لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ مضحکہ خیز خبروں یا افواہوں سے باشعور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ممکن نہیں۔
ترجمان نے اپنے جاری بیان میں میڈیا پر نفرت انگیز اور جھوٹے پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافت و اقدارکو مطلق جھوٹ کے سپرد کردینے کا کوئی جواز نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صحافت آئین و قانون کے دائرے میں سچ پیش کرنے کا نام ہے، آواز گُم کرنے کی کوششیں کامیاب ہوئیں نہ جعلی خبروں کے جمعہ بازارسے کوئی فائدہ ہوگا۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ افواہ ساز کارخانوں میں ڈھلنے والی خبریں زہر قاتل ہیں، صحافت حقائق کو لالچ، دباؤ یا جبر کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت نہیں دیتی، وقت آگیا ہے صحافت کو جبر اور جھوٹ کی بیڑیوں سے آزاد کروانے کی تدبیر کریں۔
انہوں نے کہا کہ مضحکہ خیز خبروں یا افواہوں سے پاکستان کے باشعور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ممکن نہیں، ٹی وی چینلز انتظامیہ اور صحافتی فیصلہ ساز حلقے نفرت انگیز مہم جوئی کا حصہ نہ بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چینلزانتظامیہ، صحافی آزادی اظہار، پیشہ وارانہ صحافت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، میڈیا پر مرضی کی خبریں چلانے کے بجائے اسے آزاد کیا جائے، قیدیوں کے قصیدوں سے دنیا میں آج تک کوئی قوم فتح ہوئی نہ آپ کر پائیں گے۔