Tag: Corona vaccine

  • چین سے کورونا ویکسین کی چھٹی کھیپ 29 اپریل کو پاکستان لائی جائے گی

    چین سے کورونا ویکسین کی چھٹی کھیپ 29 اپریل کو پاکستان لائی جائے گی

    اسلام آباد : چین سے کوروناویکسین کی چھٹی کھیپ 29 اپریل کو پاکستان لائی جائے گی، طیارے بھیجنے کے لیے متعلقہ ادارے کو درخواست بھیج دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے مزید کورونا ویکسین لانے کے لیے انتظامات جاری ہے، طیارے بھیجنے کے لیے متعلقہ ادارے کو درخواست بھیج دی گئی ہے ، اجازت ملتے ہی 3 طیارے بیجنگ روانہ کیے جائیں گے۔

    3بوئنگ77طیارے چین سے 10لاکھ ویکسین لے کر آئیں گے ، 29اپریل کوکوروناویکسین کی چھٹی کھیپ پاکستان لائی جائے گی۔

    گزشتہ دنوں قومی ایئرلائن کے 3 طیاروں کے ذریعے 76 ٹن کورونا ویکسین پاکستان لائی گئی، ذرائع وزارت صحت کے مطابق ۔ ‏پاکستان نے کورونا ویکسین کی کل 3 کروڑ 5 لاکھ ڈوز کے سودےکیے ہیں ، اب تک پاکستان میں سرکاری سطح پر ویکسین کی 45 لاکھ 60 ہزار خوراکیں پہنچی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ سائنو فام سے ویکسین کی 55 لاکھ ڈوز خریداری کا معاہدہ طے پاگیا ہے، پاکستان نے سائنو ویک سے ویکسین کی 50 لاکھ ڈوز خریدی ہیں تاہم چین سے تاحال کورونا ویکسین کی 8 کھیپس پاکستان آچکی ہیں۔

    خیال رہے  پاکستان چین سے سائینو فارم، کینو سائینو، سائینو فارم ویکسین درآمد کررہا ہے۔

  • کورونا وائرس سے بچاؤ کن غذاؤں سے ممکن ہے؟ ماہرین کا نیا انکشاف

    کورونا وائرس سے بچاؤ کن غذاؤں سے ممکن ہے؟ ماہرین کا نیا انکشاف

    دنیا بھر کے دو لاکھ سے زیادہ افراد کوویڈ 19 کی تباہی کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم ابھی تک اس کی کوئی مستند دوا سامنے نہیں آئی ہے جو اس بیماری کا سد باب کرسکے تاہم اس کے اثرات کو کم کرنے کیلئے فوڈ سپلیمنٹ بہت کار آمد ثابت ہوتے ہیں۔

    ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملٹی وٹامنز، مچھلی کے تیل، پروبائیو ٹیکس یا وٹامن ڈی سپلیمنٹس کا استعمال کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کوویڈ 19 کا شکار ہونے کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔

    اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے برٹش میڈیکل جرنل نیوٹریشن پریونٹیشن اینڈ ہیلتھ کے آن لائن ایڈیشن میں شائع ہوئے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن سی، زنک یا لہسن کے سپلیمنٹس سے وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم نہیں ہوتا۔

    محققین نے بتایا کہ مختلف معروف افراد کی جانب سے کووڈ 19 سے بچاؤ اور علاج کے لیے مختلف سپلیمنٹس کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے اور اس کے نتیجے میں ان کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    غذائی سپلیمنٹس سے مدافعتی نظام کو صحت مند رکھنے میں مدد مل سکتی ہے مگر تحقیق میں یہ جائزہ لیا گیا کہ مخصوص سلیمنٹس کس حد تک کورونا وائرس کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔

    اس مقصد کے لیے محققین نے کووڈ 19 سیمپٹم اسٹڈی ایپ کے صارفین کی خدمات حاصل کرکے یہ دیکھا غذائی سپلیمنٹس کا استعمال کرنے والے افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص کا خطرہ کس حد تک کم ہوتا ہے یا نہیں۔

    اس ایپ کو برطانیہ، امریکا اور سوئیڈن میں مارچ 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا جہاں لوگ اپنی حالت کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہیں۔ اس تحقیق کے لیے محققین نے اس ایپ کو استعمال کرنے والے 3 لاکھ 72 ہزار سے زیادہ صارفین کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات کا تجزیہ کیا۔

