Tag: Combing Operation

  • کراچی میں پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کومبنگ آپریشن

    کراچی میں پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کومبنگ آپریشن

    کراچی: کورنگی پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ کومبنگ آپریشن جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا جا رہا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی سردار حسن کے مطابق سرچ آپریشن ڈی ایس پی سعودآباد کی زیرنگرانی کیا جارہا ہے، پولیس کی اضافی نفری کھوکھراپار اور ماڈل کالونی میں موجود ہے۔

    چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے مشتبہ افراد کوچیک کیا جا رہا ہے، تلاش ڈیوائس کے ذریعے مشتبہ افراد کا ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے جبکہ خواتین پولیس کے عملے کے ہمراہ گھروں کی تلاشی بھی لی جاری ہے۔

    اس سے قبل کورنگی بلال کالونی میں گھر کے باہر بیٹھے دو افراد کو ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کی شناخت محمد علی اور امتیاز کے نام سے ہوئی، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق مقتولین بلال کالونی کے ہی رہائشی ہیں،جبکہ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    کراچی میں ڈاکوؤں نے شہری سے 8 لاکھ روپے لوٹ لیے

    ملزمان نے مقتولین سے کوئی بھی چیز نہیں چھینی، واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی کاشاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • سی ٹی ڈی کراچی اور پولیس کا تلاش ایپ کی مدد سے مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز

    سی ٹی ڈی کراچی اور پولیس کا تلاش ایپ کی مدد سے مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس نے سرچ اور کومبنگ آپریشنز کرتے ہوئے متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں مرحلہ وار سرچ آپریشن کیا، جن علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا ان میں تھانہ کلفٹن، تھانہ بوٹ بیسن، تھانہ گزری اور تھانہ سول لائن کے اطراف کے علاقے شامل ہیں۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تلاش ایپ کے ذریعے 124 مشتبہ افراد کو چیک کیا گیا، 6 مشتبہ افراد کو مزید تائید و تصدیق کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کیا گیا، 2 افراد کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر گرفتار کیا گیا، ترجمان نے کہا کہ یہ آپریشن سی ٹی ڈی کے تجربہ کار افسران کی نگرانی میں کیا گیا۔

    دوسری طرف گلبرگ پولیس نے کراچی کے علاقے موسیٰ کالونی میں کومبنگ آپریشن کیا، اور گھر گھر تلاشی کے دوران درجنوں افراد کو تلاش ایپ کی مدد سے چیک کیا گیا، 6 مشکوک افراد کو پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں ہوٹلوں اور رات گئے چائے کے ہوٹلوں پر موجود افراد کو بھی چیک کیا گیا، اور اس آپریشن میں گلبرگ موبائل اور لیڈی سرچر نے بھی حصہ لیا۔

  • اسٹیل ٹاؤن پولیس کے تابڑ توڑ چھاپے، درجنوں ملزمان گرفتار

    اسٹیل ٹاؤن پولیس کے تابڑ توڑ چھاپے، درجنوں ملزمان گرفتار

    منشیات فروشوں اور عادی جرائم پیشہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسٹیل ٹاؤن پولیس نے کومبنگ آپریشن کیا، مجموعی طور پر44 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ اسٹیل ٹاؤن پولیس نے جرائم پیشہ افراد کو گرفت میں لینے کیلئے کاروائی کی، آپریشن میں پولیس کمانڈوزاور آر آر ایف نے بھی حصہ لیا۔

    انہوں نے بتایا کہ گھگھر پھاٹک، قادرنگر، گلشن حدید اور اطراف کے علاقوں میں آپریشن کیا گیا، گھر گھر تلاشی کے دوران 44 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے, ملزمان کیخلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق زیرحراست افراد کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، تمام افراد کی بائیو میٹرک تصدیق بھی کی جارہی ہے۔

  • ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری 560 سے زائد افراد گرفتار

    ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری 560 سے زائد افراد گرفتار

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت کے بعد ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے اس دوران 560 سے زائد مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ سہون کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کراچی سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کردیا، جھنگ شورکوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کا دہشتگرد پکڑلیا۔ مبینہ دہشت گرد کے قبضے سے خودکش جیکٹ دیگر سامان برآمد ہواہے۔

    راولپنڈی میں کومبنگ آپریشن کے دوران تئیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سیالکوٹ سے نو مشکوک افغان باشدے پکڑے گئے، اوکاڑہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے چوبیس افراد کو گرفتار کرلیا۔

    خیرپور سے پانچ مشتبہ افراد گرفتار ہوئے، فیصل آباد میں کومبنگ آپریشن کے دوران تیرہ مشکوک افراد گرفتار کیے گئے، اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نےسرچ آپریشن کرکے پینتالیس مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جن میں تین افغانی باشندے بھی شامل ہیں۔

