Tag: corona vaccination

  • سعودی عرب : ویکسی نیشن کرانے والی پہلی خاتون نے کیا کہا ؟ ویڈیو دیکھیں

    سعودی عرب : ویکسی نیشن کرانے والی پہلی خاتون نے کیا کہا ؟ ویڈیو دیکھیں

    ریاض : سعودی عرب میں پہلی بار کورونا ویکسین لگوانے والی خاتون کا کہنا ہے کہ میں خوش نصیب انسان ہوں جس نے پہلی بار ویکسی نیشن کروائی، اللہ ہماری حکومت کو شاد و آباد رکھے۔

    سعودی عرب میں جمعرات سے شہریوں میں کورونا ویکسین لگائے جانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے  سعودی عرب کی خاتون جو مملکت میں ویکسین لگانے والی پہلی خاتون ہیں، ان خاتون کے جذبات اور احساسات قابل دید ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سعودی خاتون شیخہ الحربی نے کہا کہ وہ اپنی خوشی بیان نہیں کرسکتیں۔ ویکسین لگوانے کے بعد وہ خوشی سے رات کو سو نہیں سکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شیخہ الحربی نے حکومت کو ڈھیروں دعائیں دیں اور کہا کہ اللہ ہماری حکومت کو شاد و آباد رکھے جو عوام کو اتنی زیادہ توجہ دیتی ہے۔ میں خود کو ایک خوش نصیب انسان سمجھتی ہوں، میں پہلی خاتون ہوں جس نے ویکسین لگوائی ہے، خوشی میری سب سے بڑی خوشی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے گزشتہ روز کورونا ویکسین لگوائی اور اس کے بعد انہوں ‌نے عوام الناس میں یہ ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا تھا۔ گزشتہ روز ڈیڑھ لاکھ سے زاید افراد نے ویکسین لگوانے کے لیے اپنا رجسٹریشن کرایا ہے۔ ویکسین لازمی نہیں بلکہ اختیاری ہوگی تاہم یہ سعودی باشندوں اور تارکین وطن سب کے لیے مفت ہوگی۔

  • کورونا ویکسین کون سے مریض استعمال نہیں کرسکتے،  سعودی وزارت صحت نے بتادیا

    کورونا ویکسین کون سے مریض استعمال نہیں کرسکتے، سعودی وزارت صحت نے بتادیا

    ریاض : کورونا ویکسی نیشن سے متعلق سعودی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ کچھ خاص نوعیت کے مریض یہ ویکسین استعمال نہیں کرسکتے جب تک کہ وہ اپنے ڈاکٹر سے رجوع نہ کریں۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ وہ افراد جنہیں شدید الراجی کی شکایت رہتی ہے انہیں ویکسین لینے کی سفارش نہیں کریں گے، ویکسین لینے سے قبل ڈاکٹر کو اپنی حالت کے بارے میں آگاہ کریں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان وزارت صحت نے پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ افراد جنہیں کھانے وغیرہ سے معمولی سی الرجی کی شکایت ہو انہیں ویکسین دی جاسکتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ الرجی کے وہ مریض جن کی حالت نازک ہوجاتی ہے اور انہیں الرجی کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرانا پڑتا ہے یا وہ ہمیشہ اس مرض سے بچاؤ کے لیے اینٹی الرجی کے انجکشن لیتے ہیں ایسے مریضوں کے لیے ہم ویکسین لینے کی سفارش نہیں کرسکتے۔

    ذرائع کے مطابق دوسری جانب ڈاکٹر عبدالعالی نے مزید کہا کہ وائرس کے خلاف جو ویکسین دی جارہی ہے اس کی دوسری خوراک لینا انتہائی اہم ہے کیونکہ دوسری خوراک کے بعد ہی جسم اس مرض کے خلاف اینٹی باڈیز بنا کر قوت مدافعت پیدا کرتا ہے۔

    دوسری خوراک کے حوالے سے ڈاکٹر عبدالعالی کا کہنا تھا کہ پہلی ویکسین کے 21 دن بعد دوسری خوراک دی جاتی ہے۔ وزارت کی جانب سے مقررہ صحتی ایپ پر رجسٹر کرنے کے بعد پروگرام کے مطابق دوسری خوراک کے لیے بھی شیڈول جاری کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے مملکت کے لیے فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کی منظوری دی تھی۔ ویکسین لگانے کے لیے صحتی ایپ پر رجسٹریشن کا آغاز منگل سے کیا گیا تھا جس کے تحت اب تک چار لاکھ کے قریب افراد نے خود کو رجسٹر کروایا ہے۔