    ان افراد نے بتایا تھا کہ مئی سے جولائی 2020 کے دوران انہوں نے کس حد تک غذائی سپلیمنٹس کا استعمال کیا تھا جبکہ ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ (اگر کروایا تو) کے نتائج بھی حاصل کیے گئے۔

    مئی سے جولائی کے دوران ایک لاکھ 75 ہزار افراد نے غذائی سپلیمنٹس کا استعمال کیا جبکہ ایک لاکھ 97 ہزار افراد نے ایسا نہیں کیا۔

    مجموعی طور پر مئی سے جولائی کے دوران 23 ہزار 521 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 3 لاکھ 49 ہزار سے زیادہ کا ٹیسٹ نیگیٹو رہا۔

    محققین نے معمول کی غذا، پہلے سے مختلف بیمارییاں اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھ کر دریافت کیا کہ پروبائیوٹیکس، مچھلی کے تیل کے کیپسول یا اومیگا 3 فیٹی ایسڈز، ملٹی وٹامنز یا وٹامن ڈی کا استعمال کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ بالترتیب 14، 12، 13 اور 9 فیصد تک کم کرسکتا ہے۔ تاہم زنک، وٹامن سی یا لہسن کے سپلیمنٹس سے ایسا کوئی اثر محققین دریافت نہیں کرسکے۔

  • چین سے ایک اور کرونا ویکسین کی خریداری

    چین سے ایک اور کرونا ویکسین کی خریداری

    اسلام آباد: پاکستان نے چین سے کرونا ویکسین کی مزید خریداری کر لی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ کرونا ویک کی خریداری کا معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے چین سے کرونا ویک کے نام سے ویکسین کے لیے خریداری کا معاہدہ کر لیا ہے، کرونا ویک چینی کمپنی سائینو ویک لائف سائنسز کی تیار کردہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سائینو ویک نے پاکستان کو حسب ضرورت ویکسین فراہمی کی یقین دہانی کرا دی ہے، یہ کمپنی آغاز میں محدود پیمانے پر کرونا ویکسین فراہم کرے گی۔

    پاکستان میں ڈریپ کرونا ویک ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے چکی ہے، لاہور کی ایک نجی کمپنی نے بھی کرونا ویک ویکسین کا اجازت نامہ حاصل کیا ہے، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا ویک ان ایکٹیویٹڈ ویکسین 2 ڈوزز پر مشتمل ہے، اور یہ منفی 2 تا 8 درجہ حرارت پر محفوظ کی جاتی ہے۔

    چین نے جولائی 2020 میں کرونا ویک کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی، اس کے فیز ون اور ٹو کلنیکل ٹرائلز چین میں کیےگئے، جب کہ فیز 3 ٹرائلز لاطینی امریکا، یورپ، ایشیا، برازیل، ترکی، انڈونیشیا، فلپائن میں کیےگئے۔

    ترکی کے فیز 3 ٹرائلز میں ویکسین 83.5 فی صد معیاری ثابت ہوئی، انڈونیشیا کے فیز 3 ٹرائلز میں ویکسین 65.3 فی صد معیاری ثابت ہوئی۔

    میکسیکو، تیونس، زمبابوے، آذربائیجان، ملائیشیا، سنگاپور، ہانگ کانگ، فلپائن، تھائی لینڈ کرونا ویک ویکسین کی منظوری دے چکے ہیں، انڈونیشیا دسمبر 2020 میں کرونا ویک ویکسین کی پہلی کھیپ درآمد کر چکا ہے، جب کہ سائینو ویک رواں ماہ مختلف ممالک کو ویکسین کی 7 کروڑ ڈوز فراہم کر چکی ہے۔

  • سنگل ڈوز کورونا ویکسین کیلئے عمر کی حد میں تبدیلی

    سنگل ڈوز کورونا ویکسین کیلئے عمر کی حد میں تبدیلی

    اسلام آباد: سنگل ڈوز ویکسین لگوانے کیلئے عمر کی حد 80 کے بجائے 70 سال مقرر کردی ہے، سنگل ڈوز ویکسین ترلائی مرکز سے لگوائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سنگل ڈوز کورونا ویکسین کیلئے عمر کی حد میں تبدیلی کردی گئی اور سنگل ڈوز ویکسین لگوانے کیلئے عمر کی حد 80 کے بجائے 70 سال مقرر کردی ہے۔

    ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ سنگل ڈوزویکسین ترلائی مرکز سے لگوائی جاسکتی ہے ، ترلائی سینٹرسنگل ڈوز ویکسین کا اسلام آباد میں واحد مرکز ہے۔

    ڈی ایچ او نے مزید کہا کہ سنگل ڈوزکورونا ویکسین بزرگوں کیلئے بڑی سہولت ہے، یہ سہولت اب 70سالہ شہریوں کو حاصل ہے۔

    خیال رہے کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے اسدعمر کا کہنا تھا کہ تاحال 10لاکھ سےزائدافرادکی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے، گزشتہ روز 76 ہزار سے زیادہ افراد کو ویکسین لگائی گئی۔

    سربراہ این سی او سی نے کہا تھا کہ اب تک رجسٹریشن کرنے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے، جن میں 6لاکھ ہیلتھ کیئرورکرز اور 50سال سے زائد کے 14لاکھ افراد شامل ہیں ، 50 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسی نیشن کے لیے خود کو رجسٹر کرالیں۔

  • بڑی کامیابی ، پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری شروع

    بڑی کامیابی ، پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری شروع

    لاہور : پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری شروع کردی گئی ، پنجاب حکومت کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے 10 کروڑ کا بجٹ مختص کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ انیمیل سائنسز میں کورونا ویکسین کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ، اس حوالے سے یونیورسٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو کورونا ویکسین بنانے کے لیے پریزینٹیشن دی۔

    پنجاب حکومت کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے 10 کروڑ کا بجٹ مختص کرے گی ، اس موقع پر ڈائریکٹر یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ انیمیل سائنسز پروفیسر طاہر یعقوب نے کہا کہ کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے پنجاب حکومت سے 6 ماہ کا وقت مانگا ہے ، ویکسین کی تیاری کے لیے یونیورسٹی کے پاس تمام سہولیات ہیں۔

    پروفیسر طاہر یعقوب کا کہنا تھا کہ اگر ویکسین کی تیاری میں پیش رفت مثبت رہی تو ایک ماہ بعد اعلان کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں پاکستان نے کورونا وائرس ویکسین کی تیاری کا عمل شروع کیا تھا ، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے وزارت صحت کو مراسلہ لکھا تھا ، جس میں کہا تھا کہ وزارت صحت تمام اسٹیک ہولڈرز اور پرائیویٹ سیکٹر سے مشاورت کرکے تجاویز تیار کرے۔

    خیال رہے دنیا بھر میں کوویڈ19ویکیسن کی تیاری پر تیزی سے کام جاری ہے اور مختلف ممالک دوا کی تیاری میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے کوشاں ہیں۔

  • وفاقی کابینہ نے 2 کرونا ویکسینز کی قیمت فروخت کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے 2 کرونا ویکسینز کی قیمت فروخت کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 2 کرونا ویکسینز کی قیمت فروخت کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاکستان میں نجی سیکٹر کی جانب سے درآمد کردہ کرونا ویکسینز کی قیمتوں سے متعلق ڈریپ کی ارسال کردہ سفارشات کی حتمی منظوری دے دی۔

    روسی ویکسین اسپوتنک V کی 2 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 8 ہزار 449 روپے ہوگی، جب کہ 4 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 16 ہزار 560 روپے ہوگی۔

    اسپوتنک V کی 10 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 40 ہزار 555 روپے ہوگی، جب کہ 20 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 81 ہزار 110 روپے ہوگی۔

    چینی کمپنی کی تیار کردہ کرونا ویکسین کنویڈیساکی فی انجکشن کی قیمت 4 ہزار 225 روپے ہوگی۔

    واضح رہے کہ آج ہی ڈریپ نے وفاقی کابینہ کو سفارشات ارسال کی تھیں، کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد اب ڈریپ کرونا ویکسینز کی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کرے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی کی ایک فارما کمپنی نے روسی ساختہ کرونا ویکسین اسپوتنک V کی 50 ہزار ڈوز درآمد کی ہیں، جب کہ ایک ملٹی نیشنل فارما کمپنی چینی ویکسین درآمد کر رہی ہے، چینی کمپنی کی کرونا ویکسین ایک خوراک پر مشتمل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی سیکٹر کی درآمد کردہ ویکسین کی قیمت کا تعین ڈریپ نے کیا ہے، جس کے لیے ڈریپ کے پرائسنگ اور کاسٹنگ بورڈ کا اجلاس 19 مارچ کو ہوا تھا۔

