Tag: complaint

  • مراکشی فٹبال فیڈریشن کا فیفا سے احتجاج

    مراکشی فٹبال فیڈریشن کا فیفا سے احتجاج

    دوحا: مراکش کی فٹ بال فیڈریشن نے فرانس اور مراکش کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل کے میچ کے دوران ریفری کے غلط فیصلو کے خلاف فیفا سے احتجاج ریکارڈ کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق مراکش فٹ بال فیڈریشن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ میکسیکو کے ریفری سیزر راموس نے میچ کے پہلے ہاف میں جب فرانسیسی کھلاڑی تھیو ہرنینڈز نے مراکش کے کھلاڑی سوفیان بوفال کے خلاف فاؤل کیا تو وہ مراکش کو پنالٹی کک دینے میں ناکام ہوئے۔

    بیان کے مطابق فاؤل پر مراکش کو پنالٹی کک ایوارڈ کرنے کے بجائے ریفری نے بوفال کو ہی یلو کارڈ جاری کیا۔

    مراکش فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ متبادل کھلاڑی کو نیچے گرانے پر بھی میچ کے آفیشل اس کو دوبارہ دیکھنے میں بھی ناکام ہوئے۔

    رائل مراکشی فٹ بال فیڈریشن نے متعلقہ باڈی کو لکھا ہے کہ وہ ریفری کے فیصلوں پر نظر ثانی کریں جن کی وجہ سے مراکش 2 پنالٹی ککس سے محروم ہوا جو کہ کئی سپیشلسٹ ریفریز کی نظر میں پنالٹی بنتے تھے۔

    خیال رہے کہ بدھ کو کھیلے گئے میچ میں فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی۔ مراکش کی ٹیم کانسی کے تمغے کے لیے سنیچر کو کروشیا کا مقابلہ کرے گی۔

    توقعات کے برخلاف مراکش نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بیلجیئم، اسپین اور پرتگال کی مضبوط ٹیموں کو شکست دی۔

    اگر تیسری پوزیشن کے میچ میں مراکش کروشیا کو ہرانے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کوئی افریقی ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں کانسی کا تمغہ جیتے گا۔

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین حقدار کو واپس دلوا دی گئی

    سٹیزن پورٹل پر شکایت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین حقدار کو واپس دلوا دی گئی

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان سٹیزن پورٹل عوام کی آواز بن گیا، سائل کی شکایت پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین اصل حقدار کو واپس دلوا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی سجاد احمد کی داد رسی کرلی گئی، سائل نے خان پور میں زمین پر قبضے کے خلاف سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کی تھی۔

    سجاد احمد کے 15 سال سے پھنسے کیس کو ایک ماہ کے اندر حل کروا دیا گیا، ہری پور کی تحصیل خان پور میں قبضہ مافیا نے ان کی زمین پر قبضہ کر رکھا تھا۔ سائل کا کہنا تھا کہ زمین 15 سال قبل ان کی والدہ نے خریدی تھی۔

    سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین واپس دلا دی گئی، مسئلہ فوری حل ہونے پر سجاد احمد نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل کی کارروائی : 52 سال بعد زمین حقدار کو مل گئی

    سٹیزن پورٹل کی کارروائی : 52 سال بعد زمین حقدار کو مل گئی

    اسلام آباد : پاکستان سٹیزن پورٹل (پی سی پی) نے شہری کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سالوں پہلے قبضہ کی گئی زمین واپس دلوادی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کی ویب سائٹ پر قبضہ مافیا کیخلاف کی گئی شکایت پرفوری کارروائی کی گئی۔

    انتظامیہ نے52سال سے زیر قبضہ زمین شکایت کنندہ کو واپس دلوا دی، وزیرآباد میں قبضہ مافیا کیخلاف ایک سائل نے شکایت درج کرائی تھی۔

    شکایت کنندہ کے مطابق قبضہ مافیا نے کئی سال قبل ٹھیکے پر دی گئی 3کروڑ مالیت کی اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا، اراضی کا مالک ایک طویل عرصہ سے ٹھیکے کی رقم سے محروم تھا۔

    مسقط میں مقیم پاکستانی درخواست گزار محمد علی نے وزیراعظم عمران خان اور سٹیزن پورٹل کا شکریہ ادا کیا ہے، یاد رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سٹیزن پورٹل عوامی مسائل حل کرنے میں کوشاں ہے۔

