Tag: condemn

  • امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    واشنگٹن: امریکا نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کردی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ واقعات پر تشویش ہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو اپنے معاملات بات چیت سے حل کرنے چاہئیں، لوگوں کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہونا چاہیئے، عمران خان پر قاتلانہ حملے پر وزیر خارجہ بیان دے چکے ہیں۔ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔

    دوران بریفنگ صحافی نے سوال کیا کہ اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال پر جھوٹے مقدمات بنانے پر امریکا کا کیا مؤقف ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں میڈیا کی آزادی پر بات کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پاکستانی حکام کے سامنے اٹھاتے رہیں گے، آزاد میڈیا جمہوریت کے لیے اہم ہے۔

    ایک اور سوال میں دریافت کیا گیا کہ بھارت روسی تیل لینے والا بڑا ملک بن گیا ہے، کیا آپ کو تشویش ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت روس تعلقات پر بھارتی حکام سے بات ہوتی رہی ہے، بھارت اور روس کے دو طرفہ تعلقات برسوں پرانے ہیں۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت واضح کر چکا ہے کہ وہ روسی جنگ کے خلاف ہے، تمام ممالک پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کر سکتے ہیں، روس بھارت تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو سرد جنگ میں شروع ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کہہ چکا ہے کہ وہ یوکرین جنگ اورخون ریزی کےخلاف ہے، ضروری ہے روس کو یہ پیغام عالمی دنیا خصوصاً بھارت جیسے ممالک سے ملے۔ توانائی کے لیے بھارتی ضروریات کو سمجھ سکتے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے تشدد سے کشمیری نوجوان کا قتل، پاکستان کی شدید مذمت

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے تشدد سے کشمیری نوجوان کا قتل، پاکستان کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے تشدد سے کشمیری نوجوان محمد امین ملک کے قتل پر شدید مذمت کی ہے، پاکستان نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے تشدد سے کشمیری نوجوان محمد امین ملک کے قتل پر پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امین ملک بھارتی قابض فوج کی غیر قانونی تحویل میں تھا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی قابض فوج نے جنوری سے اب تک 50 معصوم کشمیریوں کو قتل کیا، کشمیریوں کو نام نہاد سیکیورٹی آپریشن کے نام پر جعلی مقابلوں میں مارا گیا، تدفین کے لیے شہدا کی میتیں واپس کرنے سے بھی انکار کر دیا گیا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ہندوستانی حکومت کے اخلاقی دیوالیہ پن کو ظاہر کرتا ہے، معصوم کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ طاقت کا استعمال جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔

    پاکستان نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پاکستان کی ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت

    پاکستان کی ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، وسطی ویانا میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ ویانا میں 6 مختلف مقامات پر دہشت گرد حملوں میں 2 شہری ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے جبکہ ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

    ایک حملے میں مسلح افراد نے یہودی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ کر کے 2 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، حملے کے بعد دہشت گردوں نے قریبی ہوٹل پر قبضہ کر کے ہوٹل میں موجود افراد کو یرغمال بنالیا اور دیگر کئی مقامات پر فائرنگ کی۔

    آسٹریا کے وزیر داخلہ نے علاقے میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج اسکول بند رہیں گے، شہری عوامی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

    ان کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گرد کی تلاش جاری ہے، سرحدی علاقوں میں تلاشی کے لیے فورسز کی تعداد بڑھا دی ہے، دہشت گرد تربیت یافتہ، منظم اور خطرناک تھے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی بھارتی لوک سبھا میں شہریت کے متنازع بل کی مذمت

    وزیراعظم عمران خان کی بھارتی لوک سبھا میں شہریت کے متنازع بل کی مذمت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بھارتی لوک سبھامیں شہریت کےمتنازع بل کی مذمت کرتے ہوئے کہا متنازع بل آرایس ایس کے ہندو راشٹریہ کے توسیعی منصوبے کا حصہ ہے، مودی حکومت منصوبے کےتحت پروپیگنڈا کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی لوک سبھامیں شہریت کےمتنازع بل کی مذمت کرتے ہوئے کہا متنازع بل انسانی حقوق کی مکمل خلاف ورزی اوربل پر قانون سازی دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متنازع بل آرایس ایس کے ہندوراشٹریہ کےتوسیعی منصوبےکا حصہ ہے، فاشسٹ مودی حکومت منصوبے کےتحت پروپیگنڈا کررہی ہے۔