  • "کرونا ویکسین لازمی ہے، صدر مملکت "

    "کرونا ویکسین لازمی ہے، صدر مملکت "

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کرونا ویکسین کے حوالے سے پیدا کئے جانے والے شکوک وشبہات پر اہم بیان جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں صدر عارف علوی نے کہا کہ کرونا ویکسین لازمی ہے، عالمی وبا سے بچاؤ کے لئے ویکسین کی دو خوراک لگائی جاتی ہے، ویکسین کو اثر کرنے میں چند ہفتوں کا وقت لگتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ زیادہ تر کیسز میں ویکسین100فیصد موثر ہے، باقی کیسز میں انفیکشن کی شدت بہت کم ہوجاتی ہے۔

    ٹوئٹر پیغام میں صدر مملکت نے عوام کو خبردار کیا کہ ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جو ویکسین سے متعلق شک وشبہات پیدا کرتے ہیں، حقیقت میں وہ کچھ نہیں جانتے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا تھا۔

    کرونا ٹیسٹ مثبت آنے سے قبل وزیراعظم نے کرونا ویکسین بھی لی تھی، معاملے پر این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ کرونا کی ویکسین لینے سے قبل ہی وزیراعظم اس کا شکار ہوگئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ویکسین کےبعدوزیراعظم کو کورونا کی تشخیص کا غلط مطلب نہ لیا جائے، اسد عمر

    انہوں نے واضح کیا تھا کہ کرونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

    دوسری جانب وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا تھا کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے دو سے تین ہفتے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں۔

  • کرونا ویکسین کس عمر سے لگوائی جاسکتی ہے؟

    کرونا ویکسین کس عمر سے لگوائی جاسکتی ہے؟

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، اس مہم کے دوران شہریوں کی جانب سے ویکسین سے متعلق مختلف سوالات کئے جارہے ہیں۔

    سعودی عرب میں گذشتہ سال سترہ دسمبر کو کرونا ویکسی نیشن کا آغاز ہوا تھا، ویکسین لگوانے والے افراد کے لئے ضروری ہے کہ وہ ان کے پاس کارآمد قومی شناختی کارڈ اور تارکین وطن کے پاس کارآمد اقامے ہوں۔

    ویکسینیشن سے متعلق سعودی حکومت نے وزارت صحت کے ماتحت ایک سماجی پلیٹ فارم شہریوں کو مہیا کیا ہے جو ویکسی نیشن سے متعلق اپنے سوالات متعلقہ اتھارٹی سے پوچھتے ہیں اور انہیں تسلی بخش جوابات دئیے جاتے ہیں۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق ایک شخص نے ٹوئٹر پر وزارت صحت سے سوال کیا ہے کہ "ویکسین لگوانے کے لیے کم سے کم عمر کیا ہے۔”

    وزارت صحت نے جواب دیا کہ فائزر کمپنی کی ویکسین کے لیے کم سے کم عمر 16 سال ہے جبکہ آسٹرازینکا کے لیے مناسب عمر 18 سال سمجھی جاتی ہے، وزارت نے اپنے جواب میں کہا کہ سعودی عرب میں استعمال کی جانے والی ویکسین انتہائی فعال، مفید اور محفوظ ہے جسے تجربات کے بعد منظور کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی کابینہ کی جانب سے اہم فیصلوں کی منظوری

    اپنے بیان میں وزارت صحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں فائزر اور آسٹرازینکا ویکسین شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے بلکل مفت ہے، وزارت نے تمام شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لگوانے کے لیے صحتی ایپ میں اپنا اندراج کروائیں۔

  • ویکسین لگنے کے بعد موت، آسٹریا نے کرونا ویکسینیشن روک دی

    ویکسین لگنے کے بعد موت، آسٹریا نے کرونا ویکسینیشن روک دی

    زیورخ: آسٹریا نے آسٹرا زینیکا کی کرونا ویکسین بَیچ سے ایک شخص کی موت کے بعد ویکسی نیشن کا عمل معطل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریائی حکام نے احتیاطی طور پر آسٹرا زینیکا کی کو وِڈ 19 ویکسین کی ایک کھیپ سے ویکسی نیشن کا عمل روک دیا ہے، اور ویکسین لگنے کے بعد ایک خاتون کی موت اور دوسری خاتون کی بیماری کے کیسز کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

