Tag: Corona virus

  • کورونا وائرس نے ارب پتی افراد کی دولت میں مزید اضافہ کیسے کیا؟

    کورونا وائرس نے ارب پتی افراد کی دولت میں مزید اضافہ کیسے کیا؟

    گزشتہ سال 2020 میں عالمی وبا کے دوران امیر لوگوں کی دولت میں مشترکہ طور پر 21.7 فیصد اضافہ ہوا جو مجموعی طور پر اضافے کے ساتھ 597.2 ارب پاؤنڈ تک جا پہنچی ہے۔

    برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کی جاری کردہ امیر افراد کی فہرست کے مطابق وبا کے باوجود برطانیہ کے ارب پتی افراد کی دولت میں گذشتہ سال کی نسبت 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کو جاری کردہ اعداد و شمار میں یوکرینی نژاد تاجر لیونارڈ بلوانک 23 ارب پاؤنڈ کی دولت کے ساتھ ملک کے امیر ترین فرد قرار پائے ہیں۔

    امیر افراد کی اس فہرست کو برطانیہ کے امیر ترین افراد پر سب سے مستند ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی بدحالی کے باوجود گذشتہ سال برطانیہ کے ارب پتی افراد کی تعداد 24 فیصد اضافے کے ساتھ 171 ہو گئی ہے، جبکہ اسی دورانیے میں ارپ پتی افراد کی مجموعی دولت 21.7 فیصد اضافے کے ساتھ 597.2 ارب پاؤنڈ تک جا پہنچی ہے۔

    اس حوالے سے امیر افراد کی اس فہرست کو مرتب کرنے والے رابرٹ واٹس کا کہنا ہے کہ وبا نے بہت سے آن لائن ریٹیلرز، سوشل نیٹ ورکنگ ایپس اور کمپیوٹر گیمز ٹائیکونز کے لیے منافع بخش مواقع پیدا کیے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بہت امیر ترین افراد ایسے وقت میں بہت زیادہ امیر ہوئے جب ہم میں سے ہزاروں افراد نے اپنے پیاروں کو دفن کیا اور لاکھوں افراد کی معاش کے لیے پریشانی نے اسے بہت ہی پریشان کن عروج بنا دیا ہے۔

    تیل اور میڈیا کے سرمایہ کار لیونارڈ بلوانک کی دولت میں سات ارب پاؤنڈ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے انہوں نے کاروباری شخصیت جیمس ڈیسن کی جگہ اول مقام حاصل کیا ہے۔

    جیمس ڈیسن کی دولت 10 کروڑ پاؤنڈ اضافے کے ساتھ 16.3 ارب پاؤنڈ ہو گئی ہے۔ امیر افراد کی اس فہرست میں شامل دوسرے مشہور افراد میں علیشر عثمانوف، جن کی دولت میں آرسنل فٹبال کلب میں اپنے شیئرز بیچ کر1.7ارب پاؤنڈ اضافہ ہوا ہے اور چیلسی کے روسی مالک رومن ابراموویچ بھی شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ امیر افراد کی فہرست کی مکمل تفصیلات اتوار کو جاری کی جائے گی۔

  • کورونا وائرس : سعودی حکومت کا مسافر طیاروں سے متعلق اہم فیصلہ

    کورونا وائرس : سعودی حکومت کا مسافر طیاروں سے متعلق اہم فیصلہ

    ریاض : سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے مسافر طیاروں میں خصوصی اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے جو مسافروں کو طبی سہولیات فراہم کریں گے۔

    سعودی محکمہ شہری ہوا بازی کے ترجمان ابراہیم الروسا نے کہا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں، سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان نے اتوار کو پریس کانفرنس میں دوران سفر کسی مسافر کے کورونا میں مبتلا ہونے پر ممکنہ کارروائی سے متعلق استفسار کا جواب دیا۔

    ابراہیم الروسا نے بتایا کہ مسافر طیاروں پر تعینات عملہ اس قسم کے حالات سے نمٹنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور ا نہیں مشکوک کیسز سے نمٹنے کی تربیت دی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہر طیارے پر سفر کے دوران کورونا کے مشکوک کیسز سے نمٹنے کے لیے بعض نشستیں قرنطینہ کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

    محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مسافر کے بارے میں یہ معلوم ہوجانے پر کہ وہ کورونا وائرس کا ممکنہ مریض ہے اس کی نگہداشت اور نگرانی کےلیے ایک اہلکار تعینات ہوگا جبکہ طیارے کے ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی مشتبہ مریض کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق ہسپتال میں داخل کرایا جائے گا۔

    سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے لیے نئی گائیڈ بک بھی جاری کی ہے جس میں احتیاطی تدابیرکے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور بری سرحدی چوکیاں پیر سترہ مئی رات ایک بجے سے سعودی شہریوں کے لیے مکمل طور پر کھول دی جائیں گی۔

    السعودیہ نے بیان میں کہا ہے کہ اس نے 95 ایئر پورٹس میں سے 71 کے لیے پروازیں چلانے کی تیاریاں کی ہیں، ان میں 28 ملکی اور43 انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔

  • بیرون ملک سے  آنے والے مزید  27 مسافروں  میں کورونا وائرس کی تصدیق

    بیرون ملک سے آنے والے مزید 27 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

    پشاور: بیرون ملک سے پاکستان آنے والے 27 مسافر کورونا وائرس میں مبتلا نکلے ، محکمہ صحت نے کورونا متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے پشاور پہنچنے والے مسافروں میں کورونا کے کیسسز میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ، شارجہ سے آنے والی پروازپی اے 613 میں 27 مسافر کورونا مثبت نکلے ، ریپڈٹیسٹ کےدوران 27 مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

    نجی ایئرلائن کی پرواز سے 175 مسافر پشاور پہنچے تھے ، جس کے بعد محکمہ صحت نے کورونا متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی کورونا سرٹیفکیٹ کےذریعے مسافروں کو پشاورلانے کے معاملے پر نجی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وارننگ  اور جرمانہ عائد کردیا ہے۔

    نجی ایئرلائن کی پرواز 17مئی کو شارجہ سے27 کورونا مریض لیکرآئی تھی جبکہ 10مئی کودبئی سے 24 کورونا میں مبتلا مسافر لیکر پشاورآئی تھی، سی اے اے کا کہنا ہے کہ نجی ایئرلائن کا 17 مئی کو شارجہ سے پشاور آنیوالی پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے ، نجی ایئرلائن کو پشاورایئرپورٹ لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • کورونا وائرس : سعودی حکومت نے تمام شہریوں پر ایک اور پابندی لگا دی

    کورونا وائرس : سعودی حکومت نے تمام شہریوں پر ایک اور پابندی لگا دی

    ریاض : مملکت میں کورونا وائرس کی روک تھام اور اور اس کے سدباب کیلئے سعودی حکومت نے تمام شہریوں کونئی ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت اب وہ خصوصی اجازت کے بعد ملک سے باہر جاسکیں گے۔

    سعودی وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں پر انڈیا سمیت تیرہ ممالک کے سفر پر پابندی عائد کی ہے۔ ان میں سے کسی بھی ملک کے سفر کے لیے پیشگی اجازت نامہ لینا ہوگا۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے اتوار کو بیان میں کہا کہ تیرہ ممالک پر پابندی مقامی شہریوں کی صحت و سلامتی کی خاطر لگائی گئی ہے۔

    جن ملکوں پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں لیبیا، شام، لبنان، یمن، ایران، ترکی، آرمینیا، صومالیہ، جمہوریہ کانگو، افغانستان، وینزویلا، انڈیا اور بیلا روس شامل ہیں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان ممالک کا سفر نہ کیا جائے اور ایسے کسی بھی ملک کا سفر نہ کریں جہاں ابھی تک کورونا کی وبا قابو سے باہر ہو۔

    وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں سے کہا کہ وہ ایسے ممالک کے سفر سے قبل جہاں انہیں جانے کی اجازت ہے احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔ غیر مستحکم علاقوں سے دور رییں، ایسی کسی بھی جگہ نہ جائیں جہاں کورونا کی وبا پھیلی ہوئی ہو ۔جہاں بھی جائیں کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں۔

    یاد رہے کہ سعودی ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور بری سرحدی چوکیاں پیر سترہ مئی رات ایک بجے سے سعودی شہریوں کے لیے مکمل طور پر کھول دی جائیں گی۔