    بری امام کے گرد و نواح میں رینجرز، پولیس اور حساس اداروں نے ساڑھے تین سو گھروں کی تلاشی لی۔ جس میں ایک افغان باشندے سمیت بارہ مشکوک افراد گرفتارکرلیے گئے۔

    راولپنڈی میں حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرکے دو سو پچاسی افراد کو گرفتار کرلیا، لاہور میں رحمت آباد اور تبلغی مرکز بازار میں پولیس، پاک فوج اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن کرکے دس افراد کو حراست میں لے لیا۔

    رحیم یار خان میں کومبنگ آپریشن کے دوران بتیس ملزمان گرفتار کئے گئے جبکہ میانوالی افغان کیمپ میں کارروائی کرکے بیس افراد گرفتار کیا گیا۔

    مردان میں کومبنگ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری ملزم سمیت تین سہولت کار اورپچپن مشتبہ افراد گرفتارہوئے، کالا باغ افغان کیمپ وگردونواح میں سرچ آپریشن کےدوران بیس مشکوک افراد کوحراست میں لیا گیا۔

    میرپور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی جاری سرچ آپریشن میں غیر ملکیوں سمیت سو سے زائد جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے گئے۔

  • کوئٹہ : ایف سی سے مقابلہ، ایک دہشت گرد ہلاک، اہلکار زخمی

    کوئٹہ : ایف سی سے مقابلہ، ایک دہشت گرد ہلاک، اہلکار زخمی

    کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے تمپ اور مند میں ایف سی اور حساس اداروں کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ سر چ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے شبے میں دس افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق تمپ اور مند کے علاقے کوہار اور گوبرد کے علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کے اطلاع پر ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوگیا۔

    ہلاک ہونے والے دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، سر چ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے شبے میں دس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

    اسلحہ میں چار آر پی جی رونڈز دو ایس ایم جیز اور تین شارٹ گن شامل ہیں، اسلحہ کے علاوہ تخریبی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    مزید تحقیقات کی جارہی ہے، دوسری جانب کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بھی ایف سی اورپولیس کا کومبنگ آپریشن جاری ہے، مذکورہ آپریشن دہشت گردوں کی تلاش میں کیا جارہا ہے۔

     

  • مختلف شہروں میں کومبنگ آپریشن، متعدد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

    مختلف شہروں میں کومبنگ آپریشن، متعدد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

    پشاور / کوئٹہ / سانگھڑ / راجن پور : قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور کوئٹہ سانگھڑ اور راجن پور میں کارروائی کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ پشاور پولیس نے رنگ روڈ سے اسلحے سے بھری گاڑی قبضے میں لے کر ایک اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

    برآمد ہونے والے اسلحے میں چھیالیس پستول، دس کلاشنکوف اور چوبیس ہزار کارتوس شامل ہیں، اسلحہ محرم میں تخریب کاری کی کارروائی میں استعمال ہوناتھا۔ترجمان ایف سی کے مطابق ژوب میں کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

    اسلحے میں آٹھ کلو و زنی خود کش جیکٹ، ساٹھ ایم ایم کے، اڑتالیس بم ‘پچیس آئی ڈی سرکٹ برآمد ہوئے۔ بم سمیت ایک آر پی جی سیون۔ ایک ڈبل اے مشین گن ، گن سلائنسر، ٹیلی اسکوپ، تین بارودی سرنگیں اور ایک ساٹھ ایم ایم مارٹر برآمد ہوئے ہیں۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ کالعدم تنظیم کے کارندوں نے ذخیرہ کیا تھا، سانگھڑ میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور آٹھ گرفتارکئے گئے، راجن پور کے مختلف علاقوں میں بھی پولیس نے دس ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

     

  • ملک بھرمیں کومبنگ آپریشن جاری، طالبان کمانڈر اسلام وزیر 4ساتھیوں سمیت گرفتار

    ملک بھرمیں کومبنگ آپریشن جاری، طالبان کمانڈر اسلام وزیر 4ساتھیوں سمیت گرفتار

    لاہور : ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران اے پی ایس حملے میں ملوث طالبان کمانڈر اسلام وزیر چارساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا گیا جبکہ پنجاب میں بھی سیکیورٹی اداروں کی تابر توڑ کاروائیاں جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن جاری ہے، لوئر دیر سے اے پی ایس حملے میں ملوث طالبان کمانڈر اسلام وزیر چارساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا گیا، اسلام وزیر پر متعدد دہشت گرد کاروائیوں سمیت مقامی رہنما کے قتل کا بھی الزام ہے۔

    پنجاب میں بھی سیکورٹی فورسز کی تابڑتوڑ کاروائیاں جاری ہے، گجرات کے علاقے رکھ پبی سے پینتالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، آپریشن میں ایلیٹ فورس کے ایک ہزار سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔

    آئی جی پنجاب کے مطابق عید کی چھٹیوں میں بارہ سو سینتالیس کومبنگ آپریشن کے گئے، جس میں تیرہ سو انہترملزمان فورسز کے ہاتھ لگے، ان میں دو سو اٹھاسی اشتہاری اور مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔

    لاہور سے ایک سو پچاس ملزمان کو گرفتار کیا گیا، فیصل آباد میں چار سو سے زائد چھاپے مارے گئے، کارروائیوں میں چھ سو باسٹھ ملزمان کو تحویل میں لیا گیا، ملتان سے ایک سو اکتالیس اور سرگودھا سے ایک سو تئیس افراد پکڑے گئے، ڈیرہ غازی خان سے ستاون مشتبہ کو حراست میں لیا گیا۔

    آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے مطابق ٹارگٹڈ کاروائیوں میں تین سو پانچ ملزمان سے خطرناک اسلحہ بھی برآمد ہوا اور ستائیس ہزار سے زائد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

  • پنجاب میں عید الاضحٰی کی چھٹیوں کے دوران بھی کومبنگ آپریشن جاری

    پنجاب میں عید الاضحٰی کی چھٹیوں کے دوران بھی کومبنگ آپریشن جاری

    لاہور: پنجاب میں عید الاضحٰی کی چھٹیوں کے دوران بھی کومبنگ آپریشن جاری رہا، صوبے بھر سے ایک ہزار تین سو انہتر افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں عیدالاضحی کے چھٹیوں کے دوران بھی کومبنگ آپریشن بڑے پیمانے پر جاری رہا، مختلف مقامات پر کومبنگ آپریشن کے دوران ایک ہزار تین سو انہتر افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دو سو اٹھاسی اشتہاری ملزمان بھی پکڑے گئے، پانچ روز کے دوران ستائیس ہزار پانچ سو اٹھاون افراد سے پوچھ گچھ ہوئی، تین سو پانچ افراد سے خطرناک اسلحہ برآمد ہوا۔

    لاہور میں کومبنگ آپریشن کے دوران ایک سو پچاس، سرگودھا میں ایک سو تیئس، فیصل آباد میں چھ سو باسٹھ، ملتان ڈویژن میں ایک سو اکتالیس اور ڈی جی خان میں ستاون افراد گرفتار کئے گئے۔

    واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کومبنگ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی تھی.

  • کومبنگ آپریشن : راجن پورمیں پینتیس فراری ہلاک، شیخوپورہ سے چودہ گرفتار

    کومبنگ آپریشن : راجن پورمیں پینتیس فراری ہلاک، شیخوپورہ سے چودہ گرفتار

    راجن پور/ شیخوپورہ / گجرات / راولپنڈی / سکھر : سانحہ کوئٹہ کے بعد سے ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے جس کے دوران کئی جرائم پیشہ افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری کومبنگ آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔

    راجن پور میں سیکیورٹی فورسز نے فراریوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن میں پینتیس فراریوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔آپریشن عید کے روز بھی جاری رہے گا۔

    شیخوپورہ کے علاقے کالا خطائی میں کومبنگ آپریشن کیا گیا جس میں چودہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے پانچ رائفلیں،تین سو پچاس گولیاں اور سو لیٹر شراب برآمد ہوئی۔

    گجرات کے علاقے کنجہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے پینتالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    راولپنڈی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن میں تیرہ اشتہاری ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔

    اٹک کے علاقے پنڈی گھیب میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ لاہور میں رات گئے کومبنگ آپریشن ہوگا۔

    سکھرمیں رینجرز اور پولیس نے ہوٹلوں اور مسافرخانوں میں کومبنگ آپریشن کیا۔ سکھر سے چار اور روہڑی سے چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

     

  • پنجاب، بلوچستان بارڈرپرکومبنگ آپریشن، آٹھ دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

    پنجاب، بلوچستان بارڈرپرکومبنگ آپریشن، آٹھ دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے پنجاب اور بلوچستان بارڈر پرکومبنگ آپریشن کر کے آٹھ دہشت گرد ہلاک کردیئے کارروائی کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار شہید بھی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی سرکوبی کیلیے قانون نافذ کرنے والے سرگرم ہیں، پنجاب بلوچستان بارڈر پر کومبنگ آپریشن کیا گیا۔

    آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق آپریشن گیانداری کے علاقے میں کیا گیا۔ کارروائی میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار نے جام شہادت نوش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں متعدد دہشت گرد اور فراری گرفتار کرکے اسلحہ بھی بر آمد کرلیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق آپریشن میں پانچ ہیلی کاپٹرزاورسو کمانڈوز سمیت دو ہزار سیکیورٹی اہلکاروں نے حصہ لیا۔

    راجن پور کے قبائلی علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے فراریوں کے خلاف سرچ آپریشن کرکے پچیس فراری گرفتارکرلئے، ملزمان کے قبضے سے تین اینٹی ایئر کرافٹ گن، ستائیس کلاشنکوف ،سو کلو بارودی مواد، ڈیڑھ ہزار گولیاں اور دستی بم برآمد ہوئے۔