    اتوار کو ایک ہیلتھ ادارے نے میڈیا کو بتایا کہ صحت کے وفاقی ادارے کو ایک ہی علاقے کے کلینک سے دو رپورٹس موصول ہوئی ہیں، دونوں واقعات آسٹرا زینیکا ویکسین کی ایک ہی کھیپ سے جڑے تھے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویکسین لگنے کے بعد 49 سالہ ایک خاتون کی خون کی ایسی شدید بیماری کی وجہ سے موت ہو گئی جس کا تعلق خون جمنے کی سرگرمیوں سے ہے۔

    کرونا ویکسین لگنے کے بعد ایک اور 35 سالہ خاتون کو پھیپھڑے کے اندر خون کی نالی میں خون جمنے کی شدید بیماری کا سامنا کرنا پڑا، جسے طبی امداد دی گئی اور اب وہ رو بہ صحت ہے۔

    صحت کے وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ فی الوقت ان واقعات کے ساتھ ویکسی نیشن کے کسی علتی تعلق کا ثبوت موجود نہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین نرسز ہیں، اور وہ اسی کلینک میں کام کرتی تھیں، وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ بلڈ کلاٹنگ (خون جمنا) کرونا ویکسین کے معلوم سائیڈ ایفکٹس (مضر اثرات) میں شامل نہیں ہیں۔

    ماہرین اس معاملے کی باریک بینی کے ساتھ تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تعلق کے بارے میں واضح فیصلہ کیا جا سکے۔ جب کہ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ احتیاط کے پیش نظر کرونا ویکسین کی مذکورہ کھیپ سے اب مزید ویکیسنز جاری نہیں کی جائیں گی۔

    دوسری طرف آسٹرا زینیکا کے ترجمان نے بیان دیا ہے کہ اس ویکسین کے ساتھ جڑے ابھی تک کوئی تصدیق شدہ مضر اثرات والے واقعات سامنے نہیں آئے، اور ہر کھیپ سخت کوالٹی کنٹرول کے تحت جاری کی جاتی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ اب تک دنیا بھر میں اس کے استعمال سے یہ سامنے آیا ہے کہ یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، اور پچاس ممالک اس کے استعمال کی منظوری دے چکے ہیں، ویکسین کے سلسلے میں آسٹریائی حکام کے ساتھ بھی رابطہ رکھا جا رہا ہے اور کمپنی کی جانب سے تحقیقات میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔

  • عمان نے فضائی مسافروں پر بڑی پابندی عائد کردی

    عمان نے فضائی مسافروں پر بڑی پابندی عائد کردی

    عمان : کورونا وائرس کی عالمی وبا کی روک تھام کے لیے عمان حکومت نے پروازوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے10ممالک کے مسافروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق پروازوں پر15 روز کے لیے پابندی اور دو ہفتے کے لیے سفری پابندی کا اطلاق جمعرات سے ہوگا۔

    کورونا وائرس کے حوالے سے قائم ملک کی اعلیٰ کمیٹی نے سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل، نائیجیریا، تنزانیہ، گھانا، گنی، سیرالیون اور ایتھوپیا کے مسافروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

    عمانی شہری، سفارت کار اور طبی شعبے سے وابستہ افراد کو ان پابندیوں سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاہم انہیں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔

    عمان کی حکومت نے اپنے شہریوں اور مقیم رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر سے گریز کریں، اور صرف ناگزیر صورت حال میں ہی سفر کریں۔

    رپورٹ کے مطابق اعلیٰ کمیٹی نے کورونا وائرس کی نئی شکل کے حوالے سے لاحق خطرات پر بھی غور کیاکہ سلطنت میں اس کا پھیلاؤ ہوسکتا ہے اور اس سے صحت کے اداروں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ مذکورہ کمیٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی کورونا رپورٹس اور پی سی آر ٹیسٹس کا بھی بغور جائز لیا۔

    یاد رہے کہ عمان میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 39 ہزار 692 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور مزید 26 افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار555 ہے۔