    اس سے قبل انسانی حقوق کےعالمی دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر پر چار ماہ سے جاری بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑارہا ہے ، سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیرکےغیرقانونی الحاق پر بھارت کےخلاف اقدام کرے۔

    وزیراعظم نے مطالبہ کیا کشمیریوں پرمظالم کےپہاڑ توڑےجانےکاسلسلہ رکوایاجائے اور عالمی قوانین کےرکھوالےبھارت کےغاصبانہ قبضےکانوٹس لیں۔

    مزید پڑھیں :  عالمی قوانین کے رکھوالے بھارت کے غاصبانہ قبضے کا نوٹس لیں: عمران خان

    یاد رہے بھارتی پارلیمنٹ نے شہریت کا متنازع بل منظورکیا تھا،  بھارتی لوک سبھا میں شہریت کا متنازع بل بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے پیش کیا تھا ، بل میں مسلمانوں کے علاوہ دیگرتارکین وطن کوشہریت دینے کی اجازت دی گئی ، جس کے حق میں 293ووٹ آئے جبکہ 82اراکین اسمبلی نے اسے مسترد کردیا۔

    ترمیمی شہریت بل سے آسام میں کئی دہائیوں سے رہائش پذیرلاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثرہوں گے۔

    وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی ظلم وستم نہیں ہوتا ہے، اس لئے اس بل کا فائدہ انہیں نہیں ملے گا، اگرایسا ہوا تویہ ملک انہیں بھی اس کا فائدہ دینے پر غور کرے گا۔

  • امریکی ارکان کانگریس کی جانب سے ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت کی مذمت

    امریکی ارکان کانگریس کی جانب سے ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت کی مذمت

    بیجنگ : چینی پارلیمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی پارلیمنٹ کے ترجمان یو وینزے نے امریکی کانگریس کے بعض ارکان کی جانب سے ہانگ کانگ میں جمہوریت نوازوں کے مظاہروں کی حمایت میں بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں اور وہ غیر ملکی قوتوں کی اپنے داخلی امور میں مداخلت کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوار کو ایک بیان میں انھوں نے امریکی قانون سازوں کے بیانات کو قانون کی حکمرانی کی روح کی سنگین خلاف ورزی ،ننگا دہرا معیار اور چین کے داخلی امور میں کھلی مداخلت قرار دیا ۔

    انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں اور وہ غیر ملکی قوتوں کی اپنے داخلی امور میں مداخلت کو بھی مسترد کرتے ہیں تاہم چینی ترجمان نے اپنے بیان میں کسی خاص امریکی قانون ساز یا اس کے بیان کا حوالہ نہیں دیا ہے۔

    امریکی سینیٹ اور ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت متعدد ارکان نے ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کی پاسداری اور ہانگ کانگ کی حکومت پر تعطل ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی کانگریس کو ایسی قانون سازی کا اختیار حاصل ہے جس کے تحت ہانگ کانگ کی تجارتی حیثیت متاثر ہوسکتی ہے۔

  • پاک فوج پر حملہ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    پاک فوج پر حملہ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے پاک فوج پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے وزیرستان میں پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین کیا، ان کا کہنا تھا کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں، ریاست ان عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

    وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ شہادتوں پر ہمارا دل جلتا ہے، بیرونی سازشوں کا مرکز شمالی وزیرستان ہے، جنگ آخری مراحل میں ہے، دشمنوں کو شکست دیکر رہیں گے، شہیدوں کے لہو کی وجہ سے ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں شہادتوں پر انتہائی دکھ ہے، شہیدوں کا لہو کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگر دبزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ملک سے دہشتگردی جیسے ناسور کا صفایا کرکے دم لیں گے، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    شمالی وزیرستان : بارودی سرنگ کا دھماکہ، پاک فوج کے تین افسر اور جوان شہید چار زخمی

