Tag: compensation

  • معاوضہ دینے کے لیے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی، لاپتا افراد کیس میں محکمہ داخلہ کا عدالت میں بیان

    معاوضہ دینے کے لیے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی، لاپتا افراد کیس میں محکمہ داخلہ کا عدالت میں بیان

    کراچی: محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن نے سندھ ہائی کورٹ کو بتایا کہ لاپتا شہریوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کے لیے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں دو سگے بھائیوں سمیت 11 گمشدہ شہریوں کی تلاش کے لیے درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے ایک بار پھر لاپتا شہریوں کے اہل خانہ کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم جاری کیا۔

    سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جن افراد کی گم شدگی کا تعین ہو چکا ہے، صوبائی حکومت انھیں معاوضہ دے گی، تاہم کچھ افراد نے تاحال محکمہ داخلہ کو درخواست نہیں دی۔

    قبل ازیں، جسٹس ارشد حسین نے ریمارکس دیے کہ شہریوں کی تلاش اور معاوضہ ادائیگی پر عدالتی احکامات کا کسی افسر کو علم نہیں ہے، گم شدہ شہریوں کی تحقیقات اور بازیابی کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔

    آڈیو لیک کیس: ایف آئی اے، پی ٹی اے، پیمرا کی درخواستیں 5،5 لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ خارج

    عدالت نے حکومت اور پولیس کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا، جسٹس ذوالفقار علی سانگی نے ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم تھا کہ گم شدہ شہریوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے، کیا تین مہینوں سے پولیس افسران اور سیکریٹریز سو رہے تھے۔

    پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ مختلف اداروں کو خطوط لکھ چکے ہیں، لیکن تاحال جواب نہیں ملا۔ جسٹس ارشد حسین نے ریمارکس دیے اب یہ کہیں گے کہ ہمیں نہیں معلوم کب اور کیسے ہوگا۔ عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے وکلا پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وکلا کیس لے کر کھڑے ہو جاتے ہیں، پتا کچھ ہوتا نہیں۔

  • "بھول بھلیاں ٹو” کارتک آریان نے فلم کی کامیابی کے بعد معاوضہ بڑھا دیا؟

    "بھول بھلیاں ٹو” کارتک آریان نے فلم کی کامیابی کے بعد معاوضہ بڑھا دیا؟

    ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان نے فلم "بھول بھلیاں ٹو” کی شاندار کامیابی کے بعد اپنے معاوضے میں اضافہ کردیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت کارتک آریان ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 15 سے 20 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں جبکہ حالیہ فلم کی کامیابی کے بعد انہوں نے اس میں اضافہ کرتے ہوئے 35 سے 40 کروڑ روپے کردیا ہے۔

    یہ فلم 10 روز میں ہی100کروڑ کلب میں شامل ہوچکی ہے، فلم کی شاندار کامیابی کے بعد یہ خبریں سامنے آئی کہ اداکار نے اپنی فیس میں15 سے20 کروڑ روپے کا اضافہ کردیا ہے۔

    دوسری جانب اداکار کارتک آریان نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا تھا پرموشن ہوا ہے لائف میں انکریمنٹ نہیں، یہ بے بنیاد بات ہے۔

  • سعودی عرب : وکیل کوغلطی کرنا بہت مہنگا پڑگیا، فیس بھی نہیں ملے گی

    سعودی عرب : وکیل کوغلطی کرنا بہت مہنگا پڑگیا، فیس بھی نہیں ملے گی

    ابوظبی : وکیل کو اپنی غلطی کی وجہ سے خاتون مؤکلہ کو دولاکھ درہم کا معاوضہ دینا پڑگیا، عدالت نے وکیل کے دلائل مسترد کرتے ہوئے فیس کی آخری قسط سے بھی محروم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابوظبی کی ایک اعلی عدالت نے سماعت کی تاریخ پر پیش نہ ہونے پر وکیل سے خاتون مؤکلہ کو دو لاکھ درہم کا معاوضہ دلادیا۔

    ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت نے ایک اور فیصلہ خاتون کے حق میں یہ بھی کیا کہ وکیل کو فیس کی آخری قسط سے بھی محروم کردیا،وکیل نے اس حوالے سے جو اعتراضات پیش کیے تھے عدالت نے انہیں سختی سے مسترد کردیا۔

