Tag: condemnation

  • سانحہ مستونگ و ہنگو : اقوام متحدہ ،امریکا، برطانیہ اور ایران کا ردعمل

    سانحہ مستونگ و ہنگو : اقوام متحدہ ،امریکا، برطانیہ اور ایران کا ردعمل

    مستونگ اور ہنگو سانحے پر اقوام متحدہ، ایران، امریکا اور برطانیہ کی جانب سے شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے تعزیت کی ہے۔

    اقوام متحدہ

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔

    UNO

    سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ مذہبی تقریبات کے دوران گھناؤنا حملہ کیا گیا، لوگوں کو پُرامن مذہبی تقریب کے دوران نشانہ بنانا خوفناک عمل ہے۔

    امریکا

    امریکا 

    امریکی سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھیانک حملوں کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، پاکستانی عوام اپنے عقیدے کے مطابق تہوار منانے کے مستحق ہیں، ہمارے دل متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے دکھی ہیں۔

    Jane Marriott

    برطانیہ

    برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ٹویٹ کیا کہ مستونگ اور ہنگو دھماکوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرشدید افسوس ہے، ہماری دنیا میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے، میرا دل مشکل وقت میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔

    ایران

    ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے تہران سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کا مقصد مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنا ہے۔

    ایرانی صدر

    صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے نام اپنے پیغام میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے حکومت اور پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مستونگ دھماکے میں معصوم لوگ شہید اور زخمی ہوئے، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے لڑنے کے لیے پاکستان سے تعاون کو تیار ہیں۔

  • باجوڑ دھماکے پر افغان طالبان کا ردعمل

    باجوڑ دھماکے پر افغان طالبان کا ردعمل

    کابل : خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جے یو پی کے اجتماع میں ہونے والے بم دھماکے کی افغان طالبان نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے لکھا کہ امارت اسلامیہ خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے اجلاس میں دھماکے کی مذمت کرتی ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے جرائم کسی طور بھی جائز یا قابل توجیہہ نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق اور 150 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں، آخری اطلاعات تک آئی جی کے پی نے دھماکے کو خود کش قرار دیا ہے۔

  • پی ٹی آئی سینیٹر ولید اقبال کی نومئی کے واقعات کی شدید مذمت

    پی ٹی آئی سینیٹر ولید اقبال کی نومئی کے واقعات کی شدید مذمت

    اسلام آباد : مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کے پوتے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ نومئی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جناح ہاؤس پر حملے کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 9مئی کے واقعات اور شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کی مذمت کرتا ہوں۔

    ولید اقبال نے مزید کہا کہ سینیٹ میں انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کی صدرات کرتا ہوں جس میں اس حوالے سے مذمتی قرارداد پیش کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کا جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث کارکنوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ کارکنان کا ذاتی فعل تھا، اس حوالے سے نہ پارٹی نے ایسا کوئی اعلان کیا تھا اور نہ ایسی کوئی پالیسی تھی۔

  • سراج الحق قافلے کے قریب دھماکا : وزیراعظم ودیگر کا اظہار مذمت

    سراج الحق قافلے کے قریب دھماکا : وزیراعظم ودیگر کا اظہار مذمت

    اسلام آباد : ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے پر وزیراعظم سمیت ملک کی دیگر اہم شخصیات نے شدید مذمت اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے واقعے کے فوری بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی، صادق سنجرانی نے بلوچستان حکومت کو سراج الحق کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

    قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سراج الحق کے قافلے پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

    سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حملے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کیا جائے۔

    اس کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

    دوسری جانب ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے بتایا ہے کہ دھماکہ میں جماعت اسلامی کے 7کارکنان زخمی ہوئے قافلہ میں شامل متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، سراج الحق ژوب میں جلسے میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔

  • نو مئی کو ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں، علی زیدی

    نو مئی کو ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں، علی زیدی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مرکزی رہنما علی زیدی نے 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا ہے کہ ٹی وی پر جو مناظر دیکھے وہ تکلیف دہ تھے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی کے نجی اسپتال میں طبی معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ میری کمر میں 4دن سے شدید تکلیف ہے، اس لیے میں نے اسپتال میں میڈیکل چیک اپ کرانے کی درخواست دی تھی۔

