Tag: Corona Lock down

  • کویت : لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد ریستوران مالکان نئی مشکل میں پڑگئے

    کویت : لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد ریستوران مالکان نئی مشکل میں پڑگئے

    کویت سٹی : کویت میں کورونا وباء کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن میں بند ریستوران اور دیگر کھانے پینے کے اسٹالز مالکان نئی مشکل میں پڑگئے۔

    کورونا نے نہ صرف لوگوں کی صحت بلکہ ان کے روزگار کو بھی شدید دھچکا لگایا ہے، جس میں سرفہرست ریستوران اور دیگر کھانے پینے کے اسٹال شامل ہیں۔

    اس حوالے سے کویت سٹی میں ریسٹورینٹ یونین کے چیئرمین فہد الاربش کا کہنا ہے کہ کویت میں ریستوران اور کیفے دو سال کے وقفے کے باوجود اب بھی کورونا وبائی امراض کے اثرات بھگت رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کویت میں ریستوران کے شعبے کو تقریباً 5سال تک مزید نقصان ہوسکتا ہے، اس کا تدارک تب ہی ممکن ہے کہ جب ریاستی سطح پر مقامی معیشت کو سہارا دینے کے علاوہ سیاحت اور روزگار کے موقع فراہم کیے جائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشی سرگرمیاں بند ہونے کے باعث ریستوران اور کیفے مالکان ملازمین کی تنخواہیں کرائے اور گیس بجلی بلوں کی ادائیگی سمیت دیگر اخراجات پورا کرنے سے قاصر ہیں۔

  • سندھ میں تعلیمی ادارے کب کھلیں گے؟ وزیر تعلیم نے بتادیا

    سندھ میں تعلیمی ادارے کب کھلیں گے؟ وزیر تعلیم نے بتادیا

    کراچی : وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں تعلیمی ادارے 8 اگست تک مکمل بند رہیں گے، تاہم مقررہ تاریخ کے بعد صورتحال کے پیش نظر نئے لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ صورتحال کی بہتری پر انٹر سال دوئم کے بقیہ امتحانات مکمل ہوں گے جبکہ صوبہ بھر میں تعلیمی ادارے اعلان کے مطابق 8 اگست تک مکمل بند رہیں گے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ8اگست کے بعد صورتحال کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا، سندھ بالخصوص کراچی میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صورتحال کی بہتری پر انٹر سال دوئم کے بقیہ امتحانات مکمل ہوں گے، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اس لیے تعلیمی ادارے اس وقت کھولنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

    وزیر تعلیم سندھ نے مزید کہا کہ8اگست کو کورونا ٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، اجلاس میں اس وقت کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

  • لاک ڈاؤن : کراچی میں موٹر سائیکل سواروں کے ایک ساتھ تین تین چالان

    لاک ڈاؤن : کراچی میں موٹر سائیکل سواروں کے ایک ساتھ تین تین چالان

    کراچی : لاک ڈاؤن کی پابندیوں اور کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کیلئے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی۔ ٹریفک پولیس ایک کے بجائے تین چالان کاٹ رہی ہے۔

    سندھ بھر میں آج سے نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں ڈبل سواری کی پابندی بھی شامل ہے جس کی خلاف ورزی موٹر سائیکل سواروں کو بہت مہنگی پڑ رہی ہے۔

    کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار قانون شکنی کرنے والے شہریوں کیخلاف بھرہور ایکشن میں نظر آرہے ہیں، ٹریفک پولیس نے فی موٹرسائیکل تین تین چالان کاٹنا شروع کردیے جس کے باعث شہری دہری اذیت میں مبتلاہوگئے۔

    ایم اے جناح روڈ پر موٹرسائیکل سواروں کی شامت آگئی، ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کا پہلا چالان ڈبل سواری، دوسرا ہیلمٹ نہ پہننے اور تیسرا ماسک نہ لگانے پر کیا گیا ہے۔

    ٹریفک پولیس اہلکاروں نے متعدد افراد کے چالان کاٹ دیے، ان کا کہنا ہے کہ سخت پابندی کے باوجود موٹرسائیکل سوار ڈبل سواری پر سفر کررہے ہیں۔

    اس کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے چہرے پر ماسک بھی نہیں لگایا اور نہ ہی ہیلمٹ پہن رکھا تھا، ایک ٹریفک اہلکار نے بتایا کہ ایک رکشے سے 12 افراد کو بھی اتار کر رکشے کا چالان بھی کیا گیا ہے۔

  • سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن عوامی مفاد میں نہیں، خرم شیر زمان

    سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن عوامی مفاد میں نہیں، خرم شیر زمان

    کراچی : پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن عوامی مفاد میں نہیں، ماضی میں بھی سندھ حکومت کے فیصلے سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوئے۔

    یہ بات انہوں نے صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہی، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن عوامی مفاد میں نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے ڈراموں سے بہت اچھی طرح واقف ہیں، سندھ حکومت کاروباری شخصیات کو ہی نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں اور تاجر رہنماؤں کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا جبکہ این سی او سی سربراہ نے بھی سندھ حکومت کو تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔

    رکن سندھ اسمبلی پی ٹی آئی نے کہا کہ وفاقی وزیراسد عمر نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی، ماضی میں بھی سندھ حکومت کے فیصلے سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن سے ملازمتوں پراثر ہوتا ہے، صوبے میں پولیس اور انتظامیہ کو مال بنانے کیلئے سڑکوں پر چھوڑ دیا جائے گا، لاک ڈاؤن کورونا سے بچاؤ کیلئے نہیں بلکہ بھتہ مافیا کو سرگرم کرنے کیلئے ہے۔

  • نئے قوانین : برطانیہ جانے والے فضائی مسافروں کیلئے اہم خبر

    نئے قوانین : برطانیہ جانے والے فضائی مسافروں کیلئے اہم خبر

    لندن : برطانیہ نے لاک ڈاؤن کے بعد ٹریفک لائٹ سسٹم استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی سفر بحال کرنے کے لیے نئے قواعد وضع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی جانب سے بین الاقوامی سفر بحال کرنے کی عارضی تاریخ17مئی طے کی گئی تھی۔

    گذشتہ روز وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کورونا کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف ممالک کی سبز، پیلے اور سرخ رنگوں میں درجہ بندی کی جائے گی، تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے مزید تفصیلات پیر کے روز جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق برطانیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سد باب کیلئے دیگر ممالک کے سفر پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم چند وجوہات کی بنیاد پر سفر کرنے کی رعایت بھی دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے برطانوی وزیراعظم بورس جانس نے کہا تھا کہ محفوظ بین الاقوامی آمد و رفت بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

    برطانوی حکومت کے مطابق نئے ٹریفک لائٹ سسٹم کی مدد سے مسافروں کی رہنمائی کی جائے گی تاکہ ویکسین لگانے کے عمل کو کسی طور پر بھی خطرے کا سامنا نہ ہو۔

    کم خطرے والے سبز ممالک کے سفر سے پہلے اور وہاں سے آنے کے بعد وائرس کا ٹیسٹ کروایا جائے گا جبکہ پیلے اور سرخ ممالک سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

    فی الحال برطانیہ آنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دس دن کے لیے بالکل الگ تھلگ ( قرنطینہ) رہیں۔

    اس کے علاوہ سرخ فہرست میں زیادہ خطرے والے ممالک شامل ہیں، ان ممالک سے سفر کرنے والے برطانوی شہریوں کو حکومت کے منظور شدہ ہوٹلوں میں قرنطینہ کرنا پڑے گا۔

    برطانوی حکومت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے فلائٹ یا تفریحی مقامات کی بکنگ نہ کروائیں۔ حکومت کے مطابق فی الحال کم خطرے والے سبز ممالک کا اندازہ لگانا قبل از وقت ہے۔

    یار رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ رواں ماہ سے شہریوں کو فٹبال میچز سمیت دیگر عوامی تقریبات میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

    فی الحال برطانوی حکومت نے بین الاقوامی سفر کے لیے وائرس پاسپورٹ جاری کرنے پر واضح بیان نہیں دیا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے 70 ارکان نے وائرس پاسپورٹ جاری کرنے کی مخالفت کی ہے۔

    واضح رہے کہ اب تک برطانیہ میں31 ملین افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی خورک لگ چکی ہے جبکہ 50 لاکھ افراد کو دوسری خوراک بھی لگائی جاچکی ہے۔

  • کراچی کا وہ علاقہ جہاں ہر قسم کی تقریب پر پابندی عائد

    کراچی کا وہ علاقہ جہاں ہر قسم کی تقریب پر پابندی عائد

    کراچی : سندھ میں کورونا کیسز میں اضافہ کے پیش نظر شہر قائد کے جنوبی علاقوں میں ہر قسم کی تقریبات کے انعقاد پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق کراچی کے ضلع جنوبی میں تمام تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع جنوبی میں11اپریل تک تمام تقریبات پرپابندی ہوگی جس کے تحت سماجی، سیاسی، کھیل، تفریح سمیت تمام تقریبات پر11اپریل تک نہیں ہوسکیں گی۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے ) اپنی حدود میں پابندی پر عمل درآمد کرائے اور این سی او سی کے اگلے لائحہ عمل تک ان ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

  • پنجاب کے 4 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

    پنجاب کے 4 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

    لاہور: حکومت پنجاب نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے صوبے کے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا، مذکورہ علاقوں میں بنیادی اشیائے ضروریہ میسر رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت پنجاب نے4 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے، اس حوالے سے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نےنوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سیالکوٹ، واہ کینٹ، گجرات اور گوجرنوالہ کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، جن علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوگا ان میں سیالکوٹ میں کلاں لدھڑ، غازی پور، واہ کینٹ میں وارڈ3اور8اور یو سی سرائے کالا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ گجرات میں محلہ کالو پورہ،چاہ ترنگ، گاؤں مدینہ سیداں اور گوجرانوالہ میں نندی پور،اروپ ٹاون، قلعہ دیدار سنگھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ میسر ہوں گی، حکومت پنجاب کے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا بنیادی مقصد کورونا کے زیادہ کیسز والے علاقوں سے لوگوں کی آمد و رفت کو محدود کرنا ہے۔