    ابوظبی کی پرائمری کورٹ نے خاتون مؤکلہ کے حق میں فیصلہ دیا تھا جس کی توثیق ایپلٹ کورٹ نے بھی کردی تھی۔ خاتون کا دعویٰ تھا کہ وکیل کی جانب سے کی گئی غلطی اور دعوے کو صحیح طریقے سے فائل کرنے میں کوتاہی کے باعث اسے بھاری مالی نقصان اور ذہنی اذیت پہنچی ہے لہٰذا اسے وکیل سے دو لاکھ درہم کا معاوضہ دلوایا جائے۔

    وکیل نے پہلے پرائمری کورٹ اور اس کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔ اعلٰی عدالت نے بھی اس کا دعوی مسترد کردیا اور اپنے فیصلے میں یہ بات واضح کردی کہ پرائمری کورٹ نے متاثرہ خاتون کے لیے نقصانات کا جو تخمینہ مقرر کیا ہے انہیں اس سے اتفاق ہے۔

    اعلٰی عدالت نے کہا کہ پرائمری کورٹ کا یہ صوابدیدی اختیار تھا جس کے استعمال میں اس نے کوئی غلطی نہیں کی ہے۔

  • بھارتی مسلم خاتون کو سپریم کورٹ نے 15 سال بعد انصاف دیدیا

    بھارتی مسلم خاتون کو سپریم کورٹ نے 15 سال بعد انصاف دیدیا

    نئی دہلی : بھارتی سپریم کورٹ نے گجراتی حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ 15 سال قبل پُر تشدد واقعات کے دوران نشانہ بننے والی مسلمان خاتون کو 50 لاکھ روپے زر تلافی، نوکری اور ایک مکان فراہم کریں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت خواتین کے لیے ایک انتہائی خطرناک ملک بن گیا ہے جہاں خواتین کے لیے اپنی عصمت برقرار رکھنا ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، ستم بالائے ستم تو یہ کہ جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خواتین کئی کئی برسوں تک انصاف کی منتظر رہتی ہیں ایسا ہی کچھ بھارت کی مسلمان خاتون کے ساتھ ہوا جسے انصاف کیلئے 15 برس انتظار کرنا پڑا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ متاثرہ خاتون بلقیس بانو نے 5 لاکھ روپے کی پیش کش کو مسترد کردیا تھا، خاتون کے وکیل نے سپریم کورٹ کے حکم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دیگر متاثرین کو ان کے مقدمات میں مدد ملے گی۔

    بلقیس بانو کی وکیل شوبھا گپتا کا کہنا تھا کہ اس کیس میں عدالت کی جانب سے ریپ کے متاثرہ فرد کو زیادہ سے زیادہ تلافی معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران عدالتی فیصلے کو تاریخی قرار دیا۔

    ان کے مطابق اس سے قبل 2017 میں شمال مشرقی بھارت میں ایک متاثرہ فرد کو 13 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے بعد بلقیس بانو کے کیس میں سب سے زیادہ زر تلافی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب اس طرح کے احکامات منظور کیے جاتے ہیں، جی ہاں، تو اس سے آپ کی امیدیں بڑھ جاتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ‘اس سے ایک پیغام جاتا ہے کہ عدالتیں موجود ہیں اور انصاف اب بھی فراہم کیا جارہا ہے۔گزشتہ سال سپریم کورٹ نے ایک اسکیم منظور کی تھی، جس میں ریپ متاثرین کے لیے زر تلافی 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں کم عمرلڑکی سے 13 افراد کی جنسی زیادتی

    بھارت میں کاشتکار خواتین جنسی زیادتی کا نشانہ بننے پر مجبور

    عدالت کا کہنا تھا کہ یہ امداد متاثرین کی صحت اور بحالی کے لیے استعمال ہوگی۔ 2012 میں نئی دہلی میں ایک طالبہ کے گینگ ریپ کے بعد ملک بھر میں احتجاج کیا گیا تھا جس کے بعد بھارت نے جنسی حملوں کے حوالے سے قانون کو مزید سخت کردیا۔

    تاہم ان سب کے باوجود بھی خواتین کو حکام تک پہنچے میں متعدد مشکلات کا سامنا ہے، جس میں مخالف رویے کی حامل پولیس، غلط میڈیکل اور فرانزک ٹیسٹ، بناوٹی تفتیش اور کمزور پروسیکیوشن شامل ہے۔

