Tag: Confirmation of poliovirus

  • ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    پاکستان کے تین اضلاع سے لئے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، وائرس حب اور پشاور سے لئے گئے نمونوں میں پایا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وائرس جینیاتی طور پر افغانستان میں وائرس سے منسلک ہے، لاہور کے نمونے میں پائے جانے والے وائرس کی جینیاتی جانچ ابھی جاری ہے۔

    وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی مسلسل تصدیق تشویش کی بات ہے،پاکستان رواں سال متعدد پولیو مہمات کا انعقاد کر چکا ہے، مزید مہمات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ بچوں کو وائرس کے خطرے سے محفوظ رکھا جائے۔

    ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے،حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے،والدین سے اپیل ہے پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

  • ملک کے 5 شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کا انکشاف

    ملک کے 5 شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کا انکشاف

    اسلام آباد : پاکستان کے مختلف شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، نیشنل پولیو لیب کی رپورٹ میں 5شہروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے پانچ مختلف شہروں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، نیشنل پولیو لیب نے سیوریج میں پولیو کی تصدیق کی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور، سوات، راولپنڈی کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بنوں اور جنوبی وزیرستان کے علاقے میں بھی سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق سامنے آئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق رواں برس بنوں کے سیوریج میں آٹھویں بار پولیو وائرس پایا گیا ہے، رواں برس پشاورکے سیوریج میں چوتھی بار پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

    رواں برس راولپنڈی اور سوات کے سیوریج کے پانی میں تیسری بار پولیو وائرس پایا گیا ہے جبکہ جنوبی وزیرستان کے سیوریج میں پہلی بار پولیو وائرس سامنے آیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق متاثرہ شہروں سے پولیو ٹیسٹ کیلئے سیمپلز 30اگست تا8ستمبر لئے تھے، رواں برس 27ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    اس کے علاوہ رواں برس کے پی کے17ماحولیاتی سیمپلزمیں پنجاب کے8 ماحولیاتی سیمپلز میں اورسندھ کے ایک، اسلام آباد کے ایک سیمپل میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیوریج سیمپلز میں موجود پولیو وائرس کی جنیاتی تشخیص جاری ہے، 2021میں65ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس پایا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی سے لیے گئے سیوریج کے نمونموں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت کے مطابق لانڈھی بختاور ولیج کے مقام سے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس پایا گیا۔ پاکستان میں اس وقت مجموعی طور پر 11مقامات پرسیوریج کے پانی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں سیوریج کے نمونموں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    رواں برس پولیوکیسزکی تعداد15ہوچکی ہے پولیووائرس کی روک تھام کےلئےہرماہ سیوریج پانی سےنمونےحاصل کئے جاتے ہیں۔

    کراچی سےپچھلامثبت نمونہ مئی2021 میں رپورٹ ہوا تھا ضلع سے آخری پولیو وائرس کیس جون 2020 میں رپورٹ ہوا تھا ضلع میں حالیہ پولیو مہم 15 سے 21 اگست کو چلائی گئی تھی۔