Tag: Corona vaccine preparation

  • کرونا ویکسین کی تیاری، ایک اور ملک کا حیرت انگیز دعویٰ

    کرونا ویکسین کی تیاری، ایک اور ملک کا حیرت انگیز دعویٰ

    پیانگ یانگ : کورونا وائرس کے کیسز نہ ہونے کے باوجود شمالی کوریا نے کرونا کی ویکسین بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس کی انسانوں پر آزمائش پر غور جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود حیران کن طور پر شمالی کوریا نے کرونا کی ویکسین بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    امریکہ، برطانیہ، چین اور دنیا کے کئی دیگر ملکوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی تیاری اور اس کے ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے۔

    شمالی کوریا کے سرکاری کمیشن برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے اور اس کی انسانوں پر آزمائش شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کرونا کا کوئی کیس نہ ہونے کے باوجود ویکسین کی تیاری کے ذریعے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان شاید اپنے عوام اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ البتہ بعض ناقدین شمالی کوریا کی جانب سے ویکسین کی تیاری کے اعلان کو پروپیگنڈا قرار دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تاحال نمایاں کمی نہیں آسکی، چھ ماہ میں وائرس سے ڈیڑھ کروڑ افراد متاثر جبکہ چھ لاکھ انیس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    امریکا میں وائرس بدستور بےقابو ہے جہاں متاثرین کی تعداد چالیس لاکھ اور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ چوالیس ہزار ہوگئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ملک میں صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہورہی ہے۔

  • کورونا ویکسین کی تیاری : امریکی صدر کا مسلمان سائنسدان پر اعتماد

    کورونا ویکسین کی تیاری : امریکی صدر کا مسلمان سائنسدان پر اعتماد

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلم سائنسدان کے معترف نکلے، ان کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں امریکی امیونولوجسٹ محمد سلوئی قابل ترین شخصیات میں سے ایک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کووڈ 19 کی ویکسین تلاش کرنے میں فاسٹ ٹریک پروگرام کی سربراہی کے لئے ایک امریکی مسلم سائنسدان مونسیف محمد سلوئی کو نامزد کیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ مراکشی نژاد امریکی امیونولوجسٹ محمد سلوئی ویکسین تیار کرنے کے سلسلے میں دنیا کے سب سے معزز افراد میں سے ایک ہیں۔

    وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپنے اعلان کیا کہ آپریشن وارپ اسپیڈ کے چیف سائنس دان، ڈاکٹر مونسیف سلوئی ہوں گے، جو عالمی سطح پر معروف امیونولوجسٹ ہیں، جنہوں نے 14 نئی ویکسینز بنانے میں مدد کی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر مونسیف کے نجی شعبے میں دس برسوں کے دوران اتنی بڑی تعداد میں ویکسین تیار کرنا بہت زیادہ ہے، صدر ٹرمپ نے کہا کہ مراکشی نژاد امریکی امیونولوجسٹ محمد سلوئی ویکسین تیار کرنے کے سلسلے میں دنیا کے سب سے معزز افراد میں سے ایک ہیں۔

    ڈاکٹر سلوئی نے وائٹ ہاؤس بریفنگ میں پروگرام کو متعارف کراتے ہوئے کہا کہ ‘میں نے حال ہی میں کورونا وائرس ویکسین کے ساتھ کلینیکل ٹرائل کے ابتدائی اعداد و شمار کو دیکھا ہے۔ اس اعداد و شمار نے مجھے مزید پُر اعتماد کر دیا ہے کہ ہم سنہ2020 کے آخر تک ویکسین کی چند سو ملین خوراکیں فراہم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ محمد سلوئی کی پیدائش سنہ 1959 میں شمالی افریقی ملک مراکش کے اگادِر نامی شہر میں ہوئی تھی، ڈاکٹر سلوئی گلیکسو سمتھ کلائن کے ویکسین شعبے کے سربراہ رہے ہیں اور تیس برس تک اس کمپنی میں کام کیا۔

    ان کی بہن کا کم عمری میں ہی کالی کھانسی کے سبب انتقال ہو گیا تھا۔ کاسا بلانکا کے محمد وی ہائی اسکول سے فراغت کے بعد ڈاکٹر سلوئی نے بیلجیئم میں حیاتیاتیات کی تعلیم حاصل کی اور ہارورڈ میڈیکل اسکول اور ٹفٹس یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن میں پوسٹ گریجویٹ کا کورس کیا۔