Tag: Corona Lock down

  • کورونا لاک ڈاؤن : اندرون ملک پروازوں کی بندش کی مدت میں توسیع

    کورونا لاک ڈاؤن : اندرون ملک پروازوں کی بندش کی مدت میں توسیع

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں کی بندش میں مزید 16 روز کی توسیع کردی، خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن میں اندرون و بیرون ملک پروازیں بھی بندش کا شکار ہیں، اس سلسلے میں مرحلہ وار توسیع کا سلسلہ جاری ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں کی بندش میں مزید 16 روز کی توسیع کردی، سی اے اے نے بین الاقوامی فضائی آپریشن میں 15 مئی جب کہ اندرون ملک آپریشن میں 13 مئی تک توسیع کا نوٹم جاری کیا تھا تاہم اب علاقائی پروازوں کی بندش میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اندرون ملک فضائی آپریشن کی بندش میں مزید 16 روز کی توسیع کی گئی ہے جب کہ خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنا حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، ٹرین سروس اور فضائی آپریشن بند رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

  • لاک ڈاؤن کے بہانے غیر حاضر سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کا آغاز

    لاک ڈاؤن کے بہانے غیر حاضر سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کا آغاز

    کراچی : کورونا لاک ڈاؤن کا بہانہ بنا کر دفتروں سے غائب رہنے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا، سی اے اے نے بغیر اجازت کے ڈیوٹی سے غائب افسران اور اہلکاروں کی فہرست مرتب کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کو رونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران سرکاری ملازمین نے حکومتی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھانا شروع کردیا، لاک ڈاؤن کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیادہ تر ملازمین اپنی ڈیوٹیوں سے غیر حاضر ہیں۔

    جس کے باعث ادارے کو دفتری امور کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے، لیگل اور دیگر اہم سی اے اے برانچز میں کام کرنے کو کوئی اہلکار بھی موجود نہیں، سی اے اے شعبہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کی غیرحاضری کا نوٹس لے کروارننگ لیٹر جاری کردیا۔

    وارننگ سرکلر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اہم برانچز میں 24مارچ سے کوئی اہلکار موجود نہیں۔

    سی اے اے ہیڈ کوارٹرز نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر، ائرپورٹ مینجرز اور دیگر شعبوں کے سربراہان کو لاک ڈاون کے دوران ڈیوٹی پر موجود رہنے کا کہا گیا تھا، سرکلر میں کہا گیا ہے کہ واضح احکامات کے باوجود اکثر شعبوں کے سربراہان بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی سے غائب نظر آئے۔

    تمام شعبوں کے سربراہان کو فوری طور پر اپنے ماتحت عملے کا ڈیوٹی روسٹر ہیڈ کوارٹرز بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے۔ سرکلر کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بغیر اجازت کے ڈیوٹی سے غائب افسران اور اہلکاروں کی فہرست مرتب کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

    وارننگ سرکلرسول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے جاری کیا ہے۔

  • کورونا لاک ڈاؤن : عدالت نے سندھ حکومت سے تفصیلات طلب کرلیں

    کورونا لاک ڈاؤن : عدالت نے سندھ حکومت سے تفصیلات طلب کرلیں

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کو لاک ڈاؤن میں چھوٹے دکانداروں کیلیے کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلات14 مئی تک جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لاک ڈاؤن میں چھوٹے دکانداروں کو کاروبار کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے موقع پر عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ استفسار کیا کہ حکومت چھوٹے کاروباری طبقے کیلئے کیا اقدامات کررہی ہے؟

    جس پر ایڈیشنل اے جی سندھ نے کہا کہ ایس او پی کے تحت کچھ صنعتیں کھولنے کا اجازت دی ہے، کچھ کاروباری مراکز کو آن لائن کاروبارکی اجازت ہے، امپورٹ ایکسپورٹ پر پابندی ہے  اس کے علاوہ نائی کو دکان کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔

    جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ چھوٹی دکانیں آن لائن کاروبار کیسے کریں گی؟ وفاقی و صوبائی حکومت کو چھوٹے کاروباری طبقے کیلئے بھی سوچنا چاہیے، اسٹیشنری، الیکٹریشن ودیگر کی ضرورت پڑتی ہے ایسے کیسے کام چلے گا؟

    بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کو 14 مئی تک تمام اقدامات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

  • ترکی کا کرونا لاک ڈاؤن دنیا کیلئے مثال بن گیا

    ترکی کا کرونا لاک ڈاؤن دنیا کیلئے مثال بن گیا

    استنبول : ترکی میں ہونے والے کرونا لاک ڈاؤن کو مثالی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ سب کچھ بند ہونے کے باوجود کچھ بھی بند نہیں ہوااور لوگ بھی حکومتی ہدایت پر پابندی سے عمل کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کیلئے دنیا کے تمام ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ کہیں پر لاک ڈاون کو لے کر کافی سختی برتی جارہی ہے تو کہیں تھوڑی نرمی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے لیکن ترکی نے لاک ڈاؤن کے سب سے الگ قوانین بنائے ہیں۔

