Tag: Come Back

  • شام میں امریکی فوج کی موجودگی غیر قانونی ہے: روسی صدر

    شام میں امریکی فوج کی موجودگی غیر قانونی ہے: روسی صدر

    ماسکو: روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ شام میں امریکی فوج کی موجودگی غیر قانونی ہے، ان کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے شام سے امریکی فوج کی واپسی کا اعلان کیا ہے، جس کے درعمل میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ شام سے تاحال امریکی فوج کے انخلا کے کوئی آثار دکھائی نہیں دیتے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی شام کے چند حصوں پر اب بھی شدت پسندوں کا قبضہ ہے، لیکن دوسری جانب امریکی فوج کا شام میں موجود ہونا غیرقانونی ہے۔

    روسی صدر کا مزید کہنا تھا کہ شام میں امریکی فوج کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں، امریکا نے شام سے انخلا کا فیصلہ کیا ہے تو یہ اچھی بات ہے، لیکن ایسا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔

    شام سے امریکی افواج کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا: وائٹ ہاؤس کا اعلان

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، اور سو دن میں یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

    اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ داعش کو تاریخی شکست کے بعد شام سے فوج کی واپسی کا وقت آگیا ہے، شام میں داعش کو شکست دے کر مقصد حاصل کرلیا، دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ کھڑے رہے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل پینٹاگون کے ترجمان نے کہا تھا کہ اس طرح کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اپنے اتحادیوں کے ساتھ شام میں کام کرتے رہیں گے۔

  • بیلجیئم: لالچی ڈاکوؤں کی حماقت نے انہیں گرفتار کروا دیا

    بیلجیئم: لالچی ڈاکوؤں کی حماقت نے انہیں گرفتار کروا دیا

    برسلز : بیلجیئم میں برقی سگریٹ کی دکان میں ڈکیتی کرنے والے ڈاکوؤں کی لالچ نے انہیں حوالات پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم میں اناڑی  ڈاکو  کی واردات کہانی کسی کامیڈی فلم کا سین لگتا ہے لیکن بیلجیئم میں ایسا حقیقت میں ہوا جب ڈاکو دکاندار کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے دن کے اختتام پر لوٹنے آئے تو خود ہی گرفتار کرلیے گئے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ چار لیروئے نامی شہر کے نواح میں ڈیڈیئر نامی شخص کی دکان میں چھ افراد دن دیہاڑے ڈکیتی کی غرض سے داخل ہوئے تو دکان کے مالک نے ان نے کہا کہ شام کو آنا زیادہ رقم ملے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ احمق ڈاکو دکاندار کی بات پر عمل کرتے ہوئے واپس چلے گئے اور شام ساڑھے 5 بجے پھر لوٹنے آگئے تاہم اس مرتبہ بھی دکاندار نے انہیں چکما دیا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ دکاندار نے انہیں کہا کہ ایک گھنٹے بعد آنا دکان بند کرنے کا وقت ہوگا رقم بھی زیادہ ہوگی، نالائق ڈاکو دکاندار کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے پھر واپس لوٹ گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کہنا ہے کہ ڈاکو تیسری مرتبہ لوٹنے پہنچے تو دکان میں چھپے پولیس اہلکاروں نے انہیں پکڑ لیا جس کے بعد مذکورہ افراد بیلجیئم میں نالائق ڈاکو مشہور ہوگئے۔

    دکان کے مالک نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے ڈاکوؤں سے کہا کہ اگر وہ شام کو آئیں میرے پاس تین ہزار یوروز کی رقم ہو گی اور ڈاکو یہ سن کر واپس لوٹ گئے‘۔

    ڈیڈیئر نے بتایا کہ میں نے پولیس کو اطلاع دی تو انہیں میری بات پر یقین نہیں آیا لیکن جب تیسری مرتبہ ڈاکو میری دکان لوٹنے آئے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں ایک بچہ سمیت چھ افراد شامل ہیں کو برقی سیگریٹ کی دکان میں ڈیکیتی کی غرض سے داخل ہوئے تھے۔

  • قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی

    قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی

    لاہور: انڈونیشیا میں کھیلے گئے 18 ویں ایشین گیمز میں شرکت کے بعد قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انڈویشیا کے دارحکومت جکارتہ میں دو ہفتے سے جاری رہنے والے اٹھاریں ایشین گیمز میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔

    قومی ہاکی ٹیم نجی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 620 سے وطن واپس پہنچی، ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں قومی ٹیم چوتھی پوزیشن حاصل کرپائی تھی۔

    خیال رہے کہ ایشین گیمز میں چین نے سونے کے 132 تمغے جیت کر مجموعی طور پر 289 میڈلز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

    ایشین گیمز: بھارتی ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ لے اڑی، پاکستان خالی ہاتھ وطن لوٹنے پر مجبور

    یاد رہے کہ ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں پاکستان کی کارکردگی خاصی متاثر کن تھی، پاکستان لگاتار پانچ میچز جیتنے میں‌کامیاب رہا، جس کے بعد امید کی جارہی تھی کہ پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی کر لے گی۔

    البتہ سیمی فائنل میں پاکستان کی خوش قسمتی کا سفر تمام ہوگیا، جہاں جاپان نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا کر گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر کر دیا، جاپان سے شکست کھا کر پاکستان نے اولمپکس میں براہِ راست کوالیفائی کرنے کا موقع بھی ضائع کر دیا۔

    بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کو خالی ہاتھ وطن لوٹنا پڑا۔

  • ترکی میں زیر حراست رہنے والی جرمن خاتون صحافی وطن واپس پہنچ گئیں

    ترکی میں زیر حراست رہنے والی جرمن خاتون صحافی وطن واپس پہنچ گئیں

    برلن: ترکی میں دہشت گردی کے مقدمات کا سامنا کرنے والی جرمن خاتون صحافی ’میسیل تولو‘ آج اپنے وطن واپس پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق خاتون صحافی میسیل تولو کو ترکی میں دہشت گردی کے مقدمات کا سامنا ہے، جبکہ وہ ترک جیل میں زیر حراست بھی رہی ہیں، تاہم گذشتہ دنوں ان پر سفری پابندی ختم کی گئی جس کے بعد وہ اپنے ملک جرمنی پہنچیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون صحافی اپنے چار سالہ بیٹے کے ساتھ وطن واپس پہنچی ہیں، ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ملک آکر بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں۔

    صحافی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے بہت دکھ بھی ہے کیوں کہ بیشر لوگ اب بھی ترکی میں زیر حراست ہیں جن میں متعدد صحافی بھی شامل ہے، ہمیں ان کی فکر ہے۔

    ترکی: دہشت گردی کا مقدمہ، خاتون جرمن صحافی پر سفری پابندی ختم

    خیال رہے کہ مذکورہ جرمن صحافی کو گزشتہ برس دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، میسیل کے خلاف مقدمے کی کارروائی شروع ہونے سے قبل انہیں گزشتہ برس اٹھارہ دسمبر کو ضمانت پر رہا کیا گیا تھا تاہم ان کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ جرمن صحافی کے خلاف ترک عدالت میں دہشت گردی کے حوالے سے مقدمے کا سامنا ہے، جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں پندہ برس قید کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ ان پر الزامات ہیں کہ وہ ترکی میں دہشت گردانہ مواد کی تشہیر ملوث ہے، اور ترکی کی ایک دہشت گرد تنظیم سے روابط بھی ہیں۔