Tag: Commonwealth Observer

  • الیکشن کے دوران انٹرنیٹ بند کیا گیا، ای ایم ایس نے ٹھیک کام نہیں کیا: کامن ویلتھ آبزرورز کی پریس کانفرنس

    الیکشن کے دوران انٹرنیٹ بند کیا گیا، ای ایم ایس نے ٹھیک کام نہیں کیا: کامن ویلتھ آبزرورز کی پریس کانفرنس

    اسلام آباد: کامن ویلتھ آبزرورز نے پاکستان میں الیکشن 2024 کے دوران انٹرنیٹ کی بندش، فیک نیوز کے سلسلے، اور ایک سیاسی پارٹی کو خواتین کی مخصوص نشستوں کا حق نہ ملنے پر اظہار تشویش کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انتخابات کے اختتام پر دولت مشترکہ کے ہیڈ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پاکستان میں عام انتخابات کا جائزہ لیا، وزیر اعظم، الیکشن کمشنر، آرمی چیف، اور سیاسی قائدین سے ملاقاتیں کیں، اور الیکشن کے دن پولنگ اسٹیشنز کے دورے کیے جن میں کراچی، ملتان، حیدرآباد، فیصل آباد بھی شامل ہیں۔

    ڈاکٹر جوناتھن گڈ لک نے کہا ’’ہمارا کام انتخابی عمل کا جائزہ لینا ہے، ہم اپنی رپورٹ دولت مشترکہ اور الیکشن کمیشن کو بھیجیں گے، ہم نے اور ہمارے نمائندوں نے الیکشن کا مشاہدہ کیا، ہم الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ نوجوانوان کی بڑی تعداد نے الیکشن میں حصہ لیا، الیکشن میں خواتین کے 5 فی صد کوٹے کا خیال نہیں رکھا گیا، ای سی پی کو سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا تھا، انتخابی عمل اور نتیجے میں بھی تاخیر کا سامنا رہا، ای ایم ایس درست طریقے سے کام نہیں کر رہا تھا۔

    ڈاکٹر جوناتھن گڈ لک نے کہا ’’میڈیا اور سیاسی کارکنوں پر تشدد کی اطلاعات ملیں، ایک سیاسی پارٹی کو خواتین کی مخصوص نشستوں کا حق نہیں ملا، فیک نیوز کا سلسلہ بھی جاری رہا، انٹرنیٹ بھی بند کیا گیا، یہ چیزیں ہمارے لیے باعث تشویش ہیں۔‘‘

    انھوں نے کہا مبصرین نے ٹرن آؤٹ کا بھی جائزہ لیا ہے، ٹرن آؤٹ کتنا رہا اس حوالے سے فائنل رپورٹ جاری کی جائے گی، کچھ پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کو مناسب ماحول نہیں دیا گیا،فارم 45 انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے امیدواروں کو تاخیر سے ملے۔

  • ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے‘‘ سربراہ کامن ویلتھ آبزرور

    ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے‘‘ سربراہ کامن ویلتھ آبزرور

    اسلام آباد: کامن ویلتھ آبزرور گروپ نے پاکستان بھر میں ووٹنگ کے دوران انٹرنیٹ کی بندش پر دل چسپ تبصرہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے، وفاقی حکومت نے ملک بھر میں سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی ہے، جس پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں شکایات درج کرائی گئی ہیں۔

    تاہم کامن ویلتھ آبزرور گروپ کے سربراہ نے انٹرنیٹ بندش کے سوال پر جواب میں کہا ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔‘‘

    گاؤں ادینہ میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی

    ڈی آئی خان میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، 5 اہلکار شہید

    کامن ویلتھ آبزرورز گروپ نے اسلام آباد کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتخابی عمل کا جائزہ لیا، گروپ نے پولنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات میں پولنگ کا عمل شفاف ہے۔ کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے پولنگ عمل سے ہم مطمئن ہیں، انٹرنیٹ دریافت ہونے سے قبل بھی ہم الیکشن کرا رہے تھے، انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔

    الیکشن 2024 پاکستان: پولنگ کی مکمل کوریج اور معلومات – لائیو

    پیپلز پارٹی نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بندش کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دے دی

    مبصر کامن ویلتھ گروپ ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن نے کہا ’’پاکستان دولت مشترکہ کا بڑا ملک ہے، ہم انتخابات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان پائیدار جمہوریت کی جانب گامزن ہے، ابھی کوئی حتمی رائے قائم نہیں کر سکتا، پاکستان میں انتخابات سے متعلق رپورٹ اتوار کو جاری کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے سیکیورٹی اقدامات اور وزیر داخلہ نے انتخابات سے متعلق کردار سے انھیں آگاہی فراہم کی۔

    واضح رہے کہ مختلف علاقوں سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود پولنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے، کئی علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں تاحال پولنگ سامان بھی نہیں پہنچا ہے، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کی وجہ سے اس طرح کی صورت حال سے آگاہی بھی ممکن نہیں ہو پا رہی ہے۔