Tag: Corona virus

  • کرونا وائرس نے بھارت میں پھر 3 افراد کو نگل لیا

    کرونا وائرس نے بھارت میں پھر 3 افراد کو نگل لیا

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس پھر سر اُٹھانے لگا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 614 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس ایک بار پھر پھیلنے لگا ہے، اس مہلک وائرس کی وجہ سے ریاست کیرالہ میں تین لوگوں کی جان چلی گئی۔

    مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق کووِڈ نائنٹین کے چھ سو چودہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر کرونا کیسز کی تعداد 2311 ہو گئی ہے، اور یہ یہ رواں سال 21 مئی کے بعد سے ہندوستان میں 24 گھنٹوں‌ کے دوران کرونا کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

    بھارتی وزارت صحت نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں ماسک ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس کے مطابق تمام بزرگ شہریوں اور ایک سے زائد بیماریوں کے شکار افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے ایک نئے ویریئنٹ JN.1 کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جس نے نئے خدشات کو جنم دیا ہے۔ بھارت بھر میں اب تک اس ذیلی قسم کے 21 کیسز کا پتا چلا ہے۔ دوسری طرف ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 9 دنوں میں بھارت میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔

  • بھارت میں ایک بار پھر کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا

    بھارت میں ایک بار پھر کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بار پھر کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا ہے، اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں ایک بار پھر کرونا وائرس نے تباہی مچانا شروع کر دی ہے، گزشتہ 7 دنوں میں کرونا انفیکشن سے ہونے والے اموات کی تعداد 59 ہو گئیں۔

    بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 6155 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 31 ہزار 194 ہو گئی، ان میں سے 38 فی صد کیسز کرونا کے نئے ورژن ایکس بی بی 1.16 کے ہیں۔

    بھارتی وزارت صحت کے مطابق زیادہ تر کیسز ملک کی 8 ریاستوں میں سامنے آ رہے ہیں، جن میں کیرالہ، مہاراشٹر، دہلی، کرناٹک، ہماچل پردیش، تمل ناڈو اور ہریانہ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 4 کروڑ 47 لاکھ 45 ہزار 104 ہو گئی ہے، جب کہ مرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 943 ہو گئی ہے۔

    ملک کی راجدھانی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 733 کیسز سامنے آئے، اس دوران 2 افراد کی موت واقع ہوئی، جب کہ مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 19.93 فی صد ہو گئی ہے۔

  • کورونا وائرس : چین میں ایک ماہ کے دوران 60 ہزار مریض ہلاک

    کورونا وائرس : چین میں ایک ماہ کے دوران 60 ہزار مریض ہلاک

    چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں صرف ایک دن میں پندرہ ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ اب ان مریضوں کی مجموعی تعداد تقریبا ساٹھ ہزار ہوگئی ہے۔

    چین کے قومی ہیلتھ کمیشن نے بتایا ہے کہ ملک میں صرف ایک دن میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد میں آج تک کا سب سے بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    نیشنل ہیلتھ کمیشن میں بیورو آف میڈیکل ایڈمنسٹریشن کے سربراہ جیاؤ یاہوی نے سنیچر کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’8 دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 تک 59 ہزار 938 افراد ہلاک ہوئے۔

    یہ تعداد سرکاری اسپتالوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی ہے اور یہ تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے پانچ ہزار 503 اموات براہ راست کورونا وائرس کی وجہ سے اور 54 ہزار 435 اموات کورونا اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہوئیں۔

    یاد رہے کہ چین نے کورونا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی کیٹیگری میں تبدیل کی تھی اور صرف کورونا کی وجہ سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو کر ہلاک ہونے والوں کو شامل کیا گیا تھا۔

    چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق مجموعی ہلاکتوں میں سے 5 ہزار 503 اموات ان افراد کی ہوئیں جن کو صرف کورونا کا مرض لاحق تھا جب کہ 54 ہزار 435 افراد کو پہلے سے ہی دیگر بیماریاں بھی تھیں تاہم کورونا کا شکار ہونے پر ان کی موت واقع ہوئی۔

  • کورونا وائرس : ایک مہینے کے دوران 64 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے

    کورونا وائرس : ایک مہینے کے دوران 64 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے

    دنیا بھر میں گزشتہ چار ہفتوں کے دوران کورونا وائرس سے 64 ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اس حوالے سے جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے منگل کو جاری اعداد و شمار کی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے اتار چڑھاؤ کی نئی صورتحال کے دوران گزشتہ ایک ماہ میں 64029 افراد موت کا شکار بن گئے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 28 دنوں میں کورونا کے 20520411 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، دنیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 605577251 تک پہنچ گئی ہے۔