  • یونان کا جرمنی سے 290 ارب یورو بطور ہرجانہ طلب کرنے کا فیصلہ

    یونان کا جرمنی سے 290 ارب یورو بطور ہرجانہ طلب کرنے کا فیصلہ

    ایتھنز: یونان کی پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ جرمنی دوسری جنگ عظیم کے دوران نازی جرمنی کے خوفناک جنگی جرائم اور یونان کو پہنچنے والے مالی نقصانات کا ازالہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کی پارلیمنٹ کے فیصلے کے تحت دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے 70 سال سے بھی زائد عرصے کے بعد جرمنی سے باضابطہ مطالبہ کیا جائے گا کہ برلن ایتھنز کو سینکڑوں ارب یورو بطور زر تلافی ادا کرے۔

    عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ یونان کی پارلیمنٹ نے یہ فیصلہ اکثریت کی بنیاد پر کیا، ایوان میں مسودہ قرارداد پارلیمانی اسپیکر نیکوس ووٹسِس نے پیش کیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایسے تمام سفارتی اور قانونی اقدامات کرے جو جرمنی سے مالی ازالے کی وصولی کےلئے ناگزیر ہوں۔

    یونان کی پارلیمنٹ میں پیش کردہ قرار داد کے مطابق ابتدا میں یونان جرمنی سے یہ مطالبہ زبانی طور پربذریعہ سیاسی قیادت کرے گا۔

    یونان کے وزیر اعظم الیکسس سپراس نے اس ضمن میں پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی سے اس زر تلافی کی ادائیگی کا مطالبہ کرنا ہمارا ایسا تاریخی اور اخلاقی فرض ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جا سکتی ہے۔

    وزیراعظم کے مطابق ایتھنز کے اس مطالبے کا یونان کو درپیش مالیاتی بحران سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یونان کی یہ خواہش ہے کہ اس طرح اس کے ذمے واجب الادا کئی سو ارب یورو کے قرضوں کی واپسی کے عمل کو تیز تر کیا جا سکے۔

    الیکسس سپراس نے یہ دعویٰ کیا کہ مالیاتی بحران کے سلسلے میں بین الاقوامی بیل آوٹ پیکجز کے بعد اب وہ مناسب ترین وقت ہے کہ یونان جرمنی سے اس زر تلافی کی ادائیگی کا مطالبہ کرے۔

    یونان کے وزیراعظم سپراس 2015 کے پارلیمانی الیکشن میں یونانی عوام سے جن وعدوں کے بعد برسر اقتدارآئے تھے ان میں یہ وعدہ بھی شامل تھا کہ وہ اپنے ملک کے عوام کو دوسری عالمی جنگ کے دوران نازی جرمن دستوں کی طرف سے کی گئی زیادتیوں اور جنگی جرائم کی تلافی کے لیے ازالے کی رقوم دلوائیں گے۔

    یونان کے اس مطالبے کے متعلق حکومتی ترجمان اشٹیفن زائبرٹ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو اس بارے میں بہت افسوس ہے اور گہرا احساس جرم بھی کہ نازی دور میں جرمن دستوں نے یونان پر قبضے کے وقت وہاں کیا کیا ظلم ڈھائے تھے؟ لیکن اس کے با وجود کسی مالی ازالے کی ممکنہ ادائیگی سے متعلق جرمن حکومت کی سوچ اب بھی وہی ہے جو پہلے تھی۔

  • وزیراعظم کاپاراچنار دھماکوں میں شہدا کے ورثاکے لیے10،10لاکھ روپے کا اعلان

    وزیراعظم کاپاراچنار دھماکوں میں شہدا کے ورثاکے لیے10،10لاکھ روپے کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے پارا چنار دھماکوں میں شہدا کے ورثا کے لیے دس دس لاکھ روپے جبکہ زخمی افراد کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پارہ چنار دھماکے سے متاثر ہونے والے خاندانوں سے متعلق گفتگو کی اور سانحے میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا کی ۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے پارا چنار دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے ورثا کو 10، 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے ،5 5لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

    وزیراعظم نواز شریف نے امدادی معاوضوں کی فوری ادائیگی کے لئے گورنر کے پی کو ہدایت جاری کردی۔

    دوسری جانب اسلام آباد میں سانحہ پاراچنار کے متاثرین اورسول سوسائٹی نے پریس کلب پر احتجاج کیا، سینیٹرفرحت اللہ بابر نے احتجاج میں شرکت کی، فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا وزیر اعظم کو پاراچنار جا کر حالات کا جائزہ لینا چاہیے اور معاملے پر جوڈیشل انکوائری کرنی چاہئے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ عمران اشرف کا کہنا تھا جب تک مظاہرین کے مطالبات پورے نہیں ہوتے میں اور میری پارٹی احتجاج میں شامل رہے گی۔

    واضح رہے کہ پارا چنار سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں اب تک 55 افراد شہید ہوچکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