Tag: Corona virus

  • اسلام آباد ہائی کورٹ بھی کرونا سے محفوظ نہ رہ سکا

    اسلام آباد ہائی کورٹ بھی کرونا سے محفوظ نہ رہ سکا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کرونا کے وار جاری ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ بھی کرونا کی لپیٹ میں آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں کرونا کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، جہاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کےعملےکا ایک رکن کرونا میں مبتلا ہوگیا ہے۔

    عملے کے رکن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے جج محمد بشیر نے فوری طور پر عدالت اور چیمبر کو ڈس انفیکٹ کرانے کا حکم دیا، جج محمد بشیر نے ہدایت کی کہ عدالتی عملے کی بھی تعداد کو کم کیا جائے۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے لا افسران بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی اور ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالدمحمود کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

    کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر دونوں لا افسران نے خود کو گھروں پر قرنطینہ کرلیا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا کی تیسری لہر خوفناک صورت اختیار کرتی جارہی ہے، چوبیس گھنٹے میں مہلک وبا کے مزید 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 41 ہزار 699 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 4 ہزار 400 ٹیسٹ مثبت آئے، نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کرونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 64 ہزار 373 ہوگئی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کرونا کیسز رپورٹ ہونے کی شرح 9.60 فیصد رہی۔

  • روس : دنیا میں پہلی بار جانوروں کو کورونا ویکسین لگانے کی تیاری

    روس : دنیا میں پہلی بار جانوروں کو کورونا ویکسین لگانے کی تیاری

    ماسکو : دنیا میں پہلی بار  روس نے انسانوں کے بعد اب جانوروں کو بھی باقاعدہ کورونا ویکسین لگانے کی تیاری کرلی، ویکسین کلینیکل ٹرائلز کا آغاز گزشتہ سال کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی واچ ڈاگ کے نائب سربراہ کونسٹنٹن ساوینکوف نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کوویڈ19 کے خلاف دنیا کی پہلی جانوروں کی ویکسین جسے فیڈرل سروس فار ویٹرنری اینڈ فائٹسو انٹری سرویلنس (روز سلخوزناڈزور) کے سائنس دانوں نے تیار کیا روس میں اندرج کیا گیا ہے۔

    اس ویکسین کا نام "کارنیواک، کوو” رکھا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ویکسین گوشت خور جانوروں کے لئے کورونا وائرس انفیکشن کوویڈ19 کے خلاف ایک مؤثر ویکسین ہے، جسے روسیلز کوزناڈزور کے فیڈرل سینٹر برائے جانوروں کی صحت نے تیار کیا ہے اور اب یہ روس میں رجسٹرڈ بھی ہوچکی ہے۔

    روسی واچ ڈاگ کے نائب سربراہ نے کہا کہ اب تک یہ جانوروں میں کوویڈ 19 کی انفیکشن کو روکنے کے لئے دنیا کا پہلا اور واحد منصوبہ ہے۔

    عہدیدار نے مزید بتایا کہ فیڈرل سنٹر برائے اینیمل ہیلتھ جانوروں سے متعلق مصنوعات تیار کرنے والے ملک کے سب سے بڑے پلیٹ فارم کی بنیاد پر کوویڈ 19 کے خلاف دنیا کی پہلی جانوروں کی ویکسینیشن روس میں اپریل کے اوائل میں شروع کی جاسکتی ہے۔

    ساوینکوف کے مطابق "کارنیواک” کے کلینیکل ٹرائلز کا آغاز گزشتہ سال اکتوبر میں ہوا تھا اور اس کے تجربات میں کتے، بلیوں، لومڑیوں اور آرکٹک، لومڑیوں، راہبوں اور دیگر جانوروں کو شامل کیا گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ تحقیق کے ٹرائلز ہمیں یہ نتیجہ اخذ کرنے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں کہ یہ ویکسین محفوظ ہے اور اس کا مضبوط مدافعتی اثر ہے کیونکہ تمام حفاظتی ٹیکوں والے جانوروں نے ناول کورونا وائرس کے خلاف 100 فیصد اینٹی باڈیز تیار کیں۔