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک دشمن عناصر کے بزدلانہ اقدام حوصلے پست نہیں کرسکتے، قیام امن کیلئے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

    وزیرداخلہ اعجازشاہ نے وزیرستان میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ایسے شرپسندعناصر پاک فوج کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، دہشتگردی کے خلاف جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہےگی، پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے، ایسے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی شہدا کے لواحقین سے ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہرقسم کی دہشتگردی کےخلاف قوم متحد اور یک آواز ہے۔

    درین اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور شہید 3افسران اور جوان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    علاوہ ازیں گورنرسندھ عمران اسماعیل کی پاک فوج کے جوانوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوانوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاک افواج کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی، پوری قوم اظہاریکجہتی کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

  • مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی پر اردن کا اسرائیل سے شدید احتجاج

    مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی پر اردن کا اسرائیل سے شدید احتجاج

    عمان : اردنی وزیر خارجہ نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’قبلہ اول میں نمازیوں اور روزہ داروں پر صہیونی فوج کا تشدد ناقابل برداشت ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کی وزارتِ خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں، معتکفین اور روزہ داروں خلاف اسرائیلی ریاست کے اشتعال انگیز اقدامات اور ماہ صیام کے دوران صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پردھاووں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق اردنی وزارت خارجہ نے قبلہ اول اور حرم قدسی میں اسرائیلی اشتعال انگیز سرگرمیوں پر صہیونی ریاست سے باضابطہ احتجاج کیا گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی حکام اور یہودی آباد کار حرم قدسی شریف کی مسلسل اشتعال انگیز انداز میں بے حرمتی کے مرتکب ہو رہے ہیں، پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں گھس کر فلسطینی نمازیوں، روزہ داروں اور معتکفین کو تشدد کا نشانہ بناتےہیں۔

    دوسری طرف اسرائیلی پولیس ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت محکمہ اوقاف کے عملے کو گرفتار کرکے اوقاف کے امور میں کھلی مداخلت کررہی ہے۔

    عمان حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں اور ان کے نتیجے میں خطے میں تشدد کی ایک نئہی لہر اٹھ سکتی ہے۔

    اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان سلمان القضا نے کہا کہ حکومت نے سفارتی چینلز سے اسرائیلی حکومت کو اپنا احتجاج پہنچا دیا ہے۔ اس احتجاجی یاداشت میں حرم قدسی میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز سرگرمیوں پرپابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ماہ صیام کے دوران اسرائیلی فوج، پولیس اور یہودی آباد کار مل کر مسجد اقصیٰ پر یلغار کرتے رہے ہیں۔ ماہ صیام کے آخری ایام میں یہودیوں کی تعطیلات کے موقع پرقبلہ اول میں سخت کشیدگی دیکھی گئی۔

    ماہ صیام کے آخری عشرے میں یہودی آبادکاروںکو قبلہ اول کے احاطے میں داخلےکی اجازت نہیں دی جاتی مگر اس بار صہیونی حکام نے یہ روایت بھی توڑ؟ دی اور بار بار مسجد میں گھس کرمسلمان روزہ اور معتکفین کو زدو کوب کیا جاتا ہے۔

    حرم قدسی اور مسجد اقصی میں یہودی آباد کاروںکی اشتعال انگیز سرگرمیاں ایک ایسے وقت میں دیکھی گئی ہیں جب دوسری جانب صہیونی ریاست ‘متحدہ القدس’ کی تقریبات اور سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

    اسرائیل نے سنہ 1967ء کی جنگ میں مشرقی بیت المقدس پرقبضہ کرلیا تھا، اس کے مشرقی اور مغربی القدس کی وحدت کے حوالے دو جون کا دن منایا جاتا ہے، اس سال یہ دن ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ماہ صیام جاری ہے اور مسجد اقصیٰ میں بڑی تعداد میںمسلمان عبادت کے لیے آ رہے ہیں۔