    ترکی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے علیحدہ اور منفرد پالیسی اختیار کرتے ہوئے ہفتے کے آخری روز لاک ڈاؤن لگایا جبکہ ہفتہ بھر اسٹے ہوم کے تحت صرف بچوں اور بزرگوں کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی لگا رکھی ہے، ایسے میں لاک ڈاون اور خاص عمر کے لوگوں پر مخصوص پابندیوں کے ذریعہ ترکی نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں نیا تجربہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکی کے لاک ڈاؤن ماڈل اور خاص عمر کے لوگوں پر پابندی بالکل صحیح اقدام ہے۔ اس اقدام سے ایسے لوگ جن کے وائرس کی زد میں آنے کا زیادہ خطرہ ہے وہ لوگ گھروں میں رہیں اور باقی لوگ ضروری تحفظ کے ساتھ اپنے اہم کام کیلئے گھر سے باہر نکل سکتے ہیں۔

    ترک حکومت لوگوں سے گھروں میں رہنے اور سماجی دوری پر عمل کرنے کی اپیل کررہی ہے وہیں گھروں میں رہنے کی پالیسی کے تحت صرف 20 سال سے کم اور 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں پر ہی باہر نکلنے پر پابندی ہے.

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ترکی میں گزشتہ ویک اینڈ لاک ڈاون رہا۔ 31 صوبوں میں 48 گھنٹے کا کرفیو لگایا گیا۔

    ترکی حکومت نے دو گھنٹے کی پیشگی اطلاع پر کرفیو کا اعلان کردیا تھا جس کی وجہ سے ترکی میں افراتفری مچ گئی، ضروری سامان خریدنے کیلئے دکانوں پر لوگوں کا جم غفیر آگیا، کچھ مقامات پر لوگوں نے سماجی دوری کا بھی خیال رکھا۔

  • کورونا لاک ڈاؤن : وہ ملک جہاں غرباء کے لئے چاول کے ‘اے ٹی ایم’ بنوائے گئے

    کورونا لاک ڈاؤن : وہ ملک جہاں غرباء کے لئے چاول کے ‘اے ٹی ایم’ بنوائے گئے

    ہنوئی : ویت نام میں کرونا وائرس کی وجہ سے نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن میں غریب عوام کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے مشینوں کے ذریعہ چاول کی فراہمی شروع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ویت نام میں عوام کی پریشانی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کو جدید انداز میں چاولوں کی فراہمی شروع کی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مخیر افراد نے ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں مختلف مقامات پر غریبوں کے لیے چاولوں کی اے ٹی ایم مشینیں نصب کر دی ہیں، جہاں سے غریب اور ضرورت مند افراد چاول حاصل کر سکتے ہیں۔

    اس دوران سماجی فاصلے کی ہدایت پر بھی سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے، صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک چاولوں کی مشینوں سے بیگز بھرے جا سکتے ہیں جس کے لیے ضروری ہے کہ تمام افراد 6 فٹ کے فاصلے پر کھڑے ہوں اور ان کے ہاتھ سینیٹائزڈ ہوں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنوئی کے علاوہ ملک کے دیگر مقامات پر بھی راشن کی فراہمی کے لیے اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جا رہی ہیں، جہاں سے لوگ مفت راشن حاصل کررہے ہیں۔

     

  • بھارت لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، نوجوان اونٹ‌ پر بیٹھ کر گھر پہنچ گیا

    بھارت لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، نوجوان اونٹ‌ پر بیٹھ کر گھر پہنچ گیا

    اتر پردیش : کرونا لاک ڈاؤن میں پھنسا ہوا نوجوان اونٹ پر سوار ہوکر12دن بعد گھر پہنچ گیا، 15سالہ لڑکے کو محکمہ صحت کی ٹیم نے فوری طور پر قرنطینہ منتقل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا لاک ڈاؤن کے باعث بیرون شہر روزگار کیلئے جانے والے افراد گھر واپس جانے کیلئے پریشان ہیں، جن کو اس کیلئے کئی جتن کرنا پڑتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک 15 سالہ نوجوان لاک ڈاؤن کے دوران اونٹ پر سوار ہوکر اڑیسہ سے ضلع بھدوہی اپنے گھر آگیا، جس کے بعد نوجوان کے اہل خانہ بہت خوش ہیں۔

    انکیت دوبے اڑیسہ کے مہابلیشور میں رہتا ہے اوراڑیسہ میں سیاحوں کو اونٹ کی سیر کراتا ہے، وہ لاک ڈاؤن میں پھنس گیا تھا، تمام کوششوں کے باوجود انکیت اپنے گھر نہیں پہنچ پا رہا تھا۔

    آخر کار گھر پہنچنے کے لیے اس نے اونٹ کا استعمال کیا جس سے وہ سیاحوں کی سیر کراتا تھا۔ وہ پیر کو اڑیسہ سے بنگال اور جھارکھنڈ کے راستے اپنے گھر پہنچا۔ تاہم اس دوران اسے بہت ساری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

