Tag: corona lockdown

  • لاک ڈاؤن سے کہیں زیادہ خطرہ بھوک اور افلاس کا ہے، عمران خان

    لاک ڈاؤن سے کہیں زیادہ خطرہ بھوک اور افلاس کا ہے، عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروبار کی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا،
    لاک ڈاؤن سے کہیں زیادہ خطرہ بھوک اور افلاس کا ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا صورتحال پر اجلاس ہوا، وزرائے اعلیٰ پنجاب اور کے پی ویڈیو لنک کے ذریعےاجلاس میں شریک ہوئے۔

    اجلاس کے شرکاء کو ظفرمرزا نے کورونا کے اعداد وشمار، مصدقہ کیسز اور جغرافیائی پھیلاؤ پربریفنگ دی، ٹیسٹنگ کی تعداد اور کیسزمیں اضافے سےتناسب سے متعلق بھی آگاہ کیا، اس کے علاوہ انہوں نے مستقبل کے اعدادوشمار اور اسپتالوں میں بستروں کی دستیابی پر بھی بریفنگ دی۔

    اجلاس میں طبی آلات کی فراہمی اورپیشہ ور عملے کی موجودگی یقینی بنانے پر گفتگو کے علاوہ صحت کی سہولتوں اور اسپتالوں کی استعداد میں اضافے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بھوک،وبا سے متعلق حفاظتی اقدامات میں توازن برقرار رکھنا ہے، لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ خطرہ اس سے کہیں زیادہ بڑھتی ہوئی بھوک اور افلاس کا ہے، لاک ڈاؤن کورونا کاعلاج نہیں بلکہ عارضی اقدام ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فیصلے  زمینی حقائق اور عوام کی حالت دیکھ کر کرنے ہیں، جب تک معیشت بحال نہیں ہوجاتی نادار طبقے کی مشکلات بڑھیں گی، کاروبار کی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، لاک ڈاؤن میں نرمی کا اقدام نہایت مجبوری میں اٹھانا پڑا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس ایک حقیقت ہے جس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیرانتہائی ضروری ہیں، وضع شدہ قواعدوضوابط پرعملداری کوہر صورت ممکن بناناہے، حفاظتی تدابیراختیارکرنےکیلئےعوام میں شعور اجاگر کیا جانا چاہیے انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس عوام پر سختی کے بجائے دوستانہ رویہ اختیار کرے۔

    وزیراعظم عمران خان نے عوامی آگاہی میں کلیدی کردار پر میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا عوام کو حفاظتی تدابیر اختیارکرنے کیلئےمزید مؤثر کردار ادا کرے، وزرائے اعلیٰ پنجاب اور کے پی نے ٹرانسپورٹ سے متعلق عام آدمی کے مسائل کا ذکر کیا، وزرائےاعلیٰ کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش سے عام آدمی کا کاروبار اور نقل وحرکت متاثر ہوئی ہے۔

  • کرونا لاک ڈاؤن، سابق کھلاڑیوں کا کرکٹرز کیلئے آن لائن لیکچرز شروع

    کرونا لاک ڈاؤن، سابق کھلاڑیوں کا کرکٹرز کیلئے آن لائن لیکچرز شروع

    لاہور : لاک ڈاؤن کے دوران سابق کھلاڑیوں نے بھی کرکٹرز کو آن لائن لیکچرز دینا شروع کردئیے، آن لائن لیکچرز کے دوران جاوید میانداد نے خصوصی طور پر ڈینس للی کا سامنا کرنے کے بارے میں بتایا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کی جان لیوا وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوگئی ہیں لیکن پاکستان کے سابق کرکٹرز نے موجودہ کھلاڑیوں کی آن لائن تربیت کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 45 کرکٹرز کو لیکچرز دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے، سابق کپتان جاوید میانداد نے بیٹسمنینوں کو ویڈیو لنک پر لیکچر دیا۔

    جاوید میانداد نے بیٹسمینوں کو اپنے تجربات اور خوشگوار واقعات سے آگاہ کیا جبکہ خصوصی طور پر ڈینس للی کا سامنا کرنے کے بارے میں بھی بتایا، سابق کھلاڑیوں نے کھلاڑیوں کو انگلینڈ کی کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کے گُر بتائے۔

    محمد حفیظ، بابر اعظم اور امام الحق سمیت کئی کرکٹرز نے سابق لیجنڈری بیٹسمین سے سوالات کیے، جس پر جاوید میانداد نے کہا کہ بابراعظم تم اچھا کھیل رہے ہو اسی طرح کھیلتے رہو جبکہ امام الحق کو دباؤ نہ لینے کی ہدایت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آن لائن لیکچرز کے پہلے سیشن میں ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس بھی شریک ہوئے جبکہ دوسرے سیشن میں وسیم اکرم فاسٹ باؤلرز کو لیکچرز دیں گے۔

  • سعودی عرب میں لیموزین گاڑیوں کو ہوم ڈیلیوری کی اجازت مل گئی

    سعودی عرب میں لیموزین گاڑیوں کو ہوم ڈیلیوری کی اجازت مل گئی

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران لیموزین گاڑیوں کو ہوم ڈیلیوری کی اجازت دینے کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر نے کہا ہے کہ الیموزین گاڑیوں کو ہوم ڈیلیوری کی اجازت دینے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد، وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا ہے کہ ’اب لیموزین گاڑیاں ان شہروں میں جہاں مکمل کرفیو نہیں ہے، گھر سے نکلنے کے لیے اجازت کے اوقات میں ہوم ڈلیوری کا کام کر سکتی ہیں۔‘

    انہوں نے کہا ہے کہ ’فیصلے پر عملدر آمد کے لیے ماہرین کی ٹیم نے سلامتی اور صحت کے کئی ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے متعدد شرائط طے کیے ہیں۔‘

    صالح بن ناصر الجاسر کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارتی جلد ہی ان ضوابط کا اعلان کردے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ لیموزین ڈرائیور ہوم ڈیلیوری کی متعدد ایپلی کیشنز کے تحت کام کریں گے جنہیں طے شدہ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی جن کا بعدازاں اعلان کردیا جائے گا۔

    وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق لیموزین کو کام کرنے کی شاہی اجازت ان فیصلوں میں شمار ہے جن میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے جی شعبوں کی مدد کا اعلان کیا گیا تھا۔