Tag: contempt case

  • الیکشن کمیشن میں توہین عدالت پر عمران خان کا مؤقف مسترد

    الیکشن کمیشن میں توہین عدالت پر عمران خان کا مؤقف مسترد

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مؤقف مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ توہین عدالت پر کارروائی کا اختیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار (ر) رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

    سماعت میں چیف الیکشن کمشنر نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے جنوری میں عمران خان کو کمیشن کے خلاف متنازعہ بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

    بعد ازاں عمران خان نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی فرد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو ہے۔

    عمران خان کے مؤقف پر کمیشن نے 25 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج کی سماعت میں سنا دیا گیا۔

    الیکشن کمیشن نے دائرہ اختیار پر عمران خان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ توہین عدالت پر کارروائی کا اختیار کمیشن کو حاصل ہے۔

    فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فیصلے پر غور و خوض کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 23 اگست تک ملتوی کر دی۔


  • عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، فیصلہ دس اگست کو سنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار حاصل نہیں، اس کیلئے کمیشن کا اپنا قانون موجود ہونا ضروری ہے۔

    پی ٹی آئی وکیل کا کہنا تھا کہ 1976 کا توہین عدالت کا قانون ختم ہوچکا ہے اور آئین کے تحت صرف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ ہی توہین عدالت کی کارروائی کر سکتے ہیں۔

    بابر عوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے عمران خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ غیر قانونی ہے، آئین میں الیکشن کمیشن کو صرف انتخابی عمل سے متعلق اختیارات دیے گئے ہیں آئین میں توہین عدالت سے متعلق الیکشن کمشیشن کے اختیارات کا کوئی ذکر موجود نہیں جبکہ آرٹیکل 6 کے تحت غداری کامقدمہ چلانے کا بھی الگ سے قانون اور طریقہ کارہے۔

    درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن سے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی۔

    فریقوں کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی کا مطالبہ غیرقانونی ہے اور الیکشن کمیشن کا درجہ آئین میں الگ نوعیت کا ہے، اگر یہ کہا جائے کہ الیکشن کمیشن کا درجہ ہائی کورٹ کے برابر ہے تو پھر قواعد بھی ہائی کورٹس والے لاگو کرنے پڑیں گے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ حکومت نے عمران خان کے خلاف متعدد بے بنیاد مقدمات قائم کئے ہوئے ہیں، تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حقائق عدالت میں جمع کر وا دیئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لیگی رہنما نہال ہاشمی نے توہین عدالت نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا

    لیگی رہنما نہال ہاشمی نے توہین عدالت نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا

    اسلام آباد : سابق سینیٹر اور لیگی رہنما نہال ہاشمی نے توہین عدالت نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق لیگی رہنما اور سینیٹر نہال ہاشمی نے توہین عدالت سے متعلق شوکاز نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا، نہال ہاشمی نے مؤقف اختیار کیا کہ تقریرمیں عدالت کی توہین کی نہ ججزاورجےآئی ٹی ممبران کودھمکیاں دیں، توہین عدالت کیس میں خبروں، چیئرمین پی ٹی آئی کے ٹوئٹس کا سہارا لیا گیا جبکہ فوادچوہدری، ترجمان پی ٹی آئی اور اپوزیشن ارکان  کا بھی سہارا لیا گیا۔

    نہال ہاشمی نے اپنے جواب میں کہا کہ میں نے خطاب میں کسی جے آئی ٹی رکن کا نام نہیں لیا، جو ٹرانسکرپٹ دیاگیا وہ میری تقریر کا وہ حصہ ہے جو ٹی وی پر دیکھایا گیا، میرے دیئے گئے ریکارڈ کے مطابق میرے خلاف کسی قانونی کارروائی کا جواز نہیں بنتا۔

    جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا کہ عدالت نے ٹی وی پر چلنے والی رپورٹ پر توہین عدالت کا نوٹس لیا، تقریر کا ایک حصہ بار بار نشر کر کے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔


    مزید پڑھیں : دھمکی آمیزتقریر کیس، سپریم کورٹ کی نہال ہاشمی کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت


    سابق لیگی رہنما نے عدالت سے اُن کےخلاف سازش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کردی ہے۔

    یاد رہے کہ دھمکی آمیز تقریر کیس میں سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری موقع دے رہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : نہال ہاشمی کی پانامہ کیس کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کو کھلے عام سنگین دھمکیاں


    واضح رہے کہ ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نےکہا تھا کہ احتساب کرنے والوں ہم تمہارا یوم حساب بنادیں گے، تم جس کااحتساب کر رہے ہو وہ نوازشریف کا بیٹاہے، ہم نے چھوڑنا نہیں تم کو آج حاضر سروس ہو کل ریٹائر ہوجاؤ گے، ہم تمہارے بچوں اور خاندان کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جے آئی ٹی سے متعلق نہال ہاشمی کے بیان کا نوٹس لے کر ان کا معاملہ پاناما عمل درآمد بینچ کو بھیج دیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