Tag: Condemnation resolution

  • اسرائیلی مظالم ، سندھ اسمبلی میں‌ قرارداد کثرت رائے سے منظور

    اسرائیلی مظالم ، سندھ اسمبلی میں‌ قرارداد کثرت رائے سے منظور

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اسرائیلی فورسز کے فلسطینیوں پر مظالم اور مسجدِ  اقصیٰ پر ہونے والے حملے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

    جمعے کے روز سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فلسطین میں ہونے والے اسرائیلی مظالم اور مسجدِ اقصیٰ پر ہونے والے حملے کے خلاف قرار داد پیش کی۔

    قرارداد پیش کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ’تمام جماعتوں کی مشاورت کے بعد مذکورہ قرارداد پیش کررہا ہوں، اس کے ذریعے ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کریں گے تاکہ دنیا کو پیغام پہنچ سکے‘۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ ایوان اسرائیل کی بزدلانہ کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، بہادر فلسطینیوں کی جرأت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

    قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین پر اقوامِ متحدہ سے رجوع کرے۔ ایوان نے اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کے لواحقین سے بھی اظہارِ یکجہتی کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ ایسا وقت کسی مسلمان قوم پر آئے تو حکم ہے جہاد کیلئے نکلو، جہاد کیلئے جا نہ سکیں لیکن یکجہتی کا اظہار تو کریں

    نصرت سحر عباسی نے کہا کہ آج پیش ہونے والی قرار داد کی اہمیت کو ہمیں سمجھنا ہوگا، ایسی قرار داد کی منظوری سے ایمان کی تازگی کا احساس ہوتا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا دور ہے، جہاں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم دکھائے جارہے ہیں،مسجد اقصٰی کی اہمیت مسلمان کےعلاوہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کوبھی معلوم ہے۔

    رکن اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ’مسجدِ اقصیٰ ہمارا پہلا قبلہ ہے، صرف قرارداد تک محدود رہے تو فلسطینیوں کے ساتھ کبھی انصاف نہیں ہوگا، ہمیں آگے بڑھ کر مظلوموں کی مدد کے لیے کھڑا ہونا ہوگا‘۔

  • اردو کی تضحیک : قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کیخلاف مذمتی قرار داد جمع

    اردو کی تضحیک : قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کیخلاف مذمتی قرار داد جمع

    اسلام آباد : ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی نے محمود خان اچکزئی کی جانب سے قومی زبان اردو کی تضحیک کیخلاف قرارداد جمع کرادی، جس میں کہا گیا ہے کہ ان الفاظ کی مذمت کی جائے۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس آج اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا اس موقع پرایم کیو ایم پاکستان کے اراکین اسمبلی نے گزشتہ دونوں کراچی میں ہونے والے پی ایم ڈی کے جلسے میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی تقریر میں کہے گئے الفاظ پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی نے محمود خان اچکزئی کی جانب سے قومی زبان اردو کی تضحیک کیخلاف اسپیکر قومی اسمبلی کو مذمتی قرارداد جمع کرائی۔

    اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے اردو زبان کیخلاف جوالفاظ استعمال کئے وہ انتہائی ناقابل برداشت ہیں،
    قومی اسمبلی کا ایوان قومی زبان کیخلاف ہرزہ سرائی پر محمود اچکزئی کی بھرپور مذمت کرے۔

    قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان میں قومی زبان کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے، آئین کے مطابق محمود اچکزئی کیخلاف کارروائی کی جائے۔