Tag: Commissioner Rawalpindi

  • کمشنر راولپنڈی کا انتخابی دھاندلی کا اعتراف، جماعت اسلامی کا رد عمل

    کمشنر راولپنڈی کا انتخابی دھاندلی کا اعتراف، جماعت اسلامی کا رد عمل

    لاہور/پشاور: کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے اعتراف پر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ یہ اس کے مؤقف کی تائید ہے۔

    ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات جماعت اسلامی کے مؤقف کی تائید ہے، سراج الحق چیف الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں، انھوں نے الیکشن میں دھاندلی کی پوری تفصیلات سامنے رکھی تھیں۔

    ترجمان نے کہا مجلس شوریٰ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اور بڑی احتجاجی تحریک برپا کی جائے گی۔

    قوم کو کمشنر راولپنڈی کے بیان سے متعلق سچ و جھوٹ سے آگاہ کیا جائے: پیپلز پارٹی

    سینیٹر مشتاق احمد نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا کمشنر راولپنڈی کے بیان پر چیف الیکشن کمشنر جواب دیں گے؟ چیف الیکشن کمشنر اپنے اوپر الزامات کی وضاحت اور فوری جواب دیں، اب بیوروکریسی بھی اس جعلی الیکشن کا پول کھول رہی ہے۔

    کمشنر راولپنڈی کا تہلکہ خیز اعتراف: جے یو آئی ف کا الیکشن کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ

    انھوں نے کہا جعلی الیکشن کو کالعدم کرنے، ذمہ داروں کا تعین اور سزا دیے بغیر نظام نہیں چلے گا، کمشنر راولپنڈی کے بعد تمام سرکاری افسران آگے آئیں اور حقائق بتائیں، اب سپریم کورٹ کا فرض بنتا ہے کہ الیکشن پر اسٹے دے۔

    کمشنر راولپنڈی کے تہلکہ خیز اعتراف ، تحریک انصاف کا اہم بیان آگیا

    واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے انتخابی دھاندلی سے متعلق لگائے گئے الزامات کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا ہے، اور تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے کسی عہدیدار نے الیکشن نتائج تبدیلی کے لیے کمشنر کو کبھی ہدایات جاری نہیں کیں، کسی بھی ڈویژن کا کمشنر نہ تو ڈی آر او، آر او یا پریذائیڈنگ آفیسر ہوتا ہے، کمشنر کا الیکشن کے انعقاد میں کوئی براہ راست کردار نہیں ہوتا۔

  • سی پی او راولپنڈی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتار کر لیا

    سی پی او راولپنڈی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتار کر لیا

    راولپنڈی: سی پی او راولپنڈی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک دھماکا خیز پریس کانفرنس میں آج ہفتے کو انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرنے والے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کو سی پی او نے گرفتار کر لیا۔

    لیاقت علی چھٹہ نے دھاندلی سے متعلق اعترافات کرتے ہوئے اپنے اس عمل پر معافی مانگتے ہوئے گرفتاری دینے کا اعلان کیا تھا اور اپنے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے، انھوں نے کہا ’’مجھے اس کی سزا ملنی چاہیے، اور اس عمل میں ملوث لوگوں کو بھی سخت سزا ملنی چاہیے، چیف الیکشن کمشنر بھی اس کام میں پوری طرح شریک ہیں۔‘‘

    واضح رہے کہ نیوز کانفرنس میں گرفتاری دینے کے اعلان کے باوجود وہاں موجود پولیس نے انھیں گرفتار نہیں کیا تھا، کمشنر راولپنڈی نے اپنے استعفیٰ حکام کو بھیجا اور پھر جب وہ اپنے دفتر کے قریب پہنچے تو سی پی او خالد محمود حمدانی نے انھیں گرفتار کر لیا۔

    راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، کمشنر

    واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ نے الیکشن 2024 کے نتائج میں بدترین دھاندلی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، انھوں نے الزام لگایا کہ دھاندلی میں چیف الیکشن کمشنر بھی ملوث ہیں، اور اس وقت بھی راولپنڈی میں جعلی مہریں لگائی جا رہی ہیں۔

    کمشنر راولپنڈی نے کہا ’’میں الیکشن ٹھیک نہیں کروا سکا، عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں، ہم نے جعلی مہریں لگا کر 70،70 ہزار کی لیڈ کو شکست میں بدلا، اس کام میں چیف الیکشن کمشنر بھی ملوث ہیں، میں ماتحت افسران سے معذرت چاہتا ہوں کہ انھیں میں نے غلط کام کے لیے کہا۔‘‘

  • راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، کمشنر

    راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، کمشنر

    راولپنڈی: کمشنر راولپنڈی لیاقت چھٹہ نے الیکشن 2024 کے نتائج میں بدترین دھاندلی کی ذمہ داری قبول کر لی، اور اعلان کیا کہ وہ خود کو پولیس کے حوالے کر رہے ہیں، انھوں نے الزام لگایا کہ دھاندلی میں چیف الیکشن کمشنر بھی ملوث ہیں، اور اس وقت بھی راولپنڈی میں جعلی مہریں لگائی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں کمشنر راولپنڈی لیاقت چھٹہ نے دھماکا خیز انکشاف کیا کہ انتخابی نتائج میں بد ترین دھاندلی ہوئی ہے، انھوں نے کہا ’’میں راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، اور اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں۔‘‘

    کمشنر راولپنڈی نے کہا ’’میں الیکشن ٹھیک نہیں کروا سکا، عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں، ہم نے جعلی مہریں لگا کر 70،70 ہزار کی لیڈ کو شکست میں بدلا، اس کام میں چیف الیکشن کمشنر بھی ملوث ہیں، میں ماتحت افسران سے معذرت چاہتا ہوں کہ انھیں میں نے غلط کام کے لیے کہا۔‘‘

    کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’’راولپنڈی ڈویژن میں ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، اپنے ماتحتوں کو غلط کام کے لیے کہہ رہا تھا تو وہ رو رہے تھے، میں اپنے ماتحتوں کو غلط کام کا کہنے پر معافی مانگتا ہوں۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’میں نے ملک کی پیٹ پر چھرا گھونپا جو مجھے چین سے رہنے نہیں دے رہا تھا، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملنی چاہیے، اس عمل میں ملوث لوگوں کو بھی سخت سزا ملنی چاہیے، چیف الیکشن کمشنر بھی اس کام میں پوری طرح شریک ہیں۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’فجر کی نماز کے بعد دھاندلی پر پہلے خود کشی کا سوچا پھر سوچا حرام کی موت کیوں مروں، پھر میں نے سوچا کیوں نہ ساری چیزیں عوام کے سامنے لاؤں۔‘‘