    تازہ ترین صورتحال میں اس دوران 64029 افراد ہلاک جبکہ اس وبا سے دنیا بھر میں اب تک 6503412 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چار ہفتوں میں 13507 افراد ہلاک ہوئے، اس کے بعد جاپان میں 7401،جرمنی میں 2904، اٹلی میں 2696، روس میں 1935، جنوبی کوریا میں 1857۔افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    اس کے علاوہ آسٹریلیا میں 1742، اسپین میں 1710، فرانس میں 1652، ایران میں 1526، ہندوستان میں 1308اور میکسیکو میں 1302 لوگوں کی اس وائرس سے اموات ہوئی ہیں۔

  • جرمنی میں دو سال بعد نمازعید کی ادائیگی، مسلمانوں میں خوشی کی لہر

    جرمنی میں دو سال بعد نمازعید کی ادائیگی، مسلمانوں میں خوشی کی لہر

    فرینکفرٹ : جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستان جرمن سول فورم کے زیراہتمام مرکزی نمازعیدالضحٰی کا اجتماع منعقد کیا گیا جس میں پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کی مسلم برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اس اجتماع کی اہم بات یہ تھی کہ یہاں گزشتہ دو سال سے کورونا وائرس کی وبا کے باعث لگنے والی پابندیوں کی وجہ سے عیدین کی نمازوں کا اجتماع منعقد نہیں ہوتا تھا۔

    فرینکفرٹ اور گرد و نواح میں آباد مسلمان بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کے لئے عیدین کی خوشیاں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے کیلئے سینئر صحافی و سماجی شخصیت شبیر احمد کھوکھر کی جانب سے اجتماعی نماز عید کا بڑے ہال میں اہتمام کیا گیا۔

    کوورنا پابندیوں کے خاتمے اور دوسالہ وقفے کے بعد جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سالباؤ ٹیٹوز فورم کے بڑے ہال میں نمازعیدالضحٰی ادا کی۔

    حاضرین نے شبیر احمد کھوکھر اور ان کی ٹیم کی طرف سے بہترین انتظام اور باہمی ہم آہنگی کا موقع فراہم کرنے پر بہت سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ہال میں آکر عید کی خوشیاں اور رونقیں دوبالا ہوجاتی ہیں۔

    علامہ محمد صدیق مصطفائی نے سنت ابراہیمی اور عیدالضحٰی کے حوالے سے تفصیلی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں آباد مختلف مملکوں کے مسلمانوں سمیت پاکستانیوں کو آپس میں مضبوط بھائی چارے اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔

    آخر میں عالم اسلام بالخصوص وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔

  • کورونا وائرس ایک بار پھر آگیا، ڈبلیو ایچ او کا انتباہ

    کورونا وائرس ایک بار پھر آگیا، ڈبلیو ایچ او کا انتباہ

    نیویارک: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گیبرئیس نے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس نے مختلف شکلوں میں پھر سر اٹھا لیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر ٹیڈروس گیبرئیس نے انکشاف کیا کہ دنیا کے 6 میں سے 3 خطوں میں کورونا کی وجہ سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

    110ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جو وائرس کی بی اے فور اور بی اے فائیو مختلف شکلوں سے چل رہے ہیں۔

    ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریئس نے جنیوا میں ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر میں اس کا انکشاف کیا کہ مختلف حالتوں میں مجموعی طور پر 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دنیا کے 6 میں سے 3 خطوں میں اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی اس شک میں نہیں رہنا چاہیے کہ کورونا وائرس ختم ہو گیا ہے یا ہونے والا ہے بلکہ یہ وبائی بیماری میں بدل رہی ہے ختم نہیں ہو رہی۔

    ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ صرف حکومتوں، بین الاقوامی ایجنسیوں اور پرائیویٹ سیکٹر کے ٹھوس اقدامات سے ہی ہم بدلتے ہوئے چیلنجوں کو حل کر سکتے ہیں۔ وائرس کو ٹریک کرنے کی ہماری صلاحیت خطرے میں ہے کیونکہ رپورٹنگ اور جینومک سیکونسز کم ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 12 ارب سے زیادہ ویکسین تقسیم کی جا چکی ہیں اور دنیا کے 75 فیصد ہیلتھ ورکرز اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

