Tag: condolence

  • امیر کویت کے خاندان سے اظہار تعزیت، نگراں وزیر اعظم آج کویت جائیں گے

    امیر کویت کے خاندان سے اظہار تعزیت، نگراں وزیر اعظم آج کویت جائیں گے

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج امیر کویت کے خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے کویت جائیں گے۔

    تفصیلایت کے مطابق امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر آج پاکستان میں یوم سوگ ہے، اور قومی پرچم سرنگوں کیا گیا ہے۔ امیر کویت کے انتقال پر تعزیت کے لیے عالمی رہنماؤں کی کویت آمد بھی جاری ہے۔

    آج نگراں وزیر اعظم کاکڑ بھی ایک روزہ دورے پر کویت جائیں گے، اس سے قبل سعودی ولئ عہد کویت پہنچے اور امیر کویت کے خاندان سے تعزیت کی، امریکی وزیر دفاع جسٹن لائیڈ نے بھی کویت کا دورہ کیا اور امیر کویت کے خاندان سے تعزیت کی۔

    واضح رہے کہ ہفتے کو امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح انتقال کر گئے تھے، انھیں گزشتہ روز سپرد خاک کیا گیا تھا، کویت کے نئے امیر شیخ مشعل الاحمد منتخب ہو گئے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ یو اے ای سے وطن واپسی

    وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ یو اے ای سے وطن واپسی

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج متحدہ عرب امارات کا مختصر دورہ کیا، ان کے ہمراہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی تھے۔

    وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں پاکستان کے سفیر اور متحدہ عرب امارات کے سینئر عہدیدار نے ابوظبی میں ان کا استقبال کیا۔

    بعد ازاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی اور ان بھائی شیخ سعید بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے شاہی خاندان سے تعزیت کی، وزیراعظم نے یواے ای کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے غم میں برابر کےشریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے۔

  • نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    کراچی: معروف گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معروف گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے لکھا کہ نامور گلوکارہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، وہ اپنی آواز میں ترنم اور سوز کی وجہ سے خاص پہچان رکھتی تھیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ غزل ہو یا گیت جو بھی انہوں نے گایا کمال گایا، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوگا۔ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت میں جگہ دے۔

    خیال رہے کہ نیرہ نور آج صبح 72 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، ان کی نماز جنازہ آج سہ پہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

  • سینیٹر رحمان ملک کا انتقال، صدر، وزیراعظم سمیت دیگر کا اظہار افسوس

    سینیٹر رحمان ملک کا انتقال، صدر، وزیراعظم سمیت دیگر کا اظہار افسوس

    اسلام آباد : پی پی رہنما سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

    اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے  رحمان ملک کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور  مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی  ہے۔

    اس کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیرداخلہ شیخ رشید نے اپنے تعزیتی بیان میں رحمان ملک کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ رحلت کی خبرسن کردکھ ہوا، خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کوجنت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اللہ رحمان ملک کو غریق رحمت کرے، حدیبیہ کیس میں ان کی سربراہی میں تفتیش ہوئی، اس کیس پر انصاف ابھی تک نہیں ہوا، تفتیش نے کرپشن کے ایسے ماڈرن طریقے ظاہر کیے کہ لوگ حیران رہ گئے۔

    وزیر بلدیات سندھ ناصرشاہ نے کہا کہ سینیٹر رحمان ملک کے انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا، رحمان ملک ہمارے دوست، بھائی، ساتھی اورایک بہترین رہنما تھے، پروردگار ان کے درجات بلند کرے اور خاندان کے افراد کو صبرعطا کرے۔

    پیپلز پارٹی کی قیادت اور ملک کی اہم شخصیات نے سینیٹر رحمان ملک کے اہل خانہ کو فون کرکے ان سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    مرحوم رحمان ملک کے بھائی خالد ملک کا کہنا ہے کہ ان کی نماز جنازہ اسلام آباد میں جمعرات کو ادا کی جائے گی، بیرون ممالک سے عزیز و اقارب نے نماز جنازہ میں شرکت کرنی ہے لہٰذا نماز جنازہ کا وقت ابھی مقرر نہیں کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رحمان ملک کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحمان ملک کے انتقال سے دلی رنج ہوا۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔،

    اس کے علاوہ پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور، پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان، اور دیگر نے سینٹر رحمان ملک کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارخاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔

  • پشاور دھماکہ : شوبز ستارے بھی افسردہ، سوشل میڈیا پر اظہار افسوس

    پشاور دھماکہ : شوبز ستارے بھی افسردہ، سوشل میڈیا پر اظہار افسوس

    اسلام آباد : پشاور کے مدرسہ جامعہ زبیریہ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعہ پر کئی شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    اداکار و گلوکار علی ظفر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پشاور میں واقع مدرسے پر دہشت گرد حملے سے بہت دکھ پہنچا انہوں نے کہا کہ اس حملے نے پشاور اسکول حملے کی ہولناک یادیں تازہ کردی ہیں۔

    گلوکار سلمان احمد نے کہا کہ پشاور دھماکا اس بات کی افسوسناک یاد دہانی ہے کہ وہ بزدل لوگ جو معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنانے کیلئے تاریکی میں چھپ جاتے ہیں وہ ان قوتوں سے ملے ہوئے ہیں جو عدم استحکام اور انتشار پیدا کرتی ہیں، وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

    اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹ کیا کہ پشاور مدرسے میں دہشت گرد حملے سے متعلق جان کر بہت دکھ ہوا، ہمارے بچوں کو دوبارہ خون آلود ہونے کے خیال نے دماغ کو سن کردیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ان خاندانوں کا ناقابل تلافی نقصان ہے، میری تمام دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں، اللہ ہم سب کو محفوظ رکھے۔گلوکار فرحان سعید نے اس افسوسناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور لکھا کہ میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک اور زخمیوں کے لیے دعا گو ہوں۔

    اداکار، میزبان اور گلوکار فخر عالم نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کو بچوں پر بزدلانہ دہشت گرد حملہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی واضح حکمت عملی ہے۔فخر عالم نے کہا کہ ایک یہ بیرونی اور اندرونی بزدلوں کی جانب سے ایک مربوط کوشش ہے لیکن قوم پرعزم کھڑی ہے اور ہمارا امن اور ترقی کا عزم نہیں رکے گا۔

  • صدر، وزیراعظم  ودیگر کا علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار تعزیت

    صدر، وزیراعظم ودیگر کا علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار تعزیت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر شام غریباں کی مجلس پڑھنے والے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

    علامہ طالب جوہری کے انتقال پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ علامہ کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا ناممکن ہے انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

    اس کے علاوہ ملک بھر کی سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھی علامہ طالب جوہری کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔

    وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی، وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ، ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں خالد مقبول صدیقی، عامرخان، کنورنویدجمیل، پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان، آفتاب صدیقی، پی ایس پی رہنماؤں انیس ایڈووکیٹ، رضاہارون، ڈاکٹرصغیراحمد، ڈاکٹرفاروق ستار، علامہ شہنشاہ نقوی، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری، تحفظ عزاداری کونسل کے چیئرمین آغا رحیم نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    انہوں نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا کہ علامہ طالب جوہری ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کرتے رہے، ان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ علامہ طالب جوہری کی شامِ غریباں اورنشتر پارک کی مجالس ہمیشہ یاد رہیں گی، مرحوم کی علمی اوردینی خدمات کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کا ڈاکٹراعجاز احسن کے انتقال پر اظہارِ افسوس

    وزیراعظم عمران خان کا ڈاکٹراعجاز احسن کے انتقال پر اظہارِ افسوس

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹراعجازاحسن کےانتقال پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا وہ پی ٹی آئی کےبانی رکن تھے، ان کی شعبہ صحت میں خدمات یادرکھی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹراعجازاحسن کےانتقال پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر اعجاز احسن کےانتقال پردکھ ہوا، وہ پی ٹی آئی کےبانی رکن تھے، جب پارٹی مشکل وقت میں تھی اور اسٹیٹس کو کے خلاف لڑرہی تھی تب وہ ساتھ رہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹراعجازاحسن سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کےممبر بھی رہے اور اوقاراندازمیں اجلاسوں میں شریک ہوتے تھے ، میری دعائیں اورتعزیت اہل خانہ کیساتھ ہیں۔

    بعد ازاں وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کےسینئررہنماچوہدری اعتزازاحسن سے رابطہ کیا اور ان کے بھائی ڈاکٹراعجازکی وفات پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا ڈاکٹراعجاز کی شعبہ صحت میں خدمات یادرکھی جائیں گی ، وہ قومی سرمایہ تھے، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاپر نہیں ہوسکے گا۔

    چوہدری اعتزازاحسن نے وزیراعظم کا اظہار تعزیت پرشکریہ ادا کیا۔

  • وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    مسقط: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم سے ملاقات کی اور سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے جہاں انہوں نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی طرف سے سلطان ہیثم کے پیش رو سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلطان قابوس کے دنیا سے رخصت ہونے سے سلطنت عمان ایک ہر دلعزیز لیڈر اور پاکستان ایک مخلص، بااعتماد اور پرخلوص دوست سے محروم ہوا ہے۔

