Tag: confused

  • پاکستانی کرکٹرز کنفیوژ اور خوف کا شکار ہیں، مشتاق احمد

    پاکستانی کرکٹرز کنفیوژ اور خوف کا شکار ہیں، مشتاق احمد

    راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں قومی ٹیم کی بدترین شکست کے بعد بنگلہ دیش ٹیم کے کنسلٹنٹ اسپن بولنگ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کنفیوژ اور خوف کا شکار ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سابق کرکٹر باسط علی اور تجزیہ نگار شاہد ہاشمی بھی موجود تھے۔

    پاکستان ٹیم کی 10 وکٹوں کی عبرتناک اور تاریخی شکست کے حوالے سے مشتاق احمد نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ مائنڈ گیم ہے، اگر مائنڈ کے ساتھ نہیں کھیلیں گے تو کامیاب نہیں ہوسکتے، ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں کچھ پلیئرز کو خوف ہے اور کچھ کرکٹ کو انجوائے نہیں کر پارہے۔

    مشتاق احمد نے کہا کہ قومی ٹیم کی فیصلہ سازی میں اعتماد ہی نہیں ہوتا، کھلاڑی کبھی تیز کھیلنا شروع کردیتے ہیں تو کبھی سلو کھیلتے ہیں، عجیب ہی کھچڑی بنی ہوئی ہوتی ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ پلیئرز کو ٹیم میں اپنی شرکت کا بھی خوف ہے، پاکستانی کرکٹرز میں کنفیوژن ہے وہ خوف کا شکار اور ان میں اعتماد سازی کا فقدان ہے۔

    ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم کبھی کسی کو ہیرو اور پھر ایک دم ہی زیرو بنا دیتے ہیں، کپتان اگر غلط فیصلہ بھی کرے تو کھلاڑیوں کو اس پر اعتماد ہونا چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں مشتاق احمد نے بتایا کہ شاہین آفریدی نے شان مسعود کا ہاتھ نہیں ہٹایا تھا بلکہ شاہین کے اپنے کندھے پر پٹی لگی ہوئی تھی شاہین نے اسے ہٹایا تھا۔

    پاکستان کی اس تاریخی شکست پر بحیثیت پاکستانی کیا تاثرات ہیں کے سوال پر مشتاق احمد نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی دل میرا پاکستان ٹیم کے ساتھ ہے البتہ خوش اس حوالے سے ہوں کہ بنگلہ دیش کی اسپن بولنگ کی کوچنگ میری ملازمت کا حصہ ہے۔

  • فیصل واوڈا کنفیوزڈ انسان ہے، مناظرے کاچیلنج دیتا ہوں، خواجہ سہیل منصور

    فیصل واوڈا کنفیوزڈ انسان ہے، مناظرے کاچیلنج دیتا ہوں، خواجہ سہیل منصور

    اسلام آباد / کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ایم اے این خواجہ سہیل منصور نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا کنفیوزڈ انسان ہیں، تمام الزامات مسترد کرتا ہوں، انہوں نے ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے احتجاجاً مستعفی ہونے کا بھی اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا کی جانب سے لگائے جانے والے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔

    فیصل واوڈا کنفیوزڈ انسان ہیں، منی لانڈرنگ سے متعلق کے کے ایف سے وابستہ تمام ٹرسٹیز اور ارکان اسمبلی کی انکوائری پہلے ہی سے جاری ہے اس میں کوئی نئی بات نہیں, انہوں نے کہا کہ عمران خان فیصل واوڈا کی باتوں کا نوٹس لیں یا پھر کراچی آنا چھوڑ دیں، کراچی والے بدتمیز لوگوں کو لفٹ نہیں کراتے۔

    فیصل واوڈا کو مناظرے کاچیلنج دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کو45،مجھے صرف15منٹ دئیے جائیں، میرا اور فیصل واوڈا کا15سالہ ریکارڈ لے آئیں سب پتہ چل جائیگا, نیب اور ایف آئی اے سے کہتا ہوں کہ وہ بھی ریکارڈ سامنے لے آئیں.