  • کراچی والے ہوشیار : کورونا کی یومیہ شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ

    کراچی والے ہوشیار : کورونا کی یومیہ شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ

    کراچی : کورونا وائرس نے پاکستان میں دوبارہ انٹری دے دی، کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے حساس 25 اضلاع کے یومیہ شرح میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا کی بلند ترین شرح19.09 فیصد شرح کراچی میں رہی، 24گھنٹے کے دوران حیدر آباد میں کورونا کی شرح 0.15 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    اس کے علاوہ چوبیس گھنٹے میں گلگت، اسکردو میں کورونا کی شرح صفر ریکارڈ کی گئی جبکہ مظفر آباد میں کورونا کی شرح 4.62، میرپور میں3.33 فیصد رہی۔

    ذرائع کے مطابق چوبیس گھنٹے میں کوئٹہ میں کورونا کی شرح 1.13 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ صوابی، بنوں، نوشہرہ میں کورونا کی یومیہ شرح صفر رہی۔

    پشاور میں کورونا کی یومیہ شرح 2.90، ایبٹ آباد میں 2.02 فیصد، مردان میں کورونا کی یومیہ شرح 5.95، سوات 0.61 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی یومیہ شرح 2.37 فیصد جبکہ 24گھنٹے میں گوجرانوالہ، گجرات، جہلم میں کورونا کی شرح صفر ریکارڈ کی گئی۔

    اس کے علاوہ 24گھنٹے کے دوران لاہور میں یومیہ کورونا شرح 3.49، راولپنڈی میں1.51 فیصد، بہاولپور میں کورونا کی شرح 0.57 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

  • کورونا نے ایک پھر انٹری دے دی، 1لاکھ 74 ہزار مریضوں کا انکشاف

    کورونا نے ایک پھر انٹری دے دی، 1لاکھ 74 ہزار مریضوں کا انکشاف

    پیانگ یانگ : کورونا وائرس کی عالمی وبا نے دنیا کے مختلف ممالک میں ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کردیا جس کے سبب معاشی پریشانی کے پیش نظر حکومتوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    اس حوالے سے خبر ہے کہ شمالی کوریا نے ملک میں کورونا وائرس کی وبا پہلی بار پھیلنے کا اعتراف کرنے کے بعد جمعہ کے روز ملک میں اکیس نئی ہلاکتوں اور مزید ایک لاکھ 74 ہزار400 افراد میں وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    حکمران ورکرز پارٹی کے اخبار رودونگ سنمن نے میڈیا کو بتایا ہے کہ رہنما کم جونگ اُن کو ہفتے کے روز اس متعدی مرض سے متعلق تفصیلات بتائی گئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے اواخر سے جمعہ تک بخار کی علامات والے افراد کی تعداد پانچ لاکھ 24 ہزار چار سو ہوچکی ہے۔ شمالی کوریا کی آبادی، دو کروڑ ستاون لاکھ اسی ہزار کے قریب ہے۔

    اخبار کے مطابق دو لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد زیرعلاج ہیں اور ستائیس کا انتقال ہو چکا ہے، جمعہ کو ملک میں بخار کی علامات والے کیسوں کی یومیہ تعداد جمعرات کی نسبت نو گنا سے تجاوز کر چکی تھی۔

    اجلاس میں جناب کم نے صورت حال کو ملک بننے کے بعد ایک عظیم بحران قرار دیتے ہوئے فوری نوعیت کی ہنگامی تشویش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں لاگو کردہ انسداد وائرس اقدامات کا جائزہ لینا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے حکام کو چین کے مؤثر تر نتائج سے سیکھنے اور اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایات دیں۔

    شمالی کوریا نے اپنے ملک میں کورونا وائرس کے پہلے متاثرین کی جمعرات کو باضابطہ تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ وہ انسداد وبا کے اپنے نظام کو انتہائی ہنگامی درجے تک بڑھا دے گا، جناب کم نے تمام شہروں اور کاؤنٹیوں کو لاک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

  • کورونا سے محفوظ رہنے والے لوگوں میں کیا خصوصیات ہیں؟

    کورونا سے محفوظ رہنے والے لوگوں میں کیا خصوصیات ہیں؟

    دنیا میں کورونا وبا کو آئے ہوئے تقریباً تین سال ہوچکے ہیں جس نے کروڑوں لوگوں کو متاثر کیا لیکن لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو اس وبا سے مکمل طور محفوظ رہی۔

