Tag: congo virus Advisory alert

  • کراچی : مزید 2 افراد میں کانگو وائرس کی تصدیق

    کراچی : مزید 2 افراد میں کانگو وائرس کی تصدیق

    کراچی: سائٹ ایریا سے تعلق رکھنے والے شاہد خان میں کانگو وائرس کی تصدیق کے بعد ایک ہی روز میں دوسرا کیس منظر عام پر آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں داخل دو افراد میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، اسپتال کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمال نے کانگو وائرس کے مریضوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’’کراچی کے علاقے سائٹ سے تعلق رکھنے والے مریض شاہد خان میں کانگو وائرس کے جراثیم مجود ہیں جو اس وقت جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں‘‘۔

    پڑھیں: کراچی : کانگووائرس کا ایک اور کیس، تعداد 5 ہوگئی

    قبل ازیں بہاولپور سے تعلق رکھنے والے شخص کو بھی کچھ روز قبل جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جس میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں:   کانگو وائرس: علامات اور احتیاطی تدابیر

    یاد رہے رواں سال کانگو وائرس سے متاثرہ 6 افراد انتقال کرچکے ہیں۔  چند روز قبل بہاولپور کا 22 سالہ نوجوان اللہ دتہ قربانی کے جانور فروخت کرنے بہالپور سے کراچی مویشی منڈی سہراب گوٹھ پہنچا تھا جہاں اس کو اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد جناح اسپتال منتقل کیاگیا تھا، جو جانبر نہ رہتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کانگو وائرس کے مریض کی ہلاکت، جناح اسپتال کے وارڈ میں صفائی

    واضح رہے یہ وائر س جانوروں میں موجود چیچڑ کے کاٹنے یا بیمار جانوروں سے انسانی جسم میں منتقل ہوتا ہے جس سے صحت مند آدمی بھی متاثر ہوجاتا ہے۔

  • عیدالاضحیٰ، کانگو وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر خصوصی الرٹ ایڈوائزری جاری

    عیدالاضحیٰ، کانگو وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر خصوصی الرٹ ایڈوائزری جاری

    اسلام آباد: عیدالاضحیٰ کے موقع پر کانگو وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے خصوصی الرٹ ایڈوائزری جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی نقل و حمل ، انہیں چھونے اور ذبح کرنے کے دوران وائرس انسانوں کو منتقل ہو سکتا ہے ،،صوبے خصوصی احتیاطی اقدامات اٹھائیں ۔

    ذرائع سے اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی الرٹ ایڈوائزری قومی ادارہ صحت کی جانب سے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کو جاری کی گئی ہے، جس میں عیدالضحی کے موقع پر کانگو وائر س سے بچاؤ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سمیت عوامی شعور اجاگر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایڈوائزری کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں جانوروں کی وسیع پیمانے پر نقل و حمل کے دوران وائرس کے انسانوں میں منتقلی کے امکانات ہیں جبکہ جانوروں کو چھونے اور ذبح کرتے وقت بھی وائرس کی انسانوں میں منتقلی ہوسکتی ہے،اسلئے مویشیوں کے بیوپاری اور قصاب سمیت عوام الناس خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

    ایڈ وائزری میں ملک بھر کے نجی و سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کانگو کے مشتبہ مریض سے ٹیسٹ کے لئے نمونے لیتے ہوئے بیماری سے متعلق مکمل تفصیلات بھی حاصل کریں  جبکہ نمونے صرف تربیت یافتہ عملہ جدید آلات اور مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ حاصل کرکے فوری طور پر قومی ادارہ صحت کو بھجوائے۔

    الرٹ میں سرکاری و نجی لیبارٹری کو مکمل حفاظتی اقدامات، جدید مشینری اور تربیت یافتہ عملے کے بغیر کانگووائرس کے ٹیسٹ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایڈوائزری الرٹ کے مطابق رواں سال اب تک ملک بھر میں کانگو وائرس کے 87مشتبہ جبکہ 18مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ وائرس سے 5افراد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

    قومی ادارہ صحت نے اپنی ویب سائٹ پر کانگوا وائرس سے متعلق معلومات بھی جاری کر دیں ہیں۔