    خواجہ سہیل منظور نے کہا کہ وہ پہلے بھی اس قسم کے الزامات لگاتے رہے ہیں مگر آج تک کچھ ثابت نہ کرسکے، فیصل واوڈا ماضی میں ٹکٹ کیلئے نائن زیرو کےچکر لگایا کرتے تھے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کراچی کے رہنما فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا ہے کہ متحدہ کے ایم این اے خواجہ سہیل منصور نے خدمت خلق کمیٹی کا چیک کیش کرایا ہے، یہ لوگ فاروق ستار کےساتھ گیم کر رہے ہیں، ایسی چیزیں سامنے لاؤں گا کہ ان کی سیاست ہی تبدیل ہوجائے گی اور کچھ لوگوں کو منہ چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

    ایمنسٹی اسکیم : خواجہ سہیل کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان

    علاوہ ازیں ایمنسٹی اسکیم کیخلاف ایم کیوایم کے رکن اسمبلی خواجہ سہیل نے احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

     متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ایم اے این خواجہ سہیل منصور کا کہنا تھا کہ ایوان میں یہ طے ہوا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، تاحال اسپیکر نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔

    خواجہ سہیل منصور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، فیصل واوڈا

    انہوں نے کہا کہ کمیٹی نہ بنی تو اسمبلی کے اگلے سیشن میں اسپیکر کو استعفیٰ اور اپنا ستارہ امتیاز احتجاجاً پیش کردوں گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار ایمنسٹی اسکیم پر سوموٹو لیں۔

  • نوازشریف نے اداروں سے تصادم کرنے کی ٹھان لی، شیری رحمان

    نوازشریف نے اداروں سے تصادم کرنے کی ٹھان لی، شیری رحمان

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی آج کی تقریر سے ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے اداروں سے نصادم کرنے کی ٹھان لی ہے، وہ کنفیوژن کا شکار ہیں، جمہوریت کی نہیں ذاتی لڑائی لڑ رہے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے نواز شریف کی تقریر کے ردعمل میں اپنے ایک بیان میں کہی،  شیری رحمان نے کہا کہ ایک عدالتی معاملے کو نوازشریف نے سیاسی معاملہ بنا کر پورے ملک کو یرغمال بنادیا۔

    ’’حیرانگی کی بات ہے کہ جس پارٹی نے ساری زندگی بھٹو خاندان کی مخالفت میں گزاری وہ پارٹی اب شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے حوالے اور ان کی مثالیں دیتی ہے، یہ لوگ اب خود کا موازنہ بھٹو خاندان سے کرتے ہیں جو سیاسی اور اخلاقی طور پر بالکل جائز اور درست نہیں، ریاستی اداروں اور جمہوریت کے لیے شریف خاندان کا رویہ پریشان کن ہے‘‘۔

    شیری رحمان نے کہا کہ شہباز شریف نے آج بھی اپنے بھائی کو لڑائی اور ٹکراﺅ کی سیاست نہ کرنے کا مشورہ دیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی طرز سیاست سے ان کے اپنے رہنماء بھی مطمئن نہیں ہیں۔

    نواز شریف بہت کنفیوژن کا شکار ہیں، ان کے فیصلے بہت جلد تبدیل ہوتے رہتے ہیں، ان کو چاہیے کہ وہ اپنی سینئر قیادت سے مشورہ لیں نہ کہ نئے اور غیرتجربہ کار مشیروں سے۔


    مزید پڑھیں: حکومت ایک ہانڈی میں دو مزے لے رہی ہے، شیری رحمان


    شیری رحمان نے کہا کہ نواز شریف نے میثاق جمہوریت کی پاسداری نہیں کی ، گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی بات کیسے کر رہے ہیں، پہلے میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی کا حساب دیں پھر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی بات ہوگی۔


    پاکستان میں بحران کا ذمہ دارخوشامدی ٹولہ ہے، شیری رحمان


    انتخابی اصلاحات بل کے حوالے سے شیری رحمان نے کہا کہ صرف نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کے لیے قانون میں ترمیم کی گئی، اس ترمیم کا فائدہ اس وقت صرف نواز شریف کو ہوتاہے، ہوسکتا ہے چند دنوں بعد ایک اور پارٹی بھی اس ترمیم سے فائدہ اٹھائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