    السعودیہ نے بیان میں کہا ہے کہ اس نے 95 ایئرپورٹس میں سے 71 کے لیے پروازیں چلانے کی تیاریاں کی ہیں، ان میں 28 ملکی اور43 انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔

     

  • کورونا وائرس : بیرون ملک جانے والے سعودی شہریوں کو ہدایات

    کورونا وائرس : بیرون ملک جانے والے سعودی شہریوں کو ہدایات

    جکارتہ : انڈونیشیا میں سعودی سفیر عصام الثقفی نے سعودی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ کورونا وبا ختم ہونے تک انڈونیشیا کے سفر کا پروگرام مؤخر کردیں جبکہ انڈونیشیا پہنچنے والے سعودی جکارتہ میں سفارت خانے سے رابطے میں رہیں۔

    میڈیا سے گفتگو میں سعودی سفیر نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ ضوابط کی سختی سے پابندی کریں، انڈونیشیا میں ہر روز کورونا کے دو ہزار سے زیادہ مصدقہ کیسز ریکارڈ پر آرہے ہیں۔

    سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ جو سعودی انڈونیشیا کا سفر کرنا چاہتے ہیں وہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔ ریاض میں انڈونیشی سفارتخانے یا جدہ میں انڈونیشی قونصلیٹ سے آن لائن ویزا حاصل کریں۔

    انڈونیشیا پہنچنے پر 5 روز تک 25 ہوٹلوں میں سے کسی ایک منظور کردہ ہوٹل میں ہیلتھ آئسولیشن کے طور پر رہنا ہوگا جبکہ اس دوران پی سی آر ٹیسٹ بھی کرانا پڑے گا۔

    ہیلتھ آئسولیشن کا دورانیہ مکمل کرکے ہی جکارتہ یا انڈونیشیا کے کسی شہر یا علاقے کا سفر ممکن ہوگا۔ کورونا کے تمام ٹیسٹ سیاح یا ملاقاتی کے خرچ پر ہوں گے۔ ہیلتھ آئسولیشن کی پابندی سے ان دنوں انڈونیشیا میں سیاحوں کی آمد محدود ہے۔

  • پہلی بار کورونا وائرس سے متاثرہ خلیات کی حیران کن ویڈیو

    پہلی بار کورونا وائرس سے متاثرہ خلیات کی حیران کن ویڈیو

    ٹوکیو : جاپانی محققین نے انتہائی اعلیٰ کارکردگی کے حامل الٹرا ہائی ڈیفینیشن کیمرے کی مدد سے کورونا وائرس سے متاثرہ خلیات کی خورد بین سے ویڈیو بنائی ہے۔

    اوساکا یونیورسٹی کے محققین کے ایک گروپ اور این ایچ کے نے "8 کے” کیمرے سے لیس بصری مشاہدہ کرسکنے والی خوردبین کو استعمال کرتے ہوئے مشترکہ تجربہ کیا ہے۔

    ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ مویشیوں کے مصنوعی طور پر تیارکردہ خلیات میں انجکشن سے کورونا وائرس داخل کیے جانے کے 4 گھنٹے بعد وہ بد وضع ہونا شروع ہو گئے۔ بعد ازاں یہ خلیات ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے۔

    ان تصاویر کو جب بڑا کیا گیا تو متاثرہ خلیات کے اندر سفید دانے دار شکل کے ڈھانچے دکھائی دیے۔ مذکورہ گروپ کا کہنا ہے کہ اس مظہر کا تعلق خلیوں کے اندر وباء سے متاثر ہونے کے عمل یا وائرس کے تقسیم در تقسیم ہو کر بڑھنے یعنی تولیدی عمل سے ہوسکتا ہے۔

    شریک پروفیسر ناکایاما ایمی نے بتایا کہ ان کا گروپ متاثرہ خلیات کی پہلے سے نامعلوم تفصیلات دیکھ سکنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تصاویر ان طبی ادویات کے مؤثر ہونے کو جانچنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں جو کورونا وائرس انفیکشن کے علاج کے لئے تیار کی گئی ہیں۔