    ساوینکوف کے مطابق روسی سائنس دان اپنی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ یہ معلوم کرسکیں کہ اس ویکسین کا اثر کتنے دن تک رہے گا۔ انہوں نے کہا فی الحال اس وقت اس ویکسین کے جانوروں میں اثر کا تخمینہ چھ ماہ تک لگایا گیا ہے۔

  • کورونا وائرس کی تیسری لہر : لاہور میں ایک اور پابندی لگا دی گئی

    کورونا وائرس کی تیسری لہر : لاہور میں ایک اور پابندی لگا دی گئی

    لاہور : پنجاب میں کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد متعلقہ حکام نے کورونا پابندیوں میں مزید اضافہ کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے 9شہروں میں ہر طرح کی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کا باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد ٹرانسپورٹ کمپنی نے پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

    ذرائع کے مطابق مراسلہ میں کہا گیا گیا ہے لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ بس، ویگن کوسٹر، ٹیکسی، رکشہ اور چنگچی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ اورنج ٹرین اسپیڈو بس،میٹرو بس کی بندش تک پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان کورونا سے صحت یاب ہوگئے

    وزیراعظم عمران خان کورونا سے صحت یاب ہوگئے

    اسلام آباد : کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان ان مکم ل طور پر صحتیاب ہوگئے، انہوں نے اپنی  سرکاری مصروفیات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اب مکمل طور پر صحت یاب ہوگئے، ان میں کورونا کی کوئی علامات نہیں رہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپنی سرکاری مصروفیات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔،

    یاد رہے کہ 20مارچ کو وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا تھا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی تاہم مکمل احتیاطی تدابیر اور ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے عمران خان نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا تھا۔

  • کورونا وائرس کس طرح پھیلا؟ عالمی ادارہ صحت نے وضاحت کردی

    کورونا وائرس کس طرح پھیلا؟ عالمی ادارہ صحت نے وضاحت کردی

    جنیوا : عالمی ادارہ صحت اور چین کی کورونا وائرس کی ابتدا سے متعلق ایک مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وائرس کی چمگادڑوں سے انسان میں منتقلی ممکنہ طور پر دوسرے جانوروں کے ذریعے ہوسکتی ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ  اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ یہ وائرس کسی لیب سے نہیں پھیلا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو پیر کو موصول ہونے والی رپورٹ میں محققین نے چار امکانات بیان کیے ہیں جس کی وجہ سے سارس کو ٹو نمودار ہوا۔ اس فہرست میں سب سے پہلے لکھا ہے کہ وائرس کسی دوسرے جانور سے منتقل ہو سکتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وائرس کا چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہونا ممکن ہے اور "کولڈ چین” کھانے کی اشیا سے بھی اس کی منتقلی ممکن ہے لیکن اس کے امکانات بہت کم ہیں۔ وائرس کی قریبی قسم جس کی وجہ سے کوورونا وائرس پیدا ہوا، چمگادڑوں میں پائی گئی ہے۔

    تاہم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق چمگادڑوں میں پیدا ہونے والے وائرس اور سارس-کو-ٹو کے درمیان ارتقائی فاصلے کئی دہائیوں کا ہے۔

    اس جیسا وائرس پنگولین میں بھی پایا گیا ہے اور منک اور بلیوں کو بھی کوورنا وائرس ہو سکتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ وائرس کی منتقلی ان جانوروں سے بھی ممکن ہے۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس تحقیق میں دیئے گئے نتائج متوقع تھے اور اب بھی بہت سے سوالوں کے جواب نہیں ملے ہیں۔

    لیکن رپورٹ میں ٹیم کی جانب سے اخذ کیے گئے نتائج کی وجوہات دی گئی ہیں، محققین نے وائرس کے لیب سے پھیلاؤ کے علاوہ اس پر ہر طرح سے مزید تحقیق کی پیشکش کی ہے۔