    سلطان ہیثم نے شاہ محمود قریشی کی آمد اور تعزیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عمان کی حکومت مرحوم سلطان کے زریں اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی۔

    انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آنے والے دنوں میں عمان اور پاکستان کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

    خیال رہے کہ 10 جنوری کو عمان کے سلطان، سلطان قابوس 79 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے۔ سلطان قابوس کو مسقط میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سلطان قابوس کے انتقال کے بعد ان کے چچا زاد بھائی ہیثم بن طارق کو عمان کا نیا سلطان بنایا گیا۔ سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہ ہونے کے سبب عمان کے شاہی خاندان نے ہیثم بن طارق کی تخت نشینی پر اتفاق کیا۔

  • معروف بالی ووڈ کامیڈین دینار کنٹریکٹر چل بسے

    معروف بالی ووڈ کامیڈین دینار کنٹریکٹر چل بسے

    نئی دہلی : چہروں پرخوشیاں بکھیرنے والے معروف بالی ووڈ اداکار دینار کنٹریکٹر خرابیِ صحت کے باعث انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے مزاحیہ انداز سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے اداکار اور معروف کامیڈین دینار کنٹریکٹر خرابیِ صحت کے باعث 79 برس کی عمر میں وفات پاگئے۔

    معروف کامیڈین کے اہل خانہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دینار اپنے گھر میں انتقال کرگئے۔

    شہرہ آفاق بالی ووڈ کامیڈین دینار کنٹریکٹر بھارت میں 1941 میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1966 میں 25 سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

    کامیڈی کے بادشاہ دینار کنٹریکٹر نے بالی ووڈ کی متعدد مزاحیہ و رومانوی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے تاہم انہیں شہرت 1992 میں بنائی گئی فلم’کھلاڑی‘ سے ملی جس میں دینار نے پرنسپل کا کردار ادا کیا۔

    دینار کی مشہور فلموں میں 1999 میں شارخ خان کی ریلیز ہونے والی فلم بادشاہ، 1992 میں اکشے کمار کی ریلیز ہونے والی فلم کھلاڑی اور کرینہ کپور کی مزاحیہ رومانوی فلم 36 چائینہ ٹاؤن شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دینار نے متعدد گجراتی و ہندی تھیڑ بھی کام کیا ہے کہ اور دینار نے اپنے کیریئر کا آغاز بھی تھیڑ سے کیا تھا اس کے علاوہ متعدد مزاحیہ ڈراموں میں اہم کردار ادا کیے ہیں جن میں تارک مہتا کا الٹا چشمہ، دو اور دو پانچ اور کبھی ادھر اور کبھی ادھر شامل ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دینار کنٹریکٹر کو رواں برس جنوری میں پدما شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دینار کنٹریکٹر کی موت پر غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، دینار کی موت سے وہ سخت اداس ہیں۔

  • پاکستان میں18غیر سرکاری تنظیموں پرپابندی،  امریکہ کا اظہار افسوس

    پاکستان میں18غیر سرکاری تنظیموں پرپابندی، امریکہ کا اظہار افسوس

    واشنگٹن : امریکا نے پاکستان میں غیر سرکاری تنظیموں کی بندش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنظیمیں پاکستان میں اہم کام انجام دے رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان ہیدرنوئرٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں18غیر سرکاری تنظیموں پر پبندی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ غیر سرکاری تنظیمیں پاکستان میں اہم کام انجام دے رہی ہیں، وہاں کے بہترمستقبل کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کریں گے، یہ غیرسرکاری تنظیمیں پاکستانی اداروں کے اشتراک سے کام کررہی ہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ غیرسرکاری تنظیمیں حادثات سے نمٹنے سمیت انسانی حقوق کیلئے کام کررہی ہیں، پاکستان میں عوام کو روزگار فراہم کرکے اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

    ہیدرنوئرٹ نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے پر غیر سرکاری تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ تنظیمیں پاکستانی بچوں کی زندگیاں بہتر کرنے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان میں18تنظیموں کے آپریشن بند کرنے کے فیصلے پر افسوس ہے۔

    مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا اہم اقدام، 18 غیر ملکی این جی اوز کو ملک بدری کا حکم

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزارت داخلہ نے غیر ملکی این جی اوز سے متعلق اہم اور سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے پاکستانی قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والی 18عالمی این جی اوز کو 60 روز میں ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق جن عالمی این جی اوز کو ملک بدری کا حکم دیا گیا ہے ان میں 9 کا تعلق امریکا، تین کا برطانیہ، 2 کا ہالینڈ جبکہ دیگر این جی اوز کا تعلق آئرلینڈ، ڈنمارک، اٹلی اور سوئٹزرلینڈ سے ہے۔