  • دہشت گردوں کی کارروائی صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    دہشت گردوں کی کارروائی صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی صوبے میں امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے شہداء کےخاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گھناؤنی سازش کے تحت صوبے میں امن خراب کرنے کی کوشش کی ہے، بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کا مقابلہ پوری طاقت سے کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لے کر انہیں مزید مؤثر بنایا جائے، سیکیورٹی ادارے جانوں کا نذرانہ دے کر عوام کی جان و مال کا تحفظ کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید، 8 زخمی

    واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں منی مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چار  پولیس اہلکار شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے، ممکنہ طور پر دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے مددگار پولیس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

  • وزیر اعظم کی شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی مذمت

    وزیر اعظم کی شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہیدوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جوانوں کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے حملے میں شہید 3 جوانوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑھ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کیا گیا، الوڑہ کے مقام پر 60 سے 70 دہشت گردوں نے افغانستان کی حدود سے حملہ کیا۔

    پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کر کے حملہ آوروں کو پسپا کردیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گردمارےگئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔

    شہید جوانوں میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان تمام تر رکاوٹوں کے باوجود باڑھ لگانے کا عمل جاری رکھے گا، افغان فورسز اور حکام اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

    2 ہزار 6 سو 11 کلو میٹر پاک افغان سرحد پر اب تک پاک فوج کی ٹیم ایک ہزار سے زائد کلو میٹر باڑھ لگانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

  • کیمرہ مین پر تشدد : ن لیگ شکر منائے کہ میں وہاں موجود نہیں تھا، فیصل واوڈا

    کیمرہ مین پر تشدد : ن لیگ شکر منائے کہ میں وہاں موجود نہیں تھا، فیصل واوڈا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ صحافی برادری پر ن لیگ کا یہ حملہ افسوسناک ہے، ن لیگ شکر منائے کہ میں اس وقت پارلیمنٹ میں موجود نہیں تھا۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، فیصل واوڈا نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے تغافل کی جتنی مذمت کریں کم ہے، ن لیگ کی جانب سے کیے گئے محض مذمتی بیان سے اس سانحے کی تلافی نہیں ہوسکتی۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ ن لیگ کا صحافی برادری پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے، ن لیگ کو شکر منانا چاہیے کہ میں اس وقت پارلیمنٹ میں موجود نہیں تھا، سزا دیئے بغیر ہم نواز شریف کے گارڈز کو جانے نہ دیتے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے گارڈز کو واقعے پر معذرت کرنی چاہئے، کیمرہ مین کی صحت یابی تک مالی اعانت بھی ن لیگ کی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ اسمبلی کے باہر سابق وزیراعظم نوازشریف کی فوٹیج بنانے پر ان کے گارڈز نے نجی ٹی وی کیمرہ مینوں پرحملہ کردیا، سماء اور ہم نیوز کے کیمرہ مین نوازشریف کے گارڈ کے تشدد سے زخمی ہوگئے۔

    نوازشریف پارلیمنٹ ہاؤس سے واپسی پر جیسے ہی گاڑی میں بیٹھے ان کے گارڈ نے کیمرہ مینوں پر تشدد شروع کر دیا، نوازشریف کے گارڈ نے زمین پر گرے سما کے کیمرہ مین واجد علی کے منہ پر اچھل کر لات ماری اور بھاگ گیا ۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کے گارڈ کے تشدد سے کیمرہ مین بے ہوش، حکومت کی مذمت

    کیمرہ مین اور رپورٹر نےگارڈ کو بھاگتے ہوئے پکڑ لیا لیکن پولیس اہلکار بچانے پہنچ گئے، بعد ازاں زخمی کیمرہ مین کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، اس موقع پر وہاں موجود صحافی دہائی دیتے رہے لیکن نوازشریف کی گاڑی تیزی سے گزر گئی۔