    رپورٹ کے اجرا میں کئی بار تاخیر ہوئی ہے جس سے سوال اٹھے تھے کہ آیا چین کی جانب سے نتائج کو بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ وبا کا الزام اس پر نہ جائے۔

    عالمی ادارہ صحت کے ایک افسر نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ یہ رپورٹ اگلے کچھ دنوں میں اجراء کے لیے تیار ہو گی۔

    عالمی ادارہ صحت کے رکن ملک کے جنیوا میں موجود سفیر کی جانب سے ایسوسی ایٹڈ پریس کو موصول ہونے والا مسودہ رپورٹ کا حتمی ورژن ہے۔

    یہ بات واضح نہیں کہ کیا رپورٹ کو جاری کرنے سے قبل اس میں رد و بدل کیے جانے کے امکانات ہیں یا نہیں۔ رپورٹ دینے والے سفیر نے شناخت ظاہر کرنے پر رضامندی نہیں دی کیونکہ انہیں رپورٹ کو شائع ہونے سے پہلے جاری کرنے کی اجازت نہیں۔

  • فیس بک انتظامیہ نے وینزویلا کے صدر کا پیج بھی معطل کردیا

    فیس بک انتظامیہ نے وینزویلا کے صدر کا پیج بھی معطل کردیا

    کراکس : فیس بک انتظامیہ نے کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات پوسٹ کرنے پر وینزویلا کے صدر کا پیج معطل کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر نیکولس ماڈیورو نےکورونا کے علاج کی غلط معلومات شیئر کی تھیں۔

    فیس بک انتظامیہ کے مطابق وینزویلا کے صدر نیکولس ماڈیورو نے ایک قدیم دوا کو کورونا وائرس کا علاج بتایا تھا جس پر ڈاکٹروں کا دعویٰ ہے کہ یہ کورونا وائرس کا علاج نہیں ہے۔

    فیس بک نے وینزویلا کے صدر کی اس حوالے سے شیئر کی گئی ویڈیو کو فیس بک کی کورونا کے حوالے سے نافذ پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ڈیلیٹ کردیا۔

    فیس بک کا کہنا ہے کہ پالیسی کی خلاف ورزی پر وینزویلا کے صدر کا اکاؤنٹ کو معطل کیا گیا ہے کیونکہ صدر نکولس نے کورونا سے محفوظ رہنے یا صحتیاب ہونے سے متعلق گارنٹی دی تھی۔

    اس حوالے سے فیس بک ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ ہم ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلو ایچ او) کی ہدایت پر عمل کرتے ہیں کہ فی الحال اس وائرس کے علاج کیلئے کوئی دوا نہیں ہے اور ہمارے قوانین کی بار بار خلاف ورزیوں کی وجہ سے ہم 30 دن کیلئے صفحہ بھی معطل کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ وینزویلا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 54 ہزار905مریض اور ایک ہزار 543 اموات سامنے آئی ہیں۔

  • کورونا وائرس کی نئی اقسام کا تیزی سے پھیلاؤ، ڈبلیو ایچ او نے متنبہ کردیا

    کورونا وائرس کی نئی اقسام کا تیزی سے پھیلاؤ، ڈبلیو ایچ او نے متنبہ کردیا

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ برطانیہ، جنوبی افریقہ اور برازیل میں کورونا وائرس کی نئی متغیر اقسام نے تیزی کے ساتھ ابتدائی وباء کی جگہ لے لی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کی منگل کے روز جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں گزشتہ اکتوبر سے نئی متغیر اقسام کے انفیکشن تیزی کے ساتھ پھیل کر ان ممالک میں دریافت ہونے والے متاثرین کی تعداد کا بیشتر حصہ بن چکے ہیں۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئی متغیر اقسام کے متاثرین کا تناسب برازیل میں انفیکشنز کا تقریباً نصف ہے۔

    مذکورہ رپورٹ کے مطابق ابتدائی اقسام کے مقابلے میں متغیر اقسام سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں مجموعی اضافے کا تخمینہ شدہ تناسب سب سے پہلے برطانیہ میں دریافت ہونے والی متغیر قسم کے لیے41 فیصد رہا۔