  • کورونا سے صحت یابی : کویت نے علاج کی شرح میں نمایاں مقام حاصل کرلیا

    کورونا سے صحت یابی : کویت نے علاج کی شرح میں نمایاں مقام حاصل کرلیا

    کویت سٹی : کویت میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جارہا ہے، وبا کے شکار افراد کے علاج کی شرح کے لحاظ سے خلیجی ممالک میں کویت تیسری پوزیشن پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب تعاون کونسل ریاستوں کی صحت کونسل نے جی سی سی ممالک میں کوویڈ19کے مریضوں کے علاج کی اعلیٰ شرح کی تصدیق کی ہے جس میں کویت تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ متحدہ عرب امارات معمولی سے فرق کے ساتھ پہلے نمبر پر اور سعودی عرب دوسرے نمبر پر ہے۔

    کونسل کے جاری کردہ اعدادوشمار میں متحدہ عرب امارات 96.4 کی شرح کے ساتھ پہلے، سعودی عرب 95.9 کی شرح کے ساتھ دوسرے جبکہ کویت 93.5 فیصد کی شرح کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    اس کے بعد بحرین چوتھے نمبر پر93.4 فیصد کی شرح کے ساتھ، قطر 89.3 فیصد شرح کے ساتھ پانچویں نمبر اور آخر میں سلطنت عمان89.1 فیصد شرح کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

    کویتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام ایس او پیز کا خیال رکھا جائے اور ضرورت کے تحت ہی گھر سے باہر نکلا جائے۔

  • کورونا وائرس : ایمریٹس ایئرلائن نے مسافروں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    کورونا وائرس : ایمریٹس ایئرلائن نے مسافروں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    دبئی : ایمریٹس ائیر لائنز نے متحدہ عرب امارات میں مقیم مسافروں کے لیے کوویڈ 19 میڈیکل ریکارڈز کی ڈیجیٹل تصدیق کا آغاز کردیا ہے۔

    اماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایمریٹس ائیر لائنز نے ایک بیان میں کہا کہ وہ دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ساتھ شراکت کی پیروی کرتی ہے جو ایک ایئر لائن اور سرکاری ہیلتھ اتھارٹی کے مابین اپنی نوعیت کی پہلی شراکت ہے۔

    ایئر لائن کے مطابق امارات کے وہ صارفین جنہوں نے دبئی میں پی سی آر ٹیسٹ کروایا ہے وہ اپنے ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کیے بغیر چیک ان کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

    مزید برآں جن صارفین نے دبئی کے ڈی ایچ اے ہیلتھ سینٹر میں کوویڈ 19 کی ویکسینیشن لے لی ہے وہ اپنی کوویڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ نتائج کے ساتھ اپنے دستاویزات کو فلائٹ چیک ان کے ساتھ ہم آہنگ کر سکتے ہیں۔

    ڈی ایچ اے میں جوائنٹ کارپوریٹ سپورٹ سروسز کے سی ای او احمد النعمی نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر میں سرمایہ کاری کرنے کی دوراندیشی نے آج ایسے اہم انضمام کی راہ ہموار کر دی ہے۔ یہ شراکت داری براہ راست سفر کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ تمام ضروری میڈیکل ریکارز کی توثیق کو یقینی بنائے گی۔

    دبئی بیسڈ کمپنی نے بتایا کہ ایمریٹس خاص طور پر صرف صارف کی منزل مقصود کوویڈ 19 میں داخلے کے حوالے سے متعلقہ معلومات پر کارروائی کرے گی۔

    ایک بار چیک ان فارمیلیٹیز انجام دینے کے بعد کوویڈ 19 میڈیکل ریکارڈ سے متعلق معلومات کو امارات کے سسٹم سے فوری طور پر خارج کر دیا جائے گا۔

    دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے آئی ٹی ڈائریکٹر کلیثم علی الشمسی نے کہا کہ ڈیجیٹل تصدیق سے بین الاقوامی سفر کو دوبارہ سے تقویت بخش اور متحرک کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

    ڈیجیٹل تصدیق کے اگلے مرحلے میں مسافروں کے لیے سفر کی سہولت فراہم کرنے میں ایک اور آپشن کے طور پر آئی اے ٹی اے ٹریول پاس کے اندر ہیلتھ ریکارڈ کو محفوظ انضمام نظر آئے گا۔