  • مرید عباس کے قاتل کی مشکلات میں اضافہ

    مرید عباس کے قاتل کی مشکلات میں اضافہ

    کراچی : بینکنگ کورٹ  کو مرید عباس قتل کیس کے ملزم کیخلاف شکایت موصول ہوئی ، جس کے بعد بینکنگ عدالت نے اشتہار کے ذریعے ملزم کو عدالت میں پیش ہونے اور وضاحت دینے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینکر مرید عباس قتل کیس کے ملزم عاطف زمان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ، ملزم عاطف زمان کیخلاف بینکنگ کورٹ کو شکایت موصول ہوئی، شکایت میں شہری نے عاطف زمان سے 50 لاکھ 55 ہزار 858 روپے ریکور کرانے کے لیے درخواست دی۔

    کراچی کی بینکنگ عدالت نے شکایت پر اشتہار کے ذریعے ملزم کو عدالت میں پیش ہونے اور وضاحت دینے کا حکم دے دیا ، جاری کردی اشتہار میں کہا گیا ہے کہ اگر 30 یوم میں عدالت میں جواب نہ دیا گیا تو مدعی کی شکایت کو درست سمجھا جائے گا۔

    چند روز قبل محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ اینکرمریدعباس قتل کیس کی سماعت جیل میں ہوگی، کیس انتہائی ہائی پروفائل ہے،ملزمان عاطف زمان اور عادل زمان کو سٹی کورٹ میں پیش کرتے وقت ناخوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت جیل میں ہوگی ، نوٹی فکیشن جاری

    یاد رہے اینکر مرید عباس قتل کیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ مرید اور اس کے دوستوں کے علاوہ نجی ٹی وی کے دو اینکرز سمیت کئی افراد کی بھی کروڑوں روپے کی انویسٹمنٹ تھیں، دونوں نے ساڑھے8کروڑ روپے لگائے۔

    تفتیش میں ملزم عاطف کےگیارہ بینک اکاؤنٹس کا بھی انکشاف ہوا تھا اور ان بینک اکاؤنٹس کےتحقیقات کے لئے ایف آئی اے سے رابطہ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ سالِ رواں 9جولائی کوکراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ملزم عاطف زمان نے اس دہرے قتل کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم اسے بچا لیا گیا تھا۔

  • جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    قاہرہ : مصری وکیل نے جینیفر لوپیز کے خلاف اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ معروف اداکارہ و گلوکارہ نے الامین شہر میں منعقدہ کنسرٹ میں برہنہ حالت میں پرفارم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادھیڑ عمری میں بھی کسی خوبرو لڑکی کی طرح پرفارمنس کرنے والی گلوکارہ، موسیقار، اداکارہ و لکھاری جینیفر لوپیز پر مصر کے ایک وکیل نے فحش پرفارمنس کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ملک میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جینیفر لوپیز نے حال ہی میں اپنی 50 ویں سالگرہ کے جشن منانے کے طور پر مصر، اسرائیل، اٹلی اور روس میں خصوصی میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا تھا۔

    خاص ممالک میں منعقد کیے جانے والے ان میوزک کنسرٹ میں اگرچہ لاکھوں افراد کو ٹکٹ نہیں دیئے گئے، تاہم ان کنسرٹ میں 5 سے 10 ہزار افراد شامل رہے،ان میوزک کنسرٹ میں جہاں گلوکارہ کے عام مداح شامل رہے، وہیں ان کنسرٹ میں گلوکارہ کے متعلقہ ممالک کی حکومتی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جینیفر لوپیز نے اپنی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف ممالک میں منعقد کئے جانے والے کنسرٹس کو ’ یہ میری پارٹی‘ ہے کا نام دیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے سب سے زیادہ مشہور گانوں پر بولڈ، نیم عریاں اور جذباتی پرفارمنس کی۔

    جینیفر لوپیز نے تل ابیب، ماسکو، اناطولیہ اور مصر کے شہر الامین میں بھی پرفارمنس کی،مصری شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس میں حکومتی وزراء، مصری شوبز، موسیقی، فیشن و میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیات سمیت مجموعی طور پر 2 ہزار افراد شریک ہوئے۔

    مصر کے شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس کے بعد مصر کے معروف وکیل سمیر صابری نے امریکی گلوکارہ پر فحش پرفارمنس کا الزام لگاتے ہوئے ملک کے اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروادی۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل کے ہاں شکایت درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین میں منعقد کنسرٹ میں انتہائی نازیبا اور نیم عریاں پرفارمنس کی جو مصر کے اسلامی اقدار کے خلاف تھی۔