    سب سے پہلے جنوبی افریقہ میں پائی گئی متغیر قسم کے لیے 36 فیصد اور برازیل میں دریافت ہونے والی متغیر قسم کے لیے گیارہ فیصد ہے۔ اس سے مراد اُن لوگوں کی اوسط تعداد ہے جن کو ایک متاثرہ فرد متاثر کرے گا۔

    اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ والی متغیر قسم ایک ہفتے کے دوران مزید سات ملکوں میں دریافت ہوئی ہے اور مجموعی طور پر 125 ممالک اس متغیر قسم کے متاثرین کی اطلاع دے چکے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی متغیر قسم کے متاثرین کی اطلاع دینے والے ملکوں کی تعداد، ایک ہفتے کے دوران 11 کے اضافے کے ساتھ 75 ہو گئی ہے۔ برازیل کی متغیر قسم کے متاثرین کی اطلاع دینے والے ملکوں کی تعداد 3 کے اضافے سے 41 ہو گئی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او، مذکورہ تین متغیر اقسام کو باعثِ تشویش متغیر اقسام قرار دیتے ہوئے ان پر اپنی نگرانی سخت تر کر رہا ہے۔ اس تازہ ترین رپورٹ میں دلچسپی کی حامل متغیر اقسام کے طور پر مزید دو کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    دنیا بھر میں اتوار تک کے ہفتے میں سامنے آنے والے کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد مسلسل چوتھے ہفتے بڑھی ہے، جس کی جزوی وجہ یہ ہے کہ برازیل، بھارت اور فرانس میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ نئی اموات کی تعداد بھی چھ ہفتے کمی کے بعد مذکورہ ہفتے میں بڑھ گئی ہے۔

  • یوکرین میں کورونا وائرس کی ایک اور قسم دریافت

    یوکرین میں کورونا وائرس کی ایک اور قسم دریافت

    یوکرین :  بوکووینا کے علاقے میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی توثیق ہوئی ہے جو کہ ملک میں تیزی سے پھیل رہی ہے، یہ برطانیہ میں پائی گئی کورونا کی قسم سے کافی ملتا جلتا ہے۔

    برطانیہ، برازیل اور جنوبی افریقہ میں پائی گئی کورونا وائرس کی مختلف اقسام کے بعد اب یوکرین میں بھی کورونا کی ایک نئی قسم کے بارے میں معلوم ہوا ہے جو کہ بے حد متعدی ہے۔

    اس بات کا انکشاف گزشتہ روز یوکرین میں اشیائے خوردنی اور صارفین کے تحفظ کے محکمہ کے سربراہ اولیہہ روبن نے اپنے بیان میں کیا۔

    روبن نے کہا کہ دنیا میں اب تک کورونا وائرس (کوویڈ- 19) کی ایسی پانچ اقسام کے بارے میں پتہ چلا ہے جو کہ بے حد متعدی ہیں۔ ان میں برطانیہ، اسپین، جنوبی افریقہ اور برازیل میں پائی گئی کورونا کی اقسام شامل ہیں، یہ پانچ اقسام ہیں جو کہ چین سے ہی پوری دنیا میں پھیلی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یوکرین کے بوکووینا علاقے میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی توثیق ہوئی ہے جو کہ ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہ برطانیہ میں پائی گئی کورونا کی قسم سے کافی ملتا جلتا ہے ۔

    اس قسم میں ایسے ٹریٹ ہیں جنہیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے اب تک رجسٹرڈ نہیں کیا گیا ہے۔ روبن نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کو کورونا کی نئی قسم کے بارے میں اطلاع دی گئی ہے۔

  • کورونا وائرس : مشہور بھارتی اداکارہ کیخلاف مقدمہ درج

    کورونا وائرس : مشہور بھارتی اداکارہ کیخلاف مقدمہ درج

    ممبئی : کورونا وائرس میں مبتلا بھارتی اداکارہ گوہر خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی کی۔

    بھارت کی معروف اداکارہ گوہر خان پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود گھر سے باہر گھومنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    برہمومبائی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے گوہر خان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ اداکارہ نے کوویڈ 19 رپورٹ مثبت آنے کے بعد ان کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔

    ایف آئی آر کی ایک کاپی ٹویٹر پر شیر کرتے ہوئے شہری ادارے نے لکھا کہ شہر کی حفاظت میں کوئی سمجھوتہ نہیں بی ایم سی نے بالی ووڈ اداکار کے خلاف مثبت جانچ کے بارے میں کوویڈ19 ہدایات پر عمل نہ کرنے پر ایف آئی آر درج کرادی ہے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوہرخان کی کورونا وائرس کی دو الگ الگ رپورٹ سامنے آئی ہیں، ایک رپورٹ مثبت جب کہ دوسری منفی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ممبئی میں کورونا رپورٹ مثبت آنے کے باوجود اداکارہ 12 مارچ کو دہلی کی کورونا کی منفی رپورٹ دکھا کر باہر گھومتی ہوئی نظر آئیں۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس پورے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ روز رواں سال کے سب سے زیادہ 26 ہزار کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز مہاراشٹر میں سامنے آئے ہیں۔

  • "مریم نواز پی ڈی ایم جلسوں کی ناکامی کورونا پر نہ ڈالیں”

    "مریم نواز پی ڈی ایم جلسوں کی ناکامی کورونا پر نہ ڈالیں”

    کوئٹہ : ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ مریم نواز پی ڈی ایم جلسوں کی ناکامی کورونا وائرس پر نہ ڈالیں، افسوس ہوتا ہے اپوزیشن کورونا میں بھی سیاست کررہی ہے۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پچھلے سال ان ہی دنوں میں کورونا کا پہلا کیس آیا تھا۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے نمٹنے اور معاشی صورتحال سے مقابلے کیلئے ہم نے کتنا کھٹن سفر طے کیا وہ ہم ہی جانتے ہیں۔

    انہوں نے ن لیگ کی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریم صاحبہ آپ تو عالیشان محلوں میں رہتی ہیں آپ کو کیا معلوم کہ ہمیں کن مسائل کا سامنا رہا، ڈاکٹرز سمیت عام لوگوں کی شہادتیں ہوئیں۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ بتایا جارہا ہے کہ کورونا وائرس برطانیہ سے پاکستان تک پہنچ گیا ہے، بلوچستان میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کورونا کیسز کی شرح 1.5 فیصد تھی اب اس میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے جس کے تحت اب2.6 ہوگئی ہے۔

    پنجاب اور سندھ میں پابندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں، سندھ حکومت کی پابندی دیکھیں جہاں تین سو سے زیادہ لوگوں کے اجتماع پر پابندی لگادی گئی۔

    مریم نواز کی پریس کانفرنس میں جلسے سے متعلق بیان افسوسناک ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں کی ناکامی کو کورونا کو پر نہ ڈالیں، افسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کورونا کی اس وبا میں بھی سیاست چمکا رہی ہیں۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت میں ہے پھر بھی پی ڈی ایم ایک بھی متاثر کن جلسہ نہ کرسکی لوگوں کو کورونا میں مبتلا کیا۔

    پی ڈی ایم کے25 اکتوبر کے جلسے کے بعد بلوچستان میں کورونا کے کیسز میں تین گنا اضافہ ہوا، خطرہ ہے کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان حکومت دیگر صوبوں سے آنے والے لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کرے گی، مثبت کیسز کو فوری طور پر قرنطینہ کیا جائے گا اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت نے وضح کیا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو صورتحال خراب ہوگی، بلوچستان میں اب تک صرف 16 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگی ہے،آئندہ ہفتے 9 لاکھ ویکسین کی خوراکیں بلوچستان پہنچیں گی۔

    لیاقت شاہوانی کا مزید کہنا تھا کہ نیا وائرس خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، پہلی لہر کی طرح تمام ملکی لیڈر شپ کو مل کر وائرس کا مقابلہ کرنا چاہئے، بلوچستان کے عوام سے گزارش ہے کہ احتیاط لازمی کریں۔