  • ابوظبی : لاک ڈاؤن میں دوسری بار توسیع

    ابوظبی : لاک ڈاؤن میں دوسری بار توسیع

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات کے حکام نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں دوسری مرتبہ توسیع کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کے کیسز میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی میں داخلے اور  باہر جانے  پر عائد پابندی میں منگل کو 16 جون سے مزید ایک ہفتے کے لیے توسیع کردی ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں شامل دیگر شہروں کے افراد ابوظبی، العین اور الظفرہ میں داخل نہیں ہوسکتے اور ابوظہبی کے شہری دوسرے کسی بھی امارتی شہروں میں نہیں جاسکتے ہیں۔

    یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ابو ظبی کی ہنگامی اور کرائسز کمیٹی برائے کورونا نے پیر کو ابوظبی پولیس اور محکمہ صحت کے ساتھ بات چیت کے بعد امارات اور اس میں شامل علاقے العین اور الظفرہ میں لوگوں کے دخول اور خروج پر عائد پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی دارالحکومت ابوظہبی میں دو جون کو کرونا وائرس کے پیش نظر نقل وحرکت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس میں دوسری مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔

    دریں اثناء امارات ائیرلائنز کا ایک مسافر طیارہ پیر کو دبئی سے بحرین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گیا ہے، اس طرح دبئی اور بحرین کے درمیان پروازیں باضابطہ طور پر بحال ہوگئی ہیں۔

  • امیگریشن اور پاسپورٹ کے دفاتر آج سے کھول دیئے گئے

    امیگریشن اور پاسپورٹ کے دفاتر آج سے کھول دیئے گئے

    لاہور : کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے باعث بند کیے جانے والے امیگریشن اور پاسپورٹ کے دفاتر آج سے کھول دیئے گئے ہیں، دفاتر کے اوقات کار صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وئرس کے بچاؤ کے پیش نظر لگائے جانے والے لاک ڈاؤن میں جہاں دیگر شعبہ جات اور اداروں کی بندش ہوئی وہیں امیگریشن اور پاسپورٹ دفاتر بھی بند کردیئے گئے تھے تاہم امیگریشن اور پاسپورٹ کے دفاتر آج تقریباً81روز بعد کھولے جارہے ہیں۔

    اس حوالے سے وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے تمام پاسپورٹ دفاتر کو مراسلہ جاری کیا ہے، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تمام پاسپورٹ دفاتر صبح10سے دوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے۔

    دفاترمیں50سال سے زائد عمرکے افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا، پاسپورٹ صرف ارجنٹ فیس کے ساتھ جمع کرائے جاسکتے ہیں، حکومت کی جانب سے جاری ایس اوپیز پرعملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے، پاسپورٹ دفاتر کورونا کے باعث21مارچ کو بند کیے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : زائد المعیاد پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں‌ کے لیے اہم خبر

    یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے کرونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر زائد المعیاد ہونے والے پاسپورٹ اور شناختی کارڈز کی مدت میں مزید تیس جون 2020 تک توسیع کردی تھی۔

    وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہیں کیے جارہے۔

  • بلوچستان : اسمارٹ لاک ڈاؤن میں15دن کی توسیع

    بلوچستان : اسمارٹ لاک ڈاؤن میں15دن کی توسیع

    کوئٹہ : حکومت بلوچستان نے صوبہ بھر میں جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید 15 دن کی توسیع کر دی، کاروباری مراکز ہفتےمیں 6روز صبح 9 سےشام 7 بجےتک کھلے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں15دن کی توسیع کر دی، محکمہ داخلہ کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز اور دکانیں ہفتے میں6دن صبح9سے شام7بجے تک کھلی رہیں گی، ہفتہ سے جمعرات تک اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت دکانیں کھولی جائیں گی۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رکھی جائیں گی، دودھ کی دکانیں، تندور، میڈیکل اسٹورز پورا ہفتے اپنا کاروبار جاری رکھیں گے۔

    محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریسٹورینٹ24گھنٹے صرف پارسل، ٹیک اوے کی سہولت فراہم کرسکیں گے، انٹرسٹی، انٹر ڈسٹرکٹ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی، مذہبی، سماجی اور دیگر تقریبات پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

    حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بھی15جولائی تک بند رہیں گے، سینما، پکنک پوائنٹس، شادی ہال،جم اور کلبز پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں ہفتے میں 5 روز تمام کاروبار کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں اور مارکیٹیں صبح 9 سے شام 7 بجےتک کھلی رہیں گی جبکہ میڈیکل اسٹورز، کریانہ، گروسری اور پٹرول پمپس ہفتے میں 7 دن کھلے رہیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ ایس اوپیز کےساتھ چلتی رہے گی جبکہ ماسک پہننا لازمی ہو گا اس کے علاوہ ملک بھرمیں تفریح گاہیں بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