  • کورونا وائرس کا نیا علاج اب گولی کی شکل میں ؟

    کورونا وائرس کا نیا علاج اب گولی کی شکل میں ؟

    نیو یارک : عالمی جان لیوا وبا کورونا وائرس کے سد باب کیلئے اب ویکسین کی تیاری کے بعد گولیاں بنانے پر کام شروع کر دیا گیا۔ امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کی گولیوں کے ٹرائلز جاری ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کے بعد اب گولیاں بنانے پر کام شروع کر دیا۔

    کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی گولیوں کے امریکہ اور بیلجیئم میں ٹرائلز جاری ہیں، تجربات کی کامیابی کی صورت رواں سال کے آخر میں یہ گولیاں مریضوں کے لیے دستیاب ہوں گی۔

    رپورٹ کے مطابق ابھی تک دنیا میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین کے علاوہ کوئی دوسری دوا موجود نہیں ہے۔ ویکسین کے اثر نہ کرنے کی صورت میں مریض کو وبا سے بچانے کے لیے یہ گولیاں فراہم کی جائیں گی۔

    رپورٹ کے مطابق25مئی تک 60 سے زائد افراد پر اس نئی دوا کا ٹرائل مکمل کر لیا جائے گا جس کی کامیابی کی صورت میں ٹرائل کا پیمانہ وسیع کر دیا جائے گا۔

  • بھارتی اداکارہ پاکستانیوں کے رویوں کی معترف ہوگئیں

    بھارتی اداکارہ پاکستانیوں کے رویوں کی معترف ہوگئیں

    ممبئی : بھارت میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے سے بہت سے شہروں میں شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں آخری رسومات کی ادائیگی میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

    اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں کی فہرست میں بھارت دوسرے نمبر پر ہے، کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے بھارت نے برازیل کی جگہ لے لی ہے اور حکومت اس وبا کی دوسری لہر سے نمٹنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

    دوسری وبا کی شدت کی وجہ سے اس کو "سونامی” سے تشبہہ دی جا رہی ہے جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہو گئی ہے اور ہر روز ایک ہزار مریض ہلاک ہو رہے ہیں۔

    ان دنوں کورونا وائرس سے یومیہ کیسز اور ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ بھارت آکسیجن کی قلت کے باعث شدید بحرانی صورتحال کا شکار ہے۔ آکسیجن کی قلت سے متعلق تصاویر وائرل ہونے کے بعد پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے پڑوسی ملک کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    پاکستان میں ٹوئٹر صارفین نے وزیراعظم عمران خان پر زور دیا تھا کہ وہ انسانی بنیادوں پر بھارت کے لیے امداد بھیجیں۔ اس حوالے سے کئی ٹرینڈز بھی سامنے آئے جن میں سے ‘IndiaNeedsOxygen’ اور ‘PakistanStandsWithIndia’ کے ہیش ٹیگز بھی شامل تھے۔

    دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مدد کی پیشکش کی تھی جبکہ پاکستان نے بھی بھارت سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر امداد کی پیشکش کی تھی۔

    اس کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کوویڈ-19 کی موجودہ وبا کے دوران بھارت کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان باضابطہ طور پر امداد کی پیشکش کرتا ہے۔

    پاکستان کی جانب سے اظہار یکجہتی، ہمدردی اور خیر سگالی کے پیغامات پر گزشتہ روز اداکارہ کنگنا رناوٹ نے بھی سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد ایک اور بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے اظہارِ یکجہتی کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں سوارا بھاسکر نے کہا کہ اس تباہ کن وقت میں پاکستانی سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا کی جانب سے بھارت سے اظہارِ یکجہتی اور ہمدردی دیکھ کر خوشی ہوئی۔

    سوارا بھاسکر نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ ہمارے میڈیا اور مین اسٹریم پر پاکستانیوں کا مسلسل مذاق اڑایا جاتا ہے اور ان سے متعلق غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں انہوں نے مزید لکھا کہ آپ کے بڑے دل کے لیے شکریہ پڑوسی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سوارا بھاسکر نے بھارت کے لیے تشویش کا اظہار کرنے پر پاکستانی کرکٹر شعیب اختر کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تھا شعیب اختر جی ہم، آپ کی ہمدردی اور جذبہ انسانی کے بہت مشکور ہیں۔