    شکایت میں مزید لکھا گیا گیا کہ جینیفر لوپیز کا میوزک کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ کچھ دن قبل ہی مصر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا اور اس میں کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور ایسے میں فحش پرفارمنس کے کنسرٹ میں حکومتی وزیروں کی شرکت ملک کے لیے باعث شرم ہے۔

    مصری وکیل نے اپنی شکایت میں یہ بھی لکھا کہ امریکی گلوکارہ کا فحش کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ دنیا بھر کے مسلمان میدان عرفات میں فریضہ حج کی ادائیگی کر رہے تھے اور ایسے موقع پر جینیفر لوپیز کی عریاں پرفارمنس قابل مذمت ہے۔

    اطلاعات کے مطابق مصری وکیل سمیر صابری نے اپنی شکایت میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین شہر میں کنسرٹ میں کپڑوں کے بغیر بھی پرفارمنس کی،تاہم میوزک کنسرٹ میں شرکت کرنے والے چند افراد کے مطابق جینیفر لوپیز نے برہنہ پرفارمنس نہیں کی تھی البتہ ان کا لباس اس طرح تھا کہ وہ نیم عریاں دکھائی دے رہی تھیں۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل سے شکایت میں مطالبہ کیا کہ جینیفر لوپیز پر مصر میں پابندی عائد کی جائے اور آئندہ ان کے میوزک کنسرٹ کا انعقاد نہ کیا جائے۔

  • پولیس کمپلینٹ سینٹرز کی ششماہی کارکردگی رپورٹ آئی جی سندھ کوپیش

    پولیس کمپلینٹ سینٹرز کی ششماہی کارکردگی رپورٹ آئی جی سندھ کوپیش

    کراچی : پولیس افسران نے پولیس کمپلینٹ سینٹرز کی ششماہی کارکردگی رپورٹ آئی جی سندھ کلیم امام کو پیش کردی، کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی آرز کے عدم اندراج پر 457 شکایات موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں کی کارکردگی سے متعلق سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے کمپلینٹ سینٹرز قائم کیا گیا تھا جہاں عوام پولیس اہلکاروں کے برتاؤ ، کرپشن سمیت دیگر معاملات پر شکایات درج کرواسکتے ہیں۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس برتاؤ، اختیارات کے تجاوزسے متعلق 1647شکایات موصول ہوئیں جبکہ غیر قانونی حراست سے متعلق270 شکایات اندراج ہوا۔

    پولیس اہلکاروں کی کرپشن سے متعلق622شکایات درج کروائی گئیں جبکہ غلط ایف آئی آرز اور انکی تنسیخ سے متعلق 05شکایات موصول ہوئیں۔

    ترجمان سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمات کی ناقص تفتیش سے متعلق133 اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں سے متعلق 183 شکایات موصول ہوئیں،۔

    ترجمان نے خبررساں اداروں کو بتایا کہ مجموعی شکایات میں سے 8483 شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے کہ جبکہ7679شکایات زیرالتوا،418شکایات جھوٹی 405غیرمتعلقہ تھیں۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق شکایت میں نامزد کیے گئے 43 پولیس افسران کو معمولی جبکہ7کوسخت سزا دی گئیں۔

  • کویتی سیاست دان کی اہلیہ کا دوران پرواز مصری ایئر ہوسٹس سے جھگڑا

    کویتی سیاست دان کی اہلیہ کا دوران پرواز مصری ایئر ہوسٹس سے جھگڑا

    کویٹ سٹی/قاہرہ : کویتی فضائی کمپنی کے مسافر بردار طیارے میں دوران پرواز جھگڑا کرنے والی مصری ایئر ہوسٹس اور کویتی سیاست دان کی اہلیہ کو کویت ایئر پورٹ پر جہاز لینڈنگ کرتے ہی دونوں خواتین کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصر سے کویت آنے والی ایک پرواز میں مصری ایئرہوسٹس اور ایک کویتی خاتون کے درمیان ہونے والی لڑائی نے نہ صرف مسافروں کو پریشان کردیا بلکہ ہوائی جہاز کے پائلٹ کو بھی معاونت کے لیے کنٹرول روم سے رابطہ کرنا پڑا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کویت کے ایک سابق رکن پارلیمنٹ اور صحافی کی اہلیہ کا فضائی میزبان کے ساتھ کسی بات پر تنازع پیدا ہوا جو اس حد تک شدت اختیار کرگیا کہ اس کی وجہ سے دیگر مسافر بھی پریشان ہوگئے۔