    دنیا بھر کے ماہرین ایک ایسی منفرد تحقیق میں مصروف ہیں جس کے ذریعے وہ یہ دریافت کرنا چاہتے ہیں کہ آخر وہ کیا وجوہات ہیں کہ بعض لوگ تاحال کورونا کا شکار نہیں بنے؟

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق نیویارک اور واشنگٹن کی امریکی یونیورسٹی کے ماہرین متعدد ممالک کے ماہرین کے ہمراہ ایک ایسی عالمی تحقیق کر رہے ہیں، جس کے ذریعے وہ انسانوں میں ایک خصوصی طرح کی جین دریافت کرنا چاہتے ہیں۔

    ماہرین اس بات کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں کہ آخر وہ کیا وجوہات ہیں، جن کی وجہ سے تاحال دنیا بھر کے بعض لوگ کورونا جیسی وبا سے محفوظ ہیں؟

    مذکورہ تحقیق کے لیے دنیا بھر سے 700 افراد نے خود کو رجسٹر کروالیا ہے جب کہ ماہرین مزید 5 ہزار افراد کی اسکریننگ اور تفتیش کرنے میں مصروف ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اب تک سامنے آنے والی معلومات سے معلوم ہوتا ہے کہ عام طور پر کورونا سے تاحال محفوظ رہنے والے خوش قسمت لوگ احتیاط کرنے سمیت بر وقت حفاظتی اقدامات کرتے ہوں گے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ جنہوں نے کورونا کے آغاز سے اب تک فیس ماسک کا استعمال کیا اور انہوں نے بھیڑ میں جانے سے گریز کرنے سمیت خود کو محدود رکھا اور ساتھ ہی انہوں نے کورونا ویکسینز اور بوسٹر ڈوز لگوائے وہ تاحال کورونا سے بچے ہوئے ہیں۔

    ساتھ ہی ماہرین نے بتایا کہ تاہم بعض لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے مکمل اہتمام کے ساتھ فیس ماسک بھی استعمال نہیں کیا لیکن اس باوجود وہ کورونا سے محفوظ رہے۔

    ماہرین کے مطابق اب تک کی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ جو لوگ گزشتہ دو سال سے کورونا سے بچے ہوئے ہیں، ان کا مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوگا اور ان میں اینٹی باڈیز کی سطح پرعام افراد کے مقابلے زیادہ ہوگی۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ تاحال کورونا سے محفوظ رہنے والے خوش قسمت افراد کی ناک، پھیپھڑوں اور گلے میں وہ خلیات انتہائی کم ہوں گے جو کسی بھی وائرس یا انفیکشن سے متاثر ہوتے ہیں۔

    ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر اب تک کورونا سے محفوظ رہنے والے افراد میں خصوصی طرح کی جین ہوگی جو انہیں وائرس اور انفیکشنز سے محفوظ رکھتی ہوگی اور اس بات کا علم لگانا سب سے اہم ہے کیوں کہ اس سے مستقبل میں بیماریوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔

    ماہرین نے خصوصی طور پر امریکا میں تاحال کورونا کا شکار نہ ہونے والے افراد پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے لوگوں کو خوش قسمت قرار دیا کیوں کہ متعدد تحقیقات کے مطابق وہاں کی 60 فیصد آبادی کورونا سے متاثر ہوچکی ہے۔

  • کورونا کیخلاف اقدامات پر4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری

    کورونا کیخلاف اقدامات پر4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری

    کراچی : این سی او سی نے کورونا کیخلاف اقدامات پر 4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری کردیں ، جس میں لاہور ، کراچی، اسلام آباد اور پشاورایئر پورٹ کے منیجرز شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف ملک کے چار بڑے ائیرپورٹس پر موثر اقدامات کر نے پر این سی او سی نے رپورٹ جاری کردی۔

    این سی او سی نے کورونا وبا کے خلاف قومی خدمات انجام دینے والے چار ائیرپورٹس مینجرز کے لئے خصوصی اسناد جاری کیں۔

    مینجرز میں لاہور ائیرپورٹ مینجر چوہدری نذیر، کراچی ائیرپورٹ مینجر عمران خان، اسلام آباد ائیرپورٹ مینجر عدنان خان، پشاور ائیر پورٹ مینجر عبیدالرحمن شامل ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے دوران ملک کے چار بڑے ائیرپورڑس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ، چاروں ائیر پورٹس پر وبا کی روک تھام کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

    خیال رہے این سی اوسی کی ہدایت پر ملک بھر کے ائیر پورٹس پر خصو صی اقدامات اٹھائے گئے تھے۔