    نو مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی ہنگامہ آارئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں، پاکستان ایئرفورس کے ایم ایم عالم کے جہازکو جلایا گیا، شہداء کی یادگار کو جلانے پر مجھے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، نو مئی کو جس جس نے دہشت گردی کی فوجی املاک پر حملہ کیا ان سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو سیاستدان مانتا ہوں لیڈر تو وہی ہے، انہوں نے ہمیشہ دہشت گردی سے دور رہنے کی تلقین کی ہے، پولیس کی گاڑی پاکستان کی ہے ، سپریم کورٹ بھی پاکستان کی ہے، پاک نیوی، پاک ایئرفورس ،پاک آرمی ،ریلوے سب پاکستان کے ہیں، کور کمانڈر ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی گئی جس پر بہت افسوس ہوا۔

    تحریک انصاف سے اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے علی زیدی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بنے ہوئے 23سال ہوگئے ہیں، پارٹی چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا، میں پی ٹی آئی اس وقت چھوڑوں گا جب عمران خان چھوڑیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس والے تو مجھے جیکب آباد لے کر جارہے تھے لیکن شکر گزار ہوں گھر میں نظربند کیا گیا، جو تماشا 9 مئی کو ٹی وی چینلز پر نظر آیا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

    علی زیدی نے کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والا پی ٹی آئی کارکن نہیں ہوسکتا، پرامن احتجاج آپ کا آئینی حق ہے، مجھ پر اے ٹی سی کی ایف آئی آر کٹی ہوئی ہے میں تو تشدد سے روک رہا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نہ تشدد کی حمایت اور نہ اس کی اجازت دوں گا، میری جانب سے مشتعل کارکنان کو روکے جانے کے باوجود مجھ پرجھوٹی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے۔

  • چھاپے کی شدید مذمت کرتا ہوں، کل اپنا لائحہ عمل دوں گا، عمران خان

    چھاپے کی شدید مذمت کرتا ہوں، کل اپنا لائحہ عمل دوں گا، عمران خان

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہیٰ کے گھر چھاپے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم ملک میں جمہوریت کا خاتمہ اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب ساقئٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کے گھر غیرقانونی چھاپے کی مذمت کرتا ہوں،چھاپے کے دوران خواتین کا بھی احترام نہیں کیا گیا، کل قوم کو اپنا لائحہ عمل دوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات، آئین اورانسانی حقوق کی کوئی حیثیت نہیں رہی، فسطائیت اور جنگل کا قانون رائج کردیا گیا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سب پی ٹی آئی کو کرش کرنے کا لندن پلان کاحصہ ہے، انہوں نے پہلے میرے گھر پر حملہ کیا اب پرویزالٰہی کے گھر پرحملہ کردیا گیا، ہم نے مشرف کے مارشل لاء میں بھی ایسی بربریت نہیں دیکھی تھی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کیا کبھی ریاست نے اُن چوروں ڈاکوؤں شریف اور زرداری کے گھروں پر ایسے حملے کیے؟ آئین اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہاہے، کل قوم کو اپنا لائحہ عمل دوں گا۔

    مزید پڑھیں : پرویزالٰہی کے گھر کا چھاپہ، خاتون سمیت 11 افراد گرفتار

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری کیلئے پولیس ان کے گھر کا مرکزی دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوگئی، پولیس نے خاتون سمیت 11افراد کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس اہلکاروں نے بکتر بند گاڑی کی ٹکر سے میں گیٹ کو توڑا اور بکتر بند سمیت گھر میں داخل ہوکر گھر کےاندر موجود افراد کو گرفتارکرناشروع کردیا، گھر کے اندرونی دروازے اور شیشے بھی توڑ دیے گئے۔

  • پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر خارجہ نے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہارِ افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے حکم دیا ہے کہ حملے میں ملوث درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور انسداد پولیو مہم کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 2 کانسٹیبل پیر رحمٰن اور نثار احمد موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ایک پولیو ورکر زخمی ہوگیا۔

    حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ٹانک اور گرد و نواح کی قبائلی بستیوں میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اب تک متعدد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    پشاور: خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد اکثریت سے منظور کرلی گئی، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اے آر وائی نیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد اکثریت سے منظور کرلی گئی، قرارداد صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پیش کی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کے سب سے بڑے نیوز چینل اے آر وائی نیوز کی بندش کی مذمت کرتے ہیں، سندھ ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود حکومت نے نشریات پر پابندی عائد کی ہے۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اے آر وائی نیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کی جائیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کی نشریات کی بندش پر توہین عدالت کی درخواست پہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ چیئرمین پیمرا کیبل آپریٹرز کو نشریات بحال کرنے کا تحریری حکم جاری کریں۔

    وکیل پیمرا نے حتمی فیصلے تک اے آر وائی نیوز کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

    بعد ازاں عدالت نے پیمرا کی جانب سے آج ہی سرکلر جاری کرنے کی یقین دہانی پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی تھی۔

  • عماد یوسف کو رہا نہ کرنے پر ملک بھر کے پریس کلبز کا احتجاج کا اعلان

    عماد یوسف کو رہا نہ کرنے پر ملک بھر کے پریس کلبز کا احتجاج کا اعلان

    کراچی: اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کی کراچی سے گرفتاری کے بعد کراچی پریس کلب کے صدر اور سینیئر صحافی فاضل جمیلی نے کہا ہے کہ عماد یوسف کو رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر کے پریس کلب احتجاج کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کی کراچی سے گرفتاری کے بعد کراچی پریس کلب کے صدر اور سینیئر صحافی فاضل جمیلی کا کہنا ہے کہ عماد یوسف کی گرفتاری کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    صدر کراچی پریس کلب کا کہنا ہے کہ عماد یوسف کو اہل خانہ کے سامنے گرفتار کیا گیا یہ تکلیف دہ ہے، صحافی برادری اس طرح کے کسی اقدام کو برداشت نہیں کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس طرح کے مقدمات قائم نہیں کرنے چاہئیں۔

    فاضل جمیلی نے واضح الفاظ میں کہا کہ عماد یوسف کو رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر کے پریس کلب احتجاج کریں گے۔

    خیال رہے کہ آج علی الصبح متعدد پولیس اہلکار اور سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد عماد یوسف کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے، گھر کے اندورنی دروازے کو توڑا اور گھر کے اندر بھی توڑ پھوڑ کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 سے زائد افراد نے رات گئے عماد یوسف کے گھر پر چھاپہ مارا، سادہ لباس افراد کے علاوہ پولیس وردی میں بھی اہلکار تھے۔

    عماد یوسف کو گرفتار کرنے کے ساتھ پولیس اہلکار لائسنس یافتہ اسلحہ اور گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی وی آر بھی اتار کر لے گئے ہیں۔

  • بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد

    بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کروا دی گئی، قراداد میں مطالبہ کیا گیا کہ معاملے کو اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں فوری اٹھایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کروا دی گئی، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی۔

    قراداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان آسام میں نہتے مسلمانوں کو قتل کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا کے نمائندوں نے مسلمانوں کو شہید کیا۔ پاکستان کے عوام میں اس حوالے سے شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

    متن کے مطابق بھارت میں مسلمان غیر محفوظ ہو کر رہ گئے ہیں۔

    قراداد میں مطالبہ کیا گیا کہ معاملے کو اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں فوری اٹھایا جائے، اقوام متحدہ بھارت کو پابند کرے کہ مسلمانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

    یاد رہے کہ آسام کے ضلع درانگ کے علاقے سیپا جھار میں جمعرات کو سینکڑوں مسلح پولیس اہلکار ایک بستی خالی کرانے کے لیے معمور کیے گئے تھے۔ جھونپڑیوں پر مشتمل اس بستی کے ہزاروں لوگوں نے زمین خالی کرانے کی اس مہم کے خلاف مزاحمت کی تھی اور اس موقع پر پولیس کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔

    ہلاک ہونے والوں کی شناخت صدام حسین اور شیخ فرید کے نام سے ہوئی ہے۔

    اس تصادم سے متعلق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاتھ میں کیمرا لیے ایک شخص ہلاک ہونے والے شخص کی لاش پر کود رہا ہے۔ بعد میں سامنے آنے والی اطلاعات کے بعد معلوم ہوا کہ کودنے والا شخص ایک مقامی فوٹوگرافر ہے جس کی خدمات ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کو ریکارڈ کرنے کے لیے حاصل کی تھیں۔