    کویتی اخبار کے مطابق جہاز میں پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرنے کے لیے پائلٹ کو کنٹرول روم سے رابطہ کرنا پڑا، کویت میں جہاز کی لینڈنگ کے بعد دونوں خواتین کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

    کویتی اخبارکے مطابق فضائی میزبان نے "مجلس امہ” کے سابق رکن کی بیوی پر اپنی توہین کا الزام عاید کیا ہے، دونوں نےایک دوسرے پر لڑائی شروع کرنے کا الزام عاید کیا۔

  • کسٹمز کی وردی پہن کر برتن دھونے پر مجبور ہیں: اہلکاروں کی وزیر اعظم سے شکایت

    کسٹمز کی وردی پہن کر برتن دھونے پر مجبور ہیں: اہلکاروں کی وزیر اعظم سے شکایت

    اسلام آباد: عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بنائی جانے والی ایپ پاکستان سٹیزن پورٹل پر کسٹمز اہلکار نے اپنے افسران کے خلاف شکایت کردی۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہم کسٹمز کی وردی پہن کر برتن دھونے اور کچن میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل میں اپنی نوعیت کی انوکھی درخواست درج کروا دی گئی۔ کسٹم اہلکار نے اپنے اعلیٰ افسران کے خلاف وزیر اعظم کو شکایت لگا دی۔

    کسٹم اہلکاروں نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ہمیں تربیت دینے کے بعد تربیت کے مطابق کام لینے کے بجائے چائے بنانے پر لگا دیا گیا، ہمیں سارا دن ذاتی ملازم بنا کر گھروں میں کام پر لگا دیا گیا ہے۔

    درخواست گزار نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ کسٹم ہاؤس اسلام آباد میں 21 گریڈ کے افسر کے ساتھ ہیں، کسٹمز کی وردی پہن کر برتن دھوتے ہیں اور کچن میں کام کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم کو بھیجی گئی درخواست ممبر کسٹمز کے ذریعے چیف کلیکٹر کسٹمز تک پہنچا دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کا آغاز عوامی شکایات کے ازالے کے لیے گزشتہ برس اکتوبر میں کیا گیا تھا، پورٹل پر وزرا اور حکومت کے خلاف آن لائن شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ہے نیا پاکستان کیونکہ اب حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی‘۔

    دسمبر میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2 ماہ کے قلیل عرصے میں پورٹل پر رجسٹرڈ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ پورٹل کو 2 ماہ میں 2 لاکھ 29 ہزار 6 سو 67 شکایات موصول ہوئیں۔

    پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات میں سے 1 لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے۔

  • قادرپٹیل نے عمران خان کے بغیر کارڈ کے ووٹ کاسٹ کرنے پر اعتراض اٹھادیا

    قادرپٹیل نے عمران خان کے بغیر کارڈ کے ووٹ کاسٹ کرنے پر اعتراض اٹھادیا

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے نامزد وزیراعظم عمران خان کو قومی اسمبلی کے اسپیکر  کیلئے کارڈ کے بغیر ووٹ کاسٹ کرنے پر اعتراض اٹھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کیلئے کارڈ کے بغیرکارڈ ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے پر اعتراض اٹھا دیا۔

    قادرپٹیل کا کہنا تھا کہ میرے پاس کارڈ نہیں تھا، مجھے ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا گیا، عمران خان کے پاس کارڈ نہیں تھا، انہیں اجازت دے دی گئی۔

    جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا عمران خان نے مجھ سے اجازت مانگی میں نے دے دی ، آپ بھی مجھ سے اجازت لیتے میں دے دیتا، 3میرے لیے تمام ارکان برابر ہی ہیں۔


    مزید پڑھیں : عمران خان رجسٹریشن اور شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے


    یاد رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لئے عمران خان ووٹ ڈالنے گئے تو پتہ چلا وہ اپنا رجسٹریشن اور شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے ہیں۔

    جس کے بعد عمران خان کو ووٹنگ کے لئے اسپیکرسےاجازت لینا پڑی اور ایازصادق نے عمران خان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے انتخاب کے لیے اسد قیصراور خورشیدشاہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

    ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے اُمیدواراسد محمود کے مابین مقابلہ ہوگا۔

    اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوگا۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے, جس کے بعد 18 اگست کو عمران خان عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ْ