطابق خوفناک حادثے سے قبل خاتون ڈرائیور گاڑی سے نکلنے کے دوران شدید زخمی ہوگئیں، حادثے کے نتیجے میں خاتون کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی، انہیں اسپتال میں طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون کو صحت یاب ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں اس سلسلے میں ان کے علاج معالجے میں آنے والے اخراجات کے سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے فنڈ اکٹھا کیا جارہا ہے جس میں اب تک 2 لاکھ ڈالرز کی رقم جمع ہوچکی ہے۔

    واضح رہے کہ خوفناک حادثہ 10 اکتوبر کے روز پیش آیا تھا، یوٹیوبر رینگلر چند سیکنڈز کے فرق سے حادثے سے بال بال بچ گئے تھے۔

  • بچے کو زیادہ پانی پلا کر مار دینے والے والدین

    بچے کو زیادہ پانی پلا کر مار دینے والے والدین

    کولارڈو : امریکہ میں والدین نے اپنے 11سالہ بچے کو زبردستی پانی پلا پلا کر مار ڈالا، پولیس نے میاں بیوی کیخلاف قتل اور بچوں پر مظالم کا مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے شہر کولارڈو کے علاقے بلیک فاریسٹ میں ایک گیارہ سالہ بچے لاش ملی ہے، ایل پاسو کاؤنٹی پولیس کے مطابق مردہ بچے نے ایک ڈائپر پہنا ہوا تھا۔

    اس حوالے سے استغاثہ کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نے بچے کو بہت سارا پانی پلایا تھا کیونکہ بچے کے پیشاب میں کالا پن بہت زیادہ تھا۔ بچے کی والدہ تارا سبین جو اس کی سوتیلی ماں ہے نے اپنے حلفیہ بیان میں بتایا کہ 11سالہ زچری سبین کے ساتھ ایک دیرینہ مسئلہ ہے کہ وہ رات کو سوتے میں پیشاب کرکے بستر گیلا کردیتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق منگل کے روز 41 سالہ ریان سبین اور 42 سالہ تارا سبین نے خود پولیس کو اطلاع دی تھی، ریان سبین نے گیارہ مارچ کو صبح 9بجے 911 پر فون کیا جب اس نے زچری کو اپنے بستر پر منہ سے جھاگ نکلتے ہوئے دیکھا اور اس کے علاوہ بچے کے بستر پر خون کے بھی نشانات دیکھے تھے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچے کو بغیر کھائے پیے چار گھنٹے کے دوران پانی کی کئی بوتلیں پلائی گئیں، جس کے بعد وہ غیر معمولی غنودگی کا شکار ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کو اس کے بائیں ابرو اور پیشانی پر خون کے نشان ملے ہیں۔ 11سالہ بچے کے سر، بازوؤں،پنڈلیوں اور کولہوں پر بھی زخموں کے نشانات ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو زبردستی پانی پلایا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، ریان اور تارا سبین دونوں ملزمان پر فرسٹ ڈگری قتل، بچوں پر مظالم کے نتیجے میں موت اور بچوں سے بد سلوکی کے چھ الزامات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔

  • دنیا کا خطرناک ترین جھولا

    دنیا کا خطرناک ترین جھولا

    آپ نے دنیا بھر کے ایڈونچر پارکس میں موجود خطرناک جھولوں کے بارے میں سنا ہوگا، لیکن آج جس جھولے کے بارے میں ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں اسے دیکھ کر یقیناً آپ کی ریڑھ کی ہڈی میں سرد سی لہر دوڑ جائے گی۔

    امریکی ریاست کولو راڈو کے پہاڑی علاقے میں واقع ماؤنٹین پارک میں اس خطرناک جھولے پر بیٹھنا یا تو آپ کی زندگی کا ناقابل فراموش خوشگوار تجربہ ہوسکتا ہے، یا ساری عمر نہ بھول سکنے والا کوئی بھیانک خواب۔

    ایک پہاڑ کی چوٹی سے 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 200 فٹ نیچے جانے والا یہ جھولا بڑے بڑے دلیروں کو خوف کے مارے چلانے پر مجبور کردیتا ہے۔

    چند منٹوں پر مبنی اس مختصر سفر میں آپ خود کو بلند پہاڑی سے نہایت برق رفتاری کے ساتھ نیچے زمین کی طرف جاتے محسوس کریں گے۔

    اس دوران آپ کو اپنے آس پاس مختلف پہاڑ نظر آئیں گے جن کے قریب سے ہوا کی رفتار سے گزر پانا، اور کچھ دیر تک زمین سے بے حد اوپر فضا میں لٹکتے رہنا غیر معمولی دل گردے کے افرد کا ہی کام ہے۔

    ذرا دیکھیں یہ جھولا کیسے کسی کے بھی ہوش اڑا سکتا ہے۔

    اگر آپ خطروں کے کھلاڑی اور مہم جوئی کے شوقین ہیں تو زندگی میں ایک بار آپ کو یقیناً اس جھولے سے لطف اندوز ہونا چاہیئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