    انکیت کے مطابق جھارکھنڈ کے نکسلی علاقے میں کچھ لوگوں نے اس سے موبائل فون اور رقم چھین لی، گھر پہنچنے پر  مقامی لوگوں کی اطلاع پر محکمہ صحت کی ٹیم نے انکیت سے تفتیش کی۔

    اب وہ 14 دن تک گھر میں قرنطین رہے گا۔ محکمہ صحت کی ٹیم نے تھرمل اسکریننگ کی جس میں اس کا درجہ حرارت معمول کے مطابق پایا گیا۔

  • لاک ڈاؤن : گھر میں اکیلے کرکٹ کھیلنے صحیح طریقہ

    لاک ڈاؤن : گھر میں اکیلے کرکٹ کھیلنے صحیح طریقہ

    کراچی : کورونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں مگر ایسے میں وقت گزارنے کیلئے گھر کے کاموں کے ساتھ ساتھ ذہنی آسودگی کیلئے کھیلنا بھی ضروری ہے۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف لوگ اپنی گھریلو مصروفیات دوسروں سے شیئر کررہے ہیں لیکن جب بات کھیلنے کی آتی ہے تو زیادہ تر لوگوں کا پسندیدہ کھیل کرکٹ ہے لیکن یہ اکیلے نہیں کھیلا جاتا۔

    اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کچھ ویڈیوز دیکھنے کو مل رہی ہیں جن میں لوگ قرنطینہ میں وقت گزارنے کے لیے گھروں میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

    ایسے میں کچھ لوگ تو گھروں کے صحن میں اپنے گھر  والوں کے ساتھ مل کر چوکے چھکے مارتے نظر آرہے ہیں مگر کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنی پرفارمنس بہتر کرنے کے لیے قرنطینہ کو بہترین وقت سمجھ لیا ہے۔

    کرکٹ کھیلنے کے شوقین بچے بھی کسی سے پیچھے نہیں، ٹوئٹر پر اس وقت ایک بچے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس نے اپنی پریکٹس کے لیے منفرد طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔

    ٹوئٹر پر سینیٹر مرتضیٰ وہاب کے بھانجے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بچے نے اپنی ٹوپی میں لاسٹک کے ساتھ بال کو باندھ رکھا ہے، لچک کی وجہ سے جب بال واپس آتی ہے تو وہ اپنے بلے کی مدد سے اسے ہٹ کررہے ہیں۔ یہ ویڈیو سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے خود اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے نے اپنی ٹوپی میں لاسٹک کے ساتھ بال کو باندھ رکھا ہے۔ لچک کی وجہ سے جب بال واپس آتی ہے تو وہ اپنے بلے کی مدد سے اسے ہٹ کررہے ہیں، اس ویڈیو پر ٹوئٹر صارفین نے اپنے کمنٹس میں پسندیدگی کا اظہار کیا اور کرکٹ کے حوالے سے مفید مشورے بھی دیے۔

  • لاک ڈاؤن میں نرمی بہت ہی خطرناک ثابت ہوگی، عالمی ادارہ صحت

    لاک ڈاؤن میں نرمی بہت ہی خطرناک ثابت ہوگی، عالمی ادارہ صحت

    نیویارک : عالمی ادارہ صحت نے تمام ملکوں کو خبرادر کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی بہت ہی خطرناک ثابت ہوگی۔ افریقا سمیت دیگر ممالک میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈرس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی بہت خطرناک ثابت ہوگی جس سے اموات میں تیزی آ سکتی ہے۔ کئی ممالک میں معاشی مشکلات ہیں لیکن تمام ممالک کو لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق بہت ہی احتیاط کرنی چاہیے۔

    عالمی ادارہ صحت کے چیف کا کہنا ہے یورپی ممالک میں عالمی وبا کے کیسز میں کچھ کمی آئی ہے جو کہ خوش آئند ہے، تاہم افریقا سمیت دوسرے ممالک میں کورونا کیسز بہت تیزی سے بڑ ھ رہے ہیں

    انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق حکمت عملی بنانے کے لیے کچھ ملکوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاہم کئی ممالک خود ہی شہریوں کے گھروں پر رہنے کی پابندی ہٹانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر ٹیڈرس نے کہا کہ یورپی ممالک میں عالمی وبا کے کیسز میں کچھ کمی آئی ہے تاہم افریقہ سمیت دوسرے ممالک میں کورونا کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک لاکھ دو ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 17 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

    امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 2 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں مسلسل ساتویں روز بھی ایک ہزار دو سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 18 ہزار 7 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

    فرانس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے تیرہ سواکتالیس افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 13 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

    اٹلی میں کورونا سے اموات کی تعداد اٹھارہ ہزار 8 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ چوبیس گھنٹے میں مزید چھ سو دس افراد ہلاک ہوئے اور ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد مریض مختلف اسپتالوں میں